Tag: خط

  • شہباز شریف کو برطانوی وزیراعظم کا خط، سیلاب میں جانی و مالی نقصان پرتعزیت

    شہباز شریف کو برطانوی وزیراعظم کا خط، سیلاب میں جانی و مالی نقصان پرتعزیت

    وزیراعظم شہباز شریف کو برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پاکستان میں بارش، سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے اپنے خط میں بارشوں اور سیلاب میں جانی و مالی نقصان پرتعزیت کا اظہار کیا ہے، کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام سے جانی نقصان پر دلی تعزیت کرتا ہوں۔

    برطانوی وزیراعظم نے خط میں کہا کہ برطانوی حکومت، عوام کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کرتا ہوں، میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ صورتحال قابل تشویش ہے، برطانوی عوام پاکستانی عوام کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    کیئراسٹارمر کا اپنے خط میں مزید کہنا تھا کہ ایمرجنسی رسپانس اور رضاکار انتہائی مشکل حالات میں لوگوں کی مدد کررہے ہیں، ایمرجنسی رسپانس اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی پرممکن مدد کرے گی، برطانوی حکومت بحالی اورتعمیرنو کے کاموں میں مدد کیلئے تیار ہے۔

  • ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز، امریکی صدر نے گرپتونت سنگھ کو کیا لکھا؟

    ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز، امریکی صدر نے گرپتونت سنگھ کو کیا لکھا؟

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو خط لکھا ہے، بھارت کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے گئے پنوں کو صدر ٹرمپ کا خط عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

    صدر ٹرمپ نے خط میں لکھا میں اپنے شہریوں، اپنی قوم اور اپنی اقدار کو سب سے پہلے رکھتا ہوں، جب امریکا محفوظ ہوگا تو دنیا بھی محفوظ ہوگی، اپنے شہریوں کے لیے لڑنا کبھی نہیں چھوڑوں گا۔

    خالصتان ریفرنڈم سے چند ہفتے قبل امریکی صدر کا پنوں کو خط اہمیت اختیار کر گیا ہے، سکھ فار جسٹس 17 اگست کو واشنگٹن ڈی سی میں خالصتان ریفرنڈم کروا رہا ہے، صدر ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاہدے سے پہلے گرپتونت سنگھ پنوں کو خط لکھا۔

    ٹرمپ کے خط کے نکات میں تجارت، ٹیرف، دفاعی اخراجات اور امریکی اقدار کی پالیسی شامل رہی، گرپتونت سنگھ پنوں کی خالصتان مہم کے جواب میں ٹرمپ کا یہ باضابطہ تحریری ردعمل ہے، انھوں نے لکھا بہ طور صدر، ان اقدار کے لیے لڑوں گا جو ہمیں امریکی بناتی ہیں۔


    ’ایران کی جانب سے اچھے اشارے نہیں مل رہے‘


    پنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایس ایف جے کے ساتھ رسمی تعلقات کا عزم ظاہر کر دیا ہے، ٹرمپ نے لکھا کہ میری انتظامیہ امریکا کو امن اور خوش حالی کے نئے دور میں لے کر جائے گی۔

    یاد رہے کہ ایس ایف جے کی مہم 20 جنوری کو شروع ہوئی ہے، سکھ فار جسٹس کے رہنما نے صدر ٹرمپ کی حلف برداری تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

  • شمالی کوریا نے ڈونلڈ ٹرمپ کا خط وصول کرنے سے انکار کر دیا

    شمالی کوریا نے ڈونلڈ ٹرمپ کا خط وصول کرنے سے انکار کر دیا

    واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کورین ہم منصب کے ساتھ خط و کتابت کے خواہاں ہیں، تاہم دوسری طرف شمالی کوریا نے خط وصولی ہی سے انکار کر دیا ہے۔

    این کے نیوز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ نیویارک میں شمالی کوریا کے سفارت کاروں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک خط کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کا مقصد واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے درمیان رابطے کا ایک در دوبارہ وا کرنا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے بدھ کو این کے نیوز کی رپورٹ پر رد عمل میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت کے دوران کم کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھے تھے، اب بھی وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے ساتھ بات چیت کا خیر مقدم کریں گے۔ انھوں نے کہا صدر ٹرمپ 2018 کے سنگاپور سمٹ کی پیش رفت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔غیر فوجی زون میں ٹرمپ کا پہلی صدارتی مدت کے دوران کم کے ساتھ ڈرامائی مصافحہ

