Tag: خاتون

  • خاتون خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئیں، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خاتون خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئیں، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کہتے ہیں زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں اور موت کبھی بھی آسکتی ہے، اگر آپ کہیں ہوتے ہوئے اپنی پوری احتیاط کر رہے ہیں تب بھی کسی اور کی غلطی سے آپ کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے یا موت آپ تک پہنچ سکتی ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ 2 خواتین کے ساتھ پیش آیا جو سڑک کنارے ایک دکان کے سامنے موجود تھیں۔

    سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون دکان سے سامان لے کر نکلی ہیں اور قریب ہی موجود گاڑی کی طرف جارہی ہیں۔

    گاڑی میں سے خاتون ڈرائیور کھڑکی سے اپنا ہاتھ باہر نکال کر سامان لینا چاہ رہی ہیں۔

    اسی وقت اچانک ایک ٹائر نہایت تیزی سے لڑھکتا ہوا ان کی طرف آتا ہے، گاڑی سے باہر موجود خاتون لاشعوری طور پر ایک قدم پیچھے ہٹتی ہیں اور ٹائر تیزی سے ان کے اور گاڑی کے درمیان سے نکلتا ہے۔

    لیکن نکلتے ہوئے وہ گاڑی میں موجود خاتون کے ہاتھ سے بری طرح ٹکراتا ہے جس سے یقیناً خاتون کو بہت چوٹ آئی۔

    آگے جا کر ٹائر کسی چیز سے ٹکراتا ہے اور دکان کا زنگ آلود شٹر بھی نیچے گرتا دکھائی دیتا ہے تاہم دونوں خواتین اس سے دور ہیں۔

    سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر نہایت حیرت کا اظہار کیا، انہوں نے گاڑی سے باہر موجود خاتون کو خوش قسمت قرار دیا جو کسی ناگہانی حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئیں، اور اندر موجود خاتون سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

  • آن لائن منگوائی گئی ڈبل روٹی سے زندہ چوہا برآمد

    آن لائن منگوائی گئی ڈبل روٹی سے زندہ چوہا برآمد

    بھارت میں ایک خاتون کو آن لائن شاپنگ کمپنی سے ڈبل روٹی منگوانا مہنگا پڑ گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتین اروڑا نامی خاتون نے ٹوئٹر پر کچھ تصاویر شیئر کیں اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے آن لائن شاپنگ کمپنی سے ڈبل روٹی آرڈر کی۔

    ڈبل روٹی یکم فروری کو آرڈر کی جس کے سِیل پیکٹ میں زندہ چوہا تھا، خاتون کی جانب سے جلدی ڈیلیوری کی آڑ میں ناقص معیار پر غصے کا اظہار کیا گیا۔

    خاتون کے اس ناخوشگوار تجربے پر کئی صارفین نے غصے کا اظہار کیا اور کچھ نے اپنے تجربات بھی شیئر کیے۔

    دوسری جانب نیتین اروڑا کی ٹوئٹ پر کمپنی کے نمائندے نے جواب دیا اور معذرت کرتے ہوئے لکھا ‘ہاں، میں دیکھ سکتا ہوں، آپ کی پریشانی جائز ہے، میں اس مسئلے کے لیے آپ سے دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں’۔

  • سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا باز کون ہوں گی؟

    سعودی عرب کی پہلی خاتون خلا باز کون ہوں گی؟

    ریاض: سعودی عرب رواں برس مملکت کی پہلی خاتون خلا باز کو خلا میں بھیجے گا جس سے نئی تاریخ رقم ہوگی، خلا نوردوں کی تریبت فی الحال جاری ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی اسپیس کمیشن نے کہا ہے کہ وہ سال رواں 2023 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پہلی سعودی خلا نورد خاتون اور ایک مرد کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) بھیجے گا۔

    خاتون خلا نورد ریانہ برناوی اور علی القرنی اے ایکس 2 خلائی مشن میں شامل ہوں گے جس کا مقصد انسانیت کی خدمت اور عالمی سطح پر خلائی شعبے اور ماہرین کی طرف سے مواقع سے استفادہ اور سائنس ریسرچ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا اور سعودی صلاحیتوں کو بااختیار بنانا ہے۔

    سعودی ہویمن اسپیس فلائٹ پروگرام میں مزید 2 خلا بازوں سعودی خاتون مریم فردوس اور علی الغامدی کو مشن کے حوالے سے تربیت دینا بھی شامل ہے۔

