Tag: خط

  • اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا چیف سیکریٹری پنجاب کوخط

    اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کا چیف سیکریٹری پنجاب کوخط

    لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں نہ رکھنے سے نوازشریف کے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے سیل سے اے سی ہٹانا میڈیکل بورڈکی سفارشات کے خلاف ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے آئی جی جیل کو17 جولائی کواے سی اتارنے کی ہدایت کی، توجہ حکومت میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

    شہبازشریف نے خط میں کہا کہ میڈیکل بورڈ کی پہلی سفارش ہے کہ نوازشریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے، رپورٹ میں بتایا گیا مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں نہ رکھنے سے ان کے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ حیران ہوں نواز شریف کی صحت پرکلیدی نکتے کو کیسے نظر انداز کردیا گیا، میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔

    شہبازشریف کی جانب سے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط کی کاپی چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی ارسال کردی گئی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ماضی میں امیر اور غریب کے لیے علیحدہ قانون بنا کر رکھا تھا، قیدی قیدی ہوتا ہے اے یا بی کلاس کی تفریق کا خاتمہ کرنے ہماری حکومت آئی ہے، جیل میں کوئی امامت کے لیے اپنی سزا بھگتنے جاتا ہے۔

    جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں: پنجاب حکومت کا خط

    واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر کہا گیا تھا کہ جیلوں میں قید مجرموں کو خصوصی مراعات نہ دی جائیں۔

  • ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    ایف بی آر کے چیئرمین شبر زیدی کا وزیر اعظم عمران خان کو خط

    اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس کا موجودہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا۔ شبر زیدی نے موجودہ ٹیکس نظام کو معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا۔

    شبر زیدی نے خط میں لکھا ہے کہ موجودہ نظام آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار نہیں ہے، ٹیکس وصولی نظام جی ڈی پی کا 10 فیصد سے بھی کم ٹیکس جمع کر رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ ان ڈائریکٹ ٹیکسوں کے ذریعے ٹیکس اکٹھا کیا جا رہا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد ٹیکس سسٹم میں شامل ہونے سے گریزاں ہے۔ 20 لاکھ سے بھی کم لوگ ٹیکس گوشوارے جمع کرواتے ہیں۔ آبادی میں سے صرف ایک فیصد لوگ ریاست کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔

    شبر زیدی نے مزید کہا کہ 31 لاکھ تاجروں میں سے 90 فیصد ٹیکس سسٹم سے باہر ہیں۔

    اس سے قبل شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے۔ ملک کے اقتصادی شعبے کی بحالی کے لیے تاجر برادری کے اعتماد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ادارے نے ٹیکس کے دائرہ کار میں توسیع کے لیے ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں ٹیکس وصولی کا نظام ضروری تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہے۔

  • الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے وزیر اعظم کا شہباز شریف کو خط

    الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے وزیر اعظم کا شہباز شریف کو خط

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے شہباز شریف کے قانونی نکات کو مسترد کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو خط لکھا ہے۔ خط وزیر اعظم عمران خان کے دستخط کے ساتھ شہباز شریف کو بھیجا گیا ہے۔

    خط میں وزیر اعظم نے شہباز شریف کے قانونی نکات کو مسترد کردیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ وزیر خارجہ کے خط میں قانونی قباحت نہیں تھی تاہم ان کا خط واپس لیا جا چکا ہے، سیکریٹری کی جانب سے لکھا گیا خط میری ہدایات کا متن تھا۔

    وزیر اعظم کے خط میں کئی عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔ خط میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیر اعظم تمام خالی آسامیاں بر وقت پوری کرنی ہے۔ خالی آسامیاں آئینی انداز میں پر کرنے کے لیے پر عزم ہوں۔

    خط میں مشاورت سے متعلق سورۃ بقرہ کی آیات کا ترجمہ بھی درج ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 26 مارچ کا خط تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرتا ہے، خط با مقصد، نتیجہ خیز مشاورت کی نیت سے لکھا گیا۔ ’خط میں زور دیتا ہوں مشاورتی عمل کا حصہ بنیں‘۔

