Tag: خان کے سو دن

  • سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے انقلابی فیصلہ کرلیا ، اساتذہ کے بچے اب اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لیے خیبر پختوانخواہ میں نئی پالیسی بنائی جارہی ہے جس کے تحت سرکاری اساتذہ پابند ہوں گے کہ ان کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کریں۔

    مشیر تعلیم ضیا ء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں آنے سے صوبےمیں تعلیم کا معیار بہتر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ جن اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہیں آتے ان کے لیے سزاؤں کا تعین کیا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسی پر عمل در آمد کے لیے ڈائریکٹر تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، یہی کمیٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کی سزا کا بھی تعین کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تعلیم کی اہمیت کو بڑھانے سے متعلق ’بستہ اٹھاؤ، اسکول آؤ‘ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکولوں کا نظام اور یہاں کا معیار تعلیم بہت اچھا ہوگیا ہے ، اس لیے اب میں اپنے بچوں کو بھی گورنمنٹ اسکول بھیجوں گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برس میں خیبرپختونخواہ کا تعلیمی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا اور آج تعلیمی اداروں حالت بھی اچھی ہے، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

  • فاٹا انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے، وزیرِ اعظم عمران خان

    فاٹا انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے، وزیرِ اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت فاٹا انضمام سے متعلق اجلاس میں وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ انضمام کے سلسلے میں قبائلی رسوم و رواج کو پیشِ نظر رکھا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقہ جات کے انضمام میں پیش رفت اور انتظامی و قانونی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں فاٹا انضمام اور قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ’قبائلی رسم و رواج کے پیشِ نظر نئے نظام کا نفاذ قابلِ عمل بنایا جائے، نئے نظام کے اطلاق میں قبائلی عوام کی مشاورت کو بھی یقینی بنایا جائے۔‘

    وزیرِ اعظم نے اجلاس میں متعلقہ انتظامیہ کو فاٹا انضمام کے عمل کے دوران قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے مزید مواقع کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی، انھوں نے تاکید کی کہ اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ انتظامی اقدامات کے نتیجے میں کوئی فرد بے روزگار نہ ہو۔

    اجلاس میں عمران خان نے تعلیم کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کیں، انھوں نے کہا ’بچیوں کے اسکول بہتر بنانے کے لیے جاری کوششیں تیز کی جائیں، خیال رکھا جائے کہ قبائلی علاقوں کے لیے اسکولز، کالجز اور یونی ورسٹیز میں مختص کوٹا متاثر نہ ہو۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  وزیرِ اعظم نے قومی شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے فاٹا بچوں کی تصاویر شیئر کر دیں


    وزیرِ اعظم نے بلدیاتی نظام کے حوالے سے بھی ہدایت جاری کی کہ سابقہ قبائلی علاقوں میں بلدیاتی نظام رائج کرنے کی کوشش بھی تیز کی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں جلد از جلد لوکل گورنمنٹ سسٹم کا نفاذ ضروری ہے۔

    انھوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ جو قبائلی علاقے ضم ہورہے ہیں ان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لیے طریقۂ کار جلد وضع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔

  • بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بیرون ملک موجود پیسہ واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، بیرون ممالک سے پیسے واپس لانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ باہر سے پیسے لانے کے لیے وزیر اعظم ہاؤس میں یونٹ قائم کیا گیا ہے، یونٹ میں ایف آئی اے اور نیب کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ صوابدیدی فنڈز ختم کرنے سے 80 ارب روپے واپس آگئے ہیں۔ لیپ ٹاپ جیسی اسکیمیں ختم کرنے سے پیسہ وزارت خزانہ میں واپس آیا۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، پانی اور صفائی کے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، وفاق ان منصوبوں سے متعلق براہ راست اقدامات کرے گا۔ تعلیم سے متعلق بھی ایک ٹاسک فورس بنائی گئی ہے۔ ٹاسک فورس ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول واپس بھجوانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ ٹاسک فورس مدارس کے بچوں کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ مدارس لیول پر سرٹیفیکیٹ ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ملک بھر میں تعلیم سے متعلق ایک ہی سرٹیفیکیٹ کا اجرا کیا جائے گا۔ پرائیوٹ اسکولوں سے بھی بات چیت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلیبس سے متعلق بھی سارےمتعلقہ حکام سے بات چیت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ چلڈرن سے متعلق ادارے بنائے جائیں گے۔ اسٹریٹ چلڈرن اور خواتین سے متعلق ادارے کے لیے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے اسلام آباد میں یتیم خانہ بنایا جائے گا۔ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ معذور افراد کے روزگار سے متعلق بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانوں کے رویے بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پاکستانی شہریوں سے رویے کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔ بیرون ملک پاکستانی قیدیوں سے متعلق اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران میں پاکستانی سزائے موت کے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا، ایران نے اپنے انسداد منشیات کے قانون میں تبدیلی کی ہے۔ قانون میں تبدیلی سے امید ہے قیدیوں کو سزاؤں میں ریلیف ملے گا۔ ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اہم تھا اس حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم نے تربیلا ڈیم کے فنڈز میں خورد برد کا نوٹس بھی لیا ہے۔ تربیلا ڈیم کے 25 ارب کے فنڈز کی تحقیقات کی منظوری دی گئی ہے۔ لوٹی ہوئی رقم بیرون ملک رکھنے والوں کی معلومات دینے والوں کا نام صیغہ رازمیں رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو جسمانی سزا نہیں دی جاسکتی، مدارس اور انگریزی اسکولوں میں بنیادی تعلیم یکساں ہوگی۔ نجی اسکولوں کی فیسوں کو مناسب سطح پر لایا جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں یکساں تعلیمی نصاب ہو۔

