Tag: خصوصی پیغام

  • سعودی عرب کا قومی دن: پاکستانی وزیراعظم اور صدر کا خصوصی پیغام

    سعودی عرب کا قومی دن: پاکستانی وزیراعظم اور صدر کا خصوصی پیغام

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری ن برادر ملک سعودی عرب کے قومی پر خصوصی پیغام دیا اور محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔

    شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن سے متعلق خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا، وزیراعظم نے کہا کہ قومی دن پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد دیتا ہوں، سعودی عوام کو بھی 94ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے سعودی قیادت کا وژن مثالی ہے، معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئےسعودی عرب کے اقدامات قابل تقلید ہیں،

    سعودی عرب، امن، خوشحالی، استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا اہم وکیل ہے، پاکستان اور سعودی عرب نے ہرمشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کی، سعودی عرب کے ساتھ مضبوط دوستی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    صدر مملکت نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کیا، انھوں نے کہا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد محمد بن سلمان اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دیتا ہوں۔

    آصف زرداری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ مذہبی اور تاریخی اقدار ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں مثالی تعلقات ہیں، یقین ہے کہ معیشت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ دونوں ملک ہر مشکل میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں، باہمی مفاد کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    صدر آصف زرداری نے کہا کہ سعودی عرب میں جدت اور خوشحالی کیلئے ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدامات قابل تعریف ہیں، تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔

    دریں اثنا سعودی عرب کے 94ویں قومی دن کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں صدر آصف زرداری، کابینہ ارکان اور ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔

  • عید میلاد النبی ﷺ: صدر پاکستان اور وزیر اعظم کا قوم کے نام خصوصی پیغام

    عید میلاد النبی ﷺ: صدر پاکستان اور وزیر اعظم کا قوم کے نام خصوصی پیغام

    اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دی ہے۔

    ایوان صدر سے جاری بیان میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم کو 12 ربیع الاول کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،اللہ تعالیٰ نے اس مہینے میں ہمیں حضرت محمد خاتم النبین ﷺ کی ولادت کی صورت میں عظیم نعمت عطا فرمائی،آپ ؐ رہتی دنیا تک انسانیت کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہر مسلمان کے دل میں عشق ِرسول ﷺ کی شمع روشن کرتا ہے، اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی کو ہمارے لیے بہترین نمونہ قرار دیا،آپؐ کی سیرتِ طیبہ ہمیں ہر شعبۂ زندگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ قائم کیا، موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بحیثیت ِقوم اور امت ِمسلمہ حضور ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام :

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا کہ پوری امت مسلمہ، بالخصوص پاکستانی عوام کو نبی آخرالزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت کی نسبت سے عید میلاد النبی بہت بہت مبارک ہو۔ 12 ربیع الاوّل کا دن وہ مبارک دن ہے جب اللہ تعالی نے روزِ محشر تک بنیِ نوع انسان کی رہنمائی کیلئے پوری انسانیت کو ایک کامل ہدایت کا نور عطا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک زندگی، ان کی سیرت طیبہ اور کردار، ہمارے لیے ایک ایسی مشعل راہ ہے جس کی روشنی رہتی دنیا تک ہر انسان کی زندگی کیلئے ہدایت کا ذریعہ رہے گی۔

    ان کا ہر عمل اور فرمان اس بات کا مظہر ہے کہ انسانیت کو کس طرح محبت، رواداری اور انصاف کے اصولوں پر قائم رہ کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے مشکل اور پرفتن دور میں ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو نہ صرف پڑھنے بلکہ اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    امت مسلمہ اور پاکستان آج جن چیلنجز کا سامنا کر رہےہیں، ان کا حل نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات میں پنہاں ہے۔

    اُنہوں نے ہمیں اتحاد، محبت، اور بھائی چارے کی تلقین کی، اور یہی وہ اصول ہیں جو ہمیں معاشرتی اور اقتصادی مسائل سے نکال سکتے ہیں۔ آئیے ہم اس موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

  • وزیراعظم اور صدر مملکت کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام

    وزیراعظم اور صدر مملکت کا اقلیتوں کے قومی دن پر خصوصی پیغام

      اسلام آباد: وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو ملکی آئین میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی، سماجی حقوق حاصل ہیں، اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتاہے، ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کیاہے۔

    صدرمملکت نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں، اقلیتی طلبا کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کیلئے فنڈز کے اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، زندگی میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کریگا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ملکی ترقی میں اقلیتوں کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قائداعظم نے 11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ حکومت اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کے حوالے سے عملی اقدامات کررہی ہے، آئین کی روشنی میں اقلیتی برادری کیلئے مساوی حقوق یقینی بنارہی ہے، اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اقلیتوں کے بنیادی حقوق، عزت، جان و مال کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