    وزیر اعظم نے اپنے خط میں مزید کہا ہے کہ جواب میں تحریری طور پر آپ بھی ارکان کے لیے نام نامزد کریں، مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بنتے تو سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ آپ آئینی عمل سے احتراز برت رہے ہیں۔ ’عدم تعاون کی صورت میں آئینی طریقہ کار پر عمل کریں گے‘۔

    اس سے قبل ایک بار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پارلیمان پر عوام کے ٹیکسوں سے سالانہ اربوں کے اخراجات اٹھتے ہیں، ایوان زیریں سے حزب اختلاف کا ایک مرتبہ پھر واک آؤٹ ظاہر کرتا ہے شاید یہی ایک کام ہے جو انہیں کرنا ہے۔

  • تھریسامے بریگزٹ میں تاخیر کیلئے باضابطہ طور یورپی یونین کو خط ارسال کریں گی

    تھریسامے بریگزٹ میں تاخیر کیلئے باضابطہ طور یورپی یونین کو خط ارسال کریں گی

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے یورپی یونین کو باقاعدہ طور پر یورپی یونین سے برطانوی انخلاء میں تاخیر کے لیے خط لکھ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کو 2016 میں ہونے والے معاہدے کے تحت رواں ماہ 29 مارچ کو یورپی یونین سے نکلنا ہے لیکن اب تک تین مرتبہ اراکین پارلیمنٹ تھریسامے کی تیار کردہ بریگزٹ ڈیل کو مسترد کرچکی ہے جس کے باعث یورپی یونین سے انخلاء مشکل دور میں داخل ہوگیا ہے۔

    وزارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بریگزٹ میں طویل تاخیر کم از کم دو سال کی ہوسکتی ہے لیکن کابینہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔

    یورپی یونین کے بریگزٹ سیکریٹری مائیکل برنیئر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے مضبوط منصوبہ بندی کے بغیر یورپی یونین بریگزٹ میں تاخیر نہیں کرے گی بالکل آخر برطانیہ چاہتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ قانون کے تحت برطانیہ 9 دن بعد یورپی یونین سے ڈیل یا بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے خارج ہونا ہے۔

    خیال رہے کہ 12 مارچ منگل کے روز بریگزٹ معاہدے کے مسودے کی منظوری کےلیے ہونے والی ووٹنگ میں اراکین پارلیمنٹ بریگزٹ ڈیل کو دوسری مرتبہ مسترد کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز برطانوی ایم پیز نے برطانیہ کا یورپی یونین سے بغیر ڈیل کے انخلاء کو نامنظور کیا تھا جبکہ قانون کے مطابق مذکورہ معاملے پر ووٹنگ قانون کے تحت نہیں تھی، موجودہ قانون کے تحت برطانیہ 29 مارچ کو بغیر ڈیل یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم تھریسامے تیسری مرتبہ بریگزٹ‌ معاہدے پر ووٹنگ کےلیے پُرعزم

    مزید پڑھیں : بریگزٹ معاہدے میں پیش رفت؟ وقت بہت کم ہے

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے خبردار کیا کہ حد زیادہ ترجیحات کے باعث دو مرتبہ بریگزٹ ڈیل مسترد ہوچکی ہے اگر اس مرتبہ بھی مسترد ہوئی برطانیہ کو بریگزٹ کےلیے طویل عرصے تک توسیع لینا پڑے گی کیوں برطانیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن میں حصّہ لینے کی ضرورت پڑے گی۔

    یاد رہے کہ بدھ کے روز برطانوی وزیرعظم تھریسامے کو ایک اور دھچکا لگا تھا جب اراکین پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر نظرثانی ڈیل بھی 242 کے مقابلے میں 391 ووٹوں سے مسترد ہوگئی تھی۔

