Tag: خرد برد

  • سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس فنڈ میں خرد برد، 8 افراد گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا، مذکورہ افراد نے قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں رہائش کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ انسداد کرپشن نے وزارت صحت کے 2 عہدے داروں سمیت 8 افراد کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت صحت کے 2 اہلکاروں نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے حکومتی فنڈ سے ذاتی فائدہ اٹھایا ہے۔

    ادارے نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد نے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو قرنطینہ کے طور پر ہوٹل میں ٹھہرانے کے لیے کرائے کی رقم میں خرد برد کی، مذکورہ افراد نے ایک ہوٹل کی انتظامیہ کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا اور اس سے معاہدہ کرنے کے لیے کمیشن کا مطالبہ کیا۔

    گرفتار شدگان میں 3 افراد ہوٹل کی انتظامیہ سے تعلق رکھتے ہیں جنہوں نے وزارت صحت کے اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، چوتھا شخص وزارت سیاحت سے تعلق رکھتا ہے جس کے تعاون سے وزارت صحت کو ہوٹل کے ساتھ معاہدہ کرنا تھا۔

    ادارے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے اپنے جرم کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومت پر اضافی بوجھ ڈالا۔

    دوسری طرف ادارہ انسداد کرپشن نے ایک عسکری شعبے سے تعلق رکھنے والے اہلکار کو بھی گرفتار کیا ہے جس نے اپنے منصب سے فائدہ اٹھا کر وزارت صحت میں کام کرنے والے اپنے ایک رشتہ دار کے تعاون سے جعلی کرفیو پاس جاری کیے۔

    ادارہ انسداد کرپشن کا کہنا تھا کہ اس کیس میں ایک غیر ملکی بھی گرفتار ہوا ہے جس کے توسط سے جعلی کرفیو پاس 93 ہزار ریال میں فروخت کیے گئے، مذکورہ کیس ابھی تفتیش کے مراحل میں ہے جس کے متعلق مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

  • بورڈ آف ریونیو کے افسران کی ساڑھے 3 ارب سے زائد کی خورد برد

    بورڈ آف ریونیو کے افسران کی ساڑھے 3 ارب سے زائد کی خورد برد

    کراچی: بورڈ آف ریونیو کے افسران نے سرکاری خزانے کو ساڑھے 3 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا دیا، نیب نے تحقیقات شروع کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے بورڈ آف ریونیو کے افسران کے خلاف سرکاری خزانے کو ساڑھے 3 ارب سے زائد کا نقصان پہنچانے پر تحقیقات شروع کر دیں۔

    [bs-quote quote=”بورڈ آف ریونیو کے افسران نے ملی بھگت سے سرکاری زمینوں کو فروخت کیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”نیب”][/bs-quote]

    نیب کے مطابق بن قاسم ٹاؤن دیہہ جورجی میں سرکاری زمینوں کے خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔

    نیب کراچی نے بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسران کے خلاف انکوائری شروع کر دی، بورڈ آف ریونیو کے افسران نے ملی بھگت سے سرکاری زمینوں کو فروخت کیا۔

    نیب نے کہا ہے کہ بد عنوانی کے ذریعے 562 ایکڑ زمین کو فروخت کیا گیا، افسران نے بد عنوانی کے ذریعے سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  دنیا بھر سے ٹیکس چوروں کا بینک اکاؤنٹس ڈیٹا ملنا شروع

    یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، اس سلسلے میں ایف بی آر کو دنیا بھر سے 50 ہزار بینک اکاؤنٹس کا ڈیٹا مل گیا ہے۔

    ایف بی آر نے بتایا کہ پاکستانیوں کے بیرون ملک 50 ہزار اکاؤنٹس کا پتا چلا ہے، زیادہ تر افراد کا تعلق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہے۔ ایف بی آر کے مطابق اگلے 2 سال بیرون ملک بینکوں میں اکاؤنٹ رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

  • بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    بھارتی شہری کی اماراتی کمپنی میں 22 لاکھ درہم کی خرد برد، مقدمہ درج

    دبئی: متحدہ عرب امارات کی کمپنی میں غبن کے الزام میں بھارتی شہری پر چار ساتھیوں سمیت فردِ جرم عائد کردی گئی، ملزم پر 22 لاکھ درہم کی خرد برد کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کی عدالت نے ایک پبلک کمپنی میں فنانشل اورایڈمنسٹریٹو مینجر کی حیثیت سے کام کرنے والے 49 سالہ بھارتی شہری پر اس کی غیرموجودگی میں فردِجرم عائد کی ہے، ملزم اپنے ساتھیوں سمیت مالی بے قاعدگیوں میں ملوث تھا۔

    ملزم کے ساتھ مزید چار ملزمان کو شریکِ جرم قرار دیا گیا  ہے  جن میں 51 سالہ فلپائنی نژاد شخص، دو بھارتی شہری جن کی عمریں 38 سال بتائی گئیں ہیں اور  مرکزی ملزم کی 44 سالہ بہن شامل ہے۔ عدالت میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے بالترتیب 70 ہزار درہم، ساڑھے گیارہ ہزار درہم، 35 ہزار درہم اور 19 ہزار درہم  کمپنی کے حساب میں خرد برد کرکے غبن کیے۔

    عدالت کی جانب سے عائد کی جانے والی فردِ جرم کے مطابق ملزمان کی یہ کارروائیاں جنوری 2011 سے فروری 2011 تک جاری رہیں۔ ان کے خلاف البارشا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    غبن کے معاملات کے ایک ماہر کے مطابق، خرد برد کرنے کے لیے طے شدہ طریقہ کار سے انحراف کیا گیا اورریکارڈز میں وسیع پیمانے پر بے قاعدگیا ں بھی کی گئیں ہیں۔ مقدمے کی آئندہ سماعت تین فروری کو ہوگی۔

  • اینٹی کرپشن کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر پر چھاپہ

    اینٹی کرپشن کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر پر چھاپہ

    کراچی: اینٹی کرپشن غربی (ویسٹ) نے مالی خورد برد کی اطلاعات پر پولیس ٹریننگ سینٹر سعید آباد پر چھاپہ مارا ہے اور افسران کو تحویل میں لے کر 3 سال کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے۔

    اے آر وائی کے رپورٹر سلمان لودھی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ اینٹی کرپشن پولیس نے چھاپہ سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر سے ملحقہ ایس آر پی کے بیس ون کے اکاؤنٹ سیکشن پر چھاپہ مارا اور تین سال کا ریکارڈ اپنی تحویل لے لیا جب کہ اکاؤنٹ سیکشن کے کچھ افسران کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    زرائع کے مطابق اینٹی کرپشن ویسٹ زون نے یہ چھاپہ سعید آباد پولیس سینٹر کے ایس پی آر میں مبینہ کرپشن کی اطلاعات ملنے پر مارا، تحویل میں لیے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور افسران سے پوچھ گچھ کا عمل مکمل ہونے کے بعد باضابطہ طور پر کیس دائر کیا جائے گا۔

    واضح رہے سندھ پولیس کے آئی جی اے ڈی خواجہ اپنی نیکی نامی اور ایمانداری کے لیے شہرت رکھتے ہیں اوراپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک محکمے سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