Tag: خضدار

  • برطانیہ اور جرمنی کی خضدار میں بچوں کی بس پر حملے کی مذمت

    برطانیہ اور جرمنی کی خضدار میں بچوں کی بس پر حملے کی مذمت

    اسلام آباد : برطانیہ اور جرمنی نے خضدار میں اسکول کی بس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کو نشانہ بنائے جانے پر افسردگی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی جانب سے خضدار میں بچوں کی بس پر بزدلانہ حملے کی مذمت کی جارہی ہے۔

    پاکستان میں تعینات برطانیہ کی ہائی کمشنر جئین میریٹ نے کہا خضدار میں بچوں کی وین پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ بچوں کی شہادت اور بچوں کو نشانہ بنائے جانے پر دلی طور پر غمگین اورافسردہ ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    جرمنی نے بھی خضدار میں اسکول بس پرحملے کی مذمت کی ، جرمن سفیر نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا ‘بچوں سمیت معصوم شہریوں کے قتل پر صدمے میں ہیں، ہمارے خیالات اور دعائیں اہل خانہ اورتمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔’

    یونسیف کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی اور بیان میں کہا اسکول جانا کسی بھی بچے کے لیے خطرناک نہیں ہونا چاہیے، بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ روکنا ہوگا، یونیسیف حملے کے متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوئے تھے۔

  • امریکی ناظم الامور کی خضدار اسکول بس حملے کی مذمت

    امریکی ناظم الامور کی خضدار اسکول بس حملے کی مذمت

    امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے کر جانے والی بس پر حملے کی مذمت کی ہے۔

    امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بے رحمانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت کرتی ہوں، معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔

    امریکی ناظم الامور نے کہا کہ پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور خضدار اسکول بس حملے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

    نیٹلی بیکر نے مزید کہا کہ کسی بھی بچے کو اسکول جاتے ہوئے خوف کا ‌‌شکار نہیں ہونا چاہیے، ہم پاکستان میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں جو تشدد کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔

    خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    واضح رہے کہ خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اسکول کی بس تباہ ہوگئی، جب کہ بس میں سوار 3 طالبات سمیت 5 افراد جاں بحق اور 38 زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر خضدار کے مطابق بس پر خودکش حملہ کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) خضدار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ اسکول بس میں دھماکا خود کش بمبار کی جانب سے خود کو اڑانے کے بعد ہوا، اسکول بس میں سوار 4 بچے شہید ہوئے۔

  • خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ،  3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    خضدار: بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا اسکول بس پر حملہ، 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دہشت گرد حملے میں3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر دہشت گرد حملہ ہوا، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں اسکول بس کونشانہ بنایا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گرد حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افرادشہید ہوئے اور کئی بچے زخمی ہوگئے۔

    ترجمان نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں ناکامی اور فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں بری طرح شکست کھانے کے بعد بھارتی دہشت گرد پراکسیز پاکستان میں معصوم بچوں اور شہریوں جیسے آسان اہداف کے دہشت گردی کی کارروائیوں میں نشانہ بنارہی ہیں، بھارتی حکومت کی طرف سے ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال نفرت انگیز، اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اصولوں کو نظر انداز کرنے کی واضح مثال ہے۔

    پاک فوج کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس بزدلانہ بھارتی اسپانسرڈ حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ داروں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کی حمایت کے ساتھ، پاکستان سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے متحد ہیں۔

    اس سے قبل ڈی سی خضدار یاسر دشتی نے بتایا خضدار میں زیروپوائنٹ کے مقام پر اسکول بس پر دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق اور 38 زخمی ہوئے۔

    یاسر دشتی کا کہنا تھا کہ کہ دھماکے کے نتیجےمیں اسکول بس مکمل تباہ ہوگئی تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خودکش بتایا جارہا ہے۔

    واقعے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدارزیرو پوائنٹ کےقریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 4 بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دشمن نےبربریت کا مظاہرہ کرکے معصوم بچوں پر حملہ کیا، معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والےدرندےکسی رعایت کے مستحق نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اسکول بس پرحملہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے تاہم قوم کے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • خضدار سے پنڈی جانیوالی مسافر بس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

    خضدار سے پنڈی جانیوالی مسافر بس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

    بلوچستان کے علاقے خضدار سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس میں کھوڑی شاہراہ کے مقام پر ں دھماکا ہوا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سمیت دیگر سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پہنچ گئے۔

    سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر کے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے جب کہ ریسکیو اداروں نے لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔

  • خضدار :  قبائلی رہنما ساتھیوں سمیت  قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    خضدار : قبائلی رہنما ساتھیوں سمیت قاتلانہ حملے میں جاں بحق

    خضدار : مقامی قبائلی رہنما میر مہر اللہ محمد حسنی 4 ساتھیوں سمیت قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے، میر مہر اللہ محمد حسنی کا قافلہ کراچی جارہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق خضدار میں قبائلی رہنما میر مہر اللہ محمد حسنی کے قافلے پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی ، پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ دو گھنٹے تک جاری رہا، جس میں میر مہر اللہ محمد حسنی سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ میر مہر اللہ محمد حسنی کا قافلہ کراچی جارہا تھا، جس پر کرڑو کے مقام پر حملہ ہوا.

