Tag: خالدہ ضیاء

  • خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء وطن واپس پہنچ گئیں، وطن پہنچنے کے بعد ملک میں انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء بیماری کے باعث علاج کیلیے لندن میں تھیں، 4 ماہ کے علاج کے بعد وہ منگل کی صبح لندن سے واپس وطن پہنچ گئیں۔

    غیرملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے استقبال کیلیے ڈھاکا میں ایئرپورٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی، وہ اپنی 2 بہوؤں کے ساتھ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے بندوبست کی گئی ایک خصوصی ایئر ایمبولینس میں وطن واپس پہنچی ہیں۔

    بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما کی واپسی کے بعد حکومت پر انتخابات کے انعقاد کیلیے دباؤ بڑھ گیا ہے، عبوری حکومت پر اس سال دسمبر میں انتخابات کروانے کے لیے سخت دباؤ ہے۔

    رواں برس جنوری میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے کرپشن کیس میں بری کردیا تھا۔

    سابق وزیراعظم اور دیگر پر 2001 سے 2006 کے دوران غیرملکی عطیات میں سے مبینہ طور پر ایک لاکھ 73 ہزار ڈالر چوری کرنے کا الزام تھا۔

    گزشتہ سال نومبر میں سابق وزیر اعظم کو بدعنوانی کے ایک اور مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا جس میں ان پر 2005 میں ایک اور ٹرسٹ سے 31.5 ملین ٹکا کے غلط استعمال کا الزام لگایا گیا تھا۔

    بھارت اور بنگلا دیش کی ایک دوسرے پر تجارتی پابندیاں

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبا کے احتجاج کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کے بعد خالدہ ضیاء کو رہائی مل گئی تھی، رہائی کے بعد خالدہ ضیاء علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ضیاء 1991 سے 1996 تک اور پھر 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں۔

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم لندن روانہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم لندن روانہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء طبیعت خراب ہونے کے باعث علاج کے لیے منگل کی شب لندن روانہ ہوگئیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم حسینہ واجد پہلے بنگلہ دیش چھوڑ چکی ہیں اور اب خالدہ ضیاء بھی بنگلہ دیش چھوڑ کر جاچکی ہیں۔ انہیں لے جانے کیلئے قطر نے اپنا طیارہ بھیجا۔

    خالدہ ضیا کے ذاتی معالج زاہد حسین کے مطابق امیر قطر نے 79 سالہ سابق وزیراعظم کو علاج کی غرض سے لے جانے کے لیے طبی آلات سمیت قطر ائیرلائن کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی ائیر ایمبولنس کا بندوبست کیا۔

    اُنہوں نے بتایا کہ سابق بنگلادیشی وزیر اعظم کو صحت کے کئی سنگین مسائل درپیش ہیں، جن میں جگر کی بیماری، دل کے مسائل اور گردے کے مسائل شامل ہیں۔

    اس سے قبل بنگلا دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا۔

    یہ فیصلہ منگل کو ڈھاکا میں عبوری حکومت کی جانب سے کیا گیا جس کی سربراہی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کررہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ملک میں مجرمانہ کارروائیوں کے پیش نظر بنگلادیش کی عبوری حکومت کی جانب سے کل 97 افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں، جن میں سابق وزیر اعظم حسینہ واجد بھی شامل ہیں۔

    جن افراد کے پاسپورٹ منسوخ کئے گئے ہیں ان میں سے 22 پر جبری گمشدگیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے الزامات ہیں جبکہ 75 دیگر افراد پر گزشتہ سال بنگلا دیش میں طلبہ احتجاج کے دوران قتل کے الزامات ہیں۔

    یہ پیشرفت انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کی جانب سے شیخ حسینہ اور دیگر 11 افراد کے خلاف ان کی حکومت کے دوران جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    ٹریبونل کی جانب سے ملزمان بشمول حسینہ واجد کو گرفتار کرکے 12 فروری تک پیش کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی ہے۔

  • ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیشی حکومت نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے اپوزیشن کی سب سے اہم رہنما اور دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والی خالدہ ضیاء کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی۔

    حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے خالدہ ضیاء کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے وکیل قیصر کمال نے کہا کہ 78 سالہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنا سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

    خالدہ ضیاء کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگست کے اوائل سے خالدہ ضیاء جگر کی بیماری، سانس لینے میں دشواری اور ذیابیطس کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس کے علاوہ انہیں دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں۔

    سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ کی جانب سے گزشتہ ماہ حکومت خط لکھا گیا تھا کہ خالدہ ضیاء کو علاج کے لئے بیرون جانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا تسلی بخش علاج ہوسکے۔ تاہم حکومت کی جانب سے ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    یاد رہے کہ بنگلادیش کی عدالت کی جانب سے 2008 میں خالدہ ضیاء کو بدعنوانی کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی اور پھر انہیں گھر میں نظر بند رہنے سے قبل دو سال کیلئے جیل روانہ کردیا گیا تھا۔

  • بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن کو عمر قید

    بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن کو عمر قید

    ڈھاکا : بنگلا دیشی عدالت نے حسینہ واجد پر گرینڈ حملہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت بی این پی کے سربراہ طارق رحمٰن کو عمر قید جبکہ دو وزراء سمیت 19 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے مفرور بیٹے طارق رحمٰن کو عدالت نے بدھ کے روز سماعت کرتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ اپوزیشن جماعت کے دو سابق وزراء سمیت 19 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کے بیٹے طارق رحمٰن سمیت دیگر افراد کو سنہ 2004 میں گرینڈ حملے کے الزام میں سزائیں سنائی گئی ہے، جس میں 24 افراد ہلاک جبکہ موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سمیت 500 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائم کا کہنا ہے کہ 21 اگست 2004 میں عوامی لیگ کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی میں حسینہ واجد کو نشانہ بنایا گیا جب وہ اپوزیشن لیڈر تھیں، تاہم بم دھماکے میں حسینہ واجد زخمی ہوگئی تھی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 50 سالہ طارق رحمٰن خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرکے برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں، لہذا بنگلا دیشی عدالت نے سابق وزیر اعظم کے بیٹے کی غیر موجودگی میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے سزا سنائی اور طارق رحمٰن کو مفرور قرار دیا۔

    بنگلا دیش کے وزیر قانون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سفارتی ذرائع استعمال کرکے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمٰن کو گرفتار کرکے واپس وطن لائیں گے اور عدالت سے سزائے موت دینے کی درخواست کریں گے۔

    دوسری جانب سے بنگلادیش کی اپوزیشن جماعت بی این پی نے طارق رحمٰن سمیت دیگر افراد کو دی جانے والی سزاؤں کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے لیے عدالت عالیہ کا دروازہ کٹھکٹائیں گے۔

    خیال رہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو رواں برس فروری میں کرپشن الزامات کے تحت 5 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا۔