Tag: خانہ کعبہ

  • آج شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    آج شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    آج شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا اور یہ منظر رواں سال آخری بار دیکھا جائے گا۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر چاند کا یہ روح پر ور منظر عام آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔

    سعودی وقت کے مطابق چاند رات 8 بج کر 06 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا جب کہ پاکستان میں اس وقت 10 بج کر 06 منٹ ہوں گے، اس سے قبلے کی سمت کا تعین بھی کیا جاسکے گا۔

    ماہر فلکیات کے مطابق 24 گھنٹے میں چاند اوسطاً 6 درجے کے حساب سے جھکتا ہے جس حساب سے سال میں چاند 12 بار اپنا چکر لگاتا ہے مگر چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر کم ہی ہوتا ہے۔

  • خانہ کعبہ میں سجدہ ریز ہوتا کبوتر دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکزبن گیا

    خانہ کعبہ میں سجدہ ریز ہوتا کبوتر دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکزبن گیا

    مکہ مکرمہ : خانہ کعبہ میں سجدہ ریز ہوتا کبوتر دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکزبن گیا اور لوگ اس کی ویڈیو بناتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق خانہ کعبہ میں ایک کبوتر سجدہ کرتے ہوئے دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

    خانہ کعبہ میں جانے کے لئے مسلمان بے چین رہتے ہیں تاکہ وہاں جا کر اپنے گناہوں کی تلافی کی جاسکے، حرم پاک میں رہنے والے پرندوں کو بھی اکثر دیکھا گیا ہے وہ خدا کی بڑائی، اس کی پاکیزگی اورعظمت کو اپنے انداز میں بیان کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کبوتر خدا کے حضور سربسجود ہے جبکہ لوگ اس کی ویڈیو بناتے رہے، اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں۔

  • عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوش خبری

    عمرہ زائرین کے لیے بڑی خوش خبری

    مکہ: زائرین کے لیے خوش خبری ہے کہ اب وہ حجر اسود کو بوسہ دے سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب خانہ کعبہ کے گرد عارضی حفاظتی رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا، یہ رکاوٹیں کرونا وبا سے حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر کھڑی کی گئی تھیں۔

    تقریباً ڈھائی سال بعد رکاوٹیں ہٹنے پر اب زائرین حجر اسود اور خانہ کعبہ کو ہاتھ لگا سکیں گے، اور بوسہ دے سکیں گے۔

    رکاوٹیں ہٹنے پر عمرہ زائرین والہانہ انداز میں بیت اللہ کی دیواروں اور حجر اسود کی طرف امڈتے چلے آئے، زائرین اب حطیم میں نوافل بھی ادا کر سکیں گے۔

    سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی نے خانہ کعبہ کے اطراف رکاوٹیں ہٹانے کی منظوری دی۔

  • حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    ریاض: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔

    شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔

    ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • خانہ کعبہ کے نئے غلاف کسوہ کی تیاری مکمل، تصاویر جاری

    خانہ کعبہ کے نئے غلاف کسوہ کی تیاری مکمل، تصاویر جاری

    ریاض : مکہ مکرمہ میں نئے غلاف کعبہ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ، 9 ذی الحج کوعرفہ کے روز غلاف کعبہ تبدیل کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں کسوہ فیکٹری کی جانب سےنئےغلاف کعبہ کی تیاری مکمل کرلی گئی ، غلاف کعبہ پورا سال ماہر کاریگروں کے ہاتھوں سے تیار کیا جاتا ہے۔

    کسوہ فیکٹری کی جانب سےغلاف کعبہ کےمختلف حصوں کی رونمائی کی گئی ، 9ذی الحج کوعرفہ کے روز پرانا غلاف تبدیل کرکے نیا غلاف کعبہ پہنایا جائے گا۔

    چند روز قبل حرمین شریفین کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نئے غلاف کعبہ کی تصاویر جاری کی تھی، غلاف کعبہ مکہ کے کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں ریشم سے تیارکیاجاتاہے سونے اور چاندی کے تاروں سے قرانی آیات کندہ کی جاتی ہیں اس کی تیاری میں استعمال کیا جانے والا ریشم اٹلی سونے اور چاندی کی تاریں جرمنی سے آتی ہیں۔

    غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو ریشم، 120 کلو سنہری دھاگہ اور سو کلو چاندی کا دھاگہ استعمال ہوتا ہے، غلاف کعبہ کے لیے ایک بار سفید، ایک بار سرخ اور ایک مرتبہ سیاہ رنگ استعمال کیا گیا، رنگوں کا انتخاب ہر دور کے مالی وسائل کے لحاظ سے کیا جاتا ہے۔

  • حج کے دوران ہر سال غلاف کعبہ کو اونچا کیوں کردیا جاتا ہے؟

    حج کے دوران ہر سال غلاف کعبہ کو اونچا کیوں کردیا جاتا ہے؟

    ریاض: حج قریب آتے ہی ہر سال کی طرح اس سال بھی غلاف کعبہ کو 3 میٹر اوپر کردیا گیا، یہ کارروائی اس لیے کی جاتی ہے تاکہ حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان نہ پہنچے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے نئے حج موسم پر غلاف کعبہ کا نچلا حصہ اوپر اٹھا دیا ہے، ہر برس کی طرح اس سال بھی یہ کارروائی مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی مکمل کی گئی۔

    مسجد الحرام کی انتظامیہ نے تقریباً 3 میٹر تک غلاف کعبہ اوپر کیا ہے جبکہ چاروں جانب سے 2 میٹر چوڑے سفید کاٹن کے کپڑے سےاٹھائے گئے غلاف کعبہ کو ڈھک دیا گیا۔

    غلاف کعبہ اٹھانے کی کارروائی میں غلاف کعبہ فیکٹری کے 50 ہنر مندوں نے حصہ لیا، یہ سب کارکن اس کام کے ماہر ہیں۔

    خیال رہے کہ غلاف کعبہ رمضان اور حج ایام میں اوپر اٹھایا جاتا ہے، غلاف کعبہ 3 میٹر تک اٹھانے کی کارروائی اس لیے کی جاتی ہے تاکہ حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان نہ پہنچے۔

    اس سال بہت کم تعداد میں حجاج ہوں گے لہٰذا اس اقدام کا بنیادی مقصد زائرین کو کرونا وائرس سے بچانا ہے، حج ایام ختم ہوتے ہی غلاف کعبہ کو سابقہ پوزیشن میں بحال کر دیا جائے گا۔

  • سورج خانہ کعبہ کے اوپر آئے گا، قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی

    سورج خانہ کعبہ کے اوپر آئے گا، قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی

    ریاض: کل بدھ کے روز 12 بج کر 26 منٹ (مقامی وقت) پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس سے دنیا بھر میں قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ 15 جولائی 24 ذی قعدہ کو سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔

    ابو زاہرہ کا کہنا ہے کہ ظہر کی اذان پر مکہ مکرمہ میں دن کے 12 بج کر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، اس وقت سورج کا سایہ ختم ہوجائے گا۔

    ان کے مطابق یہ سال رواں 2020 کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہوگا۔

    فلکیاتی انجمن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے نمودار ہونے کے وقت کرہ ارض کے محور کا میلان 23.5 ڈگری کے زاویے پر ہوگا، اس کے باعث سورج بظاہر شمال میں السرطان اور جنوب میں الجدی کے درمیان منتقل ہورہا ہوگا۔

    ابو زاہرہ نے بتایا کہ جب بھی سورج خانہ کعبہ کے اوپر آتا ہے تب مکہ مکرمہ سے دور دراز علاقوں کے باشندوں کے لیے قبلے کی سمت متعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، لیکن کب؟

    چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، لیکن کب؟

    ریاض: جدہ کی فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، اس سے قبلے کا رخ متعین کرنے میں آسانی ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں فلکیاتی علوم کی سوسائٹی نے بتایا ہے کہ 7 رمضان جمعرات 30 اپریل کو چاند خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا اور مملکت بھر میں کسی دوربین کے بغیر دیکھا جاسکے گا۔

    جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ماجد ابو زاہرہ نے اپنے فیس بک صفحے پر کہا ہے کہ چاند رات کو گیارہ بج کر 39 منٹ پر مکہ مکرمہ کے افق پر نظر آئے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ جس وقت چاند خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا اس وقت وہ 895151 ڈگری کی اونچائی پر ہوگا، چاند 47.8 فیصد روشن ہوگا اور سورج سے 3 لاکھ 87 ہزار 154 کلو میٹر کے فاصلے پر ہوگا۔

