Tag: خرم دستگیر

  • ہم نے مہنگائی کی کمر نہیں تو ٹانگ ضرور توڑی ہے، خرم دستگیر

    ہم نے مہنگائی کی کمر نہیں تو ٹانگ ضرور توڑی ہے، خرم دستگیر

    وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ مہنگائی اب آہستہ آہستہ کم ہونا شروع ہوگئی ہے، ہم نے اس کی کمر نہیں تو کم از کم ٹانگ ضرور توڑ دی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کی بجٹ کے حوالے سے کی جانے والی خصوصی ٹرانسمیشن میں میزبا وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    ن لیگ کے مرکزی رہنما نے کہا کہ کچھ سیکٹر میں ٹیکس لگانے کی بات ہوتی ہے تو اس کا سخت ردعمل آتا ہے تاہم حکومت کیلئے یہ بات اہم ہے کہ ٹیکس نظام میں بہتری کیسے لانی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر ایک روپیہ بھی مزید ٹیکس نہیں لگنا چاہیے، ایسے لوگوں پر مزید ٹیکس لگانے سے اجتناب کرنا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ریئل اسٹیٹ سیکٹر بغیر ٹیکس کے چل رہا ہے، ریئل اسٹیٹ گروتھ اور انویسٹمنٹ کا بڑا سورس ہے یہ ایک نشہ بن چکا ہے، اس شعبے پر ٹیکس لگانے کی بات کرتے ہیں تو مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ریاست اور اداروں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، حکومت کو ایف بی آر کی اخلاقی اہمیت کو بھی دیکھنا پڑے گا۔

    مختلف اداروں کی نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت پرائیوٹائزیشن کا عمل بھی حکومت کیلئے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مختلف بین الاقوامی ماحول میں اپنی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کررہا ہے، ہمیں باہر سے سرمایہ کاری لانی ہے یا خود جنریٹ کرنی ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے اس کی ایک مثال اسٹیٹ بینک کا کل کا فیصلہ بھی ہے، کل اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو ڈیڑھ فیصد کم کیا، ماہ مئی میں مہنگائی کی شرح 11.8فیصد کے اعداد و شمار آئے ہیں جو خوش آئند ہے۔

  • ‘چینی کمپنی پاکستان میں ساڑھے 3 ارب کی سرمایہ  کاری کرے گی’

    ‘چینی کمپنی پاکستان میں ساڑھے 3 ارب کی سرمایہ کاری کرے گی’

    اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی پاکستان میں ساڑھے3 ارب کی سرمایہ کاری کرے گی، چینی سرمایہ کاری سےنیوکلیئر کے شعبے کو فروغ ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیرخان نے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیر انرجی پر میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے گہرے نقوش ہیں۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نیوکلیر ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کے ٹو اور کے تھری اہم سنگ میل ثابت ہوں گے اور چائنیز کمپنی اس پلانٹ پر ساڑھے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔

    وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری سے نیوکلیئر کے شعبے کو فروغ ملے گا اور نوکلیئر بجلی تیل ،ڈیزل اور فرنس آئل کے مقابلے میں سستی بجلی ہوگی، ہمارے پاس اس وقت مہنگی بجلی بنانے والے ذرائع موجود ہیں لیکن ان کو استعمال کرنا صارفین کے بجلی کا بل بڑھانے کے مترادف ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نے غریب دشمن ،ترقی دشمن اور سی پیک دشمن حکومت کے اثرات کو ذائل کر دیا ہے اوراب پاکستان اور چین کے تعلقات اسی نہج کے قریب آچکے ہیں جہاں میاں محمد نواز شریف کے دور میں تھے۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کی جائے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے بھی بچایا جائے اور لوڈشیڈنگ کی وجہ بھی یہی ہے کہ صارفین پر بجلی کے بلوں کا دباو کم سے کم رکھا جائے۔

    وزیر توانائی نے مزید کہا کہ ہمارے دور حکومت میں پاکستان کی بجلی میں پانچ ہزار میگاواٹ کا اضافہ کیا گیا ہے 1100میگاواٹ کے تھری جبکہ دو ہزار میگاواٹ تھر سے نیشنل گرڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

  • وزیرتوانائی خرم دستگیر کا بجلی صارفین کے لئے بڑا اعلان

    وزیرتوانائی خرم دستگیر کا بجلی صارفین کے لئے بڑا اعلان

    اسلام آباد : وزیرتوانائی خرم دستگیر خان نے آئندہ سال سے پورے ملک میں بجلی کی قیمت کو یکساں رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کراچی کے بجلی صارفین کو 315 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال ملک بھر میں بجلی پر پانچ سو اناسی ارب روپے سبسڈی دیں گے، کراچی کے بجلی صارفین کیلئے 315 ارب روپے کی سبسڈی رکھی ہے اور 171 ارب روپے کی سبسڈی بجلی کی قیمت یکساں رکھنے کیلئے الگ دی جائے گی۔

    وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ملک بھر کے بجلی صارفین کے بلوں کی مدمیں 870 ارب روپے وفاق ادا کرےگا، ہمیں رواں مالی سال میں 3 ہزار800میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنی ہے، جس کے بعد کراچی کے بجلی صارفین کو171ارب روپے کا ریلیف دیا جائے گا۔

    خرم دستگیر نے بتایا کہ تھرمنصوبےسے1980میگاواٹ بجلی سسٹم شامل ہوئی ہے، توانائی سیکٹر میں جوترقی کاسفر مفلوج ہوا تھا وہ دوبارہ شروع کردیا، سی پیک منصوبے جو روک دیئےگئے تھے انھیں دوبارہ شروع کردیاگیا ہے، 2018سے جو روشنی بجھادی گئی تھی وہ دوبارہ لے آئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے گیس کی پیداوار ہر سال کم ہورہی ہے ،پاکستان میں گیس کے ذخائر محدود ہیں۔

    وزیر توانائی نے بتایا کہ فاٹا کےضم شدہ اضلاع کیلئےبجلی کی مد میں25ارب روپےریلیف فراہم کیاجائے گا، آزاد کشمیر کو بجلی کی مدمیں 55ارب روپے ریلیف دیا جارہا ہے، پچھلے سال کے بقایاجات کیساتھ80ارب روپے آزادکشمیر کیلئےمختص کیا گیا ہے۔

  • سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دوست ممالک پاکستان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، خرم دستگیر کا اعتراف

    سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دوست ممالک پاکستان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، خرم دستگیر کا اعتراف

    اسلام آباد : وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دوست ممالک حکومت پاکستان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی بگاڑ پیدا کرکے چلے گئے، جس طرح کی مدد چاہیے وہ نہیں مل رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے قرضوں میں نوے فیصد اضافہ کیا، جس کی وجہ سے بجٹ میں ایک بڑی مد قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوگی۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں سی پیک کو مکمل طور پر مفلوج کیا، پاکستان سے نکلنے والے کوئلے سے استفادہ نہیں کیا، گزشتہ 4 سال تھرکول پر کوئی کام نہیں کیا گیا تاہم پاکستان نےسولرپینل کی تیاری کیلئے خام مال کو ڈیوٹی فری کیا ہے۔

    وزیر توانائی نے کہا کہ تھر سے ایک سال میں 1980میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی ہے، ٹرانسمیشن لائن بھی مکمل کرکے چلا دیا ہے، تھر اب خواب نہیں حقیقت ہے، تھر سے 3300 میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، تھرمنصوبہ وفاق اورصوبائی حکومت کی کاوش کا ایک حصہ ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ امریکا ، ترکی ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات، ہمارے تمام دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں گزشتہ حکومت نے بدترین بگاڑ پیدا کیا۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ حکومت بدلنے کے باوجود دوست ممالک حکومت پاکستان پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ۔ جس قسم کی سپورٹ چاہیئے وہ سپورٹ کرنے کو تیار نہیں۔

  • ‘عمران خان کے بیانات میں  دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی’

    ‘عمران خان کے بیانات میں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی’

    اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے بیانات میں ہمیں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی، ان کو نواوردس مئی کے واقعات کی ذمہ داری لینی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہورہائی کورٹ نوٹی فکیشن معطل کرسکتے ہیں اسپیکر کو ہدایت نہیں دے سکتے، استعفیٰ منظور ہونے کے بعد اس کو واپس نہیں لیا جاسکتا۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ استعفیٰ منظورکرنا یا نہ کرنا اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے، ایک بار استعفیٰ منظور ہو جائے تو واپس لینے کی شق قانون میں موجود نہیں۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوائیوں نے سول و عسکری املاک پرحملہ کیا،عمران خان کے بیانات سے ہمیں دکھ اور ندامت نظر نہیں آئی، ان کو 9 اور 10 مئی واقعات کی ذمہ داری لینی ہوگی ، اگر ذمہ داری نہیں لیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں نے فیصلہ عمران خان اور ان کی جماعت نے کرنا ہے، ان کو فیصلہ کرنا ہوگا ان کو جمہوری جماعت بن کر رہنا ہے یا نہیں۔

