Tag: خصوصی مہم

  • نادرا  نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    نادرا نے شہریوں کی بڑی مشکل آسان کردی

    اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شناختی دستاویزات کے حصول یا تجدید کے عمل کو آسان بنانے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ملک بھر میں اقلیتوں کی رجسٹریشن کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جو 4 اگست سے 11 اگست 2025 تک جاری رہے گی۔

    یہ مہم یوم اقلیت کے موقع پر شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد اقلیتی برادریوں کے افراد کے لیے شناختی دستاویزات کے حصول یا تجدید کے عمل کو آسان بنانا ہے۔

    نادرا نے ایک سرکاری اعلامیے میں اپنی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا ہے: "آپ کو ہر دوسرے شہری کی طرح برابر کے حقوق حاصل ہیں۔”

    اس خصوصی مہم کے ذریعے اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو تعلیم، صحت، اور انتخابی عمل سمیت بنیادی سہولیات تک رسائی ممکن بنانے کے لیے رجسٹریشن کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

    نادرا نے سہولت کو مزید آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں موبائل رجسٹریشن وینز (MRVs) بھی روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ شہری اپنے قریبی نادرا سینٹرز پر جا کر بھی اس مہم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نادرا میں ملازمت کے لیے درخواست دینے کا آن لائن طریقہ

    یہ رجسٹریشن مہم نادرا کی ڈیجیٹل وژن اور شمولیتی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان میں تمام شہریوں کو برابر کا درجہ دینا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ اس اقدام کو عوامی حلقوں میں ایک مثبت قدم اور نظر انداز شدہ طبقات کو بااختیار بنانے کی جانب عملی پیشرفت کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔

    آن لائن ملازمتوں کے لیے نئی سہولت

    اس سے قبل نادرا نے ایک الگ اقدام کے طور پر پاکستانی شہریوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں آن لائن درخواست دینے کا طریقہ بھی متعارف کروایا تھا، اب امیدوار بغیر کسی دفتر جائے، صرف پاک آئی ڈی (Pak ID) موبائل ایپ کے ذریعے آسانی سے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

    ایپ میں صارفین سنگل سائن آن (SSO) کے ذریعے نادرا کیریئر پورٹل میں لاگ ان ہو کر اپنا ذاتی کیریئر ڈیش بورڈ استعمال کرتے ہوئے براہ راست موبائل فون سے ملازمتوں کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ یہ سہولت ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔

  • وزیر اعظم کی مہنگائی میں اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت

    وزیر اعظم کی مہنگائی میں اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافےکا نوٹس لے لیا.

    تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں صوبائی چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد کو فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی، ساتھ ہی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف خصوصی مہم کی ہدایت کی گئی ہے.

    وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق قوانین پرعمل درآمد کر کے سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے، عوام کو ریلیف دینا فیلڈ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے.

    مراسلے کے مطابق متعلقہ اہل کاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان ہے، عمل درآمد نہ ہونے سے متعلقہ قوانین کوغیرمؤثر بنا دیا گیا، قیمتیں سے متعلق قوانین پرعمل درآمد کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے.

    وزیراعظم نے ہدایت کہ کہ پرائس اورمارکیٹ کمیٹیوں کومزیدمؤثر بنایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، فیلڈ افسران ہول سیل مارکیٹس کا دورہ کریں۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد : مئی کا تیسرا ہفتہ : مہنگائی کی شرح میں 0.33 فیصد اضافہ

    ،وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ نیلامی کے دوران قیمتوں کے مناسب تعین کو یقینی بنایا جائے، صوبائی سیکریٹریز اچانک دورے کرکے قیمتوں کی جانچ پڑتال کریں، اسپیشل برانچ کوعمل دار آمد رپورٹ متعلقہ وزیراعلیٰ، چیف سیکریٹری کو دی جائے.

    وزیر اعظم نے کہا کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافے پرکارروائی کی حکمت عملی اپنائی جائے، ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، پرائس کنٹرول کمیٹیز باقاعدگی سے قیمتوں کی فہرستیں جاری کریں، ساتھ ہی صوبائی حکام کو7دن میں احکامات پرعمل درآمد، پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