    واضح رہے کہ ٹرمپ کی 2017-2021 کی پہلی صدارتی مدت کے دوران دونوں رہنماؤں میں میں 3 بار ملاقات ہوئی تھی، اور متعدد خطوط کا تبادلہ کیا گیا تھا، جسے ٹرمپ نے ’’خوب صورت‘‘ خطوط کہا۔ جون 2019 میں ٹرمپ نے ایک غیر فوجی زون میں کم کے ساتھ ڈرامائی مصافحہ کیا تھا، اور ٹرمپ نے مختصر طور پر شمالی کوریا میں قدم رکھا، اور ایسا کرنے والے وہ پہلے امریکی صدر بنے۔

    امریکا کے برعکس شمالی کوریا کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ خط و کتابت سے متعلق فیصلے شمالی کورین صدر کم جونگ ان خود کریں گے۔

  • قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو امریکا میں داخل نہ ہونے دیا جائے، سکھ تنظیم کا مطالبہ

    قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو امریکا میں داخل نہ ہونے دیا جائے، سکھ تنظیم کا مطالبہ

    واشنگٹن: سکھ فار جسٹس نے امریکا سے گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اہلکاروں پر پابندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھ فار جسٹس کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھ گیا ہے، جس میں گرپتونت سنگھ پنوں کے قاتلانہ منصوبے میں ملوث بھارتی اہلکاروں پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تنظیم نے کہا ٹرمپ انتظامیہ امریکی شہری گرپتونت سنگھ پنوں کو نشانہ بنانے کے لیے کرائے کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے۔

    سکھ فار جسٹس نے مطالبہ کیا کہ نئی اعلان کردہ ویزا پابندیوں کی پالیسی کے تحت، بین الاقوامی جبر میں ملوث بھارتی اہلکاروں پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے، اور اجیت ڈوول، ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر ترنجیت سندھو پر پابندی عائد کی جائے۔


    بھارتی یوٹیوبر جیوتی 4 پاکستانی ایجنٹس کےساتھ رابطے میں تھی، بھارتی حکام کا الزام


    سکھ تنظیم نے خط میں لکھا کہ بھارت کے ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (RAW) کے سابق سربراہ سامنت گوئل پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ سکھ فار جسٹس نے قاتلانہ منصوبے میں ملوث بھارتی اہلکاروں کے خلاف شواہد بھی محکمہ خارجہ کو جمع کرا دیے ہیں۔

  • پولیو مہم: وزیراعلیٰ سندھ کا ایم این ایز، ایم پی ایز، میئر کراچی ودیگر کو خط

    پولیو مہم: وزیراعلیٰ سندھ کا ایم این ایز، ایم پی ایز، میئر کراچی ودیگر کو خط

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو مہم موثر بنانے کے لیے تمام ایم این ایز ایم پی ایز میئر کراچی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز کو خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے سے منتخب تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، میئر کراچی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز، چیئرمین میونسپل کمیٹیز اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹیز کو خط لکھا ہے جس میں تمام منتخب نمائندوں بشمول حزب اختلاف پولیو مہم کی اونر شپ لینے کی درخواست کی ہے۔