    سعودی اسپس کمیشن کے چیئرمین انجینیئر عبداللہ السواحہ نے کہا کہ اعلیٰ قیادت خلا نوردوں کے پروگرام کی سرپرستی کررہی ہے، اسی لیے خلائی سائنس کی سطح پر اچھوتے سائنسی کاموں کی طرف پیش قدمی ممکن ہوسکی ہے۔

    انجینیئر عبداللہ السواحہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب خلا نوردوں کے پروگرام سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے، اس کی بدولت خلا اور اس کی دریافت کے حوالے سے بین الاقوامی مسابقت میں سعودی عرب کی حیثیت مضبوط ہوگی۔

    سعودی اسپیس اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین ڈاکٹر محمد التمیمی کا کہنا تھا کہ انسانوں کے خلائی سفر متعدد شعبوں میں اقوام و ممالک کا معیار اور برتری بن گئے ہیں، نیا خلائی سفر اس لحاظ سے تاریخی ہوگا کہ سعودی عرب ان چند ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا جس کے دو خلا نورد بیک وقت بین الاقومی خلائی اسٹیشن میں موجود ہوں گے۔

    خلا نوردوں کا پروگرام سعودی وزارت دفاع، وزارت سپورٹس، محکمہ شہری ہوا بازی، کنگ فیصل اسپیشلسٹ اینڈ ریسرچ سینٹر اور ایکسیوم اسپیس مل کر کر رہی ہیں۔

  • مریم نواز سے ناراض لیگی خاتون پی ٹی آئی میں شامل

    مریم نواز سے ناراض لیگی خاتون پی ٹی آئی میں شامل

    لاہور : مسلم لیگ ن کی سپورٹر خاتون نے پارٹی کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں مریم نواز کے بہاولپور میں ہونے والے جلسے میں احتجاج کرنے والی خاتون زمان پارک پہنچ گئی۔

    خاتون نے مریم نواز کےجلسے میں خود کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی پر شدید احتجاج کیا تھا، مذکورہ خاتون نے زمان پارک لاہور پہنچ کر باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا

    مریم نواز کی تقریر کے دوران بدنظمی پیدا ہونے پر خاتون کو اسٹیج پر بلالیا گیا تھا جس نے مریم نواز کے سامنے بدسلوکی پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    اس موقع پر خاتون کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں خواتین کی عزت نہیں کی جاتی، ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے گارڈز نے مجھے تھپڑ مارے، میں اس کا بدلہ لوں گی ۔

  • ایمانداری کی مثال، خاتون نے نوٹوں سے بھرا لفافہ پولیس کے حوالے کردیا

    جرمنی میں ایک 59 سالہ خاتون نے ایمانداری کی مثال قائم کردی، نوٹوں سے پھرا لاکھوں مالیت کا لفافہ پولیس کے حوالے کردیا۔

    جرمنی کے شمال میں واقع سٹی اسٹیٹ بریمن کے نواح میں روٹن بُرگ نامی قصبے کی پولیس نے بتایا کہ خاتون کی عمر 59 برس ہے اور وہ کسی کام سے پیدل کہیں جا رہی تھی کہ اسے سڑک پر سفید رنگ کا ایک بڑا لفافہ گرا ہوا ملا۔

    رپورٹ کے مطابق اس لفافے پر ‘19000 یورو‘ کے الفاظ لکھے ہوئے تھے، جب اس خاتون نے یہ لفافہ کھول کر دیکھا تو اس کے اندر واقعی 19 ہزار یورو کی نقد رقم موجود تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون فوراﹰ قریبی پولیس اسٹیشن گئی اور وہاں جا کر یہ رقم جمع کرا دی اور پولیس کو کہا کہ مجھے یہ رقم سڑک پر گری ہوئی ملی ہے۔‘‘

    اس جرمن خاتون کی ایمانداری کے معترف پولیس اہلکار اس کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ابھی آپس میں باتیں کر ہی رہے تھے کہ اسی دوران ایک 67 سالہ شہری بڑی پریشانی میں پولیس اسٹیشن پہنچا۔

     اس نے بتایا کہ اس کا ایک ایسا بڑا سفید لفافہ گم ہو گیا ہے، جس میں بہت زیادہ رقم تھی۔

    اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنی گاڑی میں سوار ہونے سے قبل کیش سے بھرا ہوا ایک لفافہ کار کی چھت پر رکھا تھا۔ پھر بے دھیانی میں وہ اپنی گاڑی میں بیٹھا اور گھر کی طرف روانہ ہو گیا۔

    اس نے کہا کہ جب اپنی اس غلطی کا احساس چند منٹ بعد ہوا لیکن تب تک کیش سے بھرا لفافہ راستے میں کہیں گر چکا تھا۔

