Tag: خاتون

  • غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    اومان: اردن میں مقیم پاکستانی خاتون کی اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں ہزاروں دینار کی رقم موجود ہے، مذکورہ خاتون کو گزر بسر کرنے کے لالے پڑے تھے جب اس اچانک دریافت نے انہیں خوشی سے نہال کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد اردنی معمر خاتون عذرا قدسیہ غربت اور افلاس سے تنگ آ کر مدد کے لیے سرکاری ادارے پہنچ گئیں اور مدد کی درخواست کر دی لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تو اچھی خاصی رقم موجود ہے۔

    اکاؤنٹ میں پیسوں کی موجودگی پر خاتون خود بھی حیران رہ گئیں اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    خاتون عذار قدسیہ لاعلم تھیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2008 سے پنشن کی رقم جمع ہو رہی ہے اور اب ان کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے۔

    عذرا قدسیہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے اردن ملازمت کے لیے آئی تھیں جہاں وہ ایک اسپتال میں مڈ وائف کی خدمات انجام دیتی رہیں اور ریٹائر ہونے کے بعد بھی رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دیتی رہیں تاہم صحت کی خرابی کے باعث اب ان کے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

    ریٹائر ہونے کے بعد اردن کی حکومت نے معمر خاتون کو ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں شہریت دے دی تھی تاہم عذرا قدسیہ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی پنشن بھی ہر مہینے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے، انہیں اردن کے پینشن سسٹم کا علم ہی نہیں تھا۔

    دو روز قبل انہوں نے اردن کے صوبے المفرق کے حکام سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ اب میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی ہوں اور صحت کی خرابی کے باعث مزید کام کرنے کی ہمت نہیں رہی اس لیے گزر بسر کے لیے مدد کی جائے۔

    درخواست جمع ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ سال 2008 سے ان کے اکاؤنٹ میں باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ پنشن آ رہی ہے اور اب وہ رقم اتنی ہے کہ وہ انتہائی اچھی زندگی گزار سکتی ہیں۔

    حکام نے معمر خاتون کو بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 45 ہزار اردنی دینار جمع ہیں۔

  • سسرال والوں کے غیر انسانی تشدد سے خاتون کی ہلاکت، ملک میں بھونچال

    سسرال والوں کے غیر انسانی تشدد سے خاتون کی ہلاکت، ملک میں بھونچال

    دمشق: شام میں ایک خاتون کی سسرال والوں کے بہیمانہ اور غیر انسانی تشدد سے ہلاکت نے پورے ملک میں طوفان اٹھا دیا، حکام نے مقتولہ کے شوہر، ساس، سسر اور دیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق شام میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعے نے سوشل میڈیا کو ہلا کر رکھ دیا، خاوند اور اس کے رشتے داروں کے ہاتھوں شامی خاتون کے قتل کی ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا تھا۔

    شامی وزارت داخلہ نے آیات الرفاعی نامی خاتون پر تشدد میں ملوث شوہر اور اس کے اہل خانہ کے اقبالی بیانات میڈیا کو جاری کردیے ہیں۔

    آیات کے شوہر، اس کے سسر اور ساس نے اعتراف کیا ہے کہ وہی اس کے قتل کے ذمے دار ہیں، وہ اس کے ساتھ ہمیشہ بدسلوکی کرتے تھے۔

    شامی وزارت داخلہ نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں آیات الرفاعی کے سسر احمد الحموی اعتراف کررہے ہیں کہ انہیں آیات کے طور طریقے پسند نہیں تھے، وہ اسے آتے جاتے، زینہ چڑھتے اترتے زدوکوب کیا کرتے تھے، وہ، ان کی بیوی اور بیٹا تینوں مل کر اس پر تشدد کرتے تھے۔

    الحموی نے بتایا کہ قتل کی رات میں نے اس کے سر اور جسم پر ڈنڈے برسائے تھے، میرے بعد میرے بیٹے نے اس کے سر پر وار کیا تھا، اس رات میرے دوسرے بیٹے کا بیٹا بھی آیا اس نے بھی آیات پر تشدد کیا۔

