Tag: خرابی

  • آئی فون صارفین ہیکرز کا آسان شکار؟

    آئی فون صارفین ہیکرز کا آسان شکار؟

    واشنگٹن: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے فونز اور آئی پیڈز میں ایک خرابی کا انکشاف ہوا ہے جس کی وجہ سے صارفین کے آئی فونز ہیک ہونے کا خدشہ ہے، کمپنی اس خرابی سے لاعلم تھی۔

    سان فرانسسکو کی ایک سائبر سیکیورٹی کمپنی زیک اوپس نے اس خرابی کو دریافت کیا ہے اور اس کے مطابق یہ خرابی نصف ارب سے زائد آئی فون صارفین کو ہیکرز کا آسان ہدف بنا دے گی۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ خرابی آئی پیڈز میں بھی موجود ہے۔

    مذکورہ سیکیورٹی کمپنی نے اس خرابی کی دریافت سنہ 2019 میں اس وقت کی جب وہ اپنے ایک کلائنٹ کی سائبر حملے کی شکایت پر کام کر رہے تھے۔

    اس خرابی کو مزید 6 سائبر حملوں کے دوران بھی بطور آلہ استعمال ہوتے دیکھا گیا، یہ حملے جاپان، جرمنی، سعودی عرب اور اسرائیل سے تعلق رکھنے والے ہائی پروفائل صارفین کے خلاف کیے گئے۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ہیکنگ میں صارفین کو ایک خالی ای میل روانہ کی جاتی ہے جسے کھولتے ہی موبائل کا سسٹم کریش کر جاتا ہے اور موبائل ری اسٹارٹ ہوجاتا ہے۔ ری اسٹارٹ ہونے کے دوران ہیکرز کو ڈیٹا تک رسائی حاصل ہوجاتی ہے۔

    کمپنی کے چیف ایگزیکٹو زک اوراہم کا کہنا ہے کہ وہ خود بھی سنہ 2018 میں ذاتی طور پر اس خرابی کا مشاہدہ کر چکے تھے۔

    بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ ایپل اس خرابی سے لاعلم تھی، تاہم ایپل کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی اس سے واقف تھی اور اس کی درستگی پر کام کیا جارہا ہے جو جلد ایک اپ ڈیٹ کے ذریعے آئی فون کے صارفین کو فراہم کردی جائے گی۔

    زک اوراہم کے مطابق یہ ہیکنگ کئی بڑی مشکوک سائبر سرگرمیوں کا ایک حصہ ہوسکتی ہے جن کا ابھی تک سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

    2 آزادانہ سیکیورٹی ریسرچز نے بھی زک اوپس کی اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے اور ان کا بھی یہی ماننا ہے کہ یہ معلومات ادھوری ہیں اور اس کی مزید کڑیوں کا ملنا باقی ہے۔

  • اسرائیلی ایئرپورٹ کے جی پی ایس سسٹم میں خرابی کا الزام روس پر عائد

    اسرائیلی ایئرپورٹ کے جی پی ایس سسٹم میں خرابی کا الزام روس پر عائد

    یروشلم : صہیونی ریاست کا فضائی نیوی گیشن سسٹم کچھ دنوں سے نامعلوم ذرائع سے بار بار جام کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں صہیونی حکام سخت پریشان ہیں، جس کے باعث اسرائیلی حکام نے بعض فضائی روٹس بھی تبدیل کردئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلوبل جیوگرافک پوزیشننگ سسٹم(جی پی ایس ) کو گذشتہ تین ہفتوں سے بار بار خرابی کا سامنا ہے۔ بعض ذرائع ابلاغ نےدعویٰ کیا ہے کہ اس خرابی کے پیچھے روس کا ہاتھ بتایا ہے۔

    اسرائیلی ہوائی اڈوں کی ذمہ دار اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھاکہ فضائی طیاروں کی درست سمت کی نشاندہی کرنے والے نظام میں خرابی کا سبب معلوم نہ ہونے سے حکام پریشان ہیں، جس کے باعث بعض فلائیٹس کے روٹ تبدیل کردیے گئے ۔

    عبرانی میڈیا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام کوفضائی جہاز رانی کے نظام میں بار بار خلل پیدا ہونے پر تشویش ہے اور انہوں نے تنگ آکر بعض فضائی روٹس تبدیل کردیے ہیں، ہوائی اڈوں کے حکام نے ہوابازوں کو کہا ہےکہ وہ موجودہ ‘جی پی ایس’ سسٹم پر زیادہ انحصار نہ کریں۔

