Tag: خط

  • آئی ایم ایف کا افغانستان سے انخلا پر پاکستان کا شکریہ

    آئی ایم ایف کا افغانستان سے انخلا پر پاکستان کا شکریہ

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ۔ آئی ایم ایف) نے افغانستان سے اپنے عملے کے انخلا پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی اعلیٰ سطح پر کوششیں اہمیت کی حامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹیلینا جارجیوا نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا، خط میں انہوں نے افغانستان سے آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے انخلا پر شکریہ ادا کیا۔

    ادارے کی سربراہ نے افغانستان سے انخلا میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

    خط میں انہوں نے لکھا کہ افغانستان سے آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے بحفاظت انخلا پر شکر گزار ہیں، مشکل وقت میں پاکستان کی اعلیٰ سطح پر کوششیں اہمیت کی حامل ہیں۔

    کرسٹیلینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں شراکت داری پر شکر گزار ہیں اور تعاون کے تسلسل کے متمنی ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزرائے خارجہ، خزانہ، دفاع اور گورنر اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کو سراہا۔

    خیال رہے کہ 21 اگست کو پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز 350 افراد کو کابل سے لے کر اسلام آباد پہنچی تھی، پرواز میں آئی ایم ایف کے عملے اور ان کے اہل خانہ کے 250 افراد کے علاوہ افغانستان و دیگر ممالک کے شہری بھی شامل تھے۔

  • سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ کے اطراف میں طیاروں پر لیزر لائٹس مارنے کے معاملے پر صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا اور واقعات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانے کی درخواست کی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے باچا خان ائیرپورٹ کے اطراف طیاروں پر لیزر لائٹس مارنے کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیکریٹری داخلہ خیبر پختونخواہ کو خط لکھ دیا۔

    سی اے اے نے طیاروں پر لیزر لائٹ مارنے کے حوالے سے تعاون کی درخواست کی ہے، خط میں سول ایوی ایشن نے لیزر لائٹ مارنے کے 2 واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے سیفٹی چیف نے بھی ان واقعات کو اجاگر کیا، 19 جون کو پی کے 6350 کے پائلٹ نے کوہاٹ میں گرین لیزر لائٹ کی نشاندہی کی، درہ آدم خیل پر بھی طیارے سے ڈیڑھ کلو میٹر فاصلے پر لیزر لائٹ کی نشاندہی کی گئی۔

    سول ایوی ایشن کے مطابق 3 جون کو پی کے 350 کے پائلٹ نے بڈابیر اور رنگ روڈ پر بھی لیزر لائٹ کی نشاندہی کی۔

    خط میں سول ایوی ایشن کی واقعات سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا کہ حالیہ تعمیر شدہ واچ ٹاورز کو لیزر لائٹ کی روک تھام کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

  • کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    کلائمٹ چینج کی عالمی کانفرنس میں پاکستان کو مدعو کیا جائے: امریکی رکن کانگریس

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن نے پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی عالمی کانفرنس میں بلانے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکی رکن کانگریس شیلا جیکسن لی نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نمائندہ خصوصی جان کیری کو خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی امریکا میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں مدعو کیا جائے۔

    اپنے خط میں شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل سے نبرد آزما ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث دریاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، پاکستان خطے میں امریکا کا اہم اتحادی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے معاملے پر اسلام آباد کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

    ہیوسٹن سے منتخب ڈیمو کریٹ رکن کانگریس شیلا جیکسن پاکستان کاکس کی بھی چیئر پرسن ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ماحولیاتی تبدیلی پر 22 اور 23 کو ایک ورچوئل سمٹ / کانفرنس کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں 40 عالمی رہنماؤں کو مدعو کیا گیا ہے۔

    یہ سمٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے کہ جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جانے کے بعد امریکا دوبارہ پیرس معاہدے میں شامل ہوا ہے اور رواں سال نومبر کے دوران اسی موضوع پر گلاسگو میں اقوام متحدہ کی کانفرنس ہونے جا رہی ہے۔

    بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی اخبار دی ٹائمز میں ایک مضمون لکھ کر نہایت مفصل انداز میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔

    وزیر اعظم نے آرٹیکل میں پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے درپیش مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال گرمیوں میں پاکستان نے صدی کی بدترین بارش کا سامنا کیا جب مون سون بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