    آیات کے شوہر غیاث الحموی نے بتایا کہ واردات کے روز انہوں نے اسے خوب زد و کوب کیا۔ بعد ازاں وہ اپنے بھائی کے ہمراہ اسپتال گیا اور اس نے بیوی کے رشتے داروں سے حقیقت حال چھپانے کی کوشش کی۔

    آیات کی ساس نے بھی اپنے بیٹے اور شوہر کے بیانات کی تائید کی۔

    شامی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ آیات کے دیور ابو العز کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، وہ آیات کے رشتے داروں کو دھمکیاں دے رہا تھا اور ان پر مقدمہ ختم کروانے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔

  • سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سسرال والوں کے ظلم سے تنگ خاتون نے آئی جی بلوچستان سے مدد مانگ لی، خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ان کے ڈھائی سال کے بیٹے کو چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی رہائشی خاتون نے سسرالیوں کے ظلم سے تنگ آ کر انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان سے مدد مانگ لی۔

    شکیلہ نعمت نامی متاثرہ خاتون نے اپنی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردیں، خاتون اور ان کی بیٹی کو سسرالیوں نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے سسرال والے ڈھائی سال کے بیٹے کو ان سے چھین کر کراچی فرار ہوگئے ہیں، کراچی میں ان کے شوہر نے دوسری شادی رچالی۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ سسرالیوں نے انہیں اور ان کی 6 بیٹیوں کو گھر چھوڑنے کو کہا، گھر نہ چھوڑنے پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

  • سوئی ہوئی خاتون کے تکیے پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا آ گرا

    سوئی ہوئی خاتون کے تکیے پر شہاب ثاقب کا ٹکڑا آ گرا

    کینیڈا میں ایک خاتون اس وقت بال بال بچ گئیں جب شہاب ثاقب کا ٹکڑا ان کے گھر کی چھت چیرتا ہوا سیدھا ان کے تکیے پر جا گرا، زوردار آواز کی وجہ سے خاتون ہڑبڑا کر نیند سے جاگ گئیں۔

    یہ واقعہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں پیش آیا، رتھ ہملٹن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ رات میں سورہی تھیں جب انہوں نے ایک زوردار آواز سنی اور بستر میں بھونچال سا محسوس کیا۔

    انہوں نے فوراً اٹھ کر لائٹ جلائی تو تکیے پر اپنے سر کے برابر میں ایک پتھر کا بڑا سا ٹکڑا پایا۔

    خاتون نے فوراً 911 کو کال کی جہاں سے ایک پولیس اہلکار ان کے گھر آیا۔ ابتدا میں پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ پتھر قریب واقع تعمیراتی سائٹ سے آیا ہے۔ اس نے سائٹ پر فون کیا تو وہاں سے کہا گیا کہ آسمان پر روشنی کا زوردار جھماکہ اور دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

    جلد ہی واضح ہوگیا کہ یہ شہاب ثاقب کا ٹکڑا تھا جو خاتون کے گھر کی چھت توڑتا ہوا سیدھا ان کے کمرے میں ان کے تکیے پر گرا۔ خاتون خوش قسمتی سے محفوظ رہیں۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ انشورنس کمپنی جلد ہی ان کے گھر کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے کر اس کی مرمت کردے گی۔

  • بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بکری کے ساتھ سیلفی لینے کا شوق خاتون کو مہنگا پڑ گیا

    بعض افراد انوکھی سیلفیز بنانے کے اس قدر شوقین ہوتے ہیں کہ وہ اس کے لیے خطرہ مول لینے کو بھی تیار ہوجاتے ہیں، ایسی ہی ایک خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو سیلفی لینے کے چکر میں بکری کے غصے کا نشانہ بن گئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون بکری کے قریب موجود ہیں اور بکری کا پاؤں بندھا ہوا ہے۔

    ابتدا میں بکری نرمی سے ان کے قریب آنے کی کوشش کرتی ہے، لیکن رسی کی وجہ سے پہنچ نہیں پاتی اور شاید اسی وجہ سے طیش میں آجاتی ہے۔

    دوسری دفعہ وہ حملہ کرنے کے ارادے سے خاتون کی طرف بڑھتی ہے لیکن ناکام رہتی ہے، خاتون کو بھی بکری کے عزائم کا ارادہ ہوجاتا ہے۔

