Tag: خصوصی عدالت

  • آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی کیس کی سماعت، فیصلہ محفوظ

    آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی کیس کی سماعت، فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد : خصوصی عدالت نے مشرف کیس میں دیگر ملزمان کو شریک جرم بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، فیصلہ اکیس نومبر کو سنایا جائیگا۔

    اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کی خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم کا کہنا تھا کوئی بھی شخص یا فرد اکیلے مارشل لاء یا ایمر جنسی نہیں لگا سکتا،یہ اجتماعی اقدام ہوتا ہے، جسمیں پی سی او ججز سمیت سب ذمہ دار ہیں ۔

    عدالت میں سابق گورنر پنجاب خالد مقبول کا ریکارڈ بیان پیش کیا گیا، دوران سماعت شوکت عزیز کی تقریر کی ڈی وی ڈی بھی پیش کی گئی جس پرعدالت نےفیصلہ محفوظ کر کےاکیس نومبر کو سنانے کا اعلان کیا۔

  • مشرف کیس:ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کےسربراہ خالد قریشی طلب

    مشرف کیس:ایف آئی اے تحقیقاتی ٹیم کےسربراہ خالد قریشی طلب

    اسلام آباد: خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ  کیس میں ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کےسربراہ خالد قریشی کو کل طلب کرلیا ہے۔

     پرویز مشرف کیخلاف آرٹیکل چھ کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی، سماعت شروع ہوئی تو سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے تفتیشی افسر مقصود الحسن پر جرح جاری رکھی، وکیل صفائی فروغ نسیم نے عدالت کی توجہ دلائی کہ مقصود الحسن مسلسل غلط بیانی کررہے ہیں، جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس میں کہا کہ غلط بات کا تعین کرنا ہمارا کام ہے۔

    مقصود الحسن نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان پرغلط الزام لگائے جارہے ہیں، عدالت نے مقصود الحسن پر جرح مکمل ہونے پرایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ خالد قریشی کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    گزشتہ روزپرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ  کیس کی سماعت میں ایمرجنسی سے متعلق سابق صدرکو لکھا گیا شوکت عزیزکا خط عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

    گزشتہ سماعت میں ایف آئی اے کی تفتیشی ٹیم کے رکن مقصود الحسن عدالت میں پیش ہوئے، جن پر سابق صدر پرویز مشرف کے وکلاء نے جرح کی، مشرف کے وکیل فروغ نسیم نےعدالت میں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز کا وہ خط پیش کیا، جس کے ذریعے مشرف کو ملک میں ایمر جنسی لگانےکا مشورہ دیا گیا تھا۔

    استغاثہ نے اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر اخبار میں شائع کسی دستاویز کو بطور ثبوت پیش نہیں کیا جاسکتا، عدالت نے استغاثہ کا اعتراض درست قرار دیا تاہم خط کے حوالے سے وکلاء صفائی کو گواہ سے سوال کرنے کی اجازت دے دی۔

    وکلاء نے استفسار کیا کہ آپ وزیرِاعظم شوکت عزیز کی ایسی سمری سے واقف تھے، جواُنھوں نے ایمرجنسی لگانے کے لیے مشرف کو بھیجی، جس پر گواہ مقصود الحسن نے کہا کہ اُن کے علم میں ایسی کوئی سمری نہیں۔

  • مشرف کیس کا ریکارڈ کل تک عدالتی تحویل میں جمع کرانے حکم

    مشرف کیس کا ریکارڈ کل تک عدالتی تحویل میں جمع کرانے حکم

     اسلام آباد: خصوصی عدالت نے مشرف کیس کا ریکارڈ کل تک عدالتی تحویل میں جمع کرانے حکم دے دیا ہے۔

    مشرف کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نےکی۔ پرویز مشرف کےوکلا کی درخواست پردلائل کے دوران پراسیکیوٹر نےایف آئی اے کا ریکارڈ خود فراہم کرنے کی پیش کش کی، جس پرعدالت نے ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دیا۔

    اس سے پہلے جب سماعت شروع ہوئی تواستغاثہ کے گواہ مقصود الحسن پر جرح ہونی تھی جوایڈووکیٹ شوکت کے والد کی وفات کے باعث جرح موخر کردی گئی۔

    فروغ نسیم نے استدعا کی کہ آئی جی اسلا م آباد نے دار الحکومت سیل کرنے کا کہا ہے، عدالت پہنچنا مشکل ہوگا،سماعت چودہ اگست کے بعد رکھی جائے، جس پر عدالت نےسماعت چھبیس اگست تک ملتوی کردی، اِسی دن مقصود الحسن پرجرح بھی ہوگی۔

    ۔

  • فروغ نسیم کی مشرف کیس کی دستاویزات عدالتی تحویل میں لینے کی استدعا

    فروغ نسیم کی مشرف کیس کی دستاویزات عدالتی تحویل میں لینے کی استدعا

    اسلام آباد: فروغ نسیم نے مشرف کیس کی دستاویزات عدالتی تحویل میں لینے کی استدعا کر دی، عدالت نے درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کردیا۔

    آرٹیکل چھ کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے کی، پرویزمشرف کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ ہمارے پاس مقدمے کی دستاویزات میں ردوبدل کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ ایف آئی اے حکام سے جو جرح کی اُس کے مطابق دستاویزات میں ردوبدل کی گئی، عدالت سے استدعا ہے دستاویزات اپنی تحویل میں لے۔

    تین رکنی بینچ نے اِس درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کر دیئے، دوران سماعت ایف آئی اے ٹیم کے رکن مقصود الحسن نے تین نومبرکی ایمرجنسی کے متعلق دستاویزات عدالت میں پیش کیں۔ جن میں ججز کو کام سے روکنے اور ججز کے حلف کا نوٹی فکیشن، مشرف کی تقریر کی ڈی وی ڈی اور شریف الدین پیرزادہ کے بطورمشیر تقررکا نوٹی فکیشن شامل ہے۔

    مقصود الحسن پر جرح کے بعد عدالت نے یہ کہتے ہوئے سماعت ملتوی کردی کہ کل پرویز مشرف کی تین نومبرکی تقرریر پروجیکٹر پر دیکھی اور سُنی جائےگی۔