Tag: خشک جلد

  • موسم سرما کی خشکی اور خارش سے نجات کے ٹوٹکے

    موسم سرما کی خشکی اور خارش سے نجات کے ٹوٹکے

    موسم سرما میں جلد کی خشکی عام مسئلہ بن جاتی ہے جو بعض اوقات شدید بھی ہوسکتی ہے، یہ خارش اور الرجی کا سبب بھی بنتی ہے۔

    اکثر دھول مٹی جلد کی خشکی یا پھر کمبل وغیرہ سے الرجی کے باعث بھی خارش کا مسئلہ ہوتا ہے۔

    لیکن اگر سرد اور خشک موسم میں خارش ایک بار شروع ہو جائے تو رکتی ہی نہیں ہے، تاہم کچھ گھریلو ٹوٹکوں سے آپ اس مسئلے سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔

    ناریل کا تیل

    ماہرین کے مطابق ناریل کا تیل خارش سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، کیونکہ ناریل میں اینٹی بیکٹریل اور اینٹی الرجک خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔

    خارش کی صورت میں متاثرہ جگہ یا پھر پورے جسم پر ناریل کے تیل کی مالش کریں۔

    پیٹرولیم جیلی

    اگر آپ اپنی جلد کو چکنا رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے معیاری پیٹرولیم جیلی سے بہتر کچھ نہیں ہے، جب خارش ہو یا جلد خشک ہو تو پیٹرولیم جیلی لگائیں اس سے آرام آئے گا۔

    امرت دھارا

    امرت دھارا ایک طرح کی جڑی بوٹی ہے، سردیوں میں اگر کسی بھی چیز سے الرجی ہو جائے اور بے تحاشہ خارش ہو تو فوری ناریل کے تیل میں امرت دھارا ملائیں اور اسے اچھی طرح مکس کر کے خارش والے متاثرہ حصے پر لگائیں۔

    اس سے فوری طور پر خارش دور ہو گی اور الرجی بھی ختم ہو جائے گی۔

    نیم کے پتے

    نیم میں قدرت نے بے شمار فوائد رکھے ہیں، اس کی اہم خصوصیات میں ایک یہ بھی ہے کہ اسے خارش اور الرجی سے نجات کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    نیم کو پتوں کو گرم پانی میں پکا کر اس پانی سے نہا لیں تو جسم سے تمام جراثیم اور خارش ختم ہو جائے گی۔

  • موسم سرما: وہ عادات جو جلد کو خشکی سے بچائیں

    موسم سرما: وہ عادات جو جلد کو خشکی سے بچائیں

    موسم سرما میں جلد کی خشکی نہایت عام مسئلہ ہے جس کے لیے مختلف ٹوٹکے اور کریمز استعمال کیے جاتے ہیں، تاہم ان کے علاوہ بھی موسم سرما میں کچھ عادات اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ جلد کی نمی بحال رہ سکے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں جلد زیادہ توجہ اور وقت مانگتی ہے۔ ایسے موسم میں جلد کے لیے بہترین موائسچرائزر، پانی کا زیادہ استعمال اور متوازن غذا لینی چاہیئے۔

    اس کے علاوہ وہ عادات جو موسم سرما میں اپنائی جانی ضروری ہیں وہ کچھ یہ ہیں۔

    گرم شاور سے پرہیز

    موسم سرما میں غسل کے لیے گرم پانی کا استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ ہماری جلد کو خشک بنانے والی ایک بڑی وجہ ہے، خاص طور پر اگر کوئی شخص بہت زیادہ گرم پانی سے غسل کرے۔

    ماہرین کے مطابق نہاتے ہوئے نیم گرم پانی استعمال کریں، نہانے کا وقت مختصر رکھیں تاکہ زیادہ دیر تک گرم پانی جلد پر نہ پڑے، اور گرم پانی سے نہانے کے فوراً بعد گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

    گرم پانی جلد کی نمی کو خشک کردیتا ہے اور اگر نہانے کے فوراً بعد باہر نکلا جائے گا تو گرد و غبار اور سرد ہوا جلد کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے۔

    پھلوں کا استعمال

    موسم سرما میں پھلوں کا استعمال بڑھا دیں تاکہ جسم میں نمی کی مقدار متوازن رہے، موسمی پھل نہ صرف جسم سے مضر اجزا کی مقدار خارج کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ جلد کو شفاف اور چمکدار بھی بناتے ہیں۔

