Tag: خانہ کعبہ

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    حرم شریف کی صفائی کی حیرت انگیز ویڈیو جاری

    ریاض: مکہ مکرمہ میں حرم شریف میں ہزاروں کارکن حرم کی صفائی کے عمل میں حصہ لیتے ہیں جس کی حیرت انگیز ویڈیو جاری کردی گئی۔ حرم شریف کو روزانہ دن میں 4 بار دھویا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین کی جانب سے حرم شریف میں روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی صفائی کے بارے میں ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے صحن مطاف میں، جہاں روزانہ لاکھوں افراد طواف کعبہ کرتے ہیں کو دن میں کم سے کم 4 باردھویا جاتا ہے۔

    فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صحن مطاف اور حرم شریف کے دیگر مقامات کو دھونے اور صاف کرنے کے عمل میں 40 الیکٹریکل گاڑیاں اور 60 بجلی کے ویکیوم پمپس کے علاوہ فرش کو سکھانے کے لیے بجلی کے دسیوں آلات استعمال کیے جاتے ہیں۔

    حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے کارکن اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ وہاں ہر وقت طواف کرنے والوں کو کسی قسم کی دقت و پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔

    اس عمل میں انتہائی منظم انداز میں صحن مطاف کو دھونے کے بعد عرق گلاب اور دیگر اعلیٰ قسم کی خوشبو سے صحن کو معطر کیا جاتا ہے۔

    صفائی کے اس عمل کی باقاعدہ نگرانی کی جاتی ہے جبکہ کارکنوں کی ایک پارٹی زائرین اور صفائی کرنے والے مقام کو جدا کرنے کے لیے ڈیوائیڈر ربن لے کر کھڑے ہوتے ہیں تاکہ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مشنری سے زائرین متاثر نہ ہوں اور کام میں بھی کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو نے پائے۔

    ماہ رمضان اور حج سیزن کے دوران صفائی کے اوقات میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیونکہ رمضان میں لاکھوں افراد حرم شریف میں افطاری اور سحری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    افطاری کے وقت جبکہ اذان اور اقامت کے درمیان وقت بہت کم ہوتا ہے اس دوران افطاری کرنے کے فوری بعد انتہائی مہارت اور چابکدستی سے کارکن صفائی کی مہم انجام دیتے ہیں۔

  • خانہ خدا کے مہمانوں کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز اور نئے قالین سجادیے گئے

    خانہ خدا کے مہمانوں کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز اور نئے قالین سجادیے گئے

    ریاض: مکہ المکرمہ کی مسجد الحرام میں مہمانوں یعنی زائرین کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز رکھ دیے گئے، مسجد کے فرش کو بھی نئے قالینوں سے سجا دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کے خارجی صحنوں، دالانوں اور راہداریوں میں آب زم زم کے کولرز کی تعداد میں اضافہ کر کے 15 ہزار کر دیا ہے۔

    ان میں سے بعض ٹھنڈے آب زمزم کے کولرز ہیں جبکہ دیگر سادہ آب زم زم کے ہیں۔

    زم زم کولرز میں یہ اضافہ ان دنوں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات کے باعث لاکھوں سعودی شہری، یہاں مقیم غیر ملکی اور خلیجی باشندے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے رہے ہیں۔

    مسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت زم زم سبیل کے ادارے کے ڈائریکٹر مشاری المسعودی نے بتایا کہ ہمارے ادارے نے اسٹیل اور سنگ مرمر والی آب زم زم کی سبیلیں بھی شروع کردی ہیں جبکہ حرم شریف میں اہم مقامات پر بھی آب زم زم کے کولرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

    دوسری جانب مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کے دالانوں اور خارجی صحنوں میں پرانے قالین ہٹا کر نئے قالین بھی بچھوا دیے ہیں۔ انتظامیہ سال کے ان ایام میں قالین تبدیل کرنے کا اہتمام کرتی ہے۔

    مسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت زائرین کی خدمات پر مامور ادارے نایف الجحدلی نے بتایا کہ 1 لاکھ 25 ہزار قالین تبدیل کیے گئے ہیں۔ اس تبدیلی نے زائرین پر خوشگوار تاثر چھوڑا ہے۔

  • احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    احسن خان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    کراچی: معروف اداکار احسن خان نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ عمرے کی سعادت حاصل کرلی، اس موقع پر انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ پاکستان کے لیے بھی دعائیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق احسن خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے مداحوں کو عمرہ کرنے کی اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے نئے سال کا آغاز درست راستے سے کرنا چاہتے ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ اور ان کی اہلیہ مسجد نبوی ﷺ کے دروازے کے سامنے کھڑے ہیں۔ احسن خان نے لکھا کہ شکریہ میرے رب آپ نے اس ناچیز کو یہ سلام پیش کرنے کا موقع دیا۔

    ایک اور تصویر کے ساتھ، جس کے پس منظر میں خانہ کعبہ موجود ہے، انہوں نے لکھا کہ انہوں نے اپنے ملک، اپنے مداحوں اور دوستوں و خاندان کے لیے بے شمار دعائیں کی۔

    خیال رہے کہ احسن خان کے علاوہ ہمایوں سعید اور مہوش حیات نے بھی عمرے کی بابرکت سعادت کے ساتھ اپنے نئے سال کا آغاز کیا تھا۔

  • سعودی عرب میں‌ ایک ہفتے تک تیز بارشوں‌ کا امکان

    سعودی عرب میں‌ ایک ہفتے تک تیز بارشوں‌ کا امکان

    ریاض: سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے آئندہ دو ہفتوں تک سارے ملک میں موسلا دھار اور طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز بھی سعودی عرب کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، سعودی گیزیٹ نے حرم کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز بارش ہورہی ہے۔

    حالیہ بارشوں کے بعد گرمی کی شدت میں معمولی کمی آئی جبکہ محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی کہ آئندہ دو ہفتوں تک مسلسل بارش ہوگی۔

    میٹ آفیسر الاحمدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ جمعے سے سعودی عرب میں خزان کا موسم شروع ہوگیا، جس کے بعد سے بارش کا سسٹم بنا اور یہ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مملکت کے مختلف شہروں میں برستا رہے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں تیز بارش ہوگی جبکہ مدینہ میں بھی طوفانی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے، حالیہ سسٹم کے بعد سے گرمی کی شدت کم ہونا شروع ہوگی‘۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم عمان اور یمن میں بھی داخل ہوگا۔

  • مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب

    ریاض: مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں دو مرتبہ ہوتی ہے، ایک بار 15 شعبان اور دوسری بار 15 محرم کو غسل دیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں غسل کعبہ کی روح پرور تقریب ہوئی۔ تقریب میں خانہ کعبہ کو ہزاروں من آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ غسل کعبہ گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نےخادم حرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں انجام دیا۔

    غسل کعبہ کی رسم میں نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان، مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمان السدیس، سعودی عرب میں متعین مسلم سفارتکار، ممتازعلما، وزرا اور کلید برداران کعبہ بھی شریک ہوئے۔

    خانہ کعبہ کو غسل دینے کی تقریب سال میں 2 مرتبہ ہوتی ہے۔ پہلی مرتبہ ماہ رمضان سے قبل اور دوسری مرتبہ نئے ہجری سال کے آغاز یعنی محرم میں خانہ کعبہ کو غسل دیا جاتا ہے۔

    غسل کعبہ کو حضور اکرم ﷺ کی سنت کے طور پر ہر سال دہرایا جاتا ہے، جب 8 ہجری میں فتح مکہ کے روز رسول اللہ نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا تاکہ ان سے بیت اللہ کی چابی لی جائے۔

