Tag: خصوصی بچے

  • نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے: شہباز شریف

    لاہور: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت تشویش ناک ہے، ان کی خرابیٔ صحت پر ہم سب اللہ سے دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اسپیشل بچوں کی پینٹنگ نمائش دیکھنے کے لیے الحمرا آمد کے موقع پر انھوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کی کل سماعت ہے، ہم دعا گو ہیں اللہ بہتر کرے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں زندگی میں ہمت نہیں ہارنی چاہیے، حالات چاہے کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں مقابلہ کرنا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، میری بیٹی عائشہ آٹزم سے متاثرہ بچوں کا اسکول چلا رہی ہے، اتنا اچھا کام کرنے پر بیٹی عائشہ پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، ڈاکٹر یاسمین راشد

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیلنجز کا مقابلہ بہادری کے ساتھ کرنا چاہیے، خیال رہے کہ اس وقت خود شریف برادران کو نیب کی جانب سے مختلف کرپشن کیسز میں مقدمات کا سامنا ہے اور دونوں کو قید بھی بھگتنی پڑ رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی عائشہ ہارون اسپیشل بچوں کے اسکول کی بانی ہیں۔

    خیال رہے کہ آج وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی ہے، گردوں سے متعلق ان کی رپورٹس نارمل ہیں، کوئی خطرے کی بات نہیں۔

  • پاکستان اسلام کےنام پر بنا لیکن حکمراں اچھے نہ ملے، عمران خان

    پاکستان اسلام کےنام پر بنا لیکن حکمراں اچھے نہ ملے، عمران خان

    لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بنا تو اسلام کے نام پرتھا لیکن یہاں حکومتیں انسانیت کی خدمت کرنے سے عاری ہیں۔

    عمران خان لاہورمیں خصوصی بچوں کے اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کام تو حکومت کا تھا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کرتی اورانہیں بھی معاشرے کا کارآمد فرد بناتی لیکن جب کرپشن پہلی ترجیح ہو تو حکومتیں عوامی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کو اہمیت دیتی ہیں۔

    چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ خصوصی بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیم و تربیت سے متعلق فلاحی کام اللہ کی خوشنودی کے حصول کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اس طرح کا مشن بھی کوئی خاص انسان ہی شروع کرسکتا ہے۔

    دوران خطاب عمران خان نے پاکستان میں شرح تعلیم کے اعداد و شمار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر اور پینتیس فیصد آبادی کو پوری طرح خوراک بھی میسر نہیں ہے حالانکہ یہ ملک اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا جہاں ایک فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھنی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمرانوں نے قیام پاکستان کے عظیم مقصد کو پس پشت ڈال کرذاتی مفادات کے حصول، مراعات اور اسٹیٹس کو بڑھاوا دیا جس کے لیے ملک میں کرپشن کو پروان چڑھایا گیا جس کے باعث ملک میں غریب آدمی غریب سے غریب  تر اور امیر آدمی امیر سے امیر تربنتا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان نے بھی خطاب کیا اور اس طرح کے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