    اس پر پولیس نے اس شخص سے پوچھا کہ اس لفافے میں رقم کتنی تھی اور نوٹ کس مالیت کے تھے،  اس شخص نے بتایا کہ کل رقم انیس ہزار یورو تھی اور یہی مالیت اس سفید لفافے پر بھی لکھی ہوئی تھی۔

    پولیس نے اس شخص کے بیانات درست ثابت ہونے اور اپنی تسلی کے بعد یہ رقم واپس اس کے حوالے کر دی، جس کی مالیت امریکی ڈالروں میں تقریباﹰ 21 ہزار اور پاکستانی روپوں میں تقریباﹰ 47 لاکھ کے برابر بنتی تھی۔

  • شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم ہتھیا لی، خاتون عدالت پہنچ گئیں

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں شادی کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورے جانے کے بعد خاتون نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا، عدالت نے دھوکے باز نوجوان پر جرمانہ عائد کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق العین کی عدالت نے شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے لاکھوں درہم لوٹنے والے نوجوان کے خلاف فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

    العین کی عدالت میں ایک خاتون نے مقدمہ دائر کر کے مطالبہ کیا کہ اسے شادی کا جھانسہ دے کر 8 لاکھ 48 ہزار 222 درہم وصول کرنے والے نوجوان سے رقم واپس دلائی جائے۔

    خاتون نے وعدہ خلافی اور دھوکا دہی سے ہونے والے مالی اور سماجی نقصان کی تلافی کے لیے مزید ایک لاکھ درہم کا بھی مطالبہ کیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ نوجوان سے اس کی دوستی ہو گئی تھی اور اس نے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم دھوکے باز نے رقم کی قلت کا بہانہ کر کے اس سے گھر کا فرنیچر خریدنے کے بہانے رقم طلب کی۔

    وہ تقریباً 6 سال سے اسے مسلسل رقم دیتی رہی۔

    خاتون نے اپنے بیان میں کہا کہ اس کے دوست نے اس کی گاڑی اچھی قیمت پر فروخت کروانے کا جھانسہ دے کر گاڑی لے لی تھی اور یہ تاثر دیا تھا کہ اس کی گاڑی 6 لاکھ 52 ہزار 962 درہم میں فروخت کروا دے گا۔

    خاتون نے عدالت کے سامنے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے واٹس ایپ مکالمے کی ریکارڈنگ اور اپنے اکاؤنٹ سے اس کے اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا ریکارڈ بھی پیش کیا۔

    عدالت نے حلفیہ بیان لینے کے بعد نوجوان کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے اسے حکم دیا کہ وہ 5 لاکھ 40 ہزار 260 درہم جو خاتون کا حق ہے اسے ادا کرے، علاوہ ازیں 40 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

    نوجوان نے اس کے خلاف اپیل دائر کر دی تھی تاہم اپیل کورٹ نے بھی پرائمری کورٹ کی سزا بحال رکھی۔

  • خدا کرے کلرک بن جاؤ: بزرگ خاتون کی معصومانہ دعا پر اسسٹنٹ کمشنر کے قہقہے

    شکار پور: صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور میں سیلاب متاثرہ بزرگ خاتون نے اسسٹنٹ کمشنر کو کلرک بننے کی دعا دے ڈالی، دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع شکار پور میں اسسٹنٹ کمشنر گڑھی یاسین سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے مختلف افراد کے مسائل حل کیے۔

    ایسے میں ایک بزرگ خاتون اپنا کام ہونے پر نہایت خوش ہوئیں اور اے سی کو دعائیں دینے لگیں۔

    بزرگ خاتون نے کہا کہ اللہ تمہیں خوش رکھے، اور خدا کرے تم کلرک بن جاؤ۔ خاتون کی اس دعا پر اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے دفتر میں موجود افراد ہنس پڑے۔

    دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے مختلف تبصرے کیے۔

  • خاتون نے شاپنگ مال میں ملنے والا پرس لوٹا دیا، لیکن عدالت نے جرمانہ کیوں لگایا؟

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے ایک شاپنگ مال میں ایک خاتون نے ملنے والا پرس لوٹا دیا تاہم اس میں موجود رقم اور اشیا اپنے پاس رکھ لیں، خاتون پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں العین کی پرائمری کورٹ نے شاپنگ مال سے ملنے والے پرس کی رقم اور قیمتی اشیا واپس کرنے سے انکار کرنے والی خاتون پر 5 ہزار درہم کا جرمانہ کیا ہے۔

