Tag: خراب پستول

  • نوجوان کی مزاحمت، لٹیرے نے پستول کا ٹریگر کئی بار دبایا، شہری معجزانہ طور پر بچ گیا (ویڈیو دیکھیں)

    نوجوان کی مزاحمت، لٹیرے نے پستول کا ٹریگر کئی بار دبایا، شہری معجزانہ طور پر بچ گیا (ویڈیو دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر الفلاح میں اسٹریٹ کرائم کی ایک واردات میں ایک نوجوان مزاحمت کے دوران موت کے منہ سے معجزانہ طور پر بچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر کراچی میں لٹیروں نے خراب پستول سے واردات کی، لٹیرے کی جانب سے کئی بار ٹریگر دبانے کے باوجود گولی نہ چلنے کے سبب نوجوان موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، اس واردات میں 2 لٹیرے شہری سے 3 لاکھ روپے اور موبائل فون لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرا مزاحمت کے بعد 2 قدم کے فاصلے پر بار بار گولی چلانے کی کوشش کرتا رہا لیکن معجزانہ طور پر پستول نہ چلی اور شہری محفوظ رہا۔

    فوٹیج کے مطابق نوجوان گھر کے سامنے موٹر سائیکل پر آ کر رکا تو عین اسی وقت اس کا پیچھا کر کے آنے والے موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے اسے گھیر لیا، ایک لٹیرا اس سے موبائل چھیننے لگا جب کہ دوسرا پستول پکڑے اس کے قریب موجود رہا۔

    تلاشی کے دوران اچانک نوجوان نے مزاحمت شروع کر دی اور لٹیرے سے چمٹ گیا، اس پر دوسرا لٹیرا گھبرا گیا اور پستول چلانے کی کوشش کرنے لگا، لیکن گولی نہیں چلی، وہ متعدد بار ٹریگر دباتا رہا۔

    اس دوران نوجوان کو بھی اندازہ ہو گیا کہ پستول خراب ہے لیکن اس نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی مزید ہمت نہیں کی، دونوں لٹیرے مزاحمت سے خوف زدہ ہو کر بھاگنے لگے تو نوجوان بھی ڈرتے ہوئے ان کے پیچھے چلنے لگا۔

    متاثرہ شخص اور ملزمان کو گلی کے کونے تک لڑتے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران گھر کی خواتین بھی باہر نکل آئیں اور ڈاکوؤں کے پیچھے بھاگیں۔

  • خراب پستول کے ساتھ کامیاب واردات، ویڈیو دیکھنے والے حیران

    خراب پستول کے ساتھ کامیاب واردات، ویڈیو دیکھنے والے حیران

    کراچی: شہر قائد میں ایک چھوٹے ہوٹل پر لوٹ مار کی واردات کے دوران خراب پستول کا استعمال کیا گیا، یہ انکشاف سی سی ٹی وی فوٹیج میں ہوا، لیکن شہری خوف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اس کی طرف متوجہ نہ ہو سکے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں اسٹریٹ کرمنلز ایک بار پھر بے قابو ہو چکے ہیں، ان کی دیدہ دلیری اور شہریوں کے خوف کا یہ عالم ہے کہ خراب پستول سے بھی کام یاب وارداتیں ہو جاتی ہیں۔

    بدھ 7 تاریخ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پاکستان بازار میں ایک ہوٹل پر اکیلے ڈاکو نے ایسی ہی ایک کام یاب واردات کی جس میں اس نے خراب پستول کا استعمال کیا، ڈاکو اسلحے کے زور پر لوٹ مار کر کے بہ آسانی موقع واردات سے فرار ہو گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کے پستول کا چیمبر اٹکا ہوا ہے، ملزم نے دوران واردات پستول کمر کے پیچھے رکھا تاکہ لٹنے والا اسے نوٹس نہ کر سکے، ماسک اور کیپ لگائے ملزم نے اس خراب اسلحے کے زور پر کچھ ہی دیر میں واردات کر ڈالی۔

     

    ملزم نے لوٹ مار کے دوران ہوٹل ملازم کو تھپڑ بھی مارے، مسلح ملزم باقاعدہ ہوٹل ملازم کی تلاشی بھی لیتا رہا، جب کہ اس دوران ہوٹل کے باہر شہریوں کی آمد و رفت بھی جاری رہی۔

    واضح رہے کہ ممکنہ طور پر ملزم کا پستول یا تو خالی تھا یا اس میں کوئی خرابی تھی کیوں کہ اگر پستول میں گولی نہ ہو اور چیمبر کھینچا جائے تب بھی اسی طرح پھنس جاتا ہے، جیسا کہ فوٹیج میں دیکھا گیا ہے لیکن اگر گولی پھنس جائے تب بھی چیمبر اٹک سکتا ہے۔