Tag: خطاب

  • مسئلہ کشمیر: وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    مسئلہ کشمیر: وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر آج قوم سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم آج قوم سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بات کریں گے۔ وزیراعظم کا خطاب شام ساڑھے 5 بجے نشر کیا جائے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے دو روز قبل گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے میں قوم سے خطاب کریں گے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت نے وادی میں ظلم وستم کی انتہا کردی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں 22ویں روز بھی کرفیو

    مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 22ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • وزیر اعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے: فردوس عاشق اعوان

    وزیر اعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے، وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پلانٹ فار پاکستان کو چپے چپے تک پہنچانے کی ضرورت ہے، دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ گلوبل وارمنگ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا 10 ارب درخت لگانے کا وژن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بلا معاوضہ پودے فراہم کیے جا رہے ہیں، پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کر رہی ہے۔ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے فوکل گروپ قائم کیا ہے۔ اسی ہفتے وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے اور اسی ہفتے ایک دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کرفیو کو 20 دن ہوچکے ہیں، میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جارہی ہے۔ پاکستان کے صحافیوں نے مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان کے صحافیوں کو اس اقدام پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ پاکستان کی اقلیتوں نے سب کے ساتھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، دنیا اس وقت خواب خرگوش میں ہے، کشمیریوں کی آواز سننے کو تیار نہیں۔ بھارت مقبوضہ وادی میں نسل کشی کرنے جا رہا ہے۔ جینو سائیڈ کی رپورٹ عالمی اداروں اور دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا احترام اپنی عبادت گاہوں کی طرح کرتے ہیں، عالمی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔ پرچم میں سفید رنگ ہمیں اتنا عزیز ہے جتنا سبز رنگ عزیز ہے، وزیر اعظم پاکستان بار بار دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں، اقلیتی برادری کا اتنا ہی حق ہے جتنا اکثریت کا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں سکھوں سمیت اقلیتوں کی زندگی اجیرن ہے، حکومت پاکستان سکھ بھائیوں کو خوش آمدید کہے گی۔ وزیر اعظم مذہبی سیاحت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو مسئلہ کشمیر پر بات کریں گے۔

  • پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں: وزیر خارجہ

    پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاک امریکا دو طرفہ تعلقات معیشت، تجارت و دیگر شعبوں پر محیط ہیں، پاک امریکا تعلقات میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پالیسی اسٹڈیز میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات ہماری خارجہ پالیسی میں اہمیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات معیشت، تجارت و دیگر شعبوں پر محیط ہیں، پاک امریکا تعلقات میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے ہیں۔ مجموعی طور پر تعاون دونوں ممالک کے لیے اہم اور سود مند رہا۔ پاک امریکا مثبت دو طرفہ تعاون جنوبی ایشیا کے لیے مفید رہا ہے۔

    اپنے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین نے پاکستان کے ساتھ نیا اسٹریٹیجک معاہدہ کیا ہے، واضح ہے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ پاک امریکا تعلقات کو دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں سے دیکھنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آنے کے بعد پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئی، مائیک پومپیو کے دورے کے بعد تعلقات میں مزید گرمجوشی پیدا ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکا باہمی تعلقات میں اہم ثابت ہوگا، دونوں ملکوں میں مثبت اور تعمیری بات چیت ضروری ہے۔ پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی دہائیوں تک مہمان نوازی کی۔

    اس سے قبل ایک موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مراعات دے رہے ہیں، ہم نے ترجیحات کا از سر نو تعین کیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے خلاف اقدامات اٹھائے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ گرے لسٹ سے باہر نکلیں، کوشش ہے پڑوسی ملک کی بلیک لسٹ میں ڈلوانے کی کوشش ناکام ہو۔

  • خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے: وزیر خارجہ

    خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا محور عوام ہیں، خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دولت مشترکہ اجلاس پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ توقع ہے کامن ویلتھ فورم کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 کے طے شدہ اہداف پر پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کروں گا، رکنیت بحالی پر پاکستان نے مثبت اور دیرپا اقدامات کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جولائی 2018 میں پاکستان میں تیسرے جنرل الیکشن ہوئے، سول حکومت نے دوسری منتخب حکومت کو اقتدار منتقل کیا۔ یورپین یونین اور کامن ویلتھ مانیٹرز نے انتخابات کو شفاف قرار دیا، خواتین کی نمائندگی سول سروس، قانون اور دیگر شعبوں میں بڑھی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 11 اگست کو اقلیتوں کا دن خصوصی طور پر منایا جاتا ہے، پاکستان 27 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہے۔ واضح کرتا ہوں پاکستان صرف قانونی نقل مکانی کا حامی ہے۔ بڑھتی درآمدی حوصلہ شکنی کے ماحول میں تجارت پر یقین رکھتے ہیں۔ ہماری پالیسیوں کا محور عوام ہیں، خطے میں امن پر توجہ مرکوز ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سرمایہ کار دوست اور کاروبار میں آسانی کے لیے پر عزم ہے، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ پاکستان ہنر مند افرادی قوت کے خزانے کے طور پر دستیاب ہے۔ دولت مشترکہ کو باہم جوڑنے کا ایجنڈا مسلمہ ضرورت کا اعتراف ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سی پیک علاقائی ترقی، شرح نمومیں اضافے اور خوشحالی کا پلیٹ فارم ہے۔ سی پیک روٹ میں اقتصادی زونز میں شراکت کا خیر مقدم کریں گے۔ نوجوانوں کی بہتری کے لیے قومی یوتھ کونسل قائم کی گئی ہے۔ پائیدار ترقی کے لیے 2030 ایجنڈا کے لیے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔

  • احتساب کا بیانیہ صرف تحریک انصاف نے اپنایا ہے: فواد چوہدری

    احتساب کا بیانیہ صرف تحریک انصاف نے اپنایا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی آمد سیاست میں تبدیلی کی وجہ ہے۔ احتساب کا بیانیہ صرف تحریک انصاف نے اپنایا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا رلاؤں گا، رلا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لیے پیسے مختص کیے گئے، فوج ایک میرٹ پر مبنی ادارہ ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے اقتدار میں فضل الرحمٰن ان کے ساتھ تھے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہوگا، سول حکومت نے 50 ارب روپے کا خرچہ کم کیا ہے۔ وزیر اعظم سیکریٹریٹ اور ورزا کے اخراجات میں کمی کی ہے۔ سنہ 1947 سے 2008 تک ہمارا قرض 6 ہزار ارب تھا۔ 6 ہزار ارب سے قرضہ 30 ہزار ارب پر پہنچ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ 6 ہزار ارب سے پاکستان نے دنیا کی چھٹی بڑی فوج بنائی، 6 ہزار ارب سے تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم بنایا، موٹر ویز بنائیں۔ پاک فوج نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے اپنے بجٹ کی قربانی دی۔ میثاق معیشت پر اپوزیشن لیڈر کو پارٹی سپورٹ نہیں کرتی تو کر دیتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب پہلے بھی موجود تھا، احتساب پہلے بھی چل رہا تھا۔ عمران خان کی آمد سیاست میں تبدیلی کی وجہ ہے۔ احتساب کا بیانیہ صرف تحریک انصاف نے اپنایا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ 11 ہزار ارب روپے خرچ کیے، قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ نے بطور وزیر اعلیٰ 8 ہزار ارب خرچ کیے۔ ہمیں صرف اتنا بتا دیں کہ یہ پیسہ کہاں گیا۔ ’عمران خان نے کہا تھا رلاؤں گا رلا دیا‘۔

  • وزیر اعظم آج رات قوم سے خطاب کریں گے

    وزیر اعظم آج رات قوم سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان آج رات ساڑھے 10بجےقوم سے خطاب کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان قوم سے خطاب میں سیاسی اور معاشی صورت حال پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے تصدیق کر دی۔

    توقع کی جارہی ہے کہ اس خطاب میں وزیر اعظم عوام کو اپنے حالیہ اقدامات سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔ 

    خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی حکومت نے اپنا پہلا بجٹ پیش کیا۔  بجٹ کا حجم 7.22 کھرب روپے رکھا گیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کے لیے 1800 ارب روپے مختص کیے  گئے ہیں، ٹیکس وصولیوں کا ہدف 550 ارب رکھا گیا ہے۔ وفاقی بجٹ کا خسارہ 3560ارب روپے ہوگا۔

    بجٹ میں وفاقی وزرا کی تنخواؤں میں 10 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 21 اور 22 کے سرکاری افسران کی  تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ چارلاکھ سالانہ آمدن والوں کو انکم ٹیکس دینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: لگتا ہے اللہ تعالی کو پاکستان پر رحم آگیا ، وزیراعظم کاگرفتاریوں پر تبصرہ

    وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر بجٹ پیش کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی ایوان میں موجود تھے. 

    بجٹ ارکان کے دوران اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور مسلسل نعرے بازی کرتی رہی.

