Tag: خانیوال

  • خانیوال تھانہ بارہ میل کی حدود سے اغوا خواتین بازیاب نہ ہو سکیں

    خانیوال تھانہ بارہ میل کی حدود سے اغوا خواتین بازیاب نہ ہو سکیں

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال کے ایک علاقے میں کئی ماہ سے اغوا شدہ 2 خواتین کا کوئی اتا پتا نہ چل سکا، پولیس بھی مغوی خواتین کو بازیاب نہ کرا سکی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خانیوال کے علاقے تھانہ بارہ میل کی حدود سے اغوا دو خواتین تاحال بازیاب نہ کی جا سکیں، دونوں خواتین کے ورثا نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اعلیٰ پولیس حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کر دی ہے۔

    مغوی خواتین کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او دفتر اور تھانوں کے چکر لگا کر وہ تھک چکے ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، تھانہ بارہ میل پولیس نے نامزد ملزمان کو بھی حراست میں لے کر چھوڑ دیا ہے۔ جس پر اہل خانہ نے ڈی پی او آفس پر احتجاج کیا اور وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ایک مغویہ کے بھائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب وہ تھانے جاتے ہیں تو ایس ایچ او ان کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے، خدشہ ہے اغوا کاروں نے بہن کو فروخت کر دیا ہے، اور پولیس اس پر کچھ نہیں کر رہی۔

    لواحقین نے آئی جی سے اپیل کی ہے کہ تھانہ بارہ میل میں مہینوں سے اغوا دو خواتین کو بازیاب کرایا جائے۔

  • خانیوال: ٹریکٹر ٹرالی کی رکشے کو ٹکر، 4 بچے جاں بحق

    خانیوال: ٹریکٹر ٹرالی کی رکشے کو ٹکر، 4 بچے جاں بحق

    خانیوال: صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں ٹریکٹر ٹرالی اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے خانیوال کے علاقے نانک پور میں افسوس ناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتر ٹریکٹر ٹرالی نے رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق بچوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔

    لورالائی: ٹرک اور کار میں ٹکر،5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 15 اگست کو صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں ٹرک اور کار میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

  • نابینا شخص انوکھی شکایت لیکر ڈی پی او کے پاس پہنچ گیا

    نابینا شخص انوکھی شکایت لیکر ڈی پی او کے پاس پہنچ گیا

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال میں ایک نابینا شخص ڈی پی او کے پاس انوکھی شکایت لے کر پہنچ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خانیوال میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر علی وسیم کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سن کر ان کا بروقت ازالہ ممکن بنا رہے تھے کہ اسی دوران محمد حسین نامی نابینا شخص ان کے پاس پہنچ گیا اور اپنی انوکھی خواہش بیان کردی۔

    محمد حسین نے ڈی پی او علی وسیم سے گرم موسم کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے گھر میں پنکھا نہیں ہے اور گرمی ان سے برداشت ہوتی نہیں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی پی او نے ان کی شکایت پر فوری ازالہ کرتے ہوئے نابینا شخص کو نیا پنکھنا منگوا کر دے دیا۔

    ڈی پی او محمد حسین کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ کھلی کچہری میں موجود شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ نابینا شخص کو پنکھا دلا کر کوئی بڑا کام نہیں کیا یہ ہمارا فرض ہے۔

    دوسری جانب نابینا شخص بھی پنکھا پا کر خوش ہوگیا اور ڈی پی او کا شکریہ ادا کیا۔

  • خانیوال: بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    خانیوال: بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق، 30 زخمی

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال میں پل رانگو کے قریب ایک مسافر بس الٹ گئی، جس سے 9 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خانیوال کے ٹاؤن کبیر والا میں افسوس ناک حادثہ پیش آ گیا، پل رانگو کے قریب موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے ایک مسافر بس الٹ گی جس میں 6 افراد موقع پر جاں بحق جب کہ 30 شدید زخمی ہو گئے تھے، بعد ازاں 3 زخمی نشتر اسپتال ملتان میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

    مسافر بس لاہور سے ملتان آ رہی تھی، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے مسافر بس پل رانگو سے نیچے جا گری، حادثے میں زخمی ہونے والے متعدد مسافروں کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی ہے۔

    جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں بدستور جاری ہیں، ریسکیو ٹیموں نے پھنسے ہوئے مسافروں کو بڑی مشکل سے نکال کر قریبی اسپتال پہنچایا، جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    خانیوال: موٹروے پر بس اور ٹریلرمیں تصادم، 3 افراد جاں بحق

