Tag: خرگوش

  • خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    خرگوش کی انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل

    بھارت میں ایک خرگوش کی تالاب میں انوکھے انداز میں تیرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، خرگوش کے تیرنے کا انداز دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نہایت محفوظ ہوئے۔

    بھارتی فاریسٹ سروس کی افسر سوزانتا نندا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک خرگوش تالاب میں تیرتا ہوا نظر آرہا ہے۔

    خرگوش تیرتا ہوا تالاب کے کنارے تک پنچا اور پھر جنگل میں گم ہوگیا۔

    سوزانتا نے لکھا کہ اس کے پانی میں تیرنے کا انداز بھی ایسا ہے جیسے بھاگنے کا، یعنی اچک اچک کر۔

    خرگوش کی اس دلچسپ ویڈیو پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

  • خرگوش کی شرارتوں سے بھرپور فلم جلد ریلیز ہونے کو تیار

    خرگوش کی شرارتوں سے بھرپور فلم جلد ریلیز ہونے کو تیار

    لائیو ایکشن اور اینی میٹڈ مکس مووی پیٹر ریبٹ 2 دی رن اوے کا آخری ٹریلر ریلیز کردیا گیا۔

    پیٹر خرگوش کی نٹ کھٹ شرارتوں سے بھرپور ایڈونچر کامیڈی اینی میٹڈ فلم پیٹر ریبٹ 2 دی رن اوے کا آخری ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

    فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پیٹر جو اپنے ساتھیوں میں بہت شرارتی مشہور ہے، اپنی اس شہرت کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور سنجیدگی اپناتا ہے۔

    پھر وہ ایسی جگہ جا پہنچتا ہے جہاں اس کی شرارتوں کو بہت پسند کیا جاتا ہے لیکن جلد ہی اس کے گھر والے اسے واپس لینے آن پہنچتے ہیں۔

    خرگوش کی شرارتوں سے بھری فلم 18 جون کو نمائش کے لیے پیش کردی جائے گی۔

  • "چیتے دراصل گدھے ہیں”

    "چیتے دراصل گدھے ہیں”

    کسی جنگل میں خرگوش کی ایک اسامی نکلی، لیکن کئی ماہ تک کسی خرگوش نے اس نوکری کے لیے درخواست نہیں دی۔

    ایک بے روزگار اور حالات کے ستائے ہوئے ریچھ نے اس اسامی پر اپنی درخواست جمع کرا دی۔

    اس ریچھ کو خرگوش تسلیم کرتے ہوئے ملازمت دے دی گئی۔

    نوکری کے دوران کہیں سے ریچھ کو معلوم ہوا کہ جنگل میں ریچھ کی ایک اسامی پر اسی کی طرح ایک خرگوش کام کر رہا ہے اور وہ مشاہرہ اور مراعات لے رہا ہے جو کہ ریچھ جیسے بڑے اور طاقت ور جانور کا حق ہیں۔ اسے کسی نے بتایا کہ خرگوش خود کو دھڑلے سے ریچھ کہتا ہے۔

    ریچھ نے اسے ناانصافی تصور کیا۔ اسے بہت غصہ آیا کہ وہ اپنے قد کاٹھ اور جثے کے ساتھ بمشکل خرگوش کا مشاہرہ اور مراعات پا رہا ہے جب کہ ایک چھوٹا سا خرگوش اس کی جگہ ریچھ بن کر مزے کر رہا ہے۔

    ریچھ نے اپنے دوستوں اور واقف کاروں سے رابطہ کیا اور مشورہ مانگا۔ انھوں نے ریچھ کو کہا کہ یہ تو بڑا ظلم اور اس کے ساتھ زیادتی ہے۔ بہی خواہوں کا مشورہ تھا کہ ریچھ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

    خرگوش کی اسامی پر کام کرنے والے ریچھ نے جنگل کے منتظمِ اعلیٰ کو تحریری شکایت کی اور مؤقف اپنایا کہ یہ غیرقانونی اور اس جیسے جانور کی حق تلفی کے مترادف ہے۔

    جنگل کا منتظمِ اعلیٰ ریچھ کو کوئی جواب نہ دے سکا اور اس کی شکایت انتظامیہ اراکین کو بھیج دی۔ انھوں نے چند سینئر چیتوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی جو اس مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھے۔

    کمیٹی اراکین نے خرگوش کو نوٹس بھجوا دیا کہ وہ ذاتی حیثیت میں حاضر ہو کر اس حوالے سے اپنی صفائی پیش کرے اور ثابت کرے کہ وہ ایک ریچھ ہے۔

    مقررہ تاریخ پر خرگوش کمیٹی کے سامنے پیش ہوا اور اپنے سارے کاغذات اور ڈگریاں رکھ دیں اور کسی طرح یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک ریچھ ہے۔

    اب کمیٹی نے ریچھ کو ہدایت کی کہ پہلے تو وہ اپنی موجودہ ملازمت کے حوالے سے یہ ثابت کرے کہ وہ ایک خرگوش ہے؟ مجبوراً ریچھ نے ضروری کاغذات اور دستاویز پیش کر کے خود کو خرگوش ثابت کیا۔

    کمیٹی نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ سچ یہ ہے کہ خرگوش ہی ریچھ ہے اور ریچھ دراصل خرگوش ہے۔ اس لیے فریقین اپنی اپنی نوکریوں پر بحال رہ کر اپنے اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ ریچھ نے کوئی اعتراض کیے بغیر کمیٹی کا فیصلہ تسلیم کر لیا اور اپنی راہ لی۔

