Tag: خالد مقبول صدیقی

  • وفاق کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا، عارف علوی

    وفاق کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا، عارف علوی

    کراچی: نامزد صدر اور پی ٹی آئی رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے اتحاد کا مقصد کراچی کی بہتری کے لیے کام کرنا ہے، وفاق کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پی ٹی آئی وفد میں عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، جمیل صدیقی ودیگر شامل تھے، ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری، امین الحق ودیگر رہنما ملاقات میں شریک تھے۔

    عارف علوی نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر کے عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، کراچی کے مسائل کو کس طرح حل کرنا ہے اس پر ایم کیو ایم رہنماؤں سے گفتگو ہوئی، ایم کیو ایم کی قیادت کا مشکور ہوں انہوں نے اپنے موقف سے آگاہ کیا۔

    نامزد صدر نے کہا کہ پی ٹی آئی، ایم کیو ایم ورکنگ ریلیشن شپ مزید مضبوط کرنا ہے، وزیراعظم نے پالیسی بیان میں کراچی کے مسائل کی نشاندہی کی ہے، وزیر اعظم نے ان مسائل کو حل کرنے کی ترجیحات کا کھل کر ذکر کیا ہے۔

    پی ٹی آئی کو پہلے بھی مایوس نہیں کیا، آئندہ بھی نہیں کریں گے، خالد مقبول

    ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کو وسائل ملتے ہیں تو وہ پاکستان کی ترقی کا باعث بنتے ہیں، پی ٹی آئی کو پہلے بھی مایوس نہیں کیا آئندہ بھی نہیں کریں گے، دو سیاسی جماعتیں مل کر چل رہی ہیں، وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم میں تعاون کا سفر شروع ہوا ہے، دونوں جماعتوں کے اتحاد کا مقصد عوام کی زندگی کو بہتر کرنا ہے، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے اس کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ ہمارا دل کہتا ہے کراچی کے دن بھی تبدیل ہوں گے، پی ٹی آئی سربراہ نے ہمیں حق دیا ہے کہ تحفظات سے آگاہ کریں، پی ٹی آئی نے تعاون کے لیے اتحاد کا معاہدہ کیا ہے مل کر مسائل حل کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق عارف علوی نے ایم کیو ایم سے صدارتی انتخاب میں حمایت کی درخواست کی، ایم کیو ایم کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی امیدوار کی حمایت کا امکان ہے، ایم کیو ایم کے پاس صدارتی انتخاب کے لیے 33 ووٹ ہیں۔

    پی ٹی آئی وفد کی امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم سے ملاقات

    دوسری جانب پی ٹی آئی وفد کی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات ہوئی، عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی دوستی پرانی ہے، ملاقات میں صدر کے لیے ووٹ دینے کی درخواست کی ہے۔

    عارف علوی نے کہا کہ انتخابات پر جماعت اسلامی کے تحفظات اپنی جگہ ہیں، آئندہ انتخابات کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ہوگا، جماعت اسلامی کے انتخابات سے متعلق تحفظات کو حل کریں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی نجکاری مسائل کا حل نہیں ہے، کراچی کے حالات پر پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کا موقف ایک رہا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عارف علوی کو ووٹ دینے کا فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد کریں گے، کراچی کو بہت نظر انداز کیا گیا اب تعمیر، ترقی کا سفر شروع ہونا چاہئے، پی آئی اے، پاکستان اسٹیل، کے الیکٹرک پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، شہر قائد سے صدارتی امیدوار کی نامزدگی خوش آئند ہے۔

  • ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، عشرت العباد

    ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، عشرت العباد

    کراچی: سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو ہاتھ ملانا چاہئے، لڑائی کی سیاست ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا اور کہا کہ شہری سندھ کے لیے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے پر مشاورت کی جائے۔

    سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سیاسی جھگڑوں کو ختم کرکے اب تبدیلی لانا ہوگی، لڑائی کی سیاست ختم کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کے لیے دروازے کھلے ہیں بات چیت کے لیے تیار ہیں، کراچی کی ترقی اور بلدیاتی اختیارات ہمارا اولین ایجنڈا ہیں۔

    کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ شہری سندھ کے لیے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، کراچی کی عوام کو ریلیف دیں گے۔

    قبل ازیں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطہ کیا، عشرت العباد نے عمران خان اور تحریک انصاف کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

    اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن کے لیے کردار ادا کروں گا۔

    دوسری جانب ڈاکٹرعشرت العباد نے کہا کہ تحریک انصاف کا متحدہ کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، تمام جماعتیں کراچی کے لیے مل کرکام کریں، شہر کے امن کومستحکم کرنے کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی کی ایم کیو ایم کو حکومت سازی کےعمل میں مل بیٹھنے کی دعوت