    ابو زاہرہ نے مزید کہا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کا واقعہ ستاروں اور سیاروں کی گردش سے متعلق ماہرین فلکیات کے دقیق ترین حساب کا پتہ دیتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ماہرین چاند سمیت تمام ستاروں اور سیاروں کے محل وقوع کی نشاندہی دقیق ترین شکل میں کر رہے ہیں۔

    ابو زاہرہ نے مزید کہا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کی مدد سے قبلے کا رخ آسانی سے متعین کیا جاسکتا ہے۔

    دور دراز ممالک کے باشندے اس وقت خانہ کعبہ کی طرف قبلے کا رخ ہونے یا نہ ہونے کا پتہ آسانی سے لگا سکتے ہیں، ماضی میں دنیا بھر کے لوگ اسی طرح قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔

    یاد رہے کہ ا س سال چاند خانہ کعبہ پر دوسری مرتبہ نظر آئے گا اس سے قبل 6 مارچ 2020 کو چاند اس پوزیشن پر آیا تھا۔

  • مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    مسجد الحرام میں نصب رہنما ٹچ اسکرینز کو بند کر دیا گیا

    ریاض: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام رہنما ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں نصب تمام ٹچ اسکرینز کو وقتی طور پر بند کر دیا گیا ہے، یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام میں نصب یہ رہنما اسکرینز رہنمائی اور معلومات کے لیے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر نصب ہیں۔

    سعودی عرب کے دونوں مقدس شہروں میں موجود مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے معاملات کی جنرل پریذیڈنسی اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دونوں مساجد میں آنے والے زائرین کی صحت کی حفاظت کے طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

    محکمہ کے ڈائریکٹر علی بن حمید النافعی کے مطابق انتہائی مہلک وائرس کو محدود کرنے اور زائرین کے لیے پرامن ماحول رکھنے کے لیے یہ احتیاطی تدبیر اپنائی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ نصب اسکرین پر نظر آنے والی ہدایات اور معلومات کو ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا۔

    دونوں مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے کارکنوں کے لیے فنگر پرنٹس کے ذریعے شناخت کا عمل بھی وقتی طور پر معطل کر دیا ہے۔

  • حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    حرم شریف میں مطاف کھولنے کا شاہی فرمان

    ریاض: مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کے گرد طواف کرنے والا حصہ مطاف کھولنے کے لیے شاہی فرمان جاری کردیا گیا، ایک روز قبل زائرین سے خالی مطاف کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کا کہنا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہفتے کی صبح سے عمرہ ادا نہ کرنے والوں کے لیے مطاف کھولنے کی اجازت دینے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے احتیاطی طریقہ کار اور مسجد الحرام کے کارکنوں کے ساتھ تعاون پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت شہریوں اور تارکین وطن کی سلامتی، تحفظ، آرام اور سکون کی آرزو مند ہے۔

    اس سے قبل مقامی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمرے پر عارضی پابندی برقرار رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کے طواف سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا تھا کہ شاہی ہدایت ہے کہ مطاف کو محدود پیمانے پر مرحلہ بہ مرحلہ کھول دیا جائے۔ یہ اجازت ان لوگوں کے لیے ہے جو عمرے کی غرض سے مسجد الحرام نہ آئے ہوں۔

    ڈاکٹر عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عمرے پر پابندی کا فیصلہ اسلامی اور انسانی تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف کا صحن اور صفا و مروہ کے درمیان سعی والا حصہ زائرین کو کرونا وائرس کے مہلک اثرات سے بچانے کی خاطر بند کیا گیا۔

    خیال رہے کہ جمعرات کو نماز عشا کے بعد صفائی کے لیے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ ﷺ کی مسجد نبوی بند کردی گئی تھی، تاہم خانہ کعبہ میں پہلی منزل پر طواف جاری رہا۔

    اس حوالے سے سعودی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کا مقصد مقدس مقامات میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا تھا۔

    بعد ازاں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہنگامی اقدامات کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کھول دیا گیا تاہم غیر ملکیوں سمیت سعودی شہریوں پر عمرہ کرنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