Tag: خان پور

  • اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم جلنے کا افسوسناک واقعہ

    اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم جلنے کا افسوسناک واقعہ

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کے شہر خان پور میں ایک اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم کے جلنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے علاقے نیل گڑھ کے خورشید آباد گرلز پرائمری اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے ایک کم سن طالب علم جل کر زخمی ہو گیا ہے۔

    واقعے کے فوراً بعد 5 سالہ طالب علم عبدالہادی کو طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ نرسری کلاس میں پڑھنے والے عبدالہادی یا ہاتھ کچرے کی ڈھیری اٹھاتے ہوئے جھلس گیا تھا۔

    بچے کے والد نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے ٹیچرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کچرے میں آگ لگنے پر ٹیچرز نے بچوں کو ڈھیریاں اٹھا کر باہر پھینکنے کا کہا تھا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، اور انسپکشن ٹیم کو 24 گھنٹوں میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • دن دیہاڑے اسکول جاتے بچوں کو اغواء کرنے والے  4 ملزمان  کا عبرتناک انجام

    دن دیہاڑے اسکول جاتے بچوں کو اغواء کرنے والے 4 ملزمان کا عبرتناک انجام

    صادق آباد : پولیس مقابلے میں خان پور سے اسکول جاتے ہوئے دو بچوں کو اغوا کرنے میں ملوث چار ملزمان ہلاک اور دو فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صادق آباد میں تھانہ احمد پور لمہ اور تھانہ کوٹسبزل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خانپور سے دن دیہاڑے معصوم بچوں کو اغواء کرنے والے چار ملزمان کو ہلاک کردیا جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ہلاک ملزمان پنجاب سندھ فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے ناکے پر روکنے کی کوشش کی ، پولیس کے روکنے پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

    پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4 ملزمان ہلاک ہو گئے 2 فرار ہوگئے ، ہلاک ملزمان کی شناخت عثمان،حسیب، جیند، اور راحیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور زیر استعمال گاڑی اور لاشوں کو تحویل میں لا لیا اور کر فرار ملزمان کی تلاش میں آپریشن جاری ہے۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے خان پور میں سٹی کی حدود ماڈل ٹاون سے ڈرائیور کے ساتھ اسکول جانے والے سابق ایم ایس ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانپور ڈاکٹر حسن محمود اور لیڈی ڈاکٹر ذونازش کے بیٹوں 11سالہ شایان اور 7سالہ سبحان کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

    بعد ازاں پولیس نے رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کو بہاولپور بازیاب کرایا تھا۔

  • گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے بچے بہاولپور سے بازیاب

    گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے بچے بہاولپور سے بازیاب

    خان پور : گزشتہ روز اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے دو نوں بچوں کو بہاولپورسے بازیاب کرالیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں اسکول جاتے ہوئے اغوا ہونے والے دونوں بچوں کو بازیاب کرالیا گیا، بچوں کو بہاولپور سے بازیاب کرایا گیا۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے بچوں کو بہاولپورسے لیکرپولیس روانہ ہوگئی ہے جبکہ بچوں کے والد ڈاکٹرحسن محمود نے بتایا کہ پولیس ٹیم نےمیری فیملی سے بچوں کی ویڈیوکال پربات کرائی ہے۔

    گذشتہ روز خان پور میں سٹی کی حدود ماڈل ٹاون سے ڈرائیور کے ساتھ اسکول جانے والے سابق ایم ایس ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانپور ڈاکٹر حسن محمود اور لیڈی ڈاکٹر ذونازش کے بیٹوں 11سالہ شایان اور 7سالہ سبحان کو اغوا کرلیا گیا تھا۔

    بچوں کی دادی کی سوشل میڈیا پر ڈاکوؤں سے التجا کی تھی کہ دونوں بچے بیمار ہیں، رمضان کا واسطہ انہیں گھر پر چھوڑجائیں، اغواکاروں سےاپیل کرتی ہوں ان پرسلامتی بھیجتی ہوں،بچوں کوچھوڑ دیں۔

    بعد ازاں ڈاکٹرز کمیٹی نے انتظامیہ کو چند گھنٹوں کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ بچے بازیاب نہ ہوئے تو تمام سرکاری وغیر سرکاری ہسپتالوں میں کام بند کردیں گے۔