    ان کا کہنا ہے کہ اس فنی خرابی سے ابھی تک کوئی نقصان نہیں ہوا ہے، اسرائیلی فضائیہ کے ماہرین خلل پیدا کرنے کے مصدر کا پتا چلانے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔

    بین الاقوامی کمرشل فلائیرز ایسوسی ایشن کی طرف سے گذشتہ ہفتے اپنی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ انہیں متعدد ہوابازوں کی طرف سے شکایت ملی ہے کہ اسرائیل کے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اطراف میں ‘جی پی ایس’ کے سگلنل نہیں ہو رہے ہیں۔

    ان رپورٹس کے بعد اسرائیلی ریڈیو نے بتایا کہ جی پی ایس سسٹم میں خرابی کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

  • امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    امریکا: انجن میں خرابی کے باعث طیارے کی ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ

    واشنگٹن : امریکا میں زیرتربیت پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث طیارے کو الاباما کے مصروف ہائی وے پر اتار دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں دوران پرواز سنگل انجن والے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوئی،  ایئرپورٹ دور ہونے کے باعث پائلٹ نے طیارے کو سڑک پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹا طیارے میں دو افراد سوار تھے جو ہنگامی لینڈنگ میں محفوظ رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کہنا تھا کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافر یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارہ کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کیسے کر لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ پائلٹ نے طیارے کی سڑک پر لینڈنگ کروائی۔

    سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو ہائی وے پر سفر کرنے والے ایک مسافر نے بنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق پائلٹ نے بتایا کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوئی ایئرپورٹ دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    مزید پڑھیں : لاس اینجلس: انجن کی خرابی، خاتون پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    یاد رہے کہ رواں جون میں امریکی شہر لاس اینجلس میں زیر تربیت خاتون پائلٹ نے انجن میں خرابی کے سبب نجی طیارے کو مصروف ہائی وے پر اتار دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    خیال رہے کہ  شکاگوں میں دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو نامی ہائی وے پر اتار تھا اور خوش قسمتی سے اس حادثے میں بھی پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

  • خبردار! ناشتے میں جوس پینا نظام ہاضمہ کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے

    خبردار! ناشتے میں جوس پینا نظام ہاضمہ کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے

    اگر آپ ناشتے میں جوس پینے کے عادی ہیں تو فوری طور پر اس عادت کو ترک کردیں بہ صورت دیگر کئی امراض کا سامنا ہو سکتا ہے اور جو بالخصوص نظام ہاضمہ میں بگاڑ کا باعث بن سکتی ہے۔

    رات کے کھانے کے بعد بھرپور نیند لینے تک آپ کا معدہ دس سے بارہ گھنٹے تک خالی رہتا ہے ایسی حالت میں اگر خالی معدے میں جوس پی لیا جائے تو نظام ہاضمہ پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    خالی پیٹ جوس پینے سے آپ کی صحت کو دو بڑے نقصانات کا احتمال رہتا ہے اول یہ معدے اور نظام ہاضمہ میں پائے جانے والے مفید بیکٹریا کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے اور دوئم جوس میں بڑی مقدار میں ’’ فرکٹوس‘‘ اور ’’ شوگر‘‘ موجود ہوتی ہے جسے ہضم کرنے میں خالی معدہ ناکام رہتا ہے۔

    عشایئے کے بعد ناشتے تک پیٹ دس سے بارہ گھنٹے خالی رہتا ہے اور ایسے موقع پر جوس پی لیا جائے تو جوس میں موجود بھاری مقدار شوگر کو خالی معدہ ہضم نہیں کر پاتا اور وہ فوری طور پر چھوٹی آنت میں فرکٹوس کی شکل میں پہنچ جاتی ہے اور بگیر ہضم ہوئے خون میں شامل ہو جاتی ہے جو نقصان کا سبب بنتی ہے۔

    ان حقائق کی روشنی میں ماہرین طب اور غذائیت کا کہنا ہے کہ ناشتے میں خالی پیٹ جوس پینا صحت کے لیے مضر ثابت ہو سکتا ہے اس لیے تجویز کیا جاتا ہے کہ لوگوں کو خالی پیٹ جوس پینے سے اجتناب برتنا چاہیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