Tag: خامنہ ای

  • اسرائیل کو سزا دینے کا وقت آگیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    اسرائیل کو سزا دینے کا وقت آگیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ شام میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی فضائی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے اسرائیلی حملے میں دو جنرل سمیت سات فوجی افسران کے لقمہ اجل بننے پر اسرائیل سے بدلہ لینے کا وعدہ کیا۔ ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے بیان میں کہا کہ اب اسرائیل کو سزا دینے کا وقت آگیا ہے۔

    گزشتہ روز سپریم لیڈر خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حملے کا ایسا بدلہ ہوگا کہ اسرائیل کو شرمندہ کرائیں گے، اسرائیل کو اس کارروائی پر سزا دی جائے گی اور اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سفارتخانہ حملے میں 8 ایرانی، 2 شامی اور 1 لبنانی سمیت 11 فوجی جان سے گئے تھے جس میں کمانڈر پاسدران انقلاب بریگیڈیئر جنرل رضازاہدی بھی شامل تھے۔

    اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں سفارتخانے کا قونصلر سیکشن اور سفیر کی رہائش گاہ تباہ ہوئی تھی۔

    ٹرمپ کی مقدمات کی سماعت الیکشن تک ملتوی کرنے کی کوشش ناکام

    پاکستان اور سعودی عرب نے سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے جارحیت کو ویانا کنونشن اور یواین چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

  • ایرانی سپریم لیڈر کا مسلم ممالک کو اہم پیغام

    ایرانی سپریم لیڈر کا مسلم ممالک کو اہم پیغام

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے اسلامی ممالک کو کہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کے بجائے اسرائیل سے تعلقات ختم کریں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ اسلامی ممالک کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ گمراہ کن ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈرکا کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو جنگ بندی کی وکالت کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ ان کے بس سے باہر ہے بلکہ تمام اسلامک ممالک کو وہ اقدام لینا چاہیے جو ان کے اختیار میں ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے سیاسی اور اقتصادی تعلقات منقطع کر لیں اور اس حکومت کی مدد نہ کریں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس میں شدید بمباری کی گئی ہے، جس کے باعث مزید 40 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    اسرائیل کی غزہ میں عمارتیں مسمار کرنے کی وجہ سامنے آ گئی

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے اسپتالوں کے اطراف شدید بمباری جاری ہے۔ اسرائیلی بمباری کے باعث طبی ٹیموں کو زخمیوں تک پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

  • جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں: خامنہ ای

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر نے علی الاعلان کہہ دیا ہے کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق حماس حملے کے بعد ٹی وی پر اپنے پہلے خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی بھرپور حمایت کے باوجود اسرائیل پر حماس کے ’سرپرائز اٹیک‘ میں ایران کے ملوث ہونے کی تردید کر دی ہے۔

    ایران نے حماس حملے میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کر دیے

    خامنہ ای نے حملے میں اسرائیل کے حساس ڈھانچے کو پہنچنے والے ناقابل تلافی نقصان کی بات کرتے ہوئے اسرائیل کو اس کو تباہی کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اسرائیل پر حماس کے حملے میں ایران ملوث نہیں ہے، گزشتہ دو تین دنوں سے صہیونی حکومت کے حامی اور غاصب اسرائیل کے کچھ لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ اس کارروائی کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے، لیکن وہ غلط ہیں۔

    خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر نے اسرائیل پر حماس کے حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس نے صہیونی ریاست پر حملہ کیا ہے، ہم ان کے ہاتھ چومتے ہیں، انھوں نے کہا اسرائیل پر یہ حملہ اس کی فوج اور انٹیلی جنس دونوں محاذوں پر ناقابل تلافی ناکامی ہے، سب نے ناکمی کی بات کی ہے لیکن میں اس کی ناقابل تلافی ہونے پر زور دے رہا ہوں۔

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ حماس کے تباہ کن حملے نے اسرائیل کے اہم انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔

  • ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی

    ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایرانی ویکسین کوو ایران برکات لگوا لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی، آیت اللہ خامنہ ای نے ویکسین لگوانے کے بعد بیان میں کہا مجھے ڈاکٹرز مہینوں سے ویکسین لگوانے کا کہہ رہے تھے، لیکن میں نے کہا تھا کہ میں ایران کی اپنی ویکسین تیار ہونے تک انتظار کروں گا۔

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ خامنہ ای نے آج جمعہ کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے، سپریم لیڈر نے اس سلسلے میں دو شرائط رکھی تھیں، ایک یہ کہ وہ دوسروں سے پہلے ویکسین نہیں لگوائیں گے، اور دوم یہ کہ وہ صرف ایران کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے۔

    یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اُس وقت کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا تھا جب کہ ملک میں 70 سے 80 سالہ شہریوں کی غیر ملکی ویکسینز سے ویکسینیشن شروع ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم لیڈر کے نجی ڈاکٹر علی رضا مرندی نے اعلان کیا تھا کہ خامنہ ای ایرانی تیار کردہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے جا رہے ہیں۔

    8 جنوری کو خامنہ ای نے ایک تقریر میں امریکی اور برطانوی کرونا ویکسین کی خریداری پر پابندی لگا دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ انھیں ان دونوں ممالک کے مقاصد پر اعتماد نہیں ہے۔

    ایران کے دیگر حکام مستقل طور پر یہ کہتے آ رہے تھے کہ امریکی پابندیاں ایران کو ویکسینز خریدنے سے روکے ہوئے ہیں، تاہم 24 دسمبر کو ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے تصدیق کی کہ فارن ایسٹس کنٹرول کا امریکی آفس عالمی ادارہ صحت کے ذریعے کو وِڈ 19 ویکسینز خریدنے کے لیے دوسرا لائسنس جاری کر چکا ہے، تاہم ایران نے اس خدشے کی وجہ سے یہ خریداری نہیں کی کہ امریکی عدالتیں رقم ضبط کر لیں گی۔

  • ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    ایران نے امریکی حملہ بے وقوفانہ قرار دے دیا، اسرائیل میں ہائی الرٹ

    تہران: ایران نے عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر امریکی فضائی حملے کو بے وقوفانہ قرار دے دیا، دوسری طرف اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے خطرناک اور بے وقوفانہ حرکت کی ہے۔

    جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایرانی جنرل کو نشانہ بنا کر عالمی دہشت گردی کی ہے، امریکا کو اپنی سرکش مہم جوئی کے نتائج کی ذمہ داری خود اٹھانے پڑے گی، امریکا کا اقدام خطرناک، احمقانہ اور کشیدگی کو بڑھانے والا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی امریکی حملے کی مذمت کر دی ہے، امریکی حملے کے خلاف ایران میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔

    ایران نے تہران میں سوئٹزر لینڈ کے سفیر کو بھی طلب کر لیا ہے، سوئس سفیر تہران میں امریکا کے نمایندے کے طور پر موجود ہیں۔

    تازہ ترین:  بغداد ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملہ، ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک

    دوسری طرف امریکی حملے میں ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عراق کے شہر بغداد کے ایئر پورٹ پر امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل سمیت 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، فضائی حملے میں ہلاک جنرل قاسم سلیمانی القدس فورس کے سربراہ تھے، عراقی میڈیا کا کہنا ہے کہ دیگر ہلاک شدگان میں ایران نواز ملیشیا الحشد الشعبی کا رہنما بھی شامل ہے۔

    ادھر واشنگٹن میں پینٹاگون نے بھی جنرل سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، پینٹاگون کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر ایرانی جنرل کو نشانہ بنایا گیا، یہ کارروائی ایران کو مستقبل میں حملوں سے روکنے کے لیے کی گئی ہے۔

  • کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    کشمیریوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت ان سے مناسب سلوک کرے: ایران

    تہران: ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر برطانیہ کا پیدا کیا ہوا ہے، برطانیہ جان بوجھ کر خطے میں مسئلہ کشمیر چھوڑ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے لیے فکر مند ہیں، بھارت خطے میں مسلمانوں کو دبانے کی روش ترک کرے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورت حال برطانوی حکومت کے ان شیطانی اقدامات کا نتیجہ ہے جو اس نے برصغیر کو چھوڑتے وقت کیے تھے۔

    ایران کے روحانی پیشوا نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، وہ کشمیریوں سے مناسب رویہ رکھے، بھارت اپنی کشمیر پالیسی کو مناسب بنائے۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  سعودی میزائل پروگرام ایرانی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہے، عالمی جریدہ

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انھیں کشمیر میں مسلمانوں کی حالتِ زار پر تشویش ہے، بھارت سے توقع ہے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اچھا سلوک کرے گا اور خطے میں مسلمانوں پر ظلم کی روش کو ترک کرے گا۔

    یاد رہے دو دن قبل تہران میں کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا۔

    مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے سلسلے میں اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، آج وادی میں نافذ کرفیو کو 17 دن ہو گئے ہیں۔ مقبوضہ وادی میں رابطے کے تمام ذرایع بھی منقطع ہیں۔