  • دن دیہاڑے اسکول جاتے ہوئے 2 بچوں کو اغوا کرلیا گیا

    دن دیہاڑے اسکول جاتے ہوئے 2 بچوں کو اغوا کرلیا گیا

    خان پور: دن دیہاڑے اسکول جاتے ہوئے دو بچوں کو اغوا کرلیا گیا ، دونوں بچے سابق ایم ایس ٹی ایچ کیواسپتال خان پور ڈاکٹر حسن محمود کے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کی تحصیل میں خان پور میں نامعلوم اغوا کاروں نے اسلحہ کے زور پر سرعام دو بچوں کواغوا کرلیا، دونوں بچے گاڑی میں ڈرائیور کے ساتھ اسکول جارہے تھے۔

    واقعہ تھانہ سٹی کی حدود چغتائی ہوٹل کے قریب ماڈل ٹاؤن بی روڈ پر پیش آیا، جہاں پر اسکول چھوڑنے جانے والی گاڑی کو 3 نامعلوم مسلح اغوا کاروں نے زبردستی روکا اور 11 سالہ شایان اور 7 سالہ سبحان کو اغوا کر کے اپنی گاڑی میں ڈال کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی بچے ڈاکٹر حسن محمود سابق ایم ایس ہیں اور ان کی اہلیہ بھی ڈاکٹر ہیں۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے ، جس میں اغوا کاروں کی گاڑی کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔

    واقعہ کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سٹی اور صدر موقع پر پہنچے اور نامعلوم اغوا کاروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    ڈی پی او رحیم یارخان رضوان عمر گوندل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی ہر صورت گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایات کردی۔

    ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ سٹی سرکل بھرکی ناکہ بندی کردی،ملزمان کی تلاش جاری ہے، شک کی بنیاد پرڈرائیورکوگرفتارکرکےتفتیش کی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او رحیم یارخان نے کہا کہ خان پورمیں پہلی دفعہ اس طرح کا سانحہ ہوا ہے ، پولیس کی ٹیمیں تحقیقات کررہی ہیں ہیں ، جلد بچوں کو بازیاب کرا کر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

  • خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    صوبہ پنجاب کے شہر خان پور میں 3 فٹ کا فقیر حسین اپنے ہی جیسے جیون ساتھی کے ساتھ نہایت خوش و خرم زندگی بسر کر رہا ہے، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے رہائشی فقیر حسین کا قد 3 فٹ ہے تاہم اسے اپنے قد کا کوئی احساس محرومی نہیں۔

    سنہ 2015 میں اسے اپنے ہی جیسا جیون ساتھی بھی مل گیا جس کے بعد اب یہ جوڑا خوش و خرم زندگی گزار رہا ہے۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    فقیر حسین سبزیوں کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس سے اپنی زندگی کی گاڑی چلاتا ہے۔

    کم مالی وسائل، مہنگائی اور مشکل زندگی کے باوجود دونوں ایک دوسرے کی خدمت، پیار اور توجہ سے سادہ اور بھرپور زندگی گزار رہے ہیں۔

  • موت سے لڑتا ہوا نایاب نسل کا الو شہری کے گھر میں آ گرا

    موت سے لڑتا ہوا نایاب نسل کا الو شہری کے گھر میں آ گرا

    خان پور: پنجاب کی تحصیل رحیم یار خان کے شہر خان پور میں ایک نایاب نسل کا الو موت سے لڑتا ہوا ایک شہری کے گھر میں آ گرا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع بہالپور کی تحصیل رحیم یار خان کے شہر خان پور میں نایاب نسل کا ایک الو بھوک اور پیاس سے نڈھال ہو کر شہری کے گھر میں ڈھیر ہو گیا۔

    مذکورہ الو کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ بھوک اور پیاس کا شکار تھا، یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ الو نے بھوک اور پیاس کی حالت میں کتنا فاصلہ طے کیا تھا، اپنی موت سے لڑتا ہوا آخر کار بے دم ہو کر گر پڑا۔

    مشرق میں بے وقوف اور مغرب میں عقل مند سمجھے جانے والے اس شکاری پرندے کی خوش قسمتی تھی کہ وہ پاکستان چوک کے رہایشی سراج پتافی کے گھر میں گرا، سراج پتافی نے الو پکڑ کر اس کی ہر طرح سے دیکھ بھال کی۔

