کراچی (18 اگست 2025): صحافی خاور حسین کے اہل خانہ امریکا سے کراچی پہنچ گئے ہیں، والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کو مسترد کر دیا کہ ان کے بیٹے نے خود کشی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے صحافی خاور حسین، جن کی لاش سانگھڑ میں ان کی کار سے ملی تھی، کے اہلخانہ امریکا سے کراچی پہنچ گئے ہیں، ان کے بھائی، والد اور والدہ ایئر پورٹ سے سانگھڑ کے لیے روانہ ہوئے۔
اس موقع پر صحافی کے والد رحمت حسین باجوہ نے بتایا کہ خاور حسین بہت دلیر انسان تھا، وہ اپنے آپ کو گولی نہیں مار سکتا، یہ قتل ہے، ہمارا کسی سے کوئی تنازعہ یا جھگڑا بھی نہیں تھا۔
واضح رہے کہ صحافی کے اہل خانہ حیدرآباد سے ان کی میت لے کر سانگھڑ جائیں گے، خاور حسین کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر عید گاہ گراؤنڈ سانگھڑ میں ادا کی جائے گی۔
صحافی خاور حسین کی موت کی تحقیقات کیلیے میڈیکل بورڈ تشکیل
مرحوم خاور حسین کے والد رحمت حسین نے اپنے بیٹے کی خود کشی کا تاثر یکسر مسترد کرتے ہوئے انھیں قتل کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا ہے، انھوں نے کہا کہ خود کو گولی مار کر جان لینے کی کوئی وجہ نہیں ہے، یہ قتل ہی لگتا ہے، لیکن اس وقت پولیس کی تفتیش جاری ہے، دیکھیں کیا حقائق سامنے آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چوں کہ پاکستان میں موجود نہیں تھے اس لیے انھیں اس بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں کہ اس وقت پولیس کی تحقیقات کس مرحلے میں ہیں۔ خیال رہے کہ حیدر آباد میں صحافی خاور حسین کی میت ہلال احمر سرد خانے سے سول اسپتال منتقل کی گئی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے تشکیل دیا گیا میڈیکل بورڈ میت کی جانچ کرے گا۔