    اس کے بعد اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیت اللہ کو کھولا اور اس میں داخل ہو کر اندر موجود تمام بتوں کو توڑ ڈالا اور خانہ کعبہ کو آب زم زم سے دھویا۔ اس کے بعد 2 رکعت نماز پڑھی۔

    غسل کعبہ حضور اکرم ﷺ کی اسی سنت کے طور پر انجام دیا جاتا ہے۔

  • تمام سائے بیت اللہ کے حضور سجدہ ریز

    تمام سائے بیت اللہ کے حضور سجدہ ریز

    مکہ مکرمہ: سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا، اس وقت کعبہ اور مسجد الحرام میں تمام چیزوں کا سایہ نہیں رہا، دنیا بھرکے مسلمان قبلے کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قبلے کی سمت درست کرنے کاوقت آگیا، دوبجکر اٹھارہ منٹ سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا، اس لمحے خانہِ کعبہ اورمسجد الحرام میں موجود تمام چیزوں کا سایہ ختم ہوگیا اوردنیا بھرمیں سایوں کا رخ بیت اللہ شریف کی جانب ہوگیا۔

    یہی وہ وقت ہے جب مکہ مکرمہ سے باہردنیا بھرکے مسلمان اس موقع پر قبلہ کی درست سمت کا تعین کرسکتے ہیں۔

    درست سمت کے تعین کے لئے مقررہ وقت پر زمین پر ایک چھڑی عمودی گاڑ دیں یا کسی عمارت کے کونے کا انتخاب کریں جیسے ہی یہ وقت آئے ، چھڑی کے سائے پر خط کھینچ دیں اور اس کو الٹ سائیڈ پر طویل کردیں، سائے کی برعکس سائیڈ پر خط کا رخ قبلہ کی جانب ہوگا۔

    دوبارہ سورج سولہ جولائی کو بیت اللہ کے اوپر سے گزرے گا۔

    خیال رہے کہ ہر سال ماہرین فلکیات کی جانب سے قبلہ رخ کا صحیح سمت میں تعین کرنے کے لیے ایک تاریخ مقرر کی جاتی ہے، جب سورج عین اُس وقت بیت اللہ شریف کے اوپر ہوتا ہے۔

    واضح رہے خانہ کعبہ زمین کے عین مرکز میں واقع ہے، اسی لئے جب سورج اپنی گردش مکمل کرتے ہوئے خانہ کعبہ کے اوپر پہنچتا ہے تواس کا سایہ نہیں ہوتا، ایسی صورت حال سال میں 2 مرتبہ ہوتی ہے۔

  • فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    جدہ: قومی کرکٹ ٹیم کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فاسٹ بولر محمد عرفان نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے بعد تصویر شیئر کی ہے۔

    محمد عرفان نے نعت کے چند جملے تحریر کیے، ’میں اپنے نبی کے کوچے میں، چلتا ہی گیا، چلتا ہی گیا۔‘

    فاسٹ بولر نے مزید لکھا کہ ’آپ سب کو رمضان مبارک، اللہ پاک آپ سب کے ساتھ محبت اور آسانی کا معاملہ رکھے، آمین۔‘

    محمد عرفان کے مداحوں کی جانب سے انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی گئی اور مداحوں نے کہا کہ ہمیں بھی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں آج پہلی نماز تراویح ادا کی جائے گی اور سعودی شہری کل پہلا روزہ رکھیں گے۔

  • وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی اور بیت اللہ میں عمرہ ادائیگی کی تصاویر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ سعودی عرب کی تصاویر منٖظر عام پر آگئی، وزیر اعظم کے خصوصی مشیرو سابق انفارمیشن سیکرٹری نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی، جس میں وزیر اعظم عمران خان خانہ کعبہ کے اندر نماز ادا کر رہے ہیں ۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کی ، جس میں وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کررہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا  میں خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے ہمیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کا موقع فراہم کیا اور ہم نے باب توبہ کے نوافل ادا کیے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    بعد ازاں وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