    انہوں نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے آگے بڑھیں گے۔ ریاست پاکستان فیصلہ کرے گی اس ملک کو کیسے چلانا ہے۔ آئین پاکستان ہمیں اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری دیتا ہے۔ اسلام میں بھی اقلیتوں کے تحفظ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اقلیتوں سے متعلق الگ رویے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اقلیتوں کے معاملے پر بے لاگ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

  • پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے، شام محمود قریشی نے امریکی وزیرِخارجہ پرواضح کردیا

    پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے، شام محمود قریشی نے امریکی وزیرِخارجہ پرواضح کردیا

    اسلام آباد: دفترِ خارجہ میں پاک امریکا وفود کی سطح پر جاری مذاکرات اختتام پذیر ہوگئے، شاہ محمود قریشی نے امریکی وفد کو واضح کیا کہ نئی حکومت کے لیے ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کی قیادت میں امریکی وفد دفترِ خارجہ پہنچا تھا جہاں شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا ، دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات 40 منٹ تک جاری رہے، ترجمان دفتر ِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے امریکی وفد پر واضح کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک بار پھر بھروسے اور احترام کی بنیادوں پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔

    امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو آج ایک روزہ دورے پر اسلامی جمہوریہ پاکستان پہنچے ہوئے ہیں۔ ان کے ہمراہ امریکا کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفرڈ بھی ہیں۔وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا طیارہ نور خان ایئر بیس پر اترا تو ان کا استقبال وزیر خارجہ کے بجائے دفتر خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری شجاع عالم نے کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی نے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے امریکی حکام کو مختلف معاملات پر پاکستان کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ان پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔

    مذاکرات میں شاہ محمودقریشی نے امریکی وفد کو وزیراعظم عمران خان کےاصلاحاتی ایجنڈےسےآگاہ کیا اور بتایا کہ عام آدمی کےمعیارزندگی میں بہتری اور عالمی سطح پرپاکستان کاتشخص بلندکرنا نئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    دونوں وفود کے درمیان ہونے والے ان مذاکرات میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات پربھی گفتگو ہوئی اور طرفین کی جانب سے پاک امریکا دوطرفہ تعلقات میں بہتری کےمواقع پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    امریکی وفد نے خطے کی مجموعی صورتحال اور بالخصوص افغانستان کے موضوع پر پاکستانی وفد سے تبادلہ خیال کیا اور پاکستان سے تعاون طلب کیا ، جس پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے کرداراداکرتےرہیں گے لیکن نئی حکومت کے لیے پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے۔

    پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر ان کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ پومپیو دورہ مکمل کر کے آج ہی نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں امکان ہے کہ وہ بھارت پر ایران سے تیل کی خریداری روکنے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے دورہ پاکستان سے قبل واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاک امریکا تعلقات میں نئی پیشرفت کا آغاز کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ نے میڈیا نمائندگان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھاکہ پاکستان افغانستان میں ثالثی کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون کرے۔

  • وزیر اعظم عمران خان  نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    وزیر اعظم عمران خان نے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے گیس کمپنیوں کے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دے دی اور گیس چوری روکنے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق توانائی کے شعبے میں جاری مالی مسائل، گیس چوری اور عدم ادائیگیاں عروج پر ہیں جس کے سبب گیس کمپنیاں شدید مالی بحران کا شکار ہیں، حکومت نے اوگرا کی تجویز کے مطابق گیس کی قیمتوں میں چھیالیس فیصد اضافہ کردیا ہے۔

    اعداد وشمار کے مطابق سوئی سدرن پر ایک سو اڑتالیس ارب اٹھتر کروڑ جبکہ سوئی نادرن پر ایک سو اکہتر ارب روپے کے واجبات ہیں، سیمنٹ،سی این جی ،کھاد، کیپٹو پاور پلانٹس اور آئی پی پیز کیلئے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، گھریلو صارفین کیلئے بھی گیس کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے گیس چوری روکنے کےلئے جامع پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوری سے قومی خزانے کو سالانہ پچاس ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کی گیس چوری روکنے کے لئے جامع پلان بنانے کی ہدایت

    بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا تھا کہ 5 سال میں تیل و گیس کی تلاش کے لئے نئے بلاکس کی منظوری نہیں دی گئی اور پالیسیوں میں تبدیلی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہورہا ہے۔

    گیس سیکٹر ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ دورِ حکومت میں سیاسی بنیادوں پر گیس کی قیمت کو مستحکم رکھا گیا تھا۔

    خیال رہے اوگرا نے گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت تین گنا کرنے جبکہ کمرشل صارفین کیلئے قیمت میں تیس فیصد اضافہ تجویز کیا  تھا اور کہا تھا گیس کی قیمت می کافی عرصے سے اضافہ نہ ہونےکےباعث ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کمپنی کے مالیاتی خسارہ میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔

    یاد رہے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پی ایس او کیلئے دس ارب روپے کے اجراء اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مؤخر کرنے کی منظوری دی تھی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ گردشی قرضوں کا مجموعی حجم گیارہ سو اٹھاسی ارب روپے ہوگیا ہے، جس پر وزیر خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تھی اور کہا تھا گردشی قرضوں کے بارے میں فیصلہ آئندہ ہفتے کیا جائے گا۔