    مایوس اور پریشان ریچھ کے دوستوں نے اسے بہت برا بھلا کہا اور بزدلی کا طعنہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریچھ کو چیتوں کے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کرنا چاہیے تھا۔

    تب ریچھ نے انھیں غور سے دیکھا اور سر جھکا کر بولا: میں بھلا چیتوں پر مشتمل اس کمیٹی کے خلاف کیسے کوئی بات کرسکتا تھا، اور میں کیونکر ان کا فیصلہ قبول نہ کرتا؟

    دوستو، جیسے میں ایک خرگوش اور ایک خرگوش ریچھ کی حیثیت سے جنگل سرکار سے تنخواہ لے رہا ہے بالکل اسی طرح کمیٹی میں شامل چیتے درحقیقت گدھے ہیں اور ان کے پاس یہ ثابت کرنے کے لیے کہ وہ چیتے ہیں تمام ضروری کاغذات اور دستاویز بھی موجود ہیں۔

    (عالمی ادب سے انتخاب)

  • خرگوش اور کتے کی انوکھی دوستی

    خرگوش اور کتے کی انوکھی دوستی

    کتے کی انسانوں سے وفاداری اور محبت میں تو کوئی شک نہیں، لیکن یہ جانور دیگر جانوروں سے دوستی سے عموماً پرہیز کرتا ہے۔

    لیکن حال ہی میں ایک انوکھی ویڈیو نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کروالی، جس میں ایک کتا ایک سہمے ہوئے خرگوش کو چھیڑنے اور اس سے دوستی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

    مزید پڑھیں: ہانگ کانگ میں خرگوش کیفے

    ایک گھر کے لان میں ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کتا اچھل کود میں مصروف ہے جبکہ اس کے قریب بیٹھا خرگوش سہما ہوا بیٹھا ہے، شاید کتے سے خوفزدہ ہے۔

    لیکن کتے کی چھیڑ چھاڑ اور دوستانہ انداز نے خرگوش کا ڈر ختم کردیا اور وہ آرام سے کتے کے ساتھ کھیلنے لگا۔

    کتوں کا ذکر ہوا تو آپ کو بتاتے چلیں کہ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کتوں کے لیے اپنے مالک کو خوش کرنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق کتے خواب میں بھی اپنے مالک کی خوشبو، اس کی مسکراہٹ کو دیکھتے ہیں، یا وہ خود کو ایسی حرکتیں کرتے ہوئے دیکھتے ہیں جس سے ان کا مالک بہت خوش یا بہت تنگ ہوتا ہو۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے جن چیزوں سے اپنے مالک کو خوش ہوتا دیکھتے ہیں وہ ان کو زیادہ یاد رکھتے ہیں اور بعد میں وہی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس طرح وہ اپنے مالک کو خوش کرنا چاہتے ہیں۔

  • ہانگ کانگ میں خرگوشوں کا کیفے

    ہانگ کانگ میں خرگوشوں کا کیفے

    ہانگ کانگ: ہانگ کانگ میں ایک ایسا کیفے کھولا گیا ہے جہاں آنے والے گاہکوں کی تفریح طبع اور معلومات میں اضافہ کے لیے خرگوشوں کو رکھا گیا ہے۔

    ریبٹ لینڈ نامی اس ریستوران میں 12 خرگوش موجود ہیں جو گھاس سے سجی ہوئی صاف ستھری جگہوں پر رہتے ہیں اور انہیں پلاسٹک کے جنگلے بنا کر الگ کیا گیا ہے۔

    bunny-2

    شہر کے مرکزی علاقہ میں ایک مصروف عمارت کی پانچویں منزل پر قائم اس ریستوران میں خرگوش پالنے کے شوقین افراد آتے ہیں اور گھنٹوں وہاں بیٹھ کر انہیں کھانا کھلاتے اور پیار کرتے ہیں۔

    bunny-4

    اس ریستوران کی 29 سالہ مالکہ ٹیڈی چوئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ریستوران اس لیے کھولا ہے کہ ایسے افراد جو جانور پالنا چاہتے ہیں لیکن گھروں میں کم جگہ کے باعث نہیں پال سکتے وہ یہاں آ کر ان جانوروں کو کھلا پلا اور پیار کر کے اپنا شوق پورا کرسکتے ہیں۔

    bunny-5

    انہوں نے بتایا کہ یہاں آنے والے کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو جانور پالنا چاہتے ہیں لیکن اس سے پہلے وہ ان کی پرورش اور خوراک کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے یہاں وقت گزارتے ہیں۔

    bunny-3

    ریستوران میں آنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ ان کی 11 سالہ بیٹی نے گھر میں خرگوش پالنے کا ارادہ کیا تو وہ اسے یہاں لے آئیں۔ ’میں چاہتی ہوں کہ اسے پتہ چلے کہ جانور پالنا آسان نہیں، انہیں بہت وقت اور محبت دینے کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کا بہت خیال رکھنا پڑتا ہے‘۔

    bunny-6

    یہاں آنے والے کئی افراد ان پلے پلائے خرگوشوں کو خریدنا چاہتے ہیں تاہم یہاں موجود خرگوش برائے فروخت نہیں ہیں۔

    ویڈیو بشکریہ: اے ایف پی

    واضح رہے کہ اس سے قبل ہانگ کانگ ہی میں ایک کیٹ کیفے بھی کھل چکا ہے جہاں موجود بلیاں آنے والوں کی شفقت و توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں۔