    خرم دستگیر نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام سے ملک کو معاشی نقصان ہورہاہے، شرپسند جتھوں نےعام شہریوں کی موٹر سائیکل جلائیں، پاکستان بنانے اور جلانےوالوں میں فرق سب نےدیکھ لیا۔

    وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی امریکا میں سہولت کاری ہورہی ہے، وہ پیسہ خرچ کر رہے ہیں، اس پیسےکی آواز وہاں سےآرہی ہے۔

  • ‘عمران خان کو 9 اور 10مئی کے  تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی’

    ‘عمران خان کو 9 اور 10مئی کے تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی’

    گوجرانوالہ : وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کو 9 اور 10مئی کے تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے پریس کا نفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9اور10مئی کو جلاؤگھیراؤ ہوا،املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شہداکی یادگاروں کو جلانا سیاسی اختلاف نہیں ہے، جناح ہاؤس، کورکمانڈرکی رہائش گاہ اور جی ایچ کیو پر حملہ سیاسی احتجاج نہیں۔

    خرم دستگیر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو جلانے والے وہی ہیں جنہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا تھا، سوچی سمجھی تقسیم کےتحت پاکستان میں آگ لگائی گئی، وفاق صوبائی حکومتوں کیساتھ ملکرشر پسندوں کو گرفتار کرکے سزائیں دلوائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کوبھی اختلافات رہےلیکن اختلاف کوپاکستان میں آگ لگانےکیلئےاستعمال نہیں کیا، عمران خان کو ان تمام واقعات کی ذمہ داری لینی پڑے گی اور آئین پر عمل کرتے ہوئے ان شر پسندوں سے نمٹیں گے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوئی توپارلیمان دیواربن کرکھڑی ہوگی، عمران خان نےنیب قانون کیخلاف درخواست دے رکھی ہے اسی قانون سے فائدہ بھی لے رہے۔

  • چاروں صوبوں میں نگراں حکومت کی موجود گی میں اکتوبر میں الیکشن ہونا ہیں، خرم دستگیر

    چاروں صوبوں میں نگراں حکومت کی موجود گی میں اکتوبر میں الیکشن ہونا ہیں، خرم دستگیر

    اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں میں نگراں حکومت کی موجود گی میں اکتوبر میں الیکشن ہونا ہیں۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر نے کہا 2018 کے انتخابات میں بد ترین مداخلت کے ذریعے ن لیگ کو ٹارگٹ کیاگیا، 2018 سینیٹ انتخابات میں ہمارے امیدواروں سے انتخابی نشان بھی چھین لیاگیا الیکشن والے دن بدترین دھاندلی ہوئی آرٹی ایس بٹھایاگیا جس کے بعد عمران دور میں مخالفین کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ  چاروں صوبوں میں ایک وقت میں انتخابات کی قرارداد منظور ہوچکی ہے دو صوبوں میں انتخابات کی کوشش مزید انارکی اور انتشارکو جنم دے گی، 2023 کا انتخاب ایسا ہوگا جو ملک کو آگے لیکر جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے چاروں صوبوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے، آئین کہتا ہے نئی مردم شماری پھر اسکی بنیاد پر حلقہ بندیاں پھر انتخابات ہوں، موضوع بحث ہےکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ 4،3کا ہے، 4 فاضل جج صاحبان کے باقائدہ فیصلے ہمارے پاس موجود ہیں ان 4 فاضل جج صاحبان نے ازخود کے اختیار کو غلط قرار دیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جج صاحبان نے صرف یہ نہیں کہا کہ فیصلہ 4،3کا تھا، ججز نے قانونی مہارت کیساتھ بہت اہم ریمارکس استعمال کیے، ایک جج صاحب نے یہ بھی کہا ون مین شو فرسودہ ہو چکا بلکہ برائی بھی ہے۔

    وفاقی وزیر خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں میں نگراں حکومت کی موجود گی میں اکتوبر میں الیکشن ہونا ہیں، پی ڈی ایم کی مخلوط حکومت مرکز میں موجود ہے، 2018 کے انتخابات میں ان جماعتوں کو دوتہائی سے زیادہ ووٹ ملے تھے، آج جو فیصلےکر رہے ہیں وہ عوام کے ووٹوں کی دوتہائی سے زائد طاقت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بہت سارے معاملات کی بنیاد 2017 میں رکھی گئی جو آج  تک بھگت رہے ہیں، عدالت اپنے معاملات بھی اسی شفافیت سے چلائے جس طرح دیگر معاملات دیکھتے ہیں، صوابدیدی اختیار مکمل صوابدید نہیں اسے کسی ضابطے میں استعمال ہونا ہے، عدالت سے استدعا ہے چیف جسٹس کے صوابدیدی اختیار اسٹرکچر کے ذریعے استعمال ہوں۔

     خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ ججز فل کورٹ میں بیٹھیں پھر اجتماعی دانش سے آئینی بحران پر فیصلہ دیں قبول ہوگا، آئین کی مختلف شق مختلف احکامات اور سب مقدس ہیں، آئین کہتا ہے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر60  دن میں الیکشن ہوں، جب عدالتیں اسٹے دے کر 6 دن کے حکم کو رد کردیں تو تاخیر کا اطلاق کہیں اور کیوں نہیں۔

    خرم دستگیر کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر میں ہم عام انتخابات کی طرف جا رہے ہیں، 2023 کا انتخاب پاکستان کے مستقبل کیلئے بہتر، جمہوری انتخاب ثابت ہوگا، ہم ملک میں ڈسکہ جیسا الیکشن نہیں چاہتے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ جب ن لیگ کی حکومت گئی تو پاکستان کا قرضہ 30 ہزار ارب  تھا، عمران خان نے پونے 4 سال میں 71 سالوں کا 90 فیصد قرضہ مزید بڑھا دیا جو 57 ارب تک پہنچ گیا ہے، قرضوں کی واپسی کے بوجھ نے ہمارے ہاتھوں کو باندھا ہوا ہے۔

  • پاکستان میں گیس کی قلت ، حکومت نے بڑا اعلان کردیا

    پاکستان میں گیس کی قلت ، حکومت نے بڑا اعلان کردیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر خرم دستگیر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں اب گیس سے چلنے والے پاور پلانٹ نہیں لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خرم دستگیر خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قدرتی گیس کی بہت زیادہ کمی ہوگئی ہے، پاکستان میں اب گیس سے چلنے والے پاورپلانٹ نہیں لگائے جائیں گے۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ روس اوریوکرائن جنگ نے ایل این جی کی قیمت کو ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے، اسی لیے پاکستان کوئلے سے چلنے والی بجلی کے پلانٹ صلاحیت کوچار گنا کرنا چاہتا ہے۔

    وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ کوئلے سے بجلی حاصل کرنے کی صلاحیت کو دواعشاریہ تین ایک گیگاواٹ سے بڑھا کر دس گیگاواٹ کرنے کا ارادہ ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ اپنے سولر، ہائیڈرو اورنیوکلیئرپاورکےذریعے بھی بجلی پیداکرنےکی صلاحیت میں اضافے کا منصوبہ ہے، پاکستان بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

  • توانائی بحران: حکومت کا سولر انرجی سے متعلق پالیسی لانے پر غور

    توانائی بحران: حکومت کا سولر انرجی سے متعلق پالیسی لانے پر غور

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ حکومت جلد سولر انرجی سے متعلق سہولت دینے کے لیے پالیسی لا رہی ہے، سولر پینل پر اس وقت کوئی ڈیوٹی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد سولر انرجی سے متعلق سہولت دینے کے لیے پالیسی لا رہی ہے، سولر کو فوسل فیول کے متبادل کے طور پر لانا چاہتے ہیں۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں ایک سے چار میگا واٹ کے سولر دینے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام عمارتوں کو سولر پر تبدیل کر رہے ہیں، سولر پینل پر اس وقت کوئی ڈیوٹی نہیں ہے۔

  • خرم دستگیر  نے بڑا دعویٰ کردیا

    خرم دستگیر نے بڑا دعویٰ کردیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر نے دعویٰ کیا ہے کہ پورے ملک میں عارضی اور غیرمعمولی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی خرم دستگیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پورے ملک میں عارضی اور غیرمعمولی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی، آج صبح سے بجلی کی پیداوار تقریبا 14 ہزار میگا واٹ ہے، بجلی کی فراہمی معمول کے شیڈول کے مطابق جاری ہے۔

    .

    گذشتہ روز وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے پاور شٹ ڈاؤن کے معاملے پر متضاد باتیں کرتے ہوئے کہا تھا کہ جوہری اور کول پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار میں 48 سے 72 گھنٹے لگیں گے، لیکن یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر میں بجلی کا نظام مکمل بحال ہوچکا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، مصدق ملک کی سربراہی میں 2 سینیئر لوگ بریک ڈاؤن کی تحقیقات کریں گے، تحقیقاتی کمیٹی ہمیں براہ راست معاونت فراہم کرے گی۔