    وزیراعلیٰ نے کہا ہےکہ پولیو کا خاتمہ ہم سبکی قومی ذمہ داری ہے اور خط لکھنے کا مقصد پولیو جیسی مہلک بیماری کے خلاف مزید موثر اقدامات اٹھانے ہیں۔ میں سندھ اور پورے پاکستان کو پولیو سے پاک دیکھنا چاہتا ہوں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ پولیو ایک انتہائی خطرناک اور مہلک بیماری ہے جو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیتی ہے۔ اس لیے ہمیں اپنی آئندہ نسل کو اس بیماری سے بچانا ہے۔ پولیو پو جتنی جلد ہو سکے، قابو پانے کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بھی پولیو کا خاتمہ نہ ہوسکا۔ اس سلسلے میں والدین کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خط میں لکھا ہے کہ دنیا میں اب صرف دو ممالک ہی بچے ہیں جہاں پولیو وبا پائی جاتی ہے۔ انمیں ایک ملک پاکستان ہے۔ 2024 میں پاکستان میں پولیو کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے اور انتہائی خطرناک صورتحال ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ 26 مئی سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم اتنی موثر ہونی چاہیے کہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ علاقے کے با اثر اور پڑھے لکھے افراد کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائے جو لوگوں کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پولیو کے خلاف تیز اور فیصلہ کن اقدام کرنے ہیں اور ہر صورت اس مہم کو کامیاب بنانا ہے۔ بس اسٹاپ، ریلوے اسٹیشنز، پکنک پوائنٹس اور دیگر مقامات پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا انتظام کریں۔ 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ضرور پلائیں، تاکہ ان کا مستقبل محفوظ رہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال کی تیسری انسداد پولیو قومی مہم 26 مئی سے ملک بھر میں شروع کی جا رہی ہے جو یکم جون تک جاری رہے گی۔

    https://urdu.arynews.tv/national-polio-campaign-of-2025-begin-from-this-month/

  • کانز فلم فیسٹیول: ہالی ووڈ ستاروں کا غزہ میں نسل کشی کیخلاف اہم اقدام

    کانز فلم فیسٹیول: ہالی ووڈ ستاروں کا غزہ میں نسل کشی کیخلاف اہم اقدام

    اسرائیل کی جانب سے غزہ میں مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں کانز فلم فیسٹیول میں ہالی ووڈ اداکاروں اور فلمی دنیا کی 350 شخصیات نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک کھلا خط لکھ دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانز فلم فیسٹیول کے آغاز سے ایک دن قبل جاری کیے گئے اس مشترکہ کھلے خط کوفرانسیسی اخبار لیبراسیون اور امریکی جریدے ویرائٹی میں شائع کیا گیا ہے۔

    جن معروف اداکاروں نے اس کھلے خط پر دستخط کئے ہیں ان میں ہالی ووڈ اداکار رچرڈ گیئر، سوسن سرینڈن، اسپین کے مشہور ہدایتکار پیدرو الموڈووار، گزشتہ کانز فیسٹیول ایوارڈ جیتنے والے روبن اوسٹلند، برطانوی نژاد آسکر یافتہ ہدایتکار جوناتھن گلیزر، اداکار مارک رفیلو اور خاویر بارڈیم بھی شامل ہیں۔

    ہالی ووڈ اداکاروں کے خط میں کہا گیا ہے کہ ہم اِس وقت کسی طور خاموش نہیں رہ سکتے جب کہ غزہ میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے کھلے خط میں فلسطینی خاتون فوٹو جرنلسٹ فاطمہ کی خاندان کے 10 افراد کے ہمراہ اسرائیلی بمباری میں الم ناک موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    فلسطینی خاتون فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ ایرانی ہدایتکار سپیدہ فارسی کی ڈاکیومنٹری ”اپنی روح ہاتھ میں لو اور چلو” کی مرکزی کردار تھیں۔

    اے ایف پی سے گفتگو میں ایرانی ہدایتکار سپیدہ فارسی کا کہنا تھا کہ کانز فیسٹیول کو چاہیے کہ وہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کی کھل کر مذمت کرے۔ یہ کہنا کہ فیسٹیول غیر سیاسی ہے، کسی طور پر معنی خیز نہیں۔

    واضح رہے کہ کانز فیسٹیول میں یوکرین پر خصوصی توجہ دی گئی جب کہ غزہ کو نظرانداز کردیا گیا، فیسٹیول کے افتتاحی دن یوکرین جنگ پر 3 فلمیں پیش کی گئیں جن میں یوکرینی صدر پر بننے والی دستاویزی فلمیں بھی شامل ہیں۔

    اس کے برعکس غزہ کی جنگ پر کوئی خصوصی دن یا پروگرام کا انعقاد نہیں کیا گیا، البتہ فاطمہ حسونہ پر بننے والی فلم کو ان کی یاد میں پیش کیا جائے گا۔

