Tag: خبرپختونخوا

  • خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

    خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی

    پشاور (17 اگست 2025): محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، پی ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 17 سے 19 اگست تک تیز بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

    ایبٹ آباد، سوات، چترال، پشاور، مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع میں فلش فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، برساتی نالوں، دریاؤں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے جس کی وجہ سے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    تیز ہواؤں سے کمزور عمارات، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، پی ڈی ایم اے نے مون سون اسپیل کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل بھی کی ہے، اور کہا ہے کہ کاشتکار اپنی فصلیں اور مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔


    خیبرپختونخوا: این ڈی ایم اے نے 328 اموات کی تصدیق کر دی


    پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ سیاح خطرناک اور متاثرہ علاقوں کی جانب جانے سے گریز کریں، اور متعلقہ ادارے ہنگامی سروسز، طبی امداد اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائیں، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔

    واضح رہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں تباہی مچا دی ہے، بادل پھٹنے اور آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائڈنگ سے ہونے والی اموات کی تصدیق شدہ تعداد 328 تک پہنچ گئی ہے۔

    کلاؤڈ برسٹ کے شکار بونیر میں 230 لاشیں نکالی گئی ہیں، اور 180 سے زائد شہری زخمی ہوئے، متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں۔ قدر نگر کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 25 افراد جان سے گئے، قدر نگر اور ڈگر میں کئی رابطہ پل بھی بہہ گئے ہیں۔