Tag: خرم نثار

  • شاہین فورس اہلکار کا قتل کیس  : تحقیقات کے دوران ایک اور اہم پیش رفت

    شاہین فورس اہلکار کا قتل کیس : تحقیقات کے دوران ایک اور اہم پیش رفت

    کراچی : شاہین فورس اہلکار کے قتل کیس میں جائے وقوعہ سے ملنے والے خول ملزم کی پستول سے میچ کر گئے، ڈسٹرکٹ ساؤتھ ٹیم نے ملزم خرم نثار کا اسلحہ برآمد کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد سوئیڈش باشندے کے ہاتھوں کراچی میں شاہین فورس اہلکار عبدالرحمان کے قتل کی تحقیقات کے دوران ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے دونوں خول خرم نثار کی پستول سے میچ کر گئے ہیں، ڈسٹرکٹ ساوتھ پولیس کی خصوصی ٹیم نے ملزم خرم نثار کا اسلحہ برآمد کیا تھا جس کے ساتھ پولیس کو 6 گولیاں بھی ملی تھی۔

    تفتیشی پولیس نے کہا کہ خرم نثار کے نائن ایم ایم پستول سے ہی عبدالرحمان شہید ہوا جو اب برآمد کرلیا گیا ہے، جبکہ خرم جس کار میں سوار ہوا وہ بھی پولیس نے قبضے میں لے لی تھی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ کار سے واردات میں استعمال کار کی نمبرپلیٹیں بھی مل گئی تھی، گرفتار ملزمان عامر اور اورنگزیب کا مزید 5 روزہ ریمانڈ حاصل کیا ہے۔

    تفتیشی پولیس کے مطابق ملزمان نے خرم نثار کو فرار کروانے میں سہولت کاری کی، جس کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں اور کیس پر مزید کام کیا جارہا ہے۔

  • قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا

    کراچی: شہر قائد میں پولیس اہل کار کے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار سے متعلق اہم ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز فائیو میں شاہین فورس کے اہلکار کے قتل کے بعد پولیس کے ہاتھوں زیر حراست شخص کا خصوصی ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا۔

    شاہین فورس کے اہل کار عبدالرحمان کے قتل کے معاملے میں زیر حراست اہم ملزم عامر نے پولیس کو ایک ویڈیو بیان دیا ہے، جس میں انھوں نے قتل کے بعد خرم نثار کے فرار کا واقعہ بیان کیا ہے۔

    ملزم عامر جو خرم نثار کا سالا ہے، نے بیان میں کہا کہ ’’میں ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا، خرم نثار نے مجھے ویٹر یا منیجر کے ذریعے باہر بلوایا، جب میں باہر نکلا تو خرم نے کہا کہ مجھے فوراً جانا ہے۔‘‘

    ملزم عامر نے بیان میں انکشاف کیا کہ خرم نثار کی پہلے بھی کچھ دشمنی تھی، اس لیے میں سمجھا کہ پھر ایسا ہی کوئی واقعہ ہوا ہوگا۔ عامر نے بتایا کہ جب ان کا دوبارہ خرم سے رابطہ ہوا تو اس نے کہا میں پیٹرول پمپ پر ہوں۔

    شاہین فورس اہلکار کا قتل : ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ

    عامر نے کہا ’’خرم نثار نے مجھے کہا کہ میں اپنا ٹکٹ بک کروا رہا ہوں، اس دوران ہماری ڈرائیور کے ساتھ خرم کو ڈراپ کرنے کی بات ہوئی، لیکن گاڑی میں میری اس سے جب بات ہوئی تھی تو وہ مجھے مکمل یاد نہیں۔‘‘

    عامر نے بیان میں مزید کہا کہ گاڑی میں خرم کا کہنا تھا کہ اسے ملک سے باہر جانا ہے، کیوں کہ اس کا کوئی پھڈا ہو گیا ہے۔ عامر نے یہ بھی بتایا کہ خرم نے پہلے سے ٹکٹ نہیں کروائی ہوئی تھی۔