Tag: خطاب

  • کرونا صورت حال پر وزیراعظم کا 24 گھنٹوں میں اہم خطاب متوقع

    کرونا صورت حال پر وزیراعظم کا 24 گھنٹوں میں اہم خطاب متوقع

    اسلام آباد: کرونا صورت حال پر وزیراعظم عمران خان کا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اہم خطاب متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ صورت حال پر مشاوت کی گئی۔

    اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز اور پارلیمنٹری سیشن پرگفتگو کی گئی۔وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کوحکمت عملی سےمتعلق گائیڈلائنز فراہم کر دیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کرونا صورت حال پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اہم خطاب متوقع ہے۔

    کروناوائرس: پوری قوم ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وزیراعظم

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد نے ملاقات کی۔اس دوران کرونا کی صورت حال اور روک تھام کی حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی، ملکی ڈاکٹروں اور ہیلتھ کئیر اسٹاف کے کردار پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔آئی ڈی ایف نے حکومت کی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کروناوائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔

  • کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے،وزیراعظم

    کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس دنیا بھر میں پھیل گیا ہے،کرونا وائرس سے متعلق ترقی یافتہ ممالک کا ایک ردعمل ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو یہ فکر ہے کہیں غریب بھوک سے نہ مرجائیں، ترقی پذیر ملکوں میں لاک ڈاون کی وجہ سے بھوک کے مسائل سے بھی نمٹنا ہے،ترقی یافتہ ملکوں میں کورونا کو وائرس کی روک تھام اور معیشت سےنمٹنا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنی عوام کے لیے بڑے بڑے پیکیج کا اعلان کر رہے ہیں،پاکستان 22 کروڑ عوام کاملک ہے لیکن صرف 8 ارب ڈالر کا پیکج دیا۔انہوں نے مزید کہا ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ صحت پر زیادہ خرچ کرسکیں۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے عوام کے لیے 2.2 ٹریلین ڈالر کا پیکیج دے رہاہے، جاپان ایک ٹریلین ڈالر خرچ کر رہا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لیے بھی وسائل کی کمی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے،سیکرٹری جنرل یو این ترقی پذیر ملکوں کو قرضوں پر ریلیف دیں، جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے وہی مسئلہ ترقی پذیرملکوں کو بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے۔

  • ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی: وزیر اعظم

    ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی: وزیر اعظم

    میانوالی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی، ہمیں سب سے پہلے اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی میں نمل یونیورسٹی کے یوم تاسیس اور کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیر اعظم نے طلبا میں اسناد تقسیم کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان کو نمل یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، مشکل معاشی حالات میں سعودی عرب اور چین نے بھی پاکستان کی مدد کی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ والدین کے لیے خوشی کا دن ہے کہ ان کے بچوں نے عالمی معیار کی ڈگری حاصل کی، والدین سنجیدہ نہ ہوں خوشی منائیں یہ خوشی کا دن ہے۔ انشا اللہ اس جگہ پر پاکستان کی آکسفورڈ یونیورسٹی بنے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے یہ صلاحیت انسانوں کو دی ہے کہ آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں، اللہ نے طاقت دی جو تصور اور خواب انسان دیکھتے ہیں وہ اسے پورا کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست کی بنیاد رسول ﷺ نے رکھی تھی، ہماری قوم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر کھڑی ہوگی۔ ہمیں سب سے پہلے اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ رسولﷺ  سے زیادہ کامیاب انسان دنیا میں آج تک نہیں آیا۔

    انہوں نے کہا کہ جب برا وقت آتا ہے انسان سوچتا ہے کہ کوئی شارٹ کٹ لے لوں، برے وقت میں شارٹ کٹ لینے والوں نے ایمانداری سے کام نہیں کیا۔ برے وقت سے کبھی نہ ڈریں، اس کا مقابلہ کرنے میں ہی کامیابی کا راز ہے۔ انسان جدوجہد کے لیے ہی پیدا ہوا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج ورلڈاکنامک فورم سے خطاب کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج ورلڈاکنامک فورم سے خطاب کریں گے

    ڈیووس : وزیراعظم عمران خان آج ورلڈاکنامک فورم سےخطاب کریں گے اور سوال و جواب کے سیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع پرروشنی ڈالیں گے جبکہ عالمی رہنماؤں سےملاقاتیں بھی جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ڈیووس میں دوسرے روز مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا، وزیراعظم آج ورلڈاکنامک فورم میں ’’پاکستان اسٹریٹیجی ڈائیلاگ‘‘کے موضوع پر خطاب کریں اور سوال و جواب کے سیشن میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالیں گے۔