    گزشتہ برس نومبر میں خانیوال میں بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہوئے تھے، یہ حادثہ موٹر وے پر پیش آیا تھا، اس سے قبل اگست میں بھی خانیوال میں موٹر وے ایم 4 پر کار اور ٹرک میں ٹکر کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • مخدوم پور: گھر میں سلنڈر پھٹنے سے 15 افراد جھلس گئے

    مخدوم پور: گھر میں سلنڈر پھٹنے سے 15 افراد جھلس گئے

    مخدوم پور: پنجاب کے ضلع خانیوال کے قصبے مخدوم پور میں چک نمبر 10 میں گھر میں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مخدوم پور کے ایک گھر میں آج صبح سلنڈر پھٹنے سے 15 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی، فائر فائٹرز نے گھر میں لگنے والی آگ کو فوری طور پر بجھایا۔ سلنڈر پھٹنے کا واقعہ ایک ایسے گھر میں پیش آیا جو مٹی کا بنا تھا، سلنڈر دھماکے سے گھر منہدم ہونے سے بچ گیا۔

    یاد رہے کہ 8 فروری کو خیبر پختون خوا کے شہر کرک کے نواحی علاقے خڑے میں بھی گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا تھا، جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے تھے، ملبے تلے آ کر زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آئے روز گیس لیکیج سے دھماکوں کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں اور متعدد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں بھی خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

  • خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا

    خانیوال: پنجاب کے شہر خانیوال اور اس کے مضافات میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خانیوال میں گردوں کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ہے، دوسری طرف ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں کے ڈائلیسز یونٹ میں ادویات کا فقدان ہو گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈائلیسز کے لیے مریضوں کے اہل خانہ مہنگی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں، جس پر مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    میاں چنوں کے ٹی ایچ کیو اسپتال میں 400 مریض ڈائلیسز کے لیے اپنی باری کے منتظر ہیں، ڈیڑھ ماہ قبل سیکریٹری ہیلتھ نے 10 ڈائلیسز مشینوں کا اعلان بھی کیا تھا تاہم اعلان کے باوجود تا حال مشینیں مہیا نہیں کی گئیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں خانیوال کے ڈسٹرکٹ اسپتال کو پنجاب حکومت کی جانب سے ڈائلیسز مشین فراہم کی گئی تھی۔ جب کہ رواں برس جنوری میں ڈونر کی جانب سے ٹی ایچ کیو اسپتال میاں چنوں اور ڈی ایچ کیو اسپتال کو متعدد ڈائلیسز مشینیں فراہم کی گئی تھیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق خانیوال میں جہانیاں کے سرکاری اسپتالوں میں بھی ادویات کا شدید فقدان ہے۔

  • خانہ بدوش شوہر نے بیوی کا سر مونڈ دیا، ملزم گرفتار

    خانہ بدوش شوہر نے بیوی کا سر مونڈ دیا، ملزم گرفتار

    کبیروالا: پنجاب کے ضلع خانیوال کے شہر کبیروالا میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا، خانہ بدوش شوہر نے بیوی کے سر کے بال کاٹ کر اسے گنجی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کبیر والا میں خانہ بدوش گل شیر نے بیوی پر تشدد کر کے اس کے سر کے بال کاٹ دیے، گل شیر نے اپنی بیوی زبیدہ کو شک کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

    سٹی کبیر والا پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کر لیا، شوہر کے تشدد سے خاتون کے چہرے، بازو اور کمر پر زخم آئے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ شوہر نے اسے مارا پیٹا اور قینچی سے سر کے بال کاٹ دیے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خانہ بدوش گل شیر نے دوسری شادی کی ہے، گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اس نے بیوی پر تشدد کیا اور اس کا سر مونڈ دیا۔ ملزم کو موقع ہی پر گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ نیو سبزی منڈی میں واقع جھگیوں میں اپنے گھر میں موجود تھی کہ شوہر نے آکر تشدد کیا، اس نے دوسری شادی کر رکھی ہے اور اب مجھ پر شک کرتا ہے کہ دیور کے ساتھ میرے ناجائز تعلقات ہیں، تشدد کے دوران میرے شور مچانے پر مجھے شوہر کے چنگل سے رشتے دار نے آکر بچایا۔

  • دوران آپریشن مریضہ انتقال کرگئی، ڈاکٹر عملے سمیت فرار

    دوران آپریشن مریضہ انتقال کرگئی، ڈاکٹر عملے سمیت فرار

    خانیوال: صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال کے آئی کلینک میں دوران آپریشن مریضہ انتقال کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق خانیوال کے آئی کلینک میں دوران آپریشن 13 سالہ آسیہ انتقال کرگئی جبکہ ڈاکٹر عملے سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مریضہ کی موت بے ہوشی کی دوا کی غلط مقدار میں دینے سے ہوئی۔