    انہوں نے لکھا کہ ماحولیاتی کانفرنس کوپ 26 کو معاشی معاہدے کے بغیر ناکام دیکھ رہا ہوں، میرے نزدیک ماحولیاتی کانفرنس کو معاشی معاہدوں سے جوڑا جانا چاہیئے۔

    وزیر اعظم نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ گلوبل کلائمٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے، یہی وجہ ہے کہ گذشتہ 20 سالوں کے دوران 152 مواقع پر پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے براہ راست متاثر ہوا۔

  • سعودی عرب کا 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ، وزیر اعظم عمران خان کی تعریف

    سعودی عرب کا 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ، وزیر اعظم عمران خان کی تعریف

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سعودی ولی عہد کو خط لکھتے ہوئے 10 ارب درخت لگانے کے سعودی فیصلے کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھا، اپنے خط میں وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا سلمان بن عبد العزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں 10 ارب اور خطے میں 50 ارب درخت لگانے کے سعودی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے بلین ٹری سونامی پروگرام میں مماثلت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سنہ 2014 سے 2018 کے دوران ہم نے 1 ارب درخت لگائے، سنہ 2023 تک 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے، 15 فیصد زمینی اور 10 فیصد سمندری سطح پر پودے لگائیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منصوبے سے ایکو ٹورازم کو فروغ ملے گا اور ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

    انہوں نے بتایا کہ سنہ 2030 تک 60 فیصد توانائی کو کلین انرجی پر شفٹ کر رہے ہیں، شمسی توانائی (سولر)، ہوا اور پانی سے بجلی بنانے کی صلاحیت کو بڑھا رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے گرین منصوبے کی حمایت کرتے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

  • بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے: پاکستان کا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو خط

    بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے: پاکستان کا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو خط

    اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے، بھارت قونصلر تعلقات کے معاملے میں ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھ دیا، خط میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔

    خط کے مطابق اگست 2020 میں راجستھان میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے ماورائے عدالت قتل کی رپورٹ سامنے آئی، ابھی تک نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو تفصیلات نہیں دی گئیں۔ واقعے کے خلاف انکوائری ہوئی نہ مقتولین کے ورثا کو لاشوں تک رسائی دی گئی۔

    خط میں کہا گیا کہ یہ عالمی انسان قوانین کی سخت خلاف وزری ہے، بھارت قونصلر تعلقات کے معاملے میں بھی ویانا کنونشن کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ویانا کنوشن کا مقصد عالمی امن کی خاطر خود مختار ریاستوں کا احترام کرنا ہے۔

    وزیر انسانی حقوق کا کہنا تھا کہ ماورائے عدالت قتل کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کے لیے یو این کے تحت تحقیقاتی ٹیم بنائی جائے، بھارت سے قتل ہونے والوں کی لاشوں کی ورثا کو حوالگی کا مطالبہ بھی کیا جائے۔

    خط میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت کو انسانی حقوق کے تحفظ کا پابند بنایا جائے، انسانی حقوق خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی حکام کا ریاستی استثنیٰ ختم کیا جائے۔

  • کے الیکٹرک کا وزارت توانائی کو خط، اضافی بجلی فراہم کرنے کی درخواست

    کے الیکٹرک کا وزارت توانائی کو خط، اضافی بجلی فراہم کرنے کی درخواست

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کو خط لکھا ہے، کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گرمی کی دوسری لہر میں بجلی کی طلب 34 سو میگا واٹ اور پیداوار 27 سو میگا واٹ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کو بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے وزارت توانائی کو خط لکھ کر اضافی بجلی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ گیس پریشر میں کمی کے سبب کے الیکٹرک کے 3 پلانٹ متاثر ہیں، سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو درخواست کے باوجود آر ایل این جی فراہم نہیں کی جارہی۔

    خط میں کہا گیا کہ بجلی بحران پر قابو پانے کے لیے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) سے اضافی بجلی دی جائے۔

    کے الیکٹرک کا مزید کہنا تھا کہ گرمی کی دوسری لہر میں بجلی کی طلب 34 سو میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے، اس وقت بجلی کی پیداوار 27 سو اور شارٹ فال 380 میگا واٹ ہے۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی 2 سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کرنے پر مجبور ہیں۔

  • گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    گرین لائن منصوبے میں تاخیر، کے ایم سی کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا

    کراچی: سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2021 تک گرین لائن منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو خط لکھا ہے جس میں کمپنی نے گرین لائن منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار کے ایم سی کو قرار دیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کے ایم سی رکاوٹوں کے باعث کام شروع نہیں ہو پا رہا،ایس آئی ڈی سی ایل نے ٹرام منصوبے کو بھی غیر اہم قرار دے دیا۔

