Tag: خط

  • شاہ محمود قریشی کا سیکیورٹی کونسل کو خط

    شاہ محمود قریشی کا سیکیورٹی کونسل کو خط

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کا سال مکمل ہونے پر سیکیورٹی کونسل کو خط لکھ کر بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

    خط کے متن میں کہا گیا کہ بھارت کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے،بھارت نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے علاقائی وعالمی امن کو خطرات لاحق ہیں، مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ،انٹرنیٹ وکمیونیکیشن بلیک آؤٹ جاری ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری رہنماؤں کو قیداور نوجوانوں کو جبری حراست میں لیا جاتا ہے،بھارت تشدد، ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے،بھارت کی جانب سے کشمیریوں سے جبروبربریت روا رکھی جاتی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی 2 سرکاری دستاویزات بھی سرکولیٹ کی ہیں،ایک جموں وکشمیر تنازعہ کے قانونی پہلوؤں پر ہے جبکہ دوسری مقبوضہ کشمیر میں حقوق کی خلاف ورزیوں سےمتعلق ہے۔

    عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے خلاف جرم کی دستاویز ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل خطے کی سلامتی کو بھارت سے درپیش خطرات کا نوٹس لے۔

  • ضیاء الرحمان کی تعیناتی کا معاملہ: کنور نوید جمیل کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط

    ضیاء الرحمان کی تعیناتی کا معاملہ: کنور نوید جمیل کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما کنور نوید جمیل نے ضیاء الرحمان کی بطور ڈی سی سینٹرل تعیناتی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ضیاء الرحمان کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین کے زمرے میں آتی ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان پہلے ہی جعلی ڈومیسائل کے معاملے پر شہری سندھ کے لوگوں کے حقوق کی جدو جہد کر رہی ہے۔

    کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ صوبے کے باہر سے ایک شخص کو لا کر ایک انتہائی اہم پوسٹ پر بٹھا دیا گیا ہے،ضیاء الرحمان کی تعیناتی کو فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق صوبہ سندھ میں تعیناتی نہیں ہوسکتی، ڈسٹرکٹ سینٹرل حساس ترین علاقہ ہے، اس طرح کی پوسٹنگ بہتری کے لیے ممکن نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کی نوکریوں پر دوسرے صوبے کے لوگوں کو مسلط کیا جا رہا ہے، ایسی پوسٹنگز سے حکومت سندھ کا بغض صاف دکھائی دے رہا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی پوسٹنگ کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے ورنہ حکومت سندھ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

  • شیریں مزاری کا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط

    شیریں مزاری کا اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام غیر قانونی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کے عمل کو رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام غیر قانونی ہے،انسانی حقوق کا ادارہ بھارتی اقدام غیر قانونی قرار دے چکا ہے، اقوام متحدہ کا ادارہ مقبوضہ کشمیر پر 2رپورٹس جاری کرچکا ہے۔

    وفاقی وزیر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مقبوضہ کشمیر کو بھارت میں ضم کرنے کے اقدام پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ جنیوا کنونشن کے خلاف بھارت نے 25 ہزار غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دیے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سوپور میں 3 سال کے بچے کی حالیہ تصویر بھارتی بربریت کی عکاس ہے۔

  • کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا چیف سیکرٹری سندھ کو خط

    کمشنر کراچی افتخار شلوانی کا چیف سیکرٹری سندھ کو خط

    کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے سابق ڈپٹی کمشنر غربی کے خلاف مبینہ کرپشن پر تحقیقات کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھ کر سابق ڈپٹی کمشنر غربی فیاض سولنگی کے خلاف مبینہ کرپشن پر تحقیقات کی درخواست کی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ویسٹ کےاے ڈی سی ون نے کمشنر کراچی کو صورت حال سے آگاہ کیا۔کمشنر کراچی نے خط میں کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر کو گاڑیوں کی مرمت اوردیکھ بھال پر 2 کروڑ جاری کیےگئے۔

    کمشنر کراچی نے کہا کہ 2 کروڑ کے فنڈز سے ضلع غربی کی 35 گاڑیوں کی دیکھ بھال ہونی تھی، مالی سال کے اختتام تک 35 میں سے صرف 10 گاڑیوں کی مرمت کرائی گئی۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی کمشنر 2 کروڑ کا جعلی بل منظور کرنے پر زور دے رہے تھے، جعلی بل سائن نہ کرنے پر سابق ڈپٹی کمشنر نے نئے افسر کی تعیناتی کی درخواست بھی کی۔

    کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے سابق ڈپٹی کمشنر فیاض سولنگی کے کرپشن کیس محکمہ اینٹی کرپشن کو دینے کی درخواست بھی کی۔

  • ننھی مداح نے ماہرہ خان کا دل جیت لیا

    ننھی مداح نے ماہرہ خان کا دل جیت لیا

    کراچی: بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ اگر میری بیٹی ہوتی تو اس کا نام رانیہ رکھتی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے ٹویٹر پر شہریار نامی صارف کا ٹویٹ اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیا جس میں صارف نے اپنی 8 سالہ بیٹی کے ماہرہ خان کے لیے لکھے گئے خط کی تصویر شیئر کی۔

    کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ مداح نے اپنے خط میں ماہرہ خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میرا نام رانیہ ہے اور میں آپ کی اس وقت سے بہت بڑی مداح ہوں جب میں نے آپ کو ایوارڈ شو میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لیتے ہوئے دیکھا۔

    رانیہ نے اپنے خط میں لکھا کہ میں آپ کی فلم دیکھی مجھے آپ کا ڈانس اور ایکٹنگ بہت اچھی لگی، میں آپ کی بہت بڑی فین ہوں اور چاہتی ہوں کہ آپ مجھے اپنا آٹوگراف دیں تاکہ میں اس کو فریم کروا کر اپنے کمرے کی دیوار پر لگا سکوں۔

    شہریار نامی صارف نے اپنے ٹویٹ میں ماہرہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ میری بیٹی نے آپ کو لیے خط لکھا ہے امید ہے کہ آپ کو یہ پسند آئے گا اور اگر آپ میری بیٹی کے خط کا جواب دیں گی تو وہ بہت زیادہ خوش ہوگی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صارف کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے لکھا کہ آپ کی بیٹی بہت پیاری ہے، آپ اپنی بیٹی کو بتائیں کہ اگر میری کوئی بیٹی ہوتی تو میں اس کا نام رانیہ ہی رکھتی۔نامور اداکارہ نے لکھا کہ اپنی بیٹی کو میری طرف سے بہت سارا پیار دیں۔

  • یورپی پارلیمنٹ کا بھارتی وزیر داخلہ کو خط، اہم مطالبہ

    یورپی پارلیمنٹ کا بھارتی وزیر داخلہ کو خط، اہم مطالبہ

    برسلز: یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کی سربراہ ماریا ارینا نے بھارتی وزیر داخلہ کوخط لکھا ہے جس میں انہوں نے بھارت سے اقلیتوں کے حقوق کےتحفظ،سماجی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی کی سربراہ ماریا ارینا بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

    ماریا ارینا کی جانب سے بھارتی وزیر داخلہ کو لکھے گئے خط میں بھارت سے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں پورپی پارلیمنٹ کی ذیلی کمیٹی برائے انسانی حقوق کی جانب سے تشویش کی حمایت کی ہے۔

    علی رضا سید کا کہنا تھا کہ بھارت نے 7 دہائیوں قبل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا آغاز مقبوضہ کشمیر سے کیا اور آج پورا ہندوستان بھارتی متعصبانہ مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کا نشانہ بن رہا ہے، خاص طور پر اقلیتوں کو بڑی بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

  • بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    بے روزگاری کا سامنا کرنے والوں کی پریشانی کا ادراک ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے وزرا و مشیران کے نام خط میں کہا ہے کہ یقین ہے کہ ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کے نام مراسلہ روانہ کیا ہے، مراسلے میں انہوں نے لکھا ہے کہ وطن کرونا وائرس کی وجہ سے غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے، پنجاب کے عوام بھی کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

    عثمان بزدار نے وزرا اور مشیران سے کہا کہ امید ہے آپ اپنی تمام تر کوششیں صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروئے کار لائیں گے، حکومت پنجاب نے کرونا کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، یقین ہے ہم جلد اس مرض پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی میں پنجاب لیڈ لے رہا ہے، پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔ قرنطینہ مراکز، آئسولیشن وارڈز، ہائی ڈپنڈنسی یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کا سامنا کرنے والے لوگوں کی پریشانیوں کا ادراک ہے، احساس پروگرام سے مستحق افراد کو رقوم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے، ذخیرہ اندوزی مصد گرائ فروشی سے عام آدمی کو معاشی تکالیف کا سامنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔

  • وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون پر سلامتی کونسل کو خط

    وزیر خارجہ کا مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون پر سلامتی کونسل کو خط

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون پر سلامتی کونسل کو خط لکھ کر توجہ دلائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل کے نئے قانون پر سلامتی کونسل کو خط لکھ کر توجہ دلائی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بھارتی اقدام سے کشمیریوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے، بھارتی عمل سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہونے کا خطرہ ہے، بیرون کشمیر سے بڑی تعداد میں لوگوں کی کشمیر میں سکونت کا خدشہ ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ عالمی وبا کے حالات میں بھارتی اقدام قابل افسوس ہے، بھارت عالمی برادری کی کرونا پر توجہ سے فائدہ اٹھانےکی کوشش کر رہا ہے۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھا گیا خط گزشتہ روز سلامتی کونسل کے سربراہ کے حوالے کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کو 8 ماہ مکمل، 4 کشمیری شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ وادی کےضلع کلگام میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 4 کشمیری شہید ہو گئے تھے۔

  • شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے خط آئی جی کو قتل کے دوسرے روز موصول ہوا: بریفنگ

    شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے خط آئی جی کو قتل کے دوسرے روز موصول ہوا: بریفنگ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے آئی جی سندھ کو لکھا خط ان کے قتل کے دوسرے دن موصول ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کیس پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی جامشورو پولیس کمیٹی پیش ہوئے۔

    چیئرمین کمیٹی نے دریافت کیا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی کہاں ہیں؟ کیوں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول ایم پی اے شہناز انصاری نے سیکیورٹی مانگی تو کیوں نہیں دی گئی۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتولہ نے کبھی سیکیورٹی نہیں مانگی، ایم پی اے کو سیکیورٹی ڈی آئی جی لیول سے منظور ہوتی ہے۔ شہناز انصاری کا آئی جی کو خط ان کے قتل کے دوسرے دن موصول ہوا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ایم پی اے قتل کیس میں 4 مطلوب ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار ہیں۔

    اجلاس میں صحافی عزیز میمن کے قتل کا معاملہ بھی موضوع بحث بنا، ایس ایس پی نے بتایا کہ صحافی عزیر میمن قتل کیس میں فوٹو گرافر حراست میں ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں صحافی کے قتل کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ صحافی عزیر میمن کو کیمرہ مین گھر سے لے کر گیا، صحافیوں کے دباؤ پر قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔

    کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ صحافی عزیز میمن سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد تک آئے جس پر ایس ایس پی نے کہا کہ سیکورٹی دینے پر پولیس کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ صحافی کا بھائی درخواست گزار ہے اس نے کسی کا نام نہیں لیا۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کی تمام رپورٹس کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔ پولیس کا عوام کے ساتھ رشتہ اچھا نہیں، عوام سے پولیس کے تعلقات اچھے ہوں تو یہ نوبت ہی نہ آئے، شریف آدمی تھانے جاتا ہے تو ایک ہاتھ جیب پر رکھ لیتا ہے۔

  • اپوزیشن لیڈرنے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نام تجویز کر دیے

    اپوزیشن لیڈرنے چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نام تجویز کر دیے

    لندن: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنرکے لیے تین نام تجویز کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈر آف اپوزیشن میاں شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے چیف الیکشن کمشنرکے لیے تین نام تجویز کیے ہیں۔

    قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے لکھے گئے خط میں ناصرمحمود کھوسہ،اخلاق احمد تارڑ اور عرفان قادر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے لیڈر آف اپوزیشن میاں شہباز شریف کو خط لکھا تھا جس میں چیف الیکشن کمشنر کے لیے 3 نام تجویز کیے تھے۔

    وزیراعظم کی جانب سے لکھے گئے خط میں 3 سابق وفاقی سیکرٹریوں کے نام چیف الیکشن کمشنر کے لیے تجویز کیے گئے تھے۔ تجویز کردہ ناموں میں جمیل احمد، فضل عباس، سکندرسلطان راجہ شامل تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کا لیڈرآف اپوزیشن شہبازشریف کو خط

    خط میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ با معنی مذاکرات کے لیے آپ کو خط لکھ رہا ہوں، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا عرصہ، زیر التوامعاملہ حل کرنا چاہتا ہوں، آپ کو ازسرنو تشکیل کیا گیا پینل بھیج رہا ہوں۔