    شہری سراج پتافی کا کہنا تھا کہ وہ نایاب نسل کے اس الو کو وائلڈ لائف محکمے کے حوالے کر دیں گے۔

    خیال رہے کہ یہ واقعہ چند دن قبل رحیم یار خان میں پیش آیا تھا، محکمہ جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ نایاب نسل کا الو پاکستان میں نہیں پایا جاتا۔ الو کو وائلڈ لائف پارک رحیم یار خان میں رکھا جائے گا۔

  • ’نابینا ہوں، بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر انصاف مانگنے تھانے جاتا ہوں‘

    ’نابینا ہوں، بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر انصاف مانگنے تھانے جاتا ہوں‘

    خان پور: چک 110 این پی میں نابینا شخص کے پلاٹ پر بااثر افراد نے مبینہ طور پر قبضہ جما لیا ہے، بے بس شخص کا کہنا ہے کہ ’میں نابینا ہوں، بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر تھانے انصاف مانگنے جاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں با اثر افراد نے ایک نابینا شخص کی زمین ہتھیا لی ہے، غلام مصطفیٰ نے درد بھری فریاد کی ہے کہ وہ نابینا ہیں اور روز بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر تھانے کا چکر لگاتے ہیں تاکہ انصاف ملے۔

    غلام مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ پولیس کو درخواست بھی دی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق نابینا شخص خان پور کے چک 110 این پی کے رہایشی ہیں، اپنے 8 سالہ بیٹے کے ہم راہ دربدر انصاف کے لیے بھٹک رہے ہیں۔

    نابینا شخص نے بتایا کہ پلاٹ پر قبضہ کرنے والے خان پور کے با اثر ملزمان ہیں، پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے، آنکھوں سے معذور ہوں، بیٹے کا ہاتھ پکڑ کر تھانے انصاف مانگنے جاتا ہوں، ارباب اختیار نوٹس لے کر انصاف مہیا کریں۔

    یاد رہے کہ خان پور ہی میں رواں سال کے مہینے جنوری میں بھی ایک اور نابینا شخص حافظ عبد الطیف کی 26 مرلے زرعی اراضی پر بااثر افراد نے مبینہ طور پر قبضہ کر لیا تھا، جو علاقے کے پٹواری کی ملی بھگت کے باعث انصاف سے محروم رہا۔

  • خان پور: 5 اوباش نوجوانوں کی 13 سالہ یتیم لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    خان پور: 5 اوباش نوجوانوں کی 13 سالہ یتیم لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں 5 اوباش نوجوانوں نے 13 سالہ یتیم لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا لیا، متاثرہ لڑکی انصاف کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیاض بلوچ نے رپورٹ دی ہے کہ یتیم لڑکی مبینہ اجتماعی زیادتی کا شکار بننے کے بعد انصاف کی منتظر ہے۔

    متاثرہ لڑکی خان پور کے علاقے بستی دھکڑاں غریب آباد کی رہایشی ہے، چھٹی کلاس کی طالبہ 13 سالہ یتیم لڑکی زارا سعید اسکول سے واپسی پر اپنا ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد گھر کے کام کاج میں بھی اپنی بیوہ ماں کا ہاتھ بٹاتی تھی۔

    علاقے کے رہایشی 5 افراد نے یتیم بچی زارا کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے بعد غریب فیملی کی ہنستی مسکراتی زندگی میں طوفان برپا ہو گیا۔

    تازہ ترین:  سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    متاثرہ خاندان نے انصاف کے حصول کے لیے مقامی پولیس سے رابطہ کیا تو با اثر ملزمان نے گینگ ریپ کے مقدمے کو اغوا کی کوشش کے مقدمے میں تبدیل کروا دیا جس کے باعث یتیم بچی کو انصاف ملتا نظر نہیں آ رہا۔

    اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی یتیم بیٹی کی بیوہ ماں نے حکمرانوں سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے پنو عاقل میں بھی ایک مسجد کے پیش امام نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے، آج اس افسوس ناک واقعے کی تصدیق بھی ہو گئی۔