  • پیرس اولمپکس: بابر اعظم کا ارشد ندیم کے لیے خصوصی پیغام

    پیرس اولمپکس: بابر اعظم کا ارشد ندیم کے لیے خصوصی پیغام

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پیرس اولمپکس میں شریک ملک کے جیولن اسٹار ارشد ندیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    فرانس کے شہر پیرس میں جاری اولپمکس مقابلوں میں جیولن تھرو ایونٹ میں شریک پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 25 منٹ پر جیولن تھرو کے فائنل میں 11 دیگر ایتھلیٹس سے مقابلہ کریں گے۔

    گزشتہ روز جیولن تھرو کے مقابلوں میں ارشد ندیم نے سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، ان کی جیت کے بعد پاکستانی قوم کی نظریں جیولن تھرو ایونٹ میں شریک ارشد ندیم پر مرکوز ہیں اور ہر کوئی فائنل میں ان کی جیت کے لیے دعاگو ہے۔

    تاہم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی اپنے ویڈیو پیغام میں ارشد ندیم کو فائنل مرحلے میں پہنچنے پر مبارکباد پیش کی اور عوام سے درخواست کی کہ وہ ارشد ندیم کی کامیابی اور گولڈ میڈل کے لیے خوب دعائیں کریں۔

    دوسری جانب ارشد ندیم کے حوصلے بھی بلند ہیں انہوں نے بھی پاکستان کا سر فخر سے اونچا کرنے کی ٹھان رکھی ہے، ارشد ندیم نے کہا ہے کہ ’’میں اولمپک گیمز میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کرنا چاہتا ہوں، میں فائنل میں اچھا نتیجہ دینے کے لیے پر امید ہوں‘‘۔

  • بشیر میمن نے قائد نواز شریف کا خصوصی پیغام پیرپگارا کو پہنچادیا

    بشیر میمن نے قائد نواز شریف کا خصوصی پیغام پیرپگارا کو پہنچادیا

    کراچی : مسلم لیگ ن کے رہنما بشیر میمن نے قائد نواز شریف کا خصوصی پیغام پیرپگارا کو پہنچادیا ، پیرپگارا نے نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے سربراہ پیر پگارا سے رہنما ن لیگ بشیر میمن کی ملاقات کی ، جس میں بشیر میمن نے نواز شریف کا خصوصی پیغام پیرپگارا کو پہنچایا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال، امن وامان ، انتخابی الائنس سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی اور پیپلزپارٹی کیخلاف ملکر چلنے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ،سیاسی اتحاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔/

    پیرپگار انے نواز شریف کےلیےنیک تمناؤں کااظہارکیا، پیر پگارا اور بشیر میمن کےدرمیان ملاقات ایک گھنٹےتک جاری رہی۔

    اس موقع پر بشیرمیمن نے کہا کہ نوازشریف نےپیغام دیاہےسندھ میں مضبوط سیاسی اتحادبناناہے، سندھ میں مسلم لیگ کےدھڑوں کوایک کرناہے۔

  • امریکا، ترکیہ، ایران، آذربائیجان کا جشن آزادی پر پاکستان کے نام خصوصی پیغام

    امریکا، ترکیہ، ایران، آذربائیجان کا جشن آزادی پر پاکستان کے نام خصوصی پیغام

    اسلام آباد: پاکستان کے 76 واں یومِ آزادی کے موقع پر امریکا، ترکیہ، ایران، آذربائیجان کی جانب سے جشن آزادی کی مبارکباد دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے حمایت جاری رکھیں گے۔

    ایران کی وزارت خارجہ نے  پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی ترقی بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔

    ترکیہ کی جانب سے بھی مبارکباد پیش کی گئی ساتھ ہی تعلقات مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، دوسری جانب آذربائیجان کی جانب سے بھی  پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دی گئی۔

  • صدر مملکت، وزیراعظم کا محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

    صدر مملکت، وزیراعظم کا محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

    اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدور منایا جارہا ہے، صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے  محنت کشوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا۔

    یوم مزدور پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم مئی پر مزدوروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یوم مزدور معاشی ترقی میں ان کے کردار کا بھی اعتراف ہے، مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ مزدور کا تعاون صنعتی پیداوار میں اضافے، ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے، معاشی خوشحالی میں حصہ ڈالنے کے باوجود مزدوروں کو مسائل کا سامنا ہے، مزدوروں کو کم اجرت، ملازمت کے عدم تحفظ جیسے مسائل درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لیبر فورس ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مزدوروں حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا انتہائی ضروری ہے، پاکستان کے پاس ایک بہت بڑی لیبر فورس اور نوجوانوں کی تعداد ہے، لیبر فورس کو جدید ہنر فراہم کرنےکی ضرورت ہے۔

    دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ محنت کشن طبقے کی سماجی اور معاشی بہبود کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں، ملکی ترقی میں محنت کش طبقے کے اہم کردار سے انکار ممکن نہیں، اسلامی تعلیمات کے مطابق مزدور اور آجر پیدواری عمل میں شراکت دار ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ مزدور اور آجر کا تعاون، دوستانہ تعلق مجموعی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے، مزدورکو بہتر رہائش، تعلیم اور صحت کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت کا چین کے قومی دن پر پیغام