    پی ٹی آئی کی ایم کیو ایم کو حکومت سازی کےعمل میں مل بیٹھنے کی دعوت

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیق سے رابطہ کیا اور حکومت سازی کےعمل میں مل بیٹھنے کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے حکومت بنانے کے لیے سیاسی رابطے شروع کر دئیے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے عام انتخابات کے نتائج کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور حکومت سازی کے عمل میں مل بیٹھنے کی دعوت دے دی۔

    جس کے بعد ایم کیوایم نے پی ٹی آئی کو گرین سگنل دے دیا اورحکومت سازی کیلئے مل بیٹھ کر بات کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

    رابطے میں جہانگیر ترین اور خالد مقبول صدیقی نے ملاقات پر اتفاق کیا ، دونوں جماعتوں کے وفود کل تک ملاقات کریں گے، جس میں حکومت سازی کےعمل کے لئے با ضابطہ مذاکرات ہوں گے۔

    خیال رہے کہحکومت سازی کے لیے دونوں پارٹیوں کے درمیان یہ پہلا با ضابطہ رابطہ ہے۔ْ


    مزید پڑھیں : تحریک انصاف کا مرکز سمیت 3 صوبوں میں حکومت بنانے کا اعلان


    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب سمیت تین صوبوں میں حکومت بنانے کا اعلان کردیا ہےجبکہ سندھ میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نےدو سواکیاون حلقوں کے نتائج کااعلان کردیا ہے ، جس کے مطابق پی ٹی آئی 115 نشستوں کے ساتھ قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی، ن لیگ 62 سیٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلزپارٹی 42 نشستوں کےساتھ تیسرے نمبرپر ہے۔

  • انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے انتخابات 2018 کے نتائج کے حوالے سے کہا ہے کہ بہت باریک کام ہوا ہے، الیکشن کے دن کچھ نہیں ہوا، گنتی کے دوران رگنگ ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ فارم 45 دیا ہی نہیں گیا جو آفیشل رزلٹ ہوتا ہے، جو نتائج دئیے جارہے ہیں یہ پولنگ کے نہیں سیٹنگ کے نتائج ہیں۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ پولنگ والے دن کئی جگہوں سے کیمرے اتار لیے گئے تھے جبکہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے شہباز شریف سے رابطہ ہوا ہے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کو داغ دار کردیا ہے، ایسی دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہوجانا چاہئے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں طے شدہ دھاندلی ہوئی، مردم شماری میں کم گنا گیا، حلقہ بندیاں کرکے ووٹ بینک متاثر کیا گیا، کل شام چھ بجے تک بہت شکایتیں تھیں، اصل ہاتھ اس کے بعد دکھایا گیا۔

    ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ این اے 240 کا نتیجہ ابھی تک نہیں سنایا گیا، انتخابی عمل مشکوک ہوگیا ہے، پولنگ ایجنٹس کو دھمکایا گیا کہ تمہارے ووٹ اتنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ دھاندلی کا الزام براہ راست الیکشن کمیشن پر لگ رہا ہے، الیکشن میں لوگوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، انتخابی عملے نے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا، مصنوعی اقدامات سے ملک کو نہیں چلایا جاسکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیپلزپارٹی نے مہاجروں کے حقوق غصب کیے، خالد مقبول صدیقی

    پیپلزپارٹی نے مہاجروں کے حقوق غصب کیے، خالد مقبول صدیقی

    حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سندھ میں ترقیاتی کام نہیں کرائے اقتدار میں آکر دیہی اور شہری علاقوں کو سہولتیں دیں گے، پیپلزپارٹی نے مہاجروں کے حقوق غصب کیے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جلسے جلسوں اور ریلیوں کی اجازت ہے، دیگر جماعتوں کی طرح ایم کیو ایم کو بھی برابر کا موقع ملنا چاہئے، ایم کیو ایم کو سندھ میں انتخابی مہم میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہے جبکہ کراچی میں جعلی مردم شماری کرائی گئی، صحیح مردم شماری کرائی گئی تو نشستوں میں اضافہ ہوگا، حیدرآباد میں 5 قومی اسمبلی، 10 صوبائی اسمبلی کی نشستیں نکلیں گی۔

    مزید پڑھیں: اگر الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں تو بتا دیا جائے، خالد مقبول

    خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں 20 صوبے بنائے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور ہمیں انتخابی مہم چلانے کے لیے برابری کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق صرف متحدہ کے لیے ہے ؟ کیونکہ کل میرپور خاص میں جلسہ کرنے کی اجازت مانگی وہ بھی انتظامیہ نے نہیں دی جبکہ سہولت یافتہ تنظیم کو کل ریلی نکالنے کی اجازت مل گئی، اس طرح کے اقدامات اور پھرتیاں بتاتی ہیں کہ ماحول ہمارے لیے نہیں ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • اے آر وائی حملہ کیس، ایم کیو ایم قیادت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

    اے آر وائی حملہ کیس، ایم کیو ایم قیادت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری

    کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اے آر وائی نیوز پر حملہ اور اشتعال انگیز تقریر میں نامزد ایم کیو ایم کنوینئر و دیگر رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملک مخالف اشتعال انگیز تقریر اور اے آر وائی نیوز پر حملے کے خلاف دائر مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں فاروق ستار اور عامر خان سمیت دیگر رہنماء پیش ہوئے۔

    عدالت نے غیر حاضری پر بانی ایم کیو ایم، خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدرعباس رضوی، سلمان مجاہد بلوچ و دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار کردیے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتارکرکے گیارہ اگست تک پیش کیا جائے۔ ایم کیوایم رہنماؤں نے عدالت سے درخواست کی کہ انتخابات کے باعث آئندہ سماعت الیکشن کے بعد رکھی جائے۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم قیادت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی جس میں ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ بانی ایم کیو ایم نے دو سال قبل پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ پر بیٹھے کارکنان سے خطاب کے دوران اشتعال انگیز اور ملک مخالف تقریر کی تھی جس کے بعد مشتعل افراد نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔

    مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کے ساتھ سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں کیا گیا تھا۔

    ایک روز بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے فاروق ستار کی قیادت میں اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئی ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کےشہری علاقوں کامینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں بلکہ نکھر رہی ہے، انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد دفتر کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، فیصل سبز واری اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کل سے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے، ہمارےپاس انتخابی دفاترموجودنہیں ہیں، گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے، پرامن جدوجہد سے ہی اپنے مقاصد حاصل کریں گے، ایم کیوایم بکھرنہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کاووٹ ایم کیوایم کو ہی ملےگا، ان علاقوں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں، سازشوں کے باوجود ایم کیوایم متحد ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، عدم تصادم اورعدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں تک گئی، اس کیس کا فیصلہ بھی آگیا ہےاب اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے، ہم سے زیادہ اس شہر کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے، کراچی کو اس کا حق دیاجائے۔

    قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد آفس میں ہوا، اجلاس میں عامرخان، فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت اراکین اور امیدواربھی شریک تھے۔

    اجلاس میں انتخابی مہم، حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم یکم جولائی سے سندھ بھرمیں اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    مزید پڑھیں : آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار

    رابطہ کمیٹی اراکین، امیدواروں کو گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلانےاور گلی گلی کارنرمیٹنگز کی ہدایت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات میں کسی سےسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے البتہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یاحمایت کا آپشن کھلا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عام انتخابات 2018: ایم کیو ایم کا نئے چہروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

    عام انتخابات 2018: ایم کیو ایم کا نئے چہروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات 2018 میں 40 فیصد نئے چہروں کو ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا، متحدہ کنونیئر کا کہنا ہے کہ انتخابات سےپہلےدھاندلی کی گئی مگر میدان نہیں چھوڑیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے یکم جولائی سے سندھ میں انتخابی مہم شروع کرنےکا فیصلہ کیا ہے، متحدہ ’اپنا ووٹ اپنوں کے لیے‘ نعرے کے ساتھ انتخابی دنگل میں کودے گی۔

    ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کا آغاز کراچی سے ہوگا جبکہ تنظیمی ڈھانچے کو 5 فروری والی پوزیشن پر بحال کیا جائے گا، جس کے تحت  ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ پی آئی بی جانے والے اراکین کو رابطہ کمیٹی و دیگر شعبہ جات میں مختلف ذمہ داریاں دی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: کراچی: این اے 245 سے فاروق ستارکے کاغذات نامزدگی مسترد

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدواروں کے چناؤ اورانتخابات کے حوالے سے مشاورت آخری مرحلے میں داخل ہوچکی جبکہ 26 جون تک متحدہ اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔

    متحدہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم انتخابات میں 40 فیصد نئے چہروں کو ٹکٹ دے گی اس کے علاوہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، کنور نوید، عبدالوسیم، شیخ صلاح الدین، علی رضا عابدی، خواجہ اظہار، امین الحق اور اسلم آفریدی کو بھی ٹکٹ ملنے کا امکان ہے۔