    بریگزٹ کے تحت برطانیہ کو 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے، جبکہ تھریسا مے کی جانب سے یورپی رہنماؤں سے مسلسل رابطوں کے باوجود وہ ڈیل کو بچانے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

  • خطےمیں بڑھتی کشیدگی: وزیرخارجہ کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط

    خطےمیں بڑھتی کشیدگی: وزیرخارجہ کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کوخط

    اسلام آباد: پلواما حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پرالزامات کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کوخط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بھارت تحقیقات کے بغیر پلواما حملے کا الزام پاکستان پر لگا رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے میں سکیورٹی کی صورت حال کو خراب کررہا ہے، بھارت پاکستان کے خلاف طاقت کا استعمال کرسکتا ہے۔

    وزیرخارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پلواما حملے کا بغیر تحقیقات تعلق پاکستان سے جوڑنا مضحکہ خیز ہے، بھارت مخالفانہ بیان بازی کرکے پاکستان کے خلاف فضا کشیدہ بنا رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت پلواما حملے کی غیر جانبدارتحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے، بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان اور کشمیریوں سے مذاکرات کرے۔

    شاہ محمود قریشی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی سنگین غلطی ہوگی

    مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    بعدازاں بھارتی حکومت اور میڈیا نے تحقیقات کیے بغیر دھماکے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔

    پلواما حملہ : بھارت الیکشن کی آڑ میں مس ایڈونچر کررہا ہے، شاہ محمود قریشی

    واضح رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کی آڑ میں بھارت کوئی نہ کوئی مس ایڈونچر کررہا ہے، پلواما واقعے پر ان کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو ہمیں دیں، واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔

  • ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا وزیراعظم عمران خان کوخط 

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا وزیراعظم عمران خان کوخط 

    اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ خشک سالی پرقابو پانے کے لیے عالمی اداروں سے رابطہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے وزیراعظم عمران خان کوخط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ ، بلوچستان میں خشک سالی ایک المیہ بن چکی ہے۔

    سلیم مانڈوی والا کے مطابق سندھ کے 8 اضلاع کوخشک سالی کا سامنا ہے، خشک سالی سے سندھ میں 4لاکھ 42 ہزارخاندان متاثرہوئے۔

    وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ بلوچستان کے 18 اضلاع کوخشک سالی کا سامنا ہے، بلوچستان کے ایک لاکھ 35 ہزارخاندان متاثرہوئے ہیں۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیزسے تعاون نہیں کررہی، وفاقی حکومت صوبائی اداروں کوفنڈزفراہم نہیں کررہی۔

    سلیم مانڈوی والا نے خط میں کہا کہ خشک سالی کے شکاراضلاع کوآفت زدہ قراردیا جائے، خشک سالی کے مسئلے پرکابینہ کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے خط میں مطالبہ کیا کہ خشک سالی سے نمٹنے کے لیے وفاقی اورصوبائی اداروں پرمشتمل فورس بنائی جائے اورعالمی اداروں سے رابطہ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں این ڈی ایم اے نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں کا خشک سالی سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

  • ناکام محبت، لڑکی کا بحر ہند میں پھینکا ہوا خط مل گیا

    ناکام محبت، لڑکی کا بحر ہند میں پھینکا ہوا خط مل گیا

     کینبیرا: آسٹریلیا کے ساحل سے ایک ایسی لڑکی کا خط ملا جسے محبت میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، خاتون نے اس پرچے کو بوتل میں بند کر کے سمندر برد کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے  شہر کوئینز لینڈ میں واقع ساحل سے پریمی جوڑے کو محبت میں ناکام ہونے والی لڑکی کا جذباتی خط بوتل میں ملا جس کی کہانی کا اختتام کچھ اچھا نہ تھا۔

    واقعہ کچھ یوں ہوا کہ ڈینیل میکینلے اپنے دوست کے ساتھ ساحل پر گھوم رہی تھیں کہ اُن کی نظر ایک بوتل پر پڑی جو پانی میں تیر رہی تھی۔