    جاں بحق لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی کو آنکھ کا آپریشن کروانے کے لیے ظفراقبال آئی کلینک پر لایا تھا، دوران آپریشن آسیہ کی موت واقع ہوئی۔

    مزید پڑھیں: ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک ماہ کا بچہ جاں بحق

    مقتولہ آسیہ کے والد کا کہنا تھا کہ کلینک والوں نے آپریشن کے کاغذات بھی چھین لیے ہیں، آسیہ کے ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹر اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ کے شہر جیکب آباد کے نجی میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک ماہ کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا، بچے کو سینے میں تکلیف پر میڈیکل سینٹر لایا گیا تھا۔

    بچے کے والد غلام مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے بچے کو 2 انجیکشن لگائے جس سے حالت بگڑ گئی، گھر لے جاتے ہوئے راستے میں بچہ دم توڑ گیا۔

  • قاتلوں کی 3 افراد قتل کرنے کے بعد مزید 8 قتل کرنے کی کھلی دھمکی

    قاتلوں کی 3 افراد قتل کرنے کے بعد مزید 8 قتل کرنے کی کھلی دھمکی

    خانیوال: پنجاب کے ضلع خانیوال کے ایک نواحی گاؤں میں قاتلوں نے قانون سے بے خوف ہو کر 3 افراد قتل کرنے کے بعد مزید 8 قتل کرنے کی کھلی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق خانیوال کے نواحی علاقہ 79/10R کے قریب تہرے قتل کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کر کے تین افراد کو قتل کر دیا، جب کہ فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولیں ملتان عدالت سے پیشی بھگت کر گھر جا رہے تھے، کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، مرنے والوں کی شناخت بخت علی شاہ، مراتب علی شاہ اور فخر علی شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق قاتل اور مقتولین رشتہ دار ہیں، واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

    تین افراد کے قتل کے بعد مخالفین نے ویڈیو پیغام میں مزید قتل کی دھمکیاں بھی دیں، قاتلوں کا کہنا تھا کہ مقتول خاندان کے مزید 8 افراد کو قتل کر دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  خانیوال: موٹروے پر بس اور ٹریلرمیں تصادم، 3 افراد جاں بحق

    واقعے کے بعد ایس ایچ او کچا کھوہ اور ڈی پی او خانیوال جائے وقوعہ پر پہنچے، نعشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے کچاکھوہ منتقل کر دیا گیا جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے ناکہ بندی کروا دی گئی۔ ریسکیو 1122 نے زخمی شخص تقی شاہ کو ڈسٹرکٹ اسپتال خانیوال منتقل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کچاکھوہ کے نواحی گاؤں 38/10R کے جلال خیل برادری کی آپس میں عرصہ دراز دشمنی چلی آرہی تھی۔

  • کبیروالا میں ایک سال قبل اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون کو زندہ جلا دیا گیا

    کبیروالا میں ایک سال قبل اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون کو زندہ جلا دیا گیا

    کبیروالا: پنجاب کے ضلع خانیوال کے علاقے کبیر والا سے ایک سال قبل اغوا ہونے والی خاتون کو زندہ جلا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خانیوال میں کبیروالا کے علاقے گوپال پور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی شادی شدہ خاتون حمیرا کو احمد پور سیال میں زندہ جلا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شادی شدہ خاتون حمیرا کو ایک سال قبل پنجاب کے ضلع خانیوال میں کبیر والا کے علاقے گوپال پور سے اغوا کیا گیا تھا، گزشتہ روز خاتون کو ضلع جھنگ کے علاقے احمد پور سیال میں اغواکاروں نے پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حمیرا نامی خاتون کے اغوا اور زندہ جلائے جانے کے واقعے کا مقدمہ مبینہ اغوا کاروں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اوکاڑہ: 70 سالہ خاتون پر بہیمانہ تشدد، ملزمان ویڈیو بھی بناتے رہے

    اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے حمیرا بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گئی تھی جس کے بعد حمیرا بی بی کو دفنایا جا رہا تھا تاہم پولیس احمد پور سیال نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے تدفین رکوا دی۔

    یاد رہے گزشتہ روز صوبہ پنجاب کے شہر ضلع اوکاڑہ کے ایک نواحی گاؤں میں 70 سال کی خاتون، ان کی بیٹی اور پوتے پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی، شقی القلب ملزمان کو معمر خاتون پر بھی بہیمانہ تشدد سے کوئی چیز نہ روک سکی، بد بخت ملزمان تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