    عمران خان عالمی سرمایہ کارکمپنیوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ یوٹیوب کی سی ای او سوسن ووجیکی ، فیس بک چیف آپریٹنگ آفیسرشیرل سینڈبرگ سے بھی ملاقات شیڈول کا حصہ ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کی ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے صدر ، ٹیلی نار گروپ کی چیئرپرسن اور سی ای او بارکلے سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ عالمی میڈیکل کونسل اور ڈبلیوای ایف کے خصوصی سیشن سے بھی خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم کا یورپی یونین پارلیمنٹ کےصدرڈیوڈسسولی سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے آذربائیجان کے صدراورسنگاپورکے وزیراعظم سے ملاقاتیں کی ، وزیراعظم نےالہام علیوف کومقبوضہ کشمیرکی سنگین صورتحال سےآگاہ کیا اور بتایا کہ مقبوضہ وادی میں غیرانسانی لاک ڈاؤن ہے۔

    عمران خان نے کشمیر پر او آئی سی میں آوازاٹھانے پر آذربائیجان کو سراہا، صدرالہام علیوف نےوزیراعظم پاکستان کودورہ آذربائیجان کی دعوت بھی دی جبکہ سنگاپور کے وزیراعظم سےملاقات میں دوطرفہ تعلقات اوراقتصادی شعبےمیں تعاون بڑھانےپرگفتگو ہوئی۔

    وزیراعظم سے ترک کمپنی کیلک ہولڈنگ کے چیئرمین بھی ملے، جس میں پاکستان میں توانائی ،تعمیرات، ٹیکسٹائل،معدنیات اور ڈیجیٹل سیکٹر میں سرمایہ کاری پربات ہوئی۔

  • موجودہ حکومت میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی،امریکی صدر

    موجودہ حکومت میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی،امریکی صدر

    ڈیووس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میرے دوراقتدار میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی، پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین امریکی ورک فورس کا حصہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کے 50ویں اجلاس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے ہفتے 2 بڑے تجارتی معاہدے چین، میکسیکوسے کیے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالا تو امریکی معیشت خراب تھی، ماہرین نے امریکی معیشت کے بارے میں منفی پیشگوئی کی تھی، امریکی ورکنگ کلاس کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق الیکشن جیتنے کے بعد امریکیوں کے مفاد میں معاشی اقدامات کیے، میرے دوراقتدار میں بے روزگاری میں ریکارڈ کمی آئی، رنگ،نسل، مذہب کے امتیاز کے بغیر امریکیوں کی بھلائی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین امریکی ورک فورس کا حصہ ہیں جبکہ ملازمین کی تنخواہوں میں سی ای اوز سے زیادہ اضافہ ہو رہا ہے، امریکا کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹیکس ریفارم متعارف کرائیں۔

    ورلڈ اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب عوامی مفاد کو اولیت دیتے ہیں تو وہ مستقبل کے لیے سرمایہ کاری ہوتی ہے، ہماری کوششوں سے سرمایہ کار امریکا کا رخ کر رہے ہیں۔

    چین سے متعلق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چین نے انٹلکچوئل پراپرٹی سے متعلق متعدد اقدامات پر پہلی باراتفاق کیا، چین کے صدرسے بہترین تعلقات ہیں، چین پر متعدد ٹیرف بات چیت کے دوسرے مرحلے تک رہیں گے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میری انتخابی مہم میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا سب سے بڑا نعرہ تھا، ہم نے آؤٹ سورس اور تنخواہوں میں اضافہ کیا، پچھلی حکومت کے دورمیں بیروزگاری بڑھی تھی۔

    امریکی صدر کے مطابق ورکنگ کلاس کو پچھلی حکومتوں میں مشکلات کا سامنا تھا، صحت،سماجی بہبود کے شعبوں میں بھی کوئی کام نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی اتحادی کلین انرجی کے ذخائر سے مستفید ہوسکتے ہیں، روایتی توانائی کے علاوہ ورچوئل انرجی پر بھی کام کر رہے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا ایک ٹریلین درخت منصوبے کا حصہ بن رہا ہے، منصوبے کا ورلڈ اکنامک فورم نے پچھلے سال اعلان کیا تھا، یہ وقت امید اور کام کرنے کا ہے مایوسی کا نہیں ہے۔