  • شرپسندوں کو ایوان میں لانے کا مطالبہ سیاست نہیں ہے: فردوس عاشق اعوان

    شرپسندوں کو ایوان میں لانے کا مطالبہ سیاست نہیں ہے: فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کو ایوان میں لانے کا مطالبہ سیاست نہیں ہے، نیب دفتر کے باہر خواتین کو ڈھال بنا کر پولیس کے سامنے کھڑا کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں غریب کا احساس ہے، عوام کو ریلیف فراہم کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کو ایوان میں لانے کا مطالبہ سیاست نہیں ہے، نیب دفتر کے باہر خواتین کو ڈھال بنا کر پولیس کے سامنے کھڑا کیا گیا۔ بہادری کا مظاہرہ کرنا تھا تو اکیلے نیب کے دفتر جاتے۔

    انہوں نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔ بکری کو احتساب کی چھڑی پڑے گی تو مے مے تو نکلے گی، ’ہم سب کو عہد کرنا چاہیئے کہ ہمیں پاکستان کو آگے لے جانا ہے‘۔

    اس سے قبل معاون خصوصی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بلاول بدعنوانی اور ناقص کارکردگی چھپانے کے لیے الزامات لگا رہے ہیں، لوٹ مار کا باب بند ہوچکا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہے، معیشت کو استحکام کی سمت گامزن دیکھ کر اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ہم سابق حکومت کے معیشت کو دیے زخموں پرمرہم رکھ رہے ہیں، معیشت کو گرداب سے نکالنے اور ترقی کی راہ پرگامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے معیشت کا بیڑا غرق ہوا۔

  • آسٹریا میں خاتون رکن پارلیمنٹ کا حجاب میں خطاب

    آسٹریا میں خاتون رکن پارلیمنٹ کا حجاب میں خطاب

    ویانا : حجاب پر پابندی کے خلاف آسٹرین خاتون نے حجاب پہن کر اپنے ساتھیوں سے سوال کیا کہ ’حجاب سے کچھ بدل گیا، کیا میں اب رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نہیں رہی‘؟

    تفصیلات کے مطابق آسٹریا میں پارلیمنٹ کی اکثریت کی عدم موافقت کے باوجود پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ جاری کر دیا گیا تاہم خاتون رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نے اپنے حالیہ خطاب میں اس نئے قانون کو مسترد کر دیا۔

    مذکورہ خاتون رکن نے پارلیمنٹ میں حجاب پہن کر خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے تمام ارکان سے سوال کیا کہ کیا اس طرح (حجاب پہن لینے سے) کچھ بدل گیا، کیا میں اب آسٹریا میں پیدا ہونے والی رکن پارلیمنٹ مارتھا بیسمین نہیں رہی؟۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مارتھا نے اپنے خطاب کا آغاز مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ یہ نفرت انگیز مہموں کا نتیجہ ہے کہ مسلمان خواتین کو صرف حجاب پہننے کی وجہ سے سڑکوں پر تنگ کیا جاتا ہے اور نشانہ بنایا جاتا ہے۔

    مارتھا کے مطابق حجاب صرف مسلمان خواتین کی زندگی کا ایک حصہ ہے جو ان کی ثقافت اور تشخص کو ظاہر کرتا ہے مگر اب اس کو مسلمان مخالف پالیسی کی علامت بنا کر پیش کیا گیا ہے۔

    خاتون رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ "ہم مسلمانوں سے رواداری اور یک جہتی کی اقدار سیکھ سکتے ہیں، حجاب معاشرے میں مسائل پیدا نہیں کرتا ہے۔ تاہم بعض جماعتیں میڈیا پروپیگنڈا چاہتی ہیں تاکہ حجاب کے معاملے کو بنیاد بنا کر چند رائے دہندگان کے ووٹ حاصل کر لیں، یہ ایسا امر ہے جس کو مکمل طور پر مسترد کیا جانا چاہیے۔

    دوسری جانب آسٹریا میں مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم نے کہا کہ وہ آئینی عدالت سے مطالبہ کرے گی کہ پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کا فیصلہ منسوخ کیا جائے۔

    آسٹریا میں مسلمانوں اور سیاست دانوں کی اکثریت نے اس فیصلے کو غیر آئینی شمار کیا ہے۔سال 2017 کے اعداد و شمار کے مطابق آسٹریا میں مسلمانوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ ہے جو مجموعی آبادی کا تقریبا 8% ہے۔

