Tag: خصوصی پروازیں

  • سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازیں، عوام کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے بڑی خوش خبری

    سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازیں، عوام کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے بڑی خوش خبری

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی کاوشوں سے پی آئی اے کو سعودی عرب کے لیے 21 مزید پروازوں کا خصوصی اجازت نامہ مل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں کے معاملے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، گزشتہ رات سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے وزیر اعظم سے لوگوں کی پریشانی اور بے پناہ رش کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی استدعا کی تھی۔

    اعلیٰ سطحی سفارتی ذرایع استعمال کرنے کے بعد صرف قومی ایئر لائن کو سعودی عرب کی جانب سے خصوصی طور پر مزید پروازیں جاری کرنے کا پروانہ جاری کر دیا گیا۔

    وزیر اعظم کی مداخلت کے ساتھ 21 مزید پروازوں کے سسٹم میں آنے کے بعد پی آئی اے کی صلاحیت 25،500 افراد کی ہو گئی ہے، یہ تمام افراد 30 ستمبر سے پہلے سعودی عرب روانہ ہو جائیں گے۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے نے 15 ستمبر کو اجازت ملتے ہی بکنگ کا آغاز کر دیا تھا، تاہم زیادہ تر اقامے جو 30 ستمبر کو مدت پوری کر رہے ہیں کی وجہ سے پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے پاس غیر معمولی رش ہو گیا تھا، کچھ عناصر نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر کئی گنا مہنگے ٹکٹس فروخت کرنے شروع کر دیے تھے۔

    سی ای او پی آئی اے نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اصل کرائے شائع کروائے اور مزید پروازوں کی اجازت طلب کی، تاہم سعودی حکام کی جانب سے مانگی گئی 28 پروازوں کے مقابلے میں صرف 13 پروازیں منظور کی گئیں۔

    سعودی عرب میں ملازمت کر نے والوں کے لیے اچھی خبر

    خیال رہے کہ پی آئی اے کی ہفتہ وار 23 پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہو رہی ہیں جن میں گنجائش 12،000 افراد کی تھی، 13 مزید پروازوں کی وجہ سے 3500 کی مزید گنجائش پیدا ہوئی تاہم یہ بھی طلب سے بہت کم تھی۔

    اب اکتوبر کے مہینے کے لیے پی آئی اے نے پہلے ہی اپنی پروازیں دوگنی کرنے کے لیے سعودی حکام سے درخواست کر لی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی،  وزیر اعظم پاکستان، وزیر ہوا بازی،  وزیر خارجہ شاہ محمود اور زلفی بخاری کی خصوصی مشکور ہے، اس وقت جب ہمارے ہم وطن شدید پریشانی میں مبتلا تھے وزیر اعظم کے کردار کے باعث اب بہ آسانی سعودیہ روزگار کے لیے جا سکیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ پی آئی اے وزارت خارجہ سے بات چیت کر رہی ہے کہ اقامے کی مدت میں بھی توسیع کے لیے سعودی حکام سے بات کریں، ہر مشکل گھڑی میں پی آئی اے قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے اسی لیے قوم بھی پی آئی اے کا ہی رخ کرتے ہیں۔

  • خصوصی پروازیں، سعودی عرب اور یو اے ای میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی

    خصوصی پروازیں، سعودی عرب اور یو اے ای میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی

    پشاور: بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ودیگر ممالک سے پاکستانیوں کو پشاور پہنچایا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خصوصی پرواز کے ذریعے بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا، پشاور ایئرپورٹ پر مسافروں کو جراثیم کش اسپرے سے ڈس انفیکٹ کیا گیا۔ پشاورایئر پورٹ پر 24گھنٹے میں 4پروازوں سے ایک ہزار سے زائد پاکستانی پہنچے، اور یہ سلسلہ جاری ہے۔

    مختلف ممالک میں پھنسے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی تک خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    پی آئی اے نے بیرون ملک پھنسے ہوئے ہم وطنوں کو وطن واپس پہنچانے کے لیے فلائٹ آپریشن جاری ہے، متعدد خصوصی پروازیں اب تک مختلف ممالک میں پھنسے 3 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔

    پی آئی اے کی خصوصی پرواز: عراق میں پھنسے 250 پاکستانیوں کی وطن واپسی

    ایئرپورٹ پہنچنے پر تمام مسافروں کے کرونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے حاصل کیے جارہے ہیں، ٹیسٹ کلیئر آنے پر انہیں گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔

    قبل ازیں امریکا، یورپی ممالک اور عراق سمیت دیگر ممالک سے پاکستانی وطن واپس آگئے ہیں۔