    ایلو ویرا کا استعمال

    ایلو ویرا ایسی چیز ہے جو ہر موسم میں انسانی جسم کے لیے بہترین ہے، یہ جلد اور بالوں کے لیے بہترین غذا ہے۔

    موسم سرما میں رات کو سوتے ہوئے شہد میں ایلو ویرا شامل کر کے ہاتھوں اور چہرے پر لگا لیں اور صبح دھو لیں۔ چند ہی دن میں جلد نہایت نرم و ملائم اور چمکدار ہوجائے گی۔

  • خشک جلد کے لیے گھر میں ابٹن تیار کریں

    خشک جلد کے لیے گھر میں ابٹن تیار کریں

    دلہن بننے والی لڑکیاں اکثر اوقات ابٹن کا استعمال کرتی ہیں جس سے جلد کی رنگت نکھر جاتی ہے، ابٹن کو گھر میں بھی بنایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں فرح محمد نے گھر میں ابٹن بنانے کا طریقہ بتایا۔ اس کے لیے مندرجہ ذیل اشیا درکار ہیں۔

    بیسن: 2 چائے کے چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    براؤن شوگر: 1 چائے کا چمچ

    خشک دودھ: 1 چائے کا چمچ

    صندل پاؤڈر: 1 چائے کا چمچ

    ان تمام اشیا کو مکس کرلیں، اگر جلد خشک ہے تو شہد، یا زیتون / بادام کا تیل شامل کر کے لگایا جاسکتا ہے۔

    دھیان رہے کہ ابٹن سے مساج کرنے کے بعد صابن کا استعمال نہ کریں، اس سے جلد پر ری ایکشن ہوسکتا ہے اور جلد پر ریشز یا مہاسے ہوسکتے ہیں۔

  • جلد کی خشکی سے بچنے کے لیے آسان تجاویز

    جلد کی خشکی سے بچنے کے لیے آسان تجاویز

    اکثر اوقات پانی کی کمی کی وجہ سے جلد خشکی کا شکار ہو جاتی ہے جس کے باعث چہرہ بے رونق لگنے لگتا ہے، ماہرین اس صورتحال سے بچنے کے لیے مختلف تجاویز دیتے ہیں۔

    ذیل میں کچھ تراکیب بتائی جارہی ہیں جنہیں اپنا کر جلد کی خشکی سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

    سبز چائے اور شہد

    اجزا

    تیار سبز چائے: 1 چمچ

    شہد: 1 چمچ

    ان اجزا کو اچھی طرح سے مکس کرلیں تاکہ آمیزہ تیار ہو جائے، آمیزے کو جلد پر لگائیں اور ایک منٹ کے لیے آہستہ سے مساج کریں۔ اس آمیزے کو 15 منٹ کے لیے جلد پر لگائے رکھیں، پھر مرکب کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

    ہفتے میں ایک بار یہ نسخہ آزمائیں۔

    پپیتا اور دہی

    پپیتا: 1 چمچ

    دہی: 1 کپ

    لیموں کا رس: چٹکی بھر

    شہد: ایک چٹکی

    تمام اجزا کو اچھی طرح سے مکس کر لیں، اس آمیزے کو جلد پر لگائیں اور ایک منٹ کے لیے آہستہ سے مساج کریں۔ 15 منٹ بعد چہرہ صاف پانی سے دھو لیں۔

    کھیرا اور ایلو ویرا

    اجزا

    کٹی ہوئی ککڑی: نصف عدد

    ایلو ویرا جیل: 2 چمچ

    دونوں کو مکس کر کے اچھی طرح چہرے پر مساج کریں اور آدھے گھنٹے بعد صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔

  • موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کی خشکی نہایت عام مسئلہ ہے جس کے لیے مختلف ٹوٹکے اور کریمز استعمال کیے جاتے ہیں، تاہم گھر میں موجود معمولی اشیا اس مسئلے سے نہایت آسانی سے نجات دلا سکتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے سردیوں میں جلد کو خشکی سے بچانے کے لیے نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ ایک عدد انڈے کی زردی، 1 چمچ ویسلین اور 1 چمچ سرسوں کا تیل ملا لیں اور اسے ہاتھوں اور چہرے پر لگائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس آمیزے سے انڈے کی بو بالکل نہیں آئے گی کیونکہ سرسوں کے تیل کی بو انڈے کی بو کو ختم کردے گی۔ اسے سیرم کی لگایا جائے یعنی لگا کر مساج کی طرح سے جذب کرلیا جائے۔