  • نیب کالا قانون ہوتا تو سپریم کورٹ اسے ختم کر دیتی: چیئرمین نیب

    نیب کالا قانون ہوتا تو سپریم کورٹ اسے ختم کر دیتی: چیئرمین نیب

    ملتان: نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب کالا قانون ہوتا تو سپریم کورٹ اسے ختم کر دیتی، کالک ان ہاتھوں میں ہوتی ہے جو کرپشن کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب قانون کے مطابق اپنا کام کرے گی، جو لوٹ مار کرے گا اسے قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نیب اور کرپشن ساتھ نہیں چل سکتے۔ ہماری واحد خواہش کرپشن فری پاکستان ہے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کالا قانون ہوتا تو سپریم کورٹ اسے ختم کر دیتی، نیب نے ہمیشہ تنقید کو خوش آمدید کہا ہے، نیب پر ضرور تنقید کریں مگر مثبت ہونی چاہیئے، آپ نے ڈکیتی کی ہے تو خدا کے نظام میں دیر ہے اندھیر نہیں۔ اب بھی وقت ہے باعزت طریقے سے لوٹا گیا مال واپس کردیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ دور گزر گیا جب فائلیں بند یا حالات سے پہلو تہی کر لی جاتی تھی، آج کل بقراط اور سقراط پیدا ہو گئے جنہوں نے نیب کا قانون ہی نہیں پڑھا، ایک صاحب نے کہا کہ نیب منی لانڈرنگ کا ادارہ ہے۔ نیب کی منی لانڈرنگ مسقط، دبئی اور پیرس میں ٹاور یا محل بنانے کے لیے نہیں ہوتی۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ جو پیسے ریکور کیے یا پلی بارگین کی، افلاطون سن لیں یہ میگا کرپشن میں نہیں آتے، کسی نے غریبوں کا مال لوٹا ہے تو وہ پکڑ میں آئے گا۔ آپ سمجھتے ہیں آپ بچ جائیں گے تو یہ آپ کی خوش فہمی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دھمکی، دھونس یا سفارش کا سوال ذہن سے نکال لیں، نیب کے خلاف تواتر سے مذموم مہم چل رہی ہے، تنقید کی جارہی ہے۔ پاکستان 95 ارب ڈالر کا مقروض ہے، ملک میں کہیں لگے ہوئے نظر آئے؟ ہاں ہمیں دبئی میں ٹاور اور بیرون ملک جائیداد بنانے میں نظر آئے ہیں۔ اس ملک پر 95 ارب ڈالر خرچ ہوتے تو دوسروں سے مانگنے کی ضرورت نہ پڑتی۔

    جاویداقبال نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کوئی بڑا مالیاتی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، کئی وزیر اعظم، کئی وزرا نے جو بھی کیا بھگت رہے ہیں۔ پنجاب میں میگا اسکینڈل اس لیے ہیں کہ وہاں کا بجٹ زیادہ ہے۔ پنجاب سے منہ موڑ کر بلوچستان کی طرف نہیں جا سکتے۔ سب سے پہلے میگا اسکینڈل کی انکوائریز ہوں گی پھر چھوٹے کیسز دیکھیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ غلطیاں نیب سے بھی ہوسکتی ہیں، یقین دلاتا ہوں نیب ایسی غلطی نہیں کرے گا جس سے کسی کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچے۔ مکمل ریکارڈ اور انکوائری کے بعد کیس فائل کیا جاتا ہے، ہتھکڑیاں صرف اس کو لگائی جاتی ہیں جن کے فرار ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

  • وزیراعظم آج جنوبی وزیرستان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    وزیراعظم آج جنوبی وزیرستان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے

    وانا: وزیراعظم عمران خان آج جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکواٹر وانا میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلو جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں وزیراعظم عمران خان کی آمد اور جلسہ عام کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    وانا میں جلسے کی سیکیورٹی پر خاصہ دار فور، لیویز، اسکاؤٹس اور ملٹری کے جھتے مختلف مقامات پر تعینات کردیے گئے ہیں۔

    رستم بازار وانا ودیگر راستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی کے بینرز جگہ جگہ آویزاں کیے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان مکین میں جرگے سے بھی خطاب کریں گے، وزیراعظم اس سے پہلے قبائلی اضلاع میں 4 بڑے جلسے کرچکے ہیں۔

    لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر انہیں بھڑکانا درست نہیں: وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خیبر پختونخواہ کے ضلع اورکزئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقے کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑی، اس کی تکلیف جانتا ہوں۔ لوگوں کے زخموں پر نمک چھڑک کر بھڑکانا درست نہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قبائلی علاقوں کے بچوں کو تعلیم دینی ہے۔ ہماری حکومت کا سب سے بڑا چیلنج ہے نوجوانوں کو نوکریاں دینی ہیں۔