    پولیس نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یاد رہے اگست میں بلوچستان کے علاقوں موسیٰ خٰیل ،قلات اور بالاناڑی میں دہشت گردی کے واقعات میں قبائلی رہنما، پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت 31 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر قلات کے علاقے مہلبی مسلح افراد نے ایک ہوٹل پر فائرنگ کردی، جس سے قبائلی رہنما ملک زبر خان محمد حسنی سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

  • سب سے مہنگی مرغی کس شہر میں؟

    سب سے مہنگی مرغی کس شہر میں؟

    اسلام آباد: ملک میں مرغی کی قیمتوں کو پرلگ گئے ہیں، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 500 روپے تک پہنچ گئی۔

    ادارہ شماریات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے شہر خضدار میں شہری ملک میں سب سے مہنگی مرغی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں زندہ مرغی کی کم سے کم فی کلو قیمت 373 روپے پر پہنچ گئی ہے، ملک میں مرغی کی اوسط فی کلو قیمت 409 روپے 69 پیسے ریکارڈ کی گئی جب کہ خضدار میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 500 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔

    کسانوں کی سہولت کے لیے بڑا قدم، زرعی مالز قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی میں زندہ مرغی فی کلو قیمت 470 اور حیدرآباد میں 440 روپے ہے، کوئٹہ اورسکھر میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 440 روپے ہے، اسلام آباد میں فی کلو زندہ مرغی 430 اور راولپنڈی میں 420 روپے ہے، جب کہ ملتان میں فی کلو زندہ مرغی 415 اور پشاور میں 405 روپے ہے۔

    پاکستانی وفد فیوچر منرل فورم کے لیے ریاض پہنچ گیا، سعودی آرامکو سے سرمایہ کاری پر بات چیت ہوگی

  • خضدارمیں امن دشمنوں کا وار، صحافی کے بیٹے سمیت 2 افراد جاں بحق

    خضدارمیں امن دشمنوں کا وار، صحافی کے بیٹے سمیت 2 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: ملک امن دشمنوں نے ایک بار پھر بلوچستان میں بزدلانہ کارروائی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے آغا ابراہیم روڈ پر زوردار دھماکا ہوا ہے، جس کے نیتجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر خضدار نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ای ڈی دھماکے کے زریعے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں خضدار کے مقامی صحافی کا بیٹا بھی شامل ہے۔

    ڈی سی خضدار کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق وزخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے خضداربم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد معصوم شہریوں کو بربریت کا نشانہ بنارہے ہیں ہم صوبے کو عدم استحکام سےدوچارکرنےکی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ قبائلی،سیاسی،سماجی اور عوامی سطح پردہشت گردی کی مذمت ہونی چاہیے،ہمیں دہشت گردوں کےخلاف متحدہ وکرکھڑاہونا ہوگا۔

  • سی ٹی ڈی کی بلوچستان میں کارروائی ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    سی ٹی ڈی کی بلوچستان میں کارروائی ، 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک

    خضدار : محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ضلع خضدار میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے سورگز میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

    کارروائی کے دوران دہشت گرد اور اس کے ساتھیوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو مبینہ دہشتگرد مارے گئے تاہم ان کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔

    ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلےمیں مارےگئے دومبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

    ہلاک ہونے والے مبینہ دہشتگرد کے سر کی قیمت دس لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی ۔

    یاد رہے چند ہفتے قبل لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں سی ٹی ڈی پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گرد ہلاک کر دیئے تھے۔

    ترجمان نے بتایا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکار ہتھیار بھی برآمد کئے گئے جبکہ مارے گئے دہشت گرد پولیس پر ہونے والے حملوں اور دیگردہشت گرد کاروائیوں میں مطلوب تھے۔

  • خضدار میں پولیس کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

    خضدار میں پولیس کی کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر خضدار میں پولیس نے آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقے گریشہ میں پولیس نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تھا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    اس سے قبل رواں سال 19 مئی کو بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے واقعات میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں برس 8 مئی کو بلوچستان میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے میں میجر سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

  • خضدار، مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق

    خضدار، مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر، 3 افراد جاں بحق

    خضدار: بلوچستان کے شہر خضدار کے علاقے اورناچ کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق جب کہ متعد دزخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اورناچ کے قریب ایک مسافر کوچ اور مزدا ٹرک میں ٹکر کے باعث پیش آنے والے حادثے میں تین افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پندرہ سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار مسافر کوچ تفتان سے کراچی جا رہی تھی کہ اورناچ کراس کے قریب مزدا ٹرک سے ٹکرا گئی، زخمیوں کو خضدار سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    تازہ ترین:  پشاور، سی این جی بھرتے ہوئے گاڑی میں ہولناک دھماکا، خاتون جاں بحق

    خیال رہے کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کی خستہ حالی اور تنگ سڑکوں کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں، ان ٹریفک حادثات کی ایک اہم وجہ کوچ ڈرائیوروں کی لاپرواہی بھی ہے۔ کراچی کوئٹہ شاہراہ پر سب سے زیادہ حادثات خضدار اور بیلہ کے درمیان پیش آتے رہے ہیں۔

    وڈھ، اورناچ کے مقام پر اس سے قبل بھی حادثات ہوتے رہے ہیں، چند ماہ قبل ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے، جب کہ 21 افراد زخمی ہوئے، اس کے بعد ایک اور ٹریفک حادثے میں 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ 15 زخمی ہوئے تھے۔