  • 5 جی ٹیکنالوجی سے بڑا انقلاب آئے گا: فواد چوہدری

    5 جی ٹیکنالوجی سے بڑا انقلاب آئے گا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم ایک فون چارجر یا ٹی وی خود نہیں بنا سکتے، دنیا میں ٹیکنالوجی کا ڈیفنس سے زیادہ استعمال زراعت میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نیشنل سیکیورٹی اور ہائبرڈ وار کانفرنس میں شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 80 کی دہائی میں افغانستان میں لڑائی لڑ رہے تھے، مدرسے تو بنائے مگر آکسفورڈ اور کیمبرج کے کیمپس نہیں بنائے۔ امریکا اور چین کا ڈیفنس کا بجٹ سویلین سے زیادہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم یہاں ٹینک خود بناتے ہیں مگر فون چارجر خود نہیں بناتے، جے ایف 17 تو بنا لیتے ہیں مگر ٹی وی نہیں بنا سکتے۔ دنیا میں ٹیکنالوجی کا ڈیفنس سے زیادہ استعمال زراعت میں ہے۔ دنیا میں اب پلاننگ 10، 10 سال کی ہوتی ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 5 جی ٹیکنالوجی آنے والی ہے، یہ ایک بڑا انقلاب ہوگا۔ ہولو گرام ٹیکنالوجی سے تبدیلیاں آئیں گی۔ قومیں ایک شعبے میں نہیں بلکہ تمام شعبوں میں ترقی کرتی ہیں۔ پروپیگنڈا یا ہائبرڈ وار فیئر کا مقابلہ صرف ایک چیز ٹھیک کر کے نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ جب کہتا ہوں کہ سنہ 202 میں مشن خلا میں جائے گا تو لوگوں کے منہ کھلے کے کھلے رہ جاتے ہیں، 80 کی دہائی میں کیمبرج اور آکسفورڈ جیسے ادارے بناتے تو آج اچھی افرادی قوت ہوتی۔ امریکا میں دفاع کی ریسرچ کو سویلین سائیڈ پر استعمال کیا جاتا ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سیاسی حالات پر اظہار خیال کیا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ فوج سب کی اتنی ہے جتنی تحریک انصاف کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ پر اپوزیشن کا ووٹ دینا احسن اقدام ہے، اپوزیشن کے اقدام کی تعریف کرتا ہوں۔ الیکشن کمیشن اور نیب قوانین پر بھی معاملات چل رہے ہیں۔ ملکی استحکام کی ضرورت ہے، اپوزیشن اور اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اچھا ماحول لانے کی ضرورت ہے۔ سنا ہے خواجہ آصف وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور خواجہ آصف وزارت عظمیٰ کے لیے آپس میں ٹاس کرلیں۔ اب شہباز شریف واپس آنے والے نہیں ہیں۔

  • عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر شپ کا وژن اس کی کمٹمنٹ ہوتی ہے، وزیر اعظم کا وعدہ تھا کہ اداروں میں اصلاحات کی جائیں گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جو اپنی ذات کی نفی کرتا ہے وہ مشکلات کو مواقع میں بدلتا ہے، آئیڈیالوجی کے لیے کھڑے ہونے والے کے ساتھ ابتدا میں چند لوگ ہی ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کاز سے وابستگی غیر متزلزل ہو تو قائد اعظم کی طرح خواب تعبیر میں بدل جاتا ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 23 سال اصول کی بات کی، ایک شخص ملک میں باریوں کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا۔ عمران خان دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اصلاحات کے ذریعے نئے پاکستان کی بنیاد رکھی، رہنما ذاتی مفاد نہیں بلکہ قوم کے لیے سوچتا ہے۔

  • میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی ٹی وی پر پرفارمنس لوگوں نے دیکھی ہے، لوگ کہتے تھے آپ سنجیدہ نہیں انہیں سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر کیوں بنایا۔ اچھے کپتان کو پتہ ہوتا ہے اچھے پلیئرز کو کس وقت کھلانا ہوتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے لیے جو جنون فواد چوہدری نے دکھایا اس پر داد دیتا ہوں۔ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اس یونیورسٹی میں کتنا زبردست کام ہو رہا ہے۔ ہر چیز ایک وژن سے شروع ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کی اہمیت بڑھتے اور گرتے ہوئے بھی دیکھی، ہمارے اسکول کے زمانے میں پاکستانیوں میں اعتماد ہوتا تھا۔ بھارت میں کرکٹ کھیلنے جاتے تو احساس ہوتا تھا کہ بڑے اہم ملک سے آئے ہیں، میرٹ کا سسٹم نیچے جانے سے پاکستان پیچھے چلا گیا۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹی نسٹ کے طالب علموں پر بڑی ذمہ داری ہے، تعلیم کے شعبے میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ہم کیا بن سکتے ہیں اور کیا بن گئے۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ نے انسان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، اپنی صلاحیت کو استعمال کرنے کے لیے بڑا خواب چاہیئے، کوئی بھی بڑا وژن ہوتا ہے وہ اپنی ذات سے بڑھ کر ہوتا ہے۔ دنیا کی تاریخ اسے جانتی ہے جس نے پیسے سے انسانوں کے لیے کچھ کیا ہو، جنون صرف دل میں ہوتا ہے ہمیشہ اپنے دل کے راستے پر چلو۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے، جب کوئی مشکل آتی ہے تو وہ آپ کو سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ برا وقت جب بھی آتا ہے تو کئی دفعہ حوصلہ شکنی کا شکار بناتا ہے۔ جب آپ کشتیاں جلا دیتے ہیں اس وقت صحیح معنوں میں طاقت سامنے آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں میرٹ اور احتساب کا اہم کردار ہوتا ہے، بادشاہت کبھی جمہوریت کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ خاندانی سیاست جمہوریت کی نفی ہے۔ خون پر لیڈر بنیں گے تو یہ جمہوریت کی نفی ہوگی۔