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن پر کہا پاکستان اور چین گہرے دوست اور ہمسائے ہیں جبکہ صدرمملکت عارف علوی کا کہنا ہے پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چین کے قومی دن کے موقع پر چینی ہم منصب کو اپنے پیغام میں پاکستانی عوام کی طرف سے چینی حکومت و عوام کو مبارکباد دی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین گہرے دوست اورہمسائےہیں، چین کی معاشی کامیابی ترقی پذیر ممالک کے لئے مثال ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان سی پیک اور اسٹریٹجک شراکت داری کا فروغ چاہتے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات کو پاکستانی عوام خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔

    پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، صدر مملکت

    دوسری جانب صدرمملکت عارف علوی نے چین کے قومی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا پاک چین دوستی ہرآزمائش پرپوری اتری ہے، پاک چین دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوگی۔

    صدرمملکت کا کہنا تھا کہ سی پیک دونوں ممالک کےعوام کیلئے ترقی کا باعث بنے گا، سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔

    خیال رہے چین میں قومی دن کا شاندارجشن منایا گیا، دوہزاراٹھارہ افراد نے انسانی جھنڈا بنایا جبکہ ڈھول کے ساتھ روایتی چینی رقص نے جشن کو چارچاند لگائے۔

    اس موقع پرکھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے، رسہ کشی و ملاکھڑاہوا اور بچوں نے مصوری کے شاہکارتخلیق کئے جبکہ ڈریگن بوٹ ریس میں سیاحوں نےبھی بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔

    چین کے قومی دن کی تقریبات چاراکتوبر تک جاری رہیں گی۔

  • 25جولائی کو گھروں سےنکلیں اورووٹ کاصحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں، چیف الیکشن کمشنر

    25جولائی کو گھروں سےنکلیں اورووٹ کاصحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں، چیف الیکشن کمشنر

    اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کا کہنا ہے کہ پچیس جولائی کو گھروں سے نکلیں اور ووٹ کا صحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں۔

    تفصیلات چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا پولنگ کے دن کے حوالے سے ووٹرز کے لئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، سردار محمد رضا نے اپنے پیغام میں عوام سے گزارش کی ہے کہ25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور ووٹ کا صحیح استعمال کرکے قومی ذمہ داری نبھائیں۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آزادنہ منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، کل دس کروڑ پچپن لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

    قومی اورصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کےلیےآزادامیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے گیارہ ہزار سے زائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔

    پولنگ صبح آٹھ بجے سے بلا تعطل شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ڈاکٹرز سے اجازت ملتے ہی آپ کے درمیان ہوں گا، نوازشریف

    ڈاکٹرز سے اجازت ملتے ہی آپ کے درمیان ہوں گا، نوازشریف

    لندن: وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی طرف سےحتمی اجازت ملتے ہی میں انشاء اللہ بہت جلد آپ کے درمیان موجود ہوں گا ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے کارکنان کے نام اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ’’میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ آپ لوگ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرنے کے لئے میری وطن واپسی کے موقع پرایک بڑے استقبالیہ پرگرام کی تیاریاں کررہے ہیں؟‘‘۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ ’’آپ میرے استقبال کیلئے کوئی خصوصی اہتمام نہ کریں، بس میری صحت کے لئے دعا کریں تاکہ میں جلد صحت یاب ہو کر اپنے ملک واپس آکر ملک و قوم کی خدمت کرسکوں‘‘۔

    میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ ’’میرے آپریشن کے وقت بھی پوری قوم نے محبت اور خلوص کے ساتھ دعائیں کیں جو میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے، انہی دعاؤں کی قبولیت اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے میرے حساس آپریشن کا مرحلہ بخیرو خوبی مکمل ہوا اوراب میں تندرست ہورہا ہوں۔

    سربراہ مسلم لیگ ن نے کہا کہ کارکنوں کی محبت میرے لیے بہت بڑا اثاثہ ہے، اسی سے مجھے وطن عزیز کی خدمت کا عزم اور توانائی حاصل ہوتی ہے۔

    واضح رہے گزشتہ ماہ نوازشریف کو ان کی خراب رپورٹس آنے کے بعد معالجین کی جانب سے اوپن ہارٹ سرجری کا مشورہ دیا گیا تھا، جس کے بعد شریف برادران کے اہل خانہ نے لندن نے نجی اسپتال میں ان کی اوپن ہارٹ سرجری کروائی تھی، اسپتال سے چھٹی ہونے کے بعد میاں محمد نوازشریف لندن میں اپنے صاحبزادے کی رہائش گاہ پرمقیم ہیں۔

    گزشتہ دنوں میڈیا پر وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی مارکیٹ میں خریداری کرتے ہوئے ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ کافی صحت مند نظر آرہے تھے۔