    ایک خاتون نے العین پرائمری کورٹ سے رجوع کر کے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا پرس شاپنگ مال میں گر گیا تھا، ایک خاتون نے پرس واپس کردیا لیکن اس میں موجود تین ہزار درہم اور دیگر اشیا واپس کرنے پر تیار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے مالی نقصان بھی ہوا ہے اس کا معاوضہ دلایا جائے۔

    خاتون نے 47 ہزار درہم معاوضے کا دعویٰ کیا اور وکیل کی فیس اور عدالتی اخراجات بھی الگ سے طلب کیے۔

    عدالت نے شاپنگ مال کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ریکارڈز کا جائزہ لیا تو پتہ چلا کہ خاتون نے پرس اٹھایا اور اس میں موجود رقم نکال لی۔

    دعویٰ ثابت ہونے پر عدالت نے خاتون کو پرس کے ساتھ اس کی رقم بھی واپس کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مدعی خاتون کو 3 ہزار درہم واپس کیے جائیں جو اس نے پرس سے نکالے تھے، جبکہ 2 ہزار درہم بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

  • بچے نے ماں کو گرنے سے بچا لیا، ویڈیو وائرل

    انٹرنیٹ پر ایک ایسے بچے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے حیرت انگیز طور پر بڑی تیزی سے رد عمل دکھاتے ہوئے سیڑھی پر چڑھی اپنی ماں کو گرنے سے بروقت بچا لیا۔

    آپ نے سنا ہوگا کہ بچے خدا کا تحفہ ہوتے ہیں، انٹرنیٹ پر ایک وائرل ویڈیو میں ایک ذہین بچے نے اپنے ’تیز ترین ایکشن‘ کے ذریعے ماں کو بڑی چوٹ سے بچا کر اسے عملاً ثابت کیا۔

    یہ ویڈیو انڈین پولیس سروس کے ایک افسر دیپانشو کابرا نے جمعہ کی صبح ٹوئٹر پر شیئر کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون گیراج کے دروازے کی مرمت کے دوران سیڑھی گرنے کی وجہ سے لٹک گئی تھیں، کہ ان کے بیٹے کی نگاہ ان پر پڑ گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب سیڑھی گر گئی تو ماں کی چیخ سن کر بچہ پریشان ہو گیا اور چند لمحوں کے لیے اپنی جگہ ساکت رہا، پھر وہ تیزی سے دوڑا اور بھاری سیڑھی اٹھانے کے لیے اپنا پورا زور لگانے لگا۔

    ویڈیو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بچہ سیڑھی نہیں اٹھا پائے گا لیکن پھر اس نے ہمت نہ ہارتے ہوئے پورا زور لگایا اور سیڑھی اٹھا لی، جس پر اس کی ماں گرنے سے بچ گئیں۔

    انٹرنیٹ پر یہ ویڈیو بڑی تیزی سے وائرل ہوئی، صارفین نے بچے کی ذہانت اور ہمت کی بہت داد دی، اور اسے ہیرو قرار دے دیا۔ اب تک اس ویڈیو کو تقریباً ڈھائی لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، اور 6 ہزار کے قریب لوگوں نے اسے لائک کیا۔

  • خاتون نے پالتو کتے کو بیگ میں ڈال کے اسکین مشین میں بھیج دیا

    خاتون نے پالتو کتے کو بیگ میں ڈال کے اسکین مشین میں بھیج دیا

    امریکی ریاست وسکانسن کے ہوائی اڈے  پر ایک خاتون نے کتے کو بیگ میں ڈال کر اسکین مشین میں بھیج دیا جسے دیکھ کر ائیرپورٹ کا عملہ بھی پریشان ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ جہاز کے اڑان بھرنے سے قبل سامان کی چیکنگ کے دوران پیش ہوا جہاں ایک امریکی خاتون نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پالتوں کتے کو  بیگ میں بند کرکے غلطی سے اسکین مشین میں بھیج دیا۔

    بیگ کو جب اسکین مشین سے گزرا گیا تو عملہ بیگ میں عجیب چیز کو دیکھ کر حیران رہ گیا جب بیگ کھولا گیا تو اس میں سے ایک پالتو زندہ کتا نکل آیا۔

    اس واقعے کی پوسٹ ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن(ٹی ایس اے) نے اپنے سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی کہ جب بھی سفر کریں تو قانون کو جانیں اور جانوروں کو اپنے ساتھ سفر کے لیے لانے  پر ائیرلائن کو آگاہ کریں۔