    کمپنی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ گرین لائن منصوبے کی قیمت پرٹرام چلانے سے تکنیکی دشواریاں پیدا ہوں گی،اس مرحلے پر ڈیزائن میں تبدیلی کی تو منصوبہ تاخیر کا شکار ہوسکتا ہے۔

    سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2021 تک گرین لائن منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ٹرام منصوبے کے حوالے سے سندھ حکومت سے رجوع کریں،گرین لائن کے ایم اے جناح روڈ کوریڈور کی سندھ کابینہ منظوری دے چکی ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت منصوبے کو نمائش تک محدود کرنا چاہتی ہے تو اس کی مرضی ہے۔

  • سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    سندھ میں بارشوں سے تباہی: وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں بارشوں سے نقصانات سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، وزیر اعلیٰ نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر سندھ میں بارشوں سے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔ خط میں انہوں نے اربوں روپے نقصانات کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں لوگوں کی بڑی تعداد بے گھر ہوئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ انہوں نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ متاثرہ عوام کی مالی مدد کی جائے، چاہتے ہیں کہ ہر متاثرہ خاندان کو 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ سندھ میں بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے، صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے اپنے دور میں ہر متاثرہ خاندان کو 60 ہزار روپے دیے تھے، چاہتے ہیں کہ اس مرتبہ 1 لاکھ روپے دیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارشوں نے اس مرتبہ 100 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، میں متاثرین کی مدد کرنے اور ان کو سنبھالنے کے لیے ہر جگہ گیا ہوں۔ گڈو سے کوٹری بیراج تک وزرا کی کمیٹیز بنا دی ہیں، بلاول بھٹو 3 دن کے دورے پر آج نکل رہے ہیں۔

  • ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات،قبر کشائی کے لیے خط

    ڈاکٹر ماہا کی مبینہ خودکشی کی تحقیقات،قبر کشائی کے لیے خط

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ خودکشی کرنے والی ڈاکٹر ماہا علی کی قبرکشائی کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے ڈاکٹر ماہا علی کی قبر کشائی کے لیے سیشن جج میر پور خاص کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کیس میں تحقیقات کے لیے قبر کشائی ضروری ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ 18 اگست کو ڈاکٹر ماہا سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوئیں،اسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹر ماہا انتقال کر گئیں۔

    ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جناح اسپتال میں میڈیکل رپورٹ ڈاکٹر عرفان نے غلط بنائی،ڈاکٹر عرفان،جنید اور وقاص کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ کے مطابق گولی بائیں جانب سے لگی اور دائیں طرف سے نکلی، ڈاکٹر ماہا کی موت سے متعلق اس کے والد نے سوال اٹھائے ہیں۔

    پولیس کی دو رکنی تفتیشی ٹیم قبر کشائی کے لیے کراچی سے روانہ ہوگئی، ٹیم آئی او شرافت علی اور ایس آئی او چوہدری امانت علی پر مشتمل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مجسڑیٹ کی موجودگی میں قبر کشائی کی جائے گی۔

  • آصف زرداری کی پیشی: نیب کا انتظامیہ اور پولیس کو سیکورٹی کے لیے خط

    آصف زرداری کی پیشی: نیب کا انتظامیہ اور پولیس کو سیکورٹی کے لیے خط

    اسلام آباد: آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر نیب نے سیکورٹی انتظامات بڑھانے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے کل احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی انتظامات بڑھانے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کو خط لکھا ہے۔

    خط نیب راولپنڈی کی جانب سے چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو لکھا گیا ہے۔

    توشہ خانہ کیس: آصف علی زرداری کا احتساب عدالت پیش ہونے کا فیصلہ

    سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس میں 17 اگست کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری،فریال تالپور آج کراچی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔پیپلزپارٹی کا آصف علی زرداری کی پیشی پر بھرپور شو آف پاور کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پی پی ارکان پارلیمان اور پیپلز لائرز فورم کے ارکان کو 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل آصف علی زرداری نے احتساب عدالت میں میڈیکل رپورٹ کے ہمراہ جمع کرائی گئی درخواست میں کہا تھا کہ ڈاکٹرز نے سفر سے منع کیا ہے، اس لیے عدالتی حکم کے تحت 17 اگست کو پیش نہیں ہوسکتا لہذا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی جائے۔

    احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 17 اگست کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا تھا۔