Tag: خادم الحرمین الشریفین

  • شہرادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب کے نئے وزیرخارجہ مقرر

    شہرادہ فیصل بن فرحان سعودی عرب کے نئے وزیرخارجہ مقرر

    ریاض: سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کو سعودی عرب کا نیا وزیرخارجہ مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے سعودی کابینہ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہی فرمان کے مطابق ابراہیم العساف سے ذمہ داریاں واپس لے لی گئی ہیں اور ان کی جگہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کو وزیرخارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

    شہزادہ فیصل نے کچھ ماہ جرمنی میں بطور سعودی سفیر کے فرائض انجام دیے اور اس سے قبل واشنگٹن کے سفارت خانے میں سیاسی مشیر کے عہدے پر فائز رہے۔

    سعودی فرمانروا کے فرمان کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ نبیل بن محمد العامودی کی جگہ صالح بن ناصر بن علی الجاسر کو نیا وزیر ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    شاہی فرمان کے مطابق عصام بن عبداللہ بن خلف الوقیت کو قومی انفارمیشن سینٹر کا ڈائریکٹر کیا گیا اور ڈاکٹر طارق بن عبداللہ کو نیشنل ڈیٹا مینجمنٹ آفس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

    سابق وزیرخارجہ ابراہیم العساف کو گزشتہ سال دسمبر میں عادل الجبیر کی جگہ وزیرخارجہ تعینات کیا گیا تھا۔

    سعودی کابینہ کا اجلاس، فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی زیرصدارت اجلاس میں ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ مملکت فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے ہونے والی کوششوں کی حمایت کے ساتھ مظلوم فلسطینی قوم کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

  • نیوزی لینڈ کی مسلمان پولیس افسر حج پر خادم الحرمین الشریفین کی مہمان

    نیوزی لینڈ کی مسلمان پولیس افسر حج پر خادم الحرمین الشریفین کی مہمان

    ریاض :نیوزی لینڈ کی خاتون پولیس ڈائریکٹر نائلہ حسن بھی خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے خصوصی حج پروگرام میں فرئضہ حج ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آکلینڈ شہر میں نیوزی لینڈ کی سب سے زیادہ آبادی رہائش پذیر ہے۔ اس شہر کی آبادی پچاس لاکھ سے زاید ہے۔ رواں سال جب نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کا وحشت ناک واقعہ پیش آیا تو اس کے بعد شہداءکی تعزیتی تقریب میں لوگ اس وقت حیران رہ گئے تھے جب نائلہ نے اپنے مسلمان ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

    ایک فوٹیج میں اس نے بتایا کہ میرے والد پاکستان کے شہر لاھور سے تعلق رکھتے تھے جب کہ ماں انگریز تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کی تعزیت میں خطاب میرے دل کی آواز تھی،اس مجرمانہ واقعے سے میرا دل بھی پسیج گیا تھا،نیوزی لینڈ میں مسلمان کمیونٹی کے لیے یہ ایک انتہائی المناک واقعہ تھا۔

    نائلہ حسن کا کہنا تھا کہ مسلمان خانہ کعبہ کی زیارت کو اپنا خواب سمجھتا ہے، مکہ مدینہ کے سفر کو اپنے ایمان کا حصہ قرار دیتا ہے۔ آج مجھے بھی اپنا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔

    انہوں نے سعودی فرمانروا کی طرف سے خصوصی حج پروگرام کے کوٹے میں نیوزی لینڈ کے دہشت گردی کے متاثرین کو شامل کرنے پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