Tag: خطاب

  • فاٹا نے دہشت گردی کے باعث نقصان اٹھایا ہے: فواد چوہدری

    فاٹا نے دہشت گردی کے باعث نقصان اٹھایا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑ رہا ہے، انسداد دہشت گردی کے لیے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا۔ فاٹا نے دہشت گردی کے باعث نقصان اٹھایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک اور سوسائٹیوں کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں، دہشت گردی تمام ممالک کو درپیش چیلنج ہے۔ پاکستان بھی دہشت گردی کے خلاف بھرپور جنگ لڑ رہا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کی ہے، آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ اپوزیشن سے کہتے ہیں آئیں ملٹری کورٹس پر فیصلہ کریں۔ انسداد دہشت گردی کے لیے نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا گیا۔ فاٹا نے دہشت گردی کے باعث نقصان اٹھایا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کچھ دن پہلے فاٹا کی ترقی کے لیے 100 ارب کا اعلان کیا، تمام صوبے فاٹا کی ترقی کے لیے تعاون کر رہے ہیں۔ فاٹا کے علاقے سے پیپلز پارٹی نے سوتیلے جیسا سلوک کیا۔

    سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ حال ہے کاروان بھٹو نکالا لیکن والد کی تصویر نہیں لگائی، زرداری روزانہ بھٹو کی سالگرہ مناتے ہیں اپنے والد کو بھی یاد کر لیا کریں۔ فضل الرحمٰن پہلی مرتبہ اسمبلی میں نہیں اس لیے مروڑ اٹھ رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہاں ایک شخص منظور پاپڑ بیچتا ہے اس کے نام پر بھی منی لانڈرنگ کی گئی، تحقیقات میں سامنے آیا منظور کے نام پر دبئی سے حمزہ شہباز کو رقم بھیجی گئی۔ 37 ارب ڈالر میں ہم نے بڑے بڑے کام کیے، منگلا ڈیم بنا اور بھی ترقیاتی کام ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال میں 60 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا، جب پوچھو 60 ارب ڈالر کہاں گئے تو کہتے ہیں جمہوریت کو خطرہ ہے۔ اسلام کو نہ جمہوریت کو خطرہ ہے، خطرہ ان چوروں اور ڈاکوؤں کو ہے۔ کچھ چور باہر اور کچھ جیل میں ہیں، کچھ جیل سے باہر آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فضل الرحمٰن کی گاڑی کا انجن بیٹھ گیا ہے اس میں ڈیزل نہیں ہے۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں انشا اللہ پاکستان ترقی کرے گا، عمران خان اس وقت صرف پاکستان نہیں مسلم امہ کی قیادت کر رہے ہیں۔ عمران خان چین جاتے ہیں تو عالمی لیڈر کی حیثیت دی جاتی ہے۔ کوئٹہ جیسے واقعات ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

  • پیپلزپارٹی کا گھوٹکی میں جلسہ : بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    پیپلزپارٹی کا گھوٹکی میں جلسہ : بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے

    گھوٹکی : پاکستان پیلزپارٹی آج گھوٹکی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرےگی ،جلسے کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئیں ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نےخان گڑھ میں پنڈال سجالیا، جلسے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اسٹیج بھی تیار کرلیاگیا، 40 ایکڑ پر محیط پنڈال میں 50ہزار سے زائدکرسیاں لگالی گئیں جبکہ جلسہ گاہ کوپارٹی پرچموں اورتصاویری بینرسےسجادیاگیا ہے۔

    پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سمیت پیپلزپارٹی کےمرکزی وصوبائی رہنما جلسے سے خطاب کریں گے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پرواک تھروگیٹ نصب کردیئے گئے۔

    بلاول بھٹو گھوٹکی کے لئے اچھے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

    مزید پڑھیں : ون یونٹ بنانے کی کوشش کی، تو لات مار کر حکومت گرا دوں گا: بلاول بھٹو زرداری

    یاد رہے گذشتہ ہفتے گڑھی بخدا بخش میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان بھٹو شہید کا آئین ختم کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم کہتے ہیں، 18 ویں ترمیم سے وفاق دیوالیہ ہوگیا، 18 ویں ترمیم ختم کرنے، ون یونٹ بنانے کی کوشش کی تو ایک لات مارکر حکومت گرادوں گا،

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا اس حکومت سے معیشت چل سکتی ہے نہ ہی ملک چل سکتا ہے۔ کوئی حکومت کو سمجھائے کہ حکومت چندے سے نہیں چلتی، وکریاں تو دور، عوام سے روزگارچھیناجارہا ہے۔

    دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ 18ویں ترمیم ختم کرنے کے لیے مجھ پر کیسز بنائے جارہے ہیں، ان کی نیت پر شک ہے یہ 18ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، چاہے میں جیل میں ہوں یا باہر ہوں اس سے فرق نہیں پڑتا ہے، عوام میرے ساتھ ہیں، بہت جلد مہم چلائیں گے۔

  • سابقہ ادوار میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا گیا: حماد اظہر

    سابقہ ادوار میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا گیا: حماد اظہر

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ خساروں میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔ سابقہ ادوار میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ جو لوگ آج تنقید کر رہے ہیں انہوں نے ہی معیشت کو تباہ کیا، محل ان لوگوں نے کہاں سے کھڑے کیے معلوم نہیں ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف سے ڈالر کا کوئی ریٹ طے نہیں کیا ہے، سنہ 1971 سے لے کر اب تک معیشت کی رفتار کم تھی۔ خساروں میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔ سابقہ ادوار میں پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں نان فائلرز کے لیے مشکل ہوگی، ہمارے پاس آف شور ڈیٹا بھی آگیا ہے، ایف بی آر یا ریاست کے قانون سے فرار لوگوں کو موقع دیا جائے گا۔ فرار افراد کو موقع دینے کے بعد بھرپور کارروائی ہوگی۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مخالفین بیانات سے معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، مخالفین کٹہرے میں کھڑے ہوں اور سوالات کا جواب دیں۔ سرکلر ڈیٹ کا جو ٹارگٹ رکھا اس کو 250 ارب پر کلوز کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج انکم ٹیکس کے 2.2 فیصد کیسز کو آڈٹ کے لیے منتخب کیا جا رہا ہے، گزشتہ سال منتخب کیسز کی شرح 9.2 فیصد تھی۔ سیلز ٹیکس کیسز کی تعداد 7.5 فیصد سے کم کر کے 2.5 فیصد کردی۔ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے کیسز کی شرح 8.3 فیصد کردی گئی۔ شفافیت کے لیے نوٹسز دینے والے کمشنر کے اختیارات واضح کر رہے ہیں۔

    حماد اظہر نے کہا کہ نوٹسز کے اجرا کے بعد کمشنرز کی ٹریکنگ کا دائرہ وسیع کریں گے، پراپرٹی ریٹس پر بھی نظر ثانی کرنے جا رہے ہیں۔ نادرا کا ڈیٹا ٹیکس سے متعلق غیر معیاری ہے اب بہتر ڈیٹا آگیا ہے، حکومت میں آئے تو ہمارا بنیادی ہدف کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں کم کرنے کی بہت باتیں ہو رہی ہیں، ایک مفرور اور اشتہاری اکانومی کا ٹھیکہ مانگ رہا ہے۔ ان کے دور میں قرضے لے کر 24 ارب ڈالر کرنسی مارکیٹ میں دی گئی۔ پاور سیکٹر میں 600 ارب روپے کا خسارہ ایک سال میں ہوا، اسحٰق ڈار کو کہتا ہوں وہ پاکستان آئیں اور عدالتوں کا سامنا کریں۔

  • تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: شہریار آفریدی

    تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے: شہریار آفریدی

    کراچی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ مدارس، مساجد، علما، چرچ، مندر کو عزت دینا ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے جامعہ بنوریہ میں خطاب یا، اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مدارس کے لوگوں کو بدقسمتی سے عزت نہیں دی گئی۔ مدارس سے جڑے افراد کو بھی عزت ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسالک و مذاہب کے نام پر لڑایا جا رہا ہے، مسلمان تفرقے سے دور رہتا ہے۔ مدرسے میں غیر ملکی طلبا پاکستان کے سفیر ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ خدا سے التجا ہے کہ ہمیں سود کے عذاب سے نکالے، بڑی رقم سود کی ادائیگی میں چلی جاتی ہے۔

    شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ تمام مذاہب کو تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، مدارس، مساجد، علما، چرچ، مندر کو عزت دینا ذمہ داری ہے۔ ’افواج، رینجرز اور پولیس کو امن کے لیے قربانیاں دینے پر سلام‘۔

    اس سے قبل کراچی میں رینجرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ اس پریڈ سے مخاطب ہونا میرے لیے اعزازکی بات ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ رینجرز نے ہر میدان میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سرحد کی حفاظت ہو یا کراچی میں امن، رینجرز نے ہرجگہ ذمے داری نبھائی۔ رینجرزنے کراچی میں تمام چیزوں کا مقابلہ کرکے امن برقرار رکھا۔

    وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ کراچی کے حالات پہلے کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں، کراچی پھر سے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔

  • وزیراعظم عمران خان آج گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کریں گے

    گھوٹکی: وزیراعظم عمران خان آج گھوٹکی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا بھی وزیرعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان گھوٹکی میں آج دوپہر بذریعہ ہیلی کاپٹر پہنچیں گے جہاں وہ خان گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    جلسے میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور وفاقی کابینہ کے دیگر وزرا بھی شرکت کریں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے گھوٹکی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

    سردار علی گوہر مہر کے مطابق جلسہ گاہ میں 4 سے 5ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں جبکہ 62 فٹ لمبا، 40 فٹ چوڑا اور 9 فٹ اونچا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔

    جلسے کے بعد وزیراعظم عمران خان کو ظہرانہ دیا جائے گا، جی ڈی اے کے رہنما وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

    آنے والے دنوں میں گوادر کی ترقی سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا: وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کا دورہ کیا تھا اور گوادر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کوئٹہ میں بلوچستان ہیلتھ کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گوادر کی ترقی سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا اور گوادر کو بجلی کی نیشنل گرڈ سے جوڑا جائے گا۔

  • مقبوضہ کشمیر سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے: آصف زرداری

    مقبوضہ کشمیر سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے: آصف زرداری

    اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے اور کشمیر ہم سے جدا نہیں ہوسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سے جب بھی مذاکرات ہوئے کشمیر کی بات ہوئی، بھٹو صاحب اور بی بی نے ہمیشہ کشمیر کی بات کی۔

    آصف زرداری نے کہا کہ کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان ڈکٹیٹر دور میں پہنچا، مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر میں شہیدوں کی فہرست ہوگی۔ کشمیری پوری دنیا میں چھائے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے مطالبے کو دبایا نہیں جا سکتا، مقبوضہ کشمیر سے متعلق تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ ہم کشمیر سے جدا نہیں ہو سکتے اور کشمیر ہم سے جدا نہیں ہوسکتا۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بہت ظلم ہو رہا ہے، فوج کی بڑی تعداد موجود ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہر جگہ چیک پوسٹیں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں طویل عرصے سے جدوجہد جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر ہمارا حصہ ہے اسے کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ بلاول بھٹو بھی کشمیر کے حالات سمجھتے ہیں اور بات کرتے ہیں۔

    آصف زرداری نے مزید کہا کہ مودی کو سمجھنا چاہیئے مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کا نہیں، مقبوضہ کشمیر ایک قوم کا مسئلہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی کشمیر پر ہے جو ہمارا ڈی این اے ہے، انشا اللہ اپنی زندگی میں کشمیر کو آزاد ہوتا دیکھیں گے۔ کشمیر ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں ہم کشمیر پر ایک ساتھ ہیں۔

  • اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے: شہریار آفریدی

    اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے: شہریار آفریدی

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف دشمن کے حربے ناکام بنانے پر قوم کے سپوت ستائش کے قابل ہیں، اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پیغام دینا ہے پاکستانی قوم ایک ذمہ دار قوم ہے، چین ہمارا سچا اور بہترین دوست ہے، چین سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتے ہیں۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں بہترین ترقیاتی کام ہوں گے۔ فاٹا کا پختونخواہ میں انضمام ترقی کی راہیں کھولے گا۔ سیاحت کے فروغ کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف اور امن ہمارا مقصد ہے، انتہا پسندی اور تنگ نظری کا خاتمہ کردیا ہے۔ پاکستان کی پوری دنیا عزت کر رہی ہے۔

    وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جنگ لڑی، عوام نے دہشت گردی کی جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔ دشمنوں نے پاکستانیوں کو آپس میں لڑانے کے لیے حربے استعمال کیے۔

    انہوں نے کہا کہ دشمن کے حربے ناکام بنانے پر قوم کے سپوت ستائش کے قابل ہیں، پاکستانیوں جاگ جاؤ اور دشمن کو بتا دو کہ ہم متحد ہیں۔ ’اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے، سر نہیں جھکائیں گے‘۔

    اس سے قبل وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ جب تک اکٹھے نہیں ہوں گے دشمن ہم پر حملہ کرتا رہے گا، منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارے کے لیے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ صرف اسلام آباد ہی نہیں پوری دنیا کے لیے مثال بنانی ہے، دنیا کو بتانا ہے ہم نے ملک کے لیے کئی قربانیاں دی ہیں۔

  • حکومتی شٹ ڈاؤن : ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب موخر کردیا

    حکومتی شٹ ڈاؤن : ٹرمپ نے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب موخر کردیا

    واشنگٹن : امریکی صدر ٹرمپ نے طویل ترین حکومتی شٹ ڈاؤن کے خاتمے تک اسٹیٹ آف دی یونین تقریر کرنے سے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کانگریس اراکین کے درمیان میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے گزشتہ ایک ماہ سے ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے باعث لاکھوں ملازمین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کسی متبادل جگہ سے اسٹیٹ آف دی یونین تقریر نہیں کروں گا، خطاب کےلیے کوئی دوسری جگہ تاریخی، روایتی اہمیت کی حامل نہیں جتنی اہمیت ہاؤس چیمبر کی ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ مستقبل قریب میں عظیم اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کروں گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کی دعوت دی تھی جس پر میں رضایت کا اظہار کیا لیکن بعد میں اسپیکر نے شٹ ڈاؤن کے باعث اپنا ارادہ تبدیل کردیا۔

    ٹرمپ نے ٹویٹ میں کہا کہ کانگریس اسپیکر نینسی پیلوسی نے کسی اور جگہ سے خطاب کی تجویز دی تھی، مقررہ جگہ پر خطاب ہونا زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

    اس سے قبل امریکی صدر نے کہا تھا کہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب شیڈول کے مطابق اپنے وقت پر ہوگا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے دعوت واپس لیتے ہوئے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمہ کانگر میں خطاب کرنے سے قبل حکومتی سروس کو مکمل طور پر بحال کریں۔

    مزید پڑھیں : آج بارڈر سیکیورٹی اور حکومتی شٹ ڈاؤن سے متعلق بڑا اعلان کروں گا: ٹرمپ

    خیال رہے کہ امریکی صدر نے دیوار کی تعمیر کے لیے 5.7 بلین ڈالرز منظور کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے تاہم کانگریس میں ڈیموکریٹس دیوار کی فنڈنگ کی منظوری سے مسلسل انکاری ہیں۔

    صدرٹرمپ نے دیوار کے لیے فنڈز مختص کیے بغیر بجٹ پر دستخط سے انکار کردیا اور آج ملک امریکا میں حکومتی شٹ ڈاؤن کا 34 واں روز ہے،جو امریکا کا طویل ترین شٹ ڈاؤن بن گیا ہے،  شٹ ڈاؤن کی وجہ سے 8لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین بغیر تنخواہ کام کرنے پر مجبور ہیں۔

  • ساہیوال واقعے میں دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا: فواد چوہدری

    ساہیوال واقعے میں دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا: فواد چوہدری

    لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ساہیوال واقعے میں ہلاک ہونے والے بڑے دہشت گرد تھے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران ساہیوال میں مبینہ پولیس مقابلے میں خاندان کی ہلاکت کے معاملے پر کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے بڑے دہشت گرد تھے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین کو استعمال کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ منو بھائی سے ہمارے گھر کا پرانا تعلق تھا، ماضی کی نسبت پاکستان بہتر حالات کی جانب گامزن ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان بڑی ایکسپورٹ کرے گا، 2019 میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی، سی پیک میں تحریک انصاف کا منشور نظر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہو، پیپلز پارٹی ہو یا تحریک انصاف یہ ملکی وجود کے لیے ضروری ہیں۔ ہمارا جھگڑا 2 بڑے لیڈروں کے لیے این آر او مانگنے پر ہوتا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے لیڈروں کو بچانے کے لیے این آر او مانگتی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے کے لیے فوجی عدالتیں بنائی گئیں، فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئی تھیں۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لیے ترمیم کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیم فنڈ میں ایک سال میں 30 ارب اکٹھا کرنے کا ٹارگٹ ہے، 5 ماہ میں ڈیم فنڈ میں 9 ارب سے زائد جمع ہو چکے ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے سپورٹ کرنا چاہیئے، سی پیک کو سپورٹ نہ کرنا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں بہت بڑی سرمایہ کاری کرنے والا ہے، 18 ویں ترمیم کے تحت وسائل صوبوں کو تفویض کردیے گئے، 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق صوبوں کی ذمے داری کیسے اٹھا سکتا ہے۔

  • جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ

    جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے: وزیر داخلہ

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مافیا ہے جس نے ملک کو جکڑا ہوا ہے، ایسی راہ پر چل پڑے ہیں جہاں صرف اندھیرا ہے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ ڈرگ مافیا اتنا آگے جا چکا ہے کہ آنے والی نسلوں کی زندگی سے کھیل رہا ہے، جان کیوں نہ چلی جائے منشیات جیسے ناسور کو ختم کریں گے۔ موجودہ حکومت نے پاکستانیوں کا پیسہ پاکستان پر ہی لگانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کارکردگی پر 3 سال تک خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کو برا بھلا کہا گیا، جو سوچتے ہیں حکومت گھبرا جائے گی وہ سن لیں، عمران خان گھبراتے نہیں۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان روزانہ مجھ سے وزارت کا حال احوال معلوم کرتے ہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ چائلڈ پورنو گرافک کون کر رہا ہے، یہ سب کچھ منشیات سے جڑا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جی 11 کے سگنل پر منشیات کے خلاف پمفلٹ تقسیم کیے، کسی نے میرے ساتھ سگنل پر تصاویر بنوائیں اور وہ بعد میں پکڑا گیا۔ پکڑے گئے شخص سے متعلق خبر چلی کہ وہ میرا کوئی خاص ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ قانون سب پر لاگو ہے۔ میں، میرے گھر کے افراد ہوں یا کوئی اور۔ وزیر کا رشتہ دار ہونے کی وجہ سے کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پہلے اگر وزیر کا رشتے دار ہوتا تھا تو ایف آئی آر خارج ہوجاتی تھی، اب وزیر کا رشتہ دار ہو یا نہیں مقدمہ درج ہوتا ہے اور سزا بھی ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ منشیات میں پیسہ بہت ہے، بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں۔ منشیات کی وجہ سے مائیں بہنیں اور دیگر اپنے پیاروں کو کھو بیٹھے ہیں۔