    تیسری دفعہ بالآخر بکری اپنے ارادے میں کامیاب رہتی ہے اور اچھل کر خاتون پر حملہ کردیتی ہے، بکری کے سینگ خاتون کے سر اور چہرے پر لگتے ہیں اور وہ گر جاتی ہیں جبکہ کیمرا بھی ان کے ہاتھ سے چھوٹ جاتا ہے۔

    اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے دیکھا، بعض افراد خاتون سے افسوس کرتے بھی دکھائی دیے۔

  • کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟

    امریکا میں ایک خاتون نے کار میں موجود کیڑوں کو بھگانے کے لیے آگ جلائی تو وہ خود بھی جل گئیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست مشی گن میں 31 سالہ خاتون کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    خاتون کو گاڑی میں بیڈ بگز نامی کیڑے دکھائی دیے تو انہوں نے خوفزدہ ہو کر الکوحل چھڑکا اور آگ لگا دی، لیکن اس کوشش میں وہ خود بھی جھلس گئیں۔

    اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑی کی گاڑی بھی وہاں پہنچ گئی جبکہ خاتون کو فوری طور پر اسپتال کیا گیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    اجنبی شخص کی دروازہ کھٹکھٹا کر خاتون کو سرعام ریپ اور قتل کی دھمکیاں

    امریکا میں ایک نامعلوم شخص ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹا کر اندر موجود خاتون کو زیادتی اور قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا، پولیس نے جلد ہی مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر لاس ویگس میں پیش آیا جو خاتون کے دروازے پر لگے رنگ کیمرا میں ریکارڈ ہوگیا۔ مذکورہ شخص امانڈا نوواک نامی خاتون کے دروازے پر کھٹکھٹاتا رہا اور بار بار کہتا رہا کہ اسے ان سے کچھ سوالات کرنے ہیں۔

    خاتون دروازے کے سامنے سے ہٹ کر چھپ گئیں اور 911 کو کال کی، ان کے شوہر گھر پر موجود نہیں تھے تاہم انہوں نے انٹر کام کے ذریعے اس شخص سے پوچھا کہ وہ کیا چاہتا ہے۔

    جس پر اس شخص نے نہایت پرسکون انداز میں بتایا کہ وہ اندر موجود لڑکی کا ریپ اور قتل کرنا چاہتا ہے، اس نے اعتراف کیا کہ اس کے پاس ایک پستول اور چاقو بھی ہے۔

    بعد ازاں پولیس نے اس شخص کو گرفتار کرلیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ خاتون نے ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ اب یہ شخص کسی کو نقصان پہنچانے کے قابل نہیں رہا۔

  • ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    ڈینٹل کلینک میں ڈکیتی کے لیے آنے والے چور نے مریض کے دانتوں پر ہاتھ صاف کردیا

    مریکا میں ایک ڈینٹل کلینک پر ڈکیتی کے لیے آنے والی خاتون کو جب کچھ نہ ملا تو انہوں نے مریض کی دانتوں کی سرجری کر ڈالی اور اس کے 13 دانت نکال دیے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست نواڈا میں پیش آیا، لورل ایچ نامی خاتون اس سے قبل ایک ڈینٹل کلینک میں کام کرچکی تھیں لیکن ان کے پاس اس کا لائسنس نہیں تھا۔

    جب وہ مذکورہ کلینک میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئیں تو انہیں پتہ چلا کہ کلینک میں پہلے ہی نقب لگ چکی ہے اور تمام نقد رقم غائب ہے، انہیں اور کچھ نہ سوجھا تو انہوں نے وہاں موجود مریض پر ہاتھ صاف کر ڈالے اور اس کے دانتوں کی سرجری کر کے 13 دانت نکال دیے۔

    بعد ازاں پولیس کلینک میں ڈکیتی کی تفتیش کرنے پہنچی۔ نامعلوم چور 32 ہزار ڈالرز کی رقم اور چیکس لے کر فرار ہوچکا تھا۔ کلینک کی ایک کھڑکی کا شیشہ اور لاکرز ٹوٹے ہوئے تھے۔

    پولیس کی تفتیش نے انہیں لورل ایچ تک پہنچایا جو وہاں ڈکیتی کی منصوبہ بندی کر رہی تھی لیکن اپنے منصوبے میں ناکام رہی۔