    ڈینیل نے بوتل کی طرف اشارہ کیا تو دونوں اُس کو اٹھانے کے لیے بھاگے اور بلآخر اسے کامیابی سے حاصل کیا۔

    بوتل کے ڈھکن کو کھول کر دونوں نے اندر لکھے پرچے کو نکالا تو اُس پر چینی زبان میں تحریر درج تھی اور دل کا نشان تھا جس سے ظاہر ہورہا تھا کہ یہ عاشق کی کار گزاری ہے۔

    ڈینیل نے اُس پرچے کی تصویر کھینچ کر سوشل میڈیا پر شیئر کی تو وہ وائرل ہوئی، اسی دوران یہ پوسٹ چینی زبان میں مہارت رکھنے والے ایک صارف تک پہنچی جس نے اُس کا انگریزی میں ترجمہ کیا۔ خط چین سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے اپنے منگیتر جینگ کو لکھا تھا۔

    ’میں اپنے گھر میں منگیتر کی کمی بہت محسوس کرتی ہوں، آج میں معافی مانگ کر اپنے خط کو بحر ہند کی نظر کرنے جارہی ہوں۔‘

    ’میں نے پرچے میں وہ سب کچھ تحریر کیا جو میرے دماغ میں تھا اور اب اسے بوتل میں بند کر کے سمندر میں پھینک رہی ہوں، میری خواہش ہے کہ جینگ گھر واپس آجائے اور پھر ہم خوشی خوشی زندگی بسر کریں‘۔

    ’مجھے یقین ہے کہ یہ بوتل گہرے سمندر میں چلی جائے گی جسے کوئی بھی حاصل نہیں کرسکے گا اور نہ ہی اس میں لکھی تحریر کبھی کسی کے ہاتھ لگے گی، میں نے وہ کیا جو میرے دل کو بہتر لگا‘۔

    ’میں تم سے بہت محبت کرتی ہوں، جینگ‘

    پوسٹ وائرل ہوئی تو لوگوں نے لڑکی کا سراغ لگایا اور اُس سے رابطہ بھی کیا۔ آسٹریلین میڈیا کے مطابق لڑکی نے یہ خط اپنے سابقہ منگیتر کے نام چار سال قبل لکھا۔

    لڑکی کا کہنا تھا کہ ’میرا سابقہ منگیتر بہت اچھا انسان تھا مگر مسئلہ یہ تھا کہ وہ دوسرے خاندان سے تعلق رکھتا تھا جس کی وجہ سے ہمارا رشتہ ختم ہوا، دنیا میں اُس کے جیسا کوئی دوسرا شخص نہیں ہے اور نہ دوبارہ کوئی وہ مقام حاصل کرسکتا ہے‘۔

  • نیب کی نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرکا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش

    نیب کی نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرکا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش

    اسلام آباد : نیب نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے نا اہل وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔

    نیب ہیڈ کوارٹر کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئےخط میں نوازشریف، ان کی صاحبزادی اور داماد کیپٹن صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا گیا ہے۔


    اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے


    خیال رہے کہ اس سے قبل نیب کی سفارش کے باوجود سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا۔

    قومی احتساب بیورو اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے متعدد بارخط لکھ چکی ہے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نوازشریف اوران کے دونوں صاحبزادوں کے خلاف 2 ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مسلم لیگ ن نے پارٹی کےقائم مقام صدرسےمتعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا

    مسلم لیگ ن نے پارٹی کےقائم مقام صدرسےمتعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پارٹی کے قائم مقام صدرسے متعلق خط لکھ کر آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مسلم لیگ ن نے خط لکھا ہے جس میں مسلم لیگ ن نے پارٹی کے قائم مقام صدر سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئےخط میں کہا گیا ہے کہ 45 دن میں پارٹی کا مستقل صدر منتخب کرلیا جائے گا۔


    سینیٹر یعقوب خان مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر منتخب


    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر کے لیے سینیٹر