  • بیرون ملک پھنسے 20 ہزار سے زائد ہم وطنوں کو واپس لانے کی تیاری

    بیرون ملک پھنسے 20 ہزار سے زائد ہم وطنوں کو واپس لانے کی تیاری

    کراچی: قومی ایئر لائن نے بیرون ملک پھنسے 20 ہزار سے زائد ہم وطنوں کو واپس لانے کی منصوبہ بندی کر لی، اس سلسلے میں پی آئی اے 15 دن کے دوران 103 پروازیں چلائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی 103 پروازوں کے ذریعے 15 دنوں کے اندر برطانیہ، یو اے ای، فرانس، جرمنی، بحرین اور قطر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا۔ سعودی عرب، مسقط، ملائیشیا اور اوسلو سے بھی ہم وطن واپس پاکستان لائے جائیں گے۔

    پی آئی اے نے پاکستانیوں کو 9 مئی تک واپس لانے کی منصوبہ بندی کر لی، جس کے مطابق یہ پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ سے روانہ ہوں گی، واپس آنے والوں کی ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے لیے قرنطینہ بھیجا جائے گا۔

    پی آئی اے کی امریکی حکام سے پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلیے اجازت طلب

    کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر مسافروں کو 14 دن آئسولیشن میں رکھا جائے گا، پی آئی اے مسافروں سے متعلق سی اے اے کا طریقہ کار اختیار کرے گی۔ خیال رہے کہ پی آئی اے نے لاک ڈاؤن میں پہلی بار 100 سے زائد پروازیں شیڈول کی ہیں۔

    ادھر خصوصی پروازوں پر بکنگ کے حصول میں دشواری پر پی آئی اے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن بیرون اور اندرون ملک کو وِڈ 19 کی وجہ سے پھنسے ہوئے افراد کو ان کے گھروں تک واپس پہنچانے کے لیے یہ خصوصی پروازیں حکومت پاکستان اور غیر ملکی حکومتوں کی ایما پر ملکی مفاد میں چلا رہی ہے۔

    اس سلسلے میں متعلقہ سفارت خانے پاکستان میں اور پاکستان سے باہر اپنے اپنے شہریوں کی رجسٹریشن کر رہے ہیں، پی آئی اے کی پروازوں کی نشستوں کے حصول کے لیے فہرستیں سفارت خانے ہی مہیا کرتے ہیں، جہاں مکمل پرواز بھرنے کی درخواستیں سفارت خانے کے پاس موجود نہیں ہوتیں وہاں بچ جانے والی نشستیں فروخت کے لیے پیش کی جاتی ہیں۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ دستیاب ہونے والی نشستیں پی آئی اے پہلے اپنی ویب سائٹ یا دفاتر سے فراہم کرتا ہے بعد میں ایجنٹس کو دستیاب ہوتی ہیں، مخصوص تعداد میں نشستیں ہونے کے باعث پروازیں بہت جلدی پُر ہو جاتی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر پرواز کا اعلان ہوتے ہی فوری طور پر متعلقہ سفارت خانے یا پی آئی اے سے رجوع کریں، شکایات موصول ہوئی ہیں کہ کچھ ایجنٹس نے موقع سے فائدہ اٹھا کر قیمت سے زیادہ کرائے وصول کیے، ایسے تمام ایجنٹس کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • جرمنی، آسٹریلیا، کوریا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    جرمنی، آسٹریلیا، کوریا سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    کراچی: قومی ایئر لائن نے جرمنی، آسٹریلیا اور کوریا میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرنے کا شیڈول ترتیب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آسٹریلیا اور کوریا کے شہر سیئول کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی، جرمنی کے لیے بھی خصوصی پرواز آپریٹ کی جائے گی۔

    پی آئی اے کی خصوصی پروازیں 23، 24 اور 25 اپریل کے درمیان اسلام آباد سے روانہ ہوں گی، قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز پی کے 8962 اسلام آباد سے میلبرن کے لیے روانہ ہوگی، جو آسٹریلیا میں محصور 200 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر پاکستان آئے گی۔

    پی آئی اے نے برطانیہ کا آپریشن جزوی طور پر بحال کر دیا

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے لیے خصوصی پرواز پی کے 8749 بھجوائی جائے گی جو جرمنی محصور 2500 سے زائد ہم وطنوں کو فرینکفرٹ سے واپس لے کر اسلام آباد آئے گی۔ پی آئی اے کی خصوصی پرواز ساؤتھ کوریا کے شہر سیئول سے 200 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی،

    ذرایع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد پرواز کا شیڈول جاری کیا جائے گا، دریں اثنا، ایئر لائن نے آسٹریلیا، سیئول اور جرمنی کے لیے پلاننگ شروع کر دی ہے، ان پروازوں کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔

    ادھر امریکا میں پھنسے 750 پاکستانیوں کو وطن واپس لے جانے کی اجازت مل گئی ہے، ذرایع کے مطابق امریکی حکام نے ان پاکستانیوں کو واپس لے جانے کے لیے خصوصی پروازوں کی اجازت دے دی ہے، جس کے بعد واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ متعدد ایئر لائنز کے ذریعے پاکستانیوں کو واپس بھیجنے کے امکانات پر غور کر رہا ہے، قطر ایئر ویز کے ساتھ بھی خصوصی پرواز کے لیے بات چیت جاری ہے۔

    دوسری طرف پی آئی اے کا کینیڈا کے لیے خصوصی پروازوں کا آپریشن بھی جاری ہے، خصوصی پرواز 300 سے زائد کینیڈین شہری اور مسافروں کو لے کر ٹورنٹو روانہ ہو چکی ہے، پرواز کی روانگی سے قبل تمام مسافروں کو مکمل سینیٹائز کیا گیا، پی آئی اے کی جانب سے مسافروں کو ماسک بھی فراہم کیے گئے۔

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر

    کراچی: بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے لیے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے، کرونا وائرس کے پیش نظر پی آئی اے کی ریلیف فلائٹس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عالمی پروازوں کی بندش کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ان کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے ہفتے سے 13 اپریل تک 6 خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے اپنے ہم وطنوں کو پاکستان پہنچانے کے لیے بوئنگ 777 طیاروں کا استعمال کرے گی جس سے 500 کے قریب ہم وطنوں کو واپس وطن پہنچایا جائے گا، اس سلسلے میں پی آئی اے نے ریلیف فلائٹ سے متعلق شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق 10 اپریل کو روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ ڈنمارک سے سفارتی عملے سمیت پاکستانی شہریوں کو واپس لائے گا، 11 اپریل کو آذربائجان کے شہر باکو روانہ ہونے والی خصوصی پرواز 125 پاکستانیوں کو واپس لائے گی۔ 11 اپریل ہی کو روانہ ہونے والی پرواز کوالالمپور سے 16 دن سے پھنسے 175 پاکستانی واپس لائے گی، کوالالمپور کی پرواز جاتے ہوئے ملائیشیا اور سنگاپور کے سفارتی عملے اور شہریوں کو بھی لے کر جائے گی۔

    پی آئی اے کی کراچی سےخصوصی چارٹرپروازیں چلانے کی تیاریاں شروع

    11 اپریل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز پاکستان سے فرانسیسی شہریوں کو لے کر جائے گی، 12 اپریل کو ریلیف پرواز جاپانی شہری اور ضروری سامان لے کر ٹوکیو روانہ ہوگی، 13 اپریل کو روانہ ہونے والی پرواز تھائی لینڈ میں پھنسے 200 پاکستانیوں کو واپس لائے گی جن میں اداکار و فن کار بھی شامل ہیں جو ایک پاکستانی فلم کی شوٹنگ کے لیے سلسلے میں بنکاک گئے تھے۔

    پی آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے افراد جو ان پروازوں پر جانے کے خواہش مند ہوں اور ابھی تک متعلقہ سفارت خانوں سے رابطہ نہ کیا گیا ہو، وہ فوری طور پر پی آئی اے سے رجوع کریں، اور اگلی پروازوں کا انتظار نہ کریں، اس سلسلے میں پی آئی اے کے کال سینٹر یا دفاتر سے رابطہ کیا جائے۔

  • تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    کراچی: اے آر وائی نیوز دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گیا، پی آئی اے نے تاشقند، دوشنبے اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں ایک پرواز تاشقند پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے تاشقند پہنچ گیا ہے، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 9812 دوپہر 2 بجے 148 ہم وطنوں کو واپس لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے 2 ہفتے سے پھنسے پاکستانیوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے واپسی کے سلسلے میں اپیل کی تھی۔

    حکومت پاکستان کی خواہش پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر طیارہ پیش کیا اور بر وقت فلائٹ کے انتظامات کیے، پی آئی اے کا ایک اور خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے رات کو بغداد کے لیے اڑان بھرے گا۔ عراق میں پھنسے 161 پاکستانی خصوصی پرواز پی کے 9813 کے ذریعے وطن واپس آئیں گے۔

    ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پھنسے پاکستانی پی آئی اے اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں

    ہم وطنوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان اور قومی کوآرڈینیشن کمیٹی تمام معلامات کو مانیٹر کر رہے ہیں، دیگر ممالک میں پھنسے مسافروں نے ایک وڈیو پیغام میں حکومت اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وطن واپسی پر مسافروں کو 24 گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹل میں آئسولیٹ کیا جائے گا، جہاں ان کا سویب ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے اور تاشقند سے پاکستانیوں کو لانے کے لیے جانے والا پی آئی اے طیارہ

    سی ای او ارشد ملک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پی آئی اے ہر قومی خدمت میں ایک قدم آگے کھڑی ہوتی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑی پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سرانجام دے گی، فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یار و مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے۔