  • راجن پور: بستی بسم اللہ میں سوتیلے باپ کی کمسن بیٹی سے زبردستی شادی

    راجن پور: بستی بسم اللہ میں سوتیلے باپ کی کمسن بیٹی سے زبردستی شادی

    راجن پور: پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے بستی بسم اللہ میں بد بخت سوتیلے باپ نے کم سن بیٹی سے زبردستی شادی کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق راجن پور میں سوتیلے باپ نے کم سن بیٹی سے زبردستی شادی کر لی، سوتلی بیٹی حنا تحفظ کے لیے تھانہ سٹی پہنچ گئی، پولیس نے سوتیلے باپ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حنا کی ماں نے اشرف سے دوسری شادی کی تھی، سوتیلی بیٹی سے شادی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    پاکپتن میں نوسرباز خواتین

    ادھر پنجاب کے ضلع پاکپتن کے علاقے صرافہ بازار میں نوسرباز خواتین نے بچے کے ہم راہ واردات میں جیولری شاپ سے زیورات کا ڈبا اڑا لیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی، ویڈیو میں نوسرباز خواتین کے ساتھ موجود بچہ زیور کا ڈبا چراتے دکھائی دیتا ہے، واردات کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس نے نوسرباز خواتین کے گروہ کی تلاش شروع کر دی۔

    خان پور میں عجیب واردات

    ضلع رحیم یار خان کے شہر خان پور کے نواحی علاقے میں ایک جنرل اسٹور پر 10 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی عجیب واردات کی گئی ہے، 3 ڈاکوؤں نے گارڈ کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر اسلحہ چھینا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خان پور میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ بھی کی جس سے سیکورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    شیخوپورہ

    پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے مریدکے پرانا نارنگ میں جھگڑے پر فائرنگ میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کر کے ملزم فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    باغبان پورہ

    ادھر لاہور میں باغبان پورہ کے علاقے سلامت پورہ میں گھر سے ایک شخص کی لاش ملی ہے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ 70 سالہ شخص گھر میں اکیلا رہتا تھا جس کی شناخت اعظم کے نام سے ہوئی ہے۔

    فیصل آباد کے شہر جڑانوالہ کے نواحی علاقے میں دیوار گر گئی، ریسکیو ذرایع کے مطابق دیوار گرنے سے 8 سال کا بچہ جاں بحق ہو گیا ہے۔

    لاہور میں پولیس نے مختلف علاقوں میں ون ویلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 31 ملزمان گرفتار کر لیے، جن کے خلاف 21 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

  • خان پور: با اثر افراد کا زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد، گھر کو آگ لگا دی

    خان پور: با اثر افراد کا زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد، گھر کو آگ لگا دی

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں با اثر افراد نے زمین کے تنازعے پر بیوہ خواتین پر تشدد کر کے گھر کو آگ لگا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق خان پور میں با اثر افراد نے مبینہ طور پر دو بیوہ خواتین پر تشدد کیا، جس کے باعث ایک خاتون کے کپڑے پھٹ گئے اور وہ نیم برہنہ ہو گئی۔

    با اثر افراد کے تشدد سے بیوہ خاتون کا ایک بازو  ٹوٹ گیا، انھوں نے گھر کو آگ بھی لگا دی۔

    یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود موضع پیر بخش کورائی بستی جمعہ میں پیش آیا، جہاں با اثر افراد موج علی، اجمل، وقاص وغیرہ نے بیوہ خواتین نسرین بی بی اور صغراں بی بی کے گھر پر حملہ کیا اور انھیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔

    با اثر افراد کی بیوہ خواتین پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی ہے، متاثرہ بیوہ نسرین بی بی نے کہا کہ 15 پر کال کرنے کے با وجود پولیس مدد کے لیے نہیں آئی، تھانے اطلاع دینے بھائی گیا تو پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان نے سندھ سے 2 ہندو لڑکیوں کے اغوا کا نوٹس لے لیا

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر ملزمان کو تشدد کرتے اور گھر کو آگ لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دونوں بیوہ خواتین جو کہ آپس میں ماں بیٹی ہیں، کا کہنا تھا کہ ہم نے واقعے کی اطلاع تھانہ صدر پولیس کو دی مگر ان کی جانب سے روایتی سستی اور غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور ان کے میڈیکل تک نہیں بنوائے گئے۔

    بعد ازاں ڈی پی او رحیم یار خان عمر فاروق سلامت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ صدر پولیس کو فوری مقدمہ کے درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