    پولیس نے ڈکیتی کرنے والے چور کی تلاش شروع کردی جبکہ ایچ پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی اور بغیر لائسنس سرجری کرنے کا مقدمہ دائر کردیا۔

  • کیا کسی کی پلکیں اتنی بڑی بھی ہوسکتی ہیں؟

    کیا کسی کی پلکیں اتنی بڑی بھی ہوسکتی ہیں؟

    بیجنگ: ایک چینی خاتون نے 8 انچ طویل پلکیں بڑھا کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا، خاتون کی پلکیں اتنی کیوں بڑھ رہی ہیں، ڈاکٹرز بھی یہ جاننے سے قاصر ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے سب سے لمبی پلکیں رکھنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔

    یو جیانزیا نامی خاتون کی پلکوں کی لمبائی 8 انچ ہے جو 2016 میں 4.88 انچ تھی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز بھی یوجیانز کی لمبی پلکوں کو دیکھ کر حیرت زدہ ہیں۔ جیانزیا کا ماننا ہے کہ یہ پلکیں اس کو بدھا کی جانب سے دیا گیا ایک تحفہ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ سنہ 2015 میں نوٹس کیا کہ میری پلکیں بڑھ رہی ہیں جس کے بعد یہ آہستہ آہستہ بڑھتی ہی چلی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یہ معلوم کرنے کے لیے ڈاکٹرز کے پاس بھی گئی کہ میری پلکیں عام لوگوں کی طرح کیوں نہیں ہیں؟

    یو جیانز نے بتایا کہ ان کے خاندان میں کسی بھی فرد کی ایسی پلکیں نہیں تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنی پلکوں سے متعلق سائنسی ثبوت پر ریسرچ کرتی رہتی ہوں تاہم مجھے اس سے متعلق کچھ نہیں ملا۔

    خاتون کا مزید کہنا تھا کہ میں نے چند سال قبل 480 دن پہاڑوں پر گزارے تھے شاید اسی وجہ سے بدھا نے مجھے یہ لمبی پلکیں تحفے میں دی ہیں۔

  • خالی گھر کی الماری میں کون تھا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خالی گھر کی الماری میں کون تھا؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کیا آپ نے کبھی تصور کیا ہے کہ کوئی اجنبی آپ کے گھر میں چھپ کر رہ رہا ہو اور آپ کو اس کا علم نہ ہو؟ ایک امریکی شہری کے ساتھ ایسا ہی کچھ واقعہ پیش آیا۔

    نیویارک کے رہائشی جو کمنگ نے اپنے گھر میں لگے کیمرے کی فوٹیج دیکھی تو اسے علم ہوا کہ ایک خاتون گزشتہ کئی دنوں سے اس کی الماری میں رہ رہی ہیں۔

    دراصل جو نے دیکھا کہ اس کے گھر سے کچھ چیزیں پراسرار طور پہ غائب ہونا شروع ہوگئی ہیں جیسے کھانا، جو نے اس کا پتہ چلانے کے لیے گھر میں کیمرا نصب کیا تو اس پر یہ انکشاف ہوا۔

    الماری میں چھپ کر رہنے والی خاتون جو کا کھانا چرا کر کھاتی تھیں، یوٹیوب پر اپ لوڈ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون الماری سے نکل کر فریج کھول کر کھانا کھاتی ہیں، وہ کچھ کھانا چھپا کر بھی رکھتی ہیں، جبکہ جو کی غیر موجودگی میں وہ ٹی وی بھی دیکھتی ہیں۔

    ویڈیو دیکھنے کے بعد جو نے پولیس سے رابطہ کیا اور انہیں ساری صورتحال بتائی جس کے بعد پولیس نے مذکورہ خاتون کو گرفتار کرلیا، خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ 2 ہفتوں سے وہاں رہ رہی تھیں۔

    جو کا کہنا ہے کہ شاید خاتون کو کھلی کھڑکی کے ذریعے اندر آنے کا موقع ملا، وہ شاید اس کے گھر میں ڈاکیتی کرنے آئی تھیں لیکن پھر انہوں نے وہیں قیام کرلیا۔