    نیتن یاہو نے فرانس کو آنکھیں دکھانا شروع کردیں

    مشہور فلسطینی فلم ساز عرب ناصر اور طرزان ناصر کی ایک فیچر فلم جو 2007 کے غزہ پر مبنی ہے۔ فیسٹیول کی ثانوی کیٹیگری میں دکھائی جائے گی۔

  • ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو جارحانہ مطالبات سے بھرا دوسرا خط بھیج دیا

    ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو جارحانہ مطالبات سے بھرا دوسرا خط بھیج دیا

    واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو جارحانہ مطالبات سے بھرا نظرثانی شدہ خط بھیج دیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے 11 اپریل کو ہارورڈ کو ایک اور خط اجازت لیے بغیر بھیجا تھا، تاہم ہارورڈ نے وضاحت کو ناکافی قرار دے کر حکومتی اقدامات کو سنگین مداخلت سے تعبیر کیا۔

    خط پر جنرل سروس ایڈمنسٹریشن، محکمہ صحت، تعلیم، ہیومن ریسورسز کے 3 اہلکاروں کے دستخط تھے، خط میں پہلے مطالبہ کیا گیا تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی مظاہروں میں چہرے کے ماسک پر پابندی لگائے، خط میں کہا گیا تھا کہ ہوم لینڈ محکمے کے احکامات پر عمل کیا جائے، جمعہ کو ایک اور خط میں فلسطین نواز گروہوں کو تسلیم نہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

    ہارورڈ یونیورسٹی کے صدر ایلن گاربر نے اعلان کیا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس کے مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، جس پر وائٹ ہاؤس نے ہارورڈ کی 2 ارب ڈالر سے زائد کی وفاقی امداد ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔


    امریکی سپریم کورٹ کا ایک اور فیصلہ، ٹرمپ انتطامیہ کو بڑا جھٹکا


    ترجمان ہارورڈ نے کہا کہ جو اقدامات حکومت نے اس ہفتے کیے وہ یونیورسٹی پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں، خط ایک سینئر افسر کا دستخط شدہ تھا، تمام نشانیاں ثابت کرتی ہیں کہ یہ سرکاری دستاویز ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طلبہ کے ویزے منسوخ کرنے کی پالیسی کے امریکی کالجز پر تباہ کن اثرات ہو سکتے ہیں، اس سے امریکی تعلیمی اداروں اور معیشت کو نقصان پہنچے گا۔

  • زیر حراست ملزمان کے میڈیا انٹرویوز پر پابندی عائد

    زیر حراست ملزمان کے میڈیا انٹرویوز پر پابندی عائد

    پشاور: پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا کی غیر ضروری استعمال کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مواد شیئر نہ کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آئی جی خیبرپختونخوا نے کے پی پولیس افسران واہلکاروں کی سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کردی ساتھ ہی زیر حراست ملزمان کے میڈیا انٹرویوز پر بھی پابندی لگادی ہے۔

    اے آئی جی انٹرنل اکاونٹیبلیٹی برانچ عالم شنواری نے ڈی پی اوز، یونٹس سربراہان کو خط لکھ دیا، خط کے متن کے مطابق کےپی پولیس سوشل میڈیا پالیسی کی وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کی جاتی رہی ہیں۔

    عالم شنواری نے خط میں لکھا کہ ڈی پی اوز سوشل میڈیا مانیٹرنگ یونٹس قائم کریں اور اس مانیٹرنگ یونٹس سے پولیس افسران، اہلکاروں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔

    عالم شنواری نے خط میں لکھا کہ سوشل میڈیا پالیسی کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی اس لیے پولیس افسران، اہلکار غیر ضروری سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس کا استعمال بند کریں۔

    عالم شنواری کی جانب سے جاری کردہ خط کے متن کے مطابق ہر قسم کی سوشل میڈیا ایپس اور گروپس کے استعمال پر  پابندی ہے، خلاف ورزی سے پولیس اہلکاروں کی حفاظت، سلامتی کو بھی شدید خطرات ہیں۔

  • کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کراچی: کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک کورنگی علی رضا نے چیئرمین اور صدر کاٹی کو علیحدہ علیحدہ خط لکھے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ کاٹی کے تحت چلنے والی فیکٹری کے ورکرز کی موٹر سائیکلوں کی حالت خراب ہے، ان کی زندگی کی حفاظت کے لیے انھیں ہدایات دی جائیں کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں ٹھیک کروا لیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ تر اسٹاف اپنی موٹر سائیکلیں انتہائی خراب حالت میں چلاتے ہیں، ان کو درست ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ کا لازمی استعمال کروائیں، ہیڈلائٹ، ٹیل لائٹ اور انڈیکیٹرز درست حالت میں رکھنے کے ساتھ ساتھ سائیڈ مررز لگائیں اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے سے اجتناب کریں، موٹر سائیکل پر 3 افراد بیٹھ کر سفر نہ کریں۔

    کاٹی ایس ایس پی ٹریفک

    خط میں کہا گیا ہے کہ عملہ غلط پارکنگ بھی کرتا ہے، ایک لین کی جگہ چار چار لینوں میں پارکنگ کی جاتی ہے، جس سے نہ صرف لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ ٹریفک جام بھی ہوتا ہے اور حادثات بھی ہوتے ہیں۔

    دوسرے خط میں کہا گیا ہے کہ مزدوروں کو لانے لے جانے والی زیادہ تر بسیں اور کوسٹرز جو کنٹریکٹ کی ہیں یا کمپنی اور فیکٹری کی ملکیت ہیں، وہ انتہائی خراب حالت میں ہیں، ان گاڑیوں کی وجہ سے سڑک پر چلنے والی دیگر گاڑیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر گاڑیوں کی حالت ٹھیک کروا لیں، گاڑی کے درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیور کے لائسنس اپڈیٹ کروائیں، گاڑیوں کی مکینیکل حالت بھی ٹھیک کروائیں، اور گاڑی کے ڈرائیور یا مالکان تعاون کریں، کیوں کہ ایک ہفتے بعد خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

  • شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر کو خط لکھ دیا، وجہ کیا ہے؟

    شاہد آفریدی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر کو خط لکھ دیا، وجہ کیا ہے؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کے صدر محمد فاروق کو خط لکھ دیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر محمد فاروق کو خط لکھا ہے جس کی وجہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) ہے۔
    بنگلہ دیش پریمیئر لیگ جو اپنے کھیل سے زیادہ بد انتظامی اور کھلاڑیوں کو

    معاوضوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی بھی ان افراد میں شامل ہیں جنہیں بی پی ایل کی جانب سے معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔

    شاہد آفریدی جنہوں نے بی پی ایل کے حالیہ ایڈیشن میں چٹاگانگ ٹائیگرز کے مینٹور کی ذمہ داریاں ادا کی تھیں، وہ بھی تاحال اپنا معاوضہ ملنے کے منتظر ہیں۔

    سابق اسٹار آل راؤنڈر نے اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور بی سی بی کے صدر محمد فاروق کو ایک خط لکھا ہے۔

    اس خط میں شاہد آفریدی نے بی سی بی کے صدر کو آگاہ کیا ہے کہ بی پی ایل کی ایک فرنچائز نے انہیں حالیہ سیزن کے لیے منٹور بنایا تھا تاہم اس کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری کے شروع میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بی پی ایل میں شریک تمام پلیئرز کو معاوضوں کی یقین دہانی کروائی تھی، تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک کے کھلاڑی تاحال معاوضوں سے محروم ہیں۔

    ان میں پاکستان شاہئینز کے کپتان محمد حارث بھی شامل تھے۔ بی پی ایل میں ٹیم دربار راج شاہی کی نمائندگی کرنے والے محمد حارث سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو ٹیم کی جانب سے واپسی کے ٹکٹ سمیت مہمان کھلاڑیوں کو معاوضہ ادا نہیں کیا تھا۔ معاوضہ نہ ملنے کی وجہ سے انہیں دو دن اضافی ہوٹل میں قیام کرنا پڑا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/bpl-pakistani-cricketer-mohammad-haris-is-stuck-in-bangladesh/