    اسے بھی پڑھیں: این اے 243، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار کے کاغذات نامزدگی مسترد

    ایم کیو ایم نے حلقہ بندوں پر اعتراضات مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا بھی فیصلہ کیا، اس ضمن میں کنونیئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے دھاندلی کی گئی مگر ہم کسی کے لیے میدان نہیں چھوڑیں گے اور اپنی روایتی نشتوں پر ضرور کامیاب ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا

    ہائی کورٹ نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے ڈاکٹر فاروق ستار کی درخواست خارج کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم پاکستان کا کنوینر قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی کہ پارٹی کے کنوینر وہ ہیں۔

    ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا، الیکشن کمیشن نے ایم کیوایم کا کنوینرخالد مقبول صدیقی کو قرار دیا تھا۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر شپ کا معاملہ کئی ماہ جاری رہنے کے بعد آخر کار آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں حل ہوگیا، پارٹی کے کنوینر اب خالد مقبول صدیقی ہوں گے۔

    خیال رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 26 مارچ کے الیکشن کمیشن کے حکم نامے کو چیلنج کیا تھا جب کہ ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے 17 اپریل کو کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    واضح رہے کہ انیس اپریل کو ایم کیو ایم کے انٹرا پارٹی انتخابات میں فاروق ستار بھاری اکثریت سے کام یاب ہوکر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ منتخب ہوئے تھے، تاہم اسے ایم کیو ایم کے دوسرے گروپ نے منظور نہیں کیا تھا۔

    فاروق ستار ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نہیں رہے‘ الیکشن کمیشن


    انتخابات کو کالعدم قرار دینے اور فاروق ستار کو سربراہی سے ہٹانے کے لیے ایم کیو ایم بہادرآباد کے رہنما کنور نوید جمیل اور خالد مقبول صدیقی نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کردی تھیں۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور فاروق ستار کو کنوینر شپ سے ہٹانے کے فیصلے کو فاروق ستار نے چیلنج کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیپلزپارٹی کے جلسے نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ایک کر دیا، بہادر آباد میں‌ اہم بیٹھک

    پیپلزپارٹی کے جلسے نے ایم کیو ایم کے دھڑوں کو ایک کر دیا، بہادر آباد میں‌ اہم بیٹھک

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے جلسے نے ایم کیو ایم کے دونوں دھڑوں کو ایک کر دیا، بہادر آباد میں فاروق ستار اور خالد مقبول کی اراکین رابطہ کمیٹی کے ساتھ اہم بیٹھک ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی سیاسی حکومت عملی کا مقابلہ کرنے کے لیے فاروق ستار اور خالد مقبول نے ہاتھ ملا لیے۔ میٹنگ میں عامر خان، کنور نوید ، فیصل سبزواری ، امین الحق اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ اس دوران 5 مئی کے جلسے کے انتظامات سمیت پارٹی امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر فاروق ستار نے کہا کہ 5 مئی کا جلسہ پیپلزپارٹی کی نیندیں اڑا دے گا، اب مزید خوش خبریاں آئیں گی، بتا دیا ہے کہ مہاجر قوم اور اس کے مینڈیٹ کو تقسیم نہیں ہونےدیں گے۔

    اس ضمن میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 5 مئی کو پیپلز پارٹی، مہاجر دشمن قوتوں کو بھرپور جواب دیں گے، قوم، عوامی خدمت اور مسائل کے حل کےلیے سب ایک ہیں۔

    کیا فاروق ستار اور عامر خان کے اختلافات ختم ہوگئے؟

    پارٹی ذرایع نے دعوی کیا ہے کہ ایم کیو ایم پی آئی بی اور بہادرآباد میں اختلافات ختم ہوگئے ہیں، فاروق ستار اور عامرخان کے درمیان تمام گلے شکوے بھی دور ہوچکے ہیں۔

    فاروق ستاراور خالد مقبول کے درمیان 5 مئی کے جلسے سے قبل ریلی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ پارٹی رہنما آج شام ٹنکی گروانڈ کا دورہ کریں گے۔

    دورے میں جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور لیاقت آباد کےعوام سے ملاقات کی جائے گی، ساتھ علاقے میں جلسے کے پمفلٹ تقسیم کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ ایم کیو ایم پی آئی بی گروپ نے 4 مئی کو ٹنکی گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا تھا، مگر گذشتہ شام فاروق ستار اپنا جلسہ ملتوی کرکے بہادر آباد پہنچ گئے، جہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔


    ایم کیو ایم کو پیپلزپارٹی سے نہیں ہم سے خطرہ ہے، مصطفیٰ کمال


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