Tag: خان پور

  • ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی ‘خسروبختیار

    ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی ‘خسروبختیار

    خان پور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیارنے کہا ہے کہ ملک کا ڈھانچہ گزشتہ حکومتیں کھوکھلا کرگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیارنے بتایا کہ حکومت نے چین سے مزید 3 معاہدے کیے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ صنعتی ترقی ، زرعی تعاون اور سماجی معاشرتی ترقی کے معاہدے اس میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پرپل اورسڑکیں اسی سال مکمل ہوں گی۔

    مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ ملک کا ڈھانچہ گزشتہ حکومتیں کھوکھلا کرگئیں، ترقی اورخوشحالی آئندہ 2 سالوں میں واضح ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمالی جنوبی سڑکوں کووسعت دی جائے گی، رحیم یار خان میں پاورپراجیکٹ اور پانی کے ذخائربنائیں گے۔

    وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم کے لیے تعداد پوری کررہے ہیں، صوبہ جنوبی پنجاب صوبہ کا سیکرٹریٹ جون سے قبل بنائیں گے۔

    کم ترقی یافتہ علاقوں کے لیے چین ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا: خسرو بختیار

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی توجہ ملک سے غربت کے خاتمے پر ہے، کم ترقی یافتہ علاقوں کے لیے چین ایک ارب ڈالر گرانٹ دے گا۔

  • خان پور : ایک ماہ میں مکان سے گیارہواں سانپ نکل آیا

    خان پور : ایک ماہ میں مکان سے گیارہواں سانپ نکل آیا

    خان پور : ایک ماہ میں مکان سے گیارہواں سانپ نکل آیا، جوگی نے بین بجا کر کوبرا سانپ کو قابو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپیرے کی بین نے خان پور کے زیر تعمیر مکان سے ایک اور سانپ نکال لیا، گھر والوں نے سانپ کی موجودگی کی اطلاع پر جوگی کو بلایا تھا۔

    جوگی نے بین بجائی واسطے دیئے تو سانپ نکل آیا جس پر اہل خانہ کی چیخیں نکل گئیں، خان پور میں زیر تعمیر مکان جو تقریباً سو سال پرانا ہے۔

    جوگی کا کہنا ہے کہ یہاں سانپوں کا بسیرا تھا، ایک ماہ میں گیارہواں سانپ اس مکان سے نکلا ہے، خاتون خانہ کا کہنا تھا کہ سو سال پرانا گھر ہے اس کو گرا کر نیا تعمیرکر رہے ہیں، اب تک گیارہواں سانپ نکل آیا ہے، ان سانپوں میں چار یا پانچ کوبرا سانپ تھے، باقی سانپ عام قسم کے تھے، جس کی وجہ سے بچے خوفزدہ اورپریشان ہیں۔

    گھر کی تعمیر جاری ہے، اہل خانہ کو اس بات کاخوف ہے کہ پتہ نہیں اور کتنے سانپ اس مکان میں موجود ہیں۔

  • خان پور: دولہا کو اس کے بھائی کا محبت بھرا انوکھا تحفہ

    خان پور: دولہا کو اس کے بھائی کا محبت بھرا انوکھا تحفہ

    خان پور: چھوٹے بھائی کی شادی پر بڑے بھائی نے ایسا تحفہ دیا کہ جسے دیکھنے والے دیکھتے رہ گئے۔ اسّی ملکوں کی کرنسی نوٹوں کا ہار بھائی کو پہنا دیا۔ لوگوں کی توجہ کا مرکز دولہا کی بجائے نوٹوں کا ہار بن گیا، دولہا کے بھائی نے حب الوطنی کی مثال قائم کرتے ہوئے ہار میں بھارتی کرنسی کو شامل نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور میں چھوٹے بھائی کی شادی پر بڑے بھائی نے دولہا کو سہرا بندی پر ایسا تحفہ دیا کہ دولہا سے زیادہ دلچسپی وہاں موجود لوگوں نے اس تحفہ پر ظاہر کی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیاض بلوچ کے مطابق خانپور کے مقامی کونسلر اور بڑے بھائی اقبال صادق نے چھوٹے بھائی دلاور حسین کی شادی پر تیس سال کا شوق وار دیا اور اپنے بھائی کو 80 مختلف ممالک کے کرنسی نوٹوں کا ہار پہنا دیا۔ ہار میں کویت عمان، سعودی عرب اور دیگر ممالک کی کرنسی شامل ہے۔

    پہلی شادی ایسی دیکھی جس میں دلہا سے زیادہ ہار لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا، اقبال صادق نے بتایا کہ اس ہار میں انڈیا کی کرنسی استعمال نہیں کی۔

    اقبال صادق گزشتہ تیس سال سے یہ نوٹ جمع کررہے تھے، ان کو مختلف ممالک کے کرنسی نوٹ جمع کرنے کا بچپن سے شوق تھا، خان پور کی انوکھی شادی جس میں دولہے کے بھائی نے انوکھے انداز میں اپنی خوشی کا اظہار کیا۔

    ہار کی مالیت لاکھوں روپے میں بتائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر دولہا کا کہنا تھا کہ بھائی کی محبت کے انوکھے انداز پر دلی مسرت ہوئی ہے۔

  • کراچی : مبینہ خودکش حملہ آور سمیت 3 دہشتگرد گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

    کراچی : مبینہ خودکش حملہ آور سمیت 3 دہشتگرد گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

    کراچی: شہر قائد میں سی ٹی ڈی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران مبینہ خودکش حملہ آور سمیت تین دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تیار خودکش جیکٹ ، دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملزمان نے کراچی میں بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررکھی تھی، انچارج سی ٹی دی علی رضا کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر منگھوپیر کے علاقے میں مقابلے کے بعد مبینہ خودکش حملہ آور تاج محمد عرف سلمان سمیت سیف الرحمان اور عادل کو گرفتار کرکے تین خود کش جیکٹ، چار دستی بم اور اسلحہ برآمد کیاہے۔

    پولیس کا دعویٰ ہے کہ مبینہ خودکش حملہ آور تاج محمد 2014 میں پنجاب میں خودکش حنلے کیلئے نکلا تھا، مظفر گڑھ، محمود کوٹ روڈ پر پولیس مقابلے میں اس کے چار ساتھی مارے گئے ، اور حملہ ناکام ہوگیا، جس کے بعد وہ افغانستان فرار ہوگیا تھا اور 2015 میں واپس کراچی میں آیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق تحریک طالبان سوات سے ہے پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ملزمان نے کراچی میں کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی بنارکھی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ہے، ملزمان کے مزید ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ۔

  • خان پور: سی ٹی ڈی اور پولیس کی کاروائی، ایک دہشتگرد گرفتار

    خان پور: سی ٹی ڈی اور پولیس کی کاروائی، ایک دہشتگرد گرفتار

    خان پور : سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کاروائی میں خان پور کے علاقے بستی چانڈیہ سے ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے علاقے بستی چانڈیہ میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی مشترکہ کاروائی،دہشت گرد کوگرفتار کر لیا گیا، دہشت گرد کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور تیار شدہ دیسی ساختہ بم بھی برآمد کر لیا گیا.

    ابتدائی طور پر گرفتار ہونے والے دہشت گرد نے اپنا نام اصغر بتایا ہے اور اس کا تعلق راولپنڈی سے ہے،جبکہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے.

    واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی اسی علاقے سے کاروائی کے دوران پانچ مبینہ دہشت گرد گرفتار ہوئے تھے، پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بم کو ناکارہ بنادیاگیا تھا.