Tag: خانہ کعبہ کا دروازہ

  • وزیراعظم شہباز شریف کیلئے  خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

    وزیراعظم شہباز شریف کیلئے خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا

    مکہ مکرمہ : وزیر اعظم شہباز شریف عمرے کے ادائیگی کے لیے پہنچے تو بیت اللہ خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا، شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ بیت اللہ کے اندر نوافل ادا کئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ، اس موقع پر سیکیورٹی حصار میں وفد نے طواف کیا۔

    بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور امت مسلمہ ، ملکی استحکام، ترقی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، چوہدری سالک حسین، شاہ زین بگٹی، مفتاح اسماعیل، خواجہ آصف اور محسن داوڑ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے مسجد نبوی میں نمازِ جمعہ ادا کی تھی، سعودی حکومت کی ہدایت پر وزیراعظم کیلئے روضہ رسول ﷺ کا دروازہ کھولا گیا، وزیراعظم اور وفد کے ارکان نے روضہ رسول ﷺ کے اندر درود و سلام پیش کیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    مکہ مکرمہ : وزیر اعظم پاکستان عمران خان عمرے کے ادائیگی کے لیے پہنچے تو بیت اللہ خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھول دیا گیا، عمران خان وفد کے ہمراہ بیت اللہ میں داخل ہوئے ، نوافل ادا کئے اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

    وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جب کہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے سعودی عرب پاکستان کی حکمرانی کو اس کا اندرونی معاملہ تصور کرتا ہے، پاکستانی عوام جسے حکمران منتخب کریں گے، اس کےساتھ تعاون کریں گے۔

    حکام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے عوام پرپورا یقین ہے، گزشتہ ادوارمیں جو کچھ سعودی عرب نے پیش کیا وہ انسانی محبت کی عکاسی ہے، عمران خان کا سعودی قیادت کے ساتھ تعلق باہمی اعتماد پر قائم ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں مدینہ منورہ ائیرپورٹ پرگورنرشہزادہ فیصل بن لمنان نے استقبال کیا تھا، وفاقی وزراٗ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، مشیر عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، روضہ رسولﷺپر حاضری

    عمران خان نے وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے، عمران خان ریاض الجنہ میں نماز مغرب اور نوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوئے۔

    جدہ ایئرپورٹ پر ڈپٹی گورنر مکہ اور دیگر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

    خیال رہے عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان آج سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