  • سندھ کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے: بلاول بھٹو

    سندھ کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، عوامی مینڈیٹ والی حکومت ہی مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے طارق روڈ اور بہادر آباد سے متصل شہید ملت انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبوں کو وسائل فراہم نہیں کیے جا رہے، بزنس مین نیب گردی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسے ماحول میں کوئی حکومت ہے تو وہ سندھ کی ہے جو کام کر رہی ہے، صوبہ سندھ کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ سندھ کے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔ نوجوان ایک کروڑ نوکریوں کی تلاش میں ہیں، روزگار نہیں مل رہا۔

    انہوں نے کہا کہ شہر کے مزدوروں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا، عوامی مینڈیٹ والی حکومت ہی مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔ کم لاگت میں شہید ملت روڈ انڈر پاس کا منصوبہ 9 ماہ میں مکمل کیا گیا۔ کراچی میں سگنل فری کوریڈور بنا رہے ہیں۔

    بلاول نے کہا کہ منصوبوں میں نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے پر سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں۔ معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو انفرا اسٹرکچر میں انویسٹ کرنا ہوگا، چھوٹے تاجروں کے لیے اسکیم لائی جائے۔ معاشی بحران کا ہم مقابلہ کرتے ہیں تو کام کر کے دکھاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کا خیال رکھتی ہے، ان کےپاس پیسہ ہوگا تو وہ خرچ کرے گا۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، سندھ حکومت کو اس کا حق دیا جاتا تو اس سے زیادہ عوام کے لیے کرتے۔

    بلاول نے مزید کہا کہ مراد علی شاہ نے این آئی سی وی ڈی کو کھڑا کردیا، کراچی سے سکھر تک اسپتال کھڑے کیے، مفت علاج فراہم کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ملک کے غریب عوام کے لیے سوچتی ہے اور کام کر کے دکھاتی ہے۔

  • پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے: فواد چوہدری

    پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے، وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی رفتار بہت تیز ہے، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ٹوٹی پھوٹی حالت میں ملی۔ کوشش کی وزارت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت کے تحت بائیو ٹیکنالوجی پارکس بنا رہے ہیں۔ جہلم میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پارک بنانے جا رہے ہیں۔ ڈرون کی ٹیکنالوجی کو زراعت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیئے۔ ماضی میں پاکستان فائبر آپٹک بچھانے والا پہلا ملک تھا۔

    انہوں نے کہا کہ جوان پاکستان کے ساتھ مل کر نیا پروگرام لانچ کرنا چاہتے ہیں، ہمارا مستقبل جدید تعلیم کے ساتھ منسلک ہے۔ طلبا یونین کو بھی بحال کرنا چاہیئے۔ سیاست کا کسی بھی جمہوری دور میں اہم حصہ ہوتا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی طلبا یونینز کو تشدد سے پاک ماحول میں کام کرنا چاہیئے، جمہوری ملک میں طلبا یونینز سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں۔ ماضی میں سیاسی جماعتوں نے طلبا تنظیموں کو استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں اس وقت ارتعاش ہے۔ یوں لگ رہا ہے ادارے ایک دوسرے کے اختیار کے درپے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہم آپس میں ڈائیلاگ کریں۔ ملک کے تینوں اداروں کے سربراہان مل بیٹھیں۔ وزیر اعظم، آرمی چیف اور چیف جسٹس چاہتے ہیں ادارے مضبوط ہوں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وقت کی ضرورت ہے ایک قومی ڈائیلاگ ہو، ڈائیلاگ میں آنے والے چیف جسٹس، جسٹس گلزار کو بھی شامل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن ارکان کے ناموں پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر بھی جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