    ڈاکٹر بلقیس کا کہنا تھا کہ یہ جلد کے خلیات میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے لیے بہترین ہے اور خلیوں کی مرمت کرتا ہے جس سے جلد تر و تازہ اور نم رہتی ہے۔

    یہ آمیزہ آنکھوں کے گرد بھی لگایا جاسکتا ہے جبکہ ہاتھوں پیروں اور پورے جسم پر لگایا جاسکتا ہے، اسے رات میں لگا کر صبح معمول کے مطابق غسل کرلیا جائے تو یہ آمیزہ بہترین نتائج دے گا۔

  • صابن اور سینی ٹائزر سے خشک ہوجانے والے ہاتھوں کا کیسے خیال رکھا جائے؟

    صابن اور سینی ٹائزر سے خشک ہوجانے والے ہاتھوں کا کیسے خیال رکھا جائے؟

    کرونا وائرس سے بچنے کے لیے بار بار ہاتھوں کو دھونا اور سینی ٹائزر کے ذریعے انہیں جراثیم سے پاک رکھنا ضروری ہے، تاہم یہ عادت ایک اور مسئلے کو جنم دے رہی ہے۔

    بار بار ہاتھوں کو دھونے کی وجہ سے اکثر افراد ہاتھوں کی جلد خشک ہونے سے نہایت پریشان ہیں اور اگر اس کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ کسی بڑی تکلیف کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق صابن اور سینی ٹائزر کا اس قدر استعمال ہماری جلد کی قدرتی چکناہٹ کو ختم کر سکتا ہے لہٰذا ہمیں اپنے ہاتھوں کو موئسچرائز کرنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔

    ضروری نہیں کہ ہر بار صابن یا سینی ٹائزر کے استعمال کے بعد موئسچرائزر استعمال کیا جائے تاہم دن میں کئی بار ہاتھوں کو موئسچرائز کیا جانا ضروری ہے۔

    ایسے افراد جن کی جلد نارمل ہے انہیں عام ہینڈ کریم یا لوشن استعمال کرلینا چاہیئے تاہم اگر کسی کی جلد قدرتی طور پر خشک یا حساس ہے تو حساس جلد کی پیشگی دیکھ بھال کے تحت ویزلین استعمال کریں۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں صابن اور سینی ٹائزر کی خصوصیات کو بھی مدنظر رکھیں۔ دو طرح کے صابن کو استعمال میں لائیں۔

    ایک کم کیمیائی اجزا والا جو جلد کو کم خشک کرتا ہے، ہر تھوڑی دیر بعد ہاتھ دھوتے ہوئے اسے استعمال کریں۔

    دوسرا زیادہ کیمیائی اجزا والا، یہ جلد سے قدرتی چکناہٹ کو ختم کر کے اسے خشک کردیتا ہے لہٰذا اس صابن کا استعمال کم سے کم کریں۔ یہ صابن اس وقت استعمال کریں جب باہر سے آئیں یا کسی آلودہ شے کو چھوئیں۔ علاوہ ازیں اسے دن میں 2 سے 3 بار سے زیادہ استعمال نہ کریں۔

    اسی طرح سینی ٹائزر بھی یہی خصوصیات رکھتے ہیں، الکوحل والا سینی ٹائزر جلد کو خشک کردیتا ہے اور بعض اوقات الرجی کا سبب بھی بن سکتا ہے لہٰذا اس کا استعمال کم کریں، بغیر الکوحل والا سینی ٹائزر جلد کو نسبتاً کم خشک کرتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کے خشک ہونے کی وجہ سے صابن یا سینی ٹائزر کا استعمال ترک نہیں کیا جاسکتا لہٰذا انہیں باقاعدگی سے استعمال کریں، اس کے ساتھ ساتھ جلد کو نم رکھنے والی پروڈکٹس جیسے کریمز اور دیگر موئسچرائرز کا استعمال بھی بڑھا دیں۔

    علاوہ ازیں جلد نکھارنے والے گھریلو ٹوٹکے اپناتے ہوئے ہاتھوں کو نظر انداز نہ کریں اور چہرے کی طرح ہی ان کا خیال رکھیں۔