روس میں 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد جاپان سمیت کئی ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم اب جاپانی حکام نے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
روس کے ساحلی شہر پیٹرو یاولوسک کامچٹسکی سے 136 کلومیٹر مشرق میں 8.8 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا۔ زلزلے کے بعد کامچاٹکا میں آتش فشاں پھٹ پڑا۔ زلزلے سے متعدد گھر منہدم اور عمارتیں لرز گئیں، روس کے مشرقی علاقے سے 3 سے 4 میٹر اونچی لہریں ساحلوں سے ٹکرائیں جس سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے تھے۔
اس زلزلے کے بعد امریکا چین جاپان اور دیگر ملکوں میں سونامی وارننگ جاری کی گئی تھی جبکہ جاپان کے جزیرے ہوکیڈوں سے سونامی کی لہریں ٹکرانے کے بعد مختلف علاقوں میں ہنگامی سائرن بجائے گئے تھے جب کہ ٹوکیو میں ہائی الرٹ کرنے کے ساتھ نیوکلیئر پلانٹ بھی خالی کرا لیا گیا تھا۔
تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جاپانی حکام نے سونامی الرٹ میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے آخری سونامی الرٹ کو کم درجے پر منتقل کر دیا ہے جب کہ ملک کے شمالی حصے میں جاری آخری سونامی وارننگ ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم جاپان کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کیلیے سونامی ایڈوائزری اب بھی برقرار ہے۔
دوسری جانب آئی اے ای اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس کے زلزلے کے بعد سونامی سے جوہری پلانٹس کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے جوہری ادارے نے بھی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
آئی اے ای اے نے مزید کہا کہ بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کے نیوکلیئر پاور پلانٹس محفوظ ہیں اور وہ جاپانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس میں زلزلے کے بعد تائیوان، فلپائن، ہوائی اور الاسکا کے الیوشین جزائر کیلیے بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے جب کہ امریکی مغربی ساحل کے بیشتر حصے میں بھی سونامی کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے سونامی میں تین میٹر اونچی لہروں کی وارننگ جاری کی ہے جبکہ پیرو میں بھی ساحل کے لیے ہنگامی مرکز نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
روس میں 8.8 شدت کے ہولناک زلزلے نے تباہی مچا دی، امریکا، چین، جاپان میں سونامی وارننگ جاری
اس کے علاوہ چلی نے بھی ساحلی علاقوں میں سونامی ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈیزاسٹر ایجنسی نے شمالی وجنوبی ساحلی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو فوری انخلا کا حکم دیتے ہوئے علاقائی ٹیموں کو لوگوں کے محفوظ انخلا کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
https://urdu.arynews.tv/tsunami-waves-also-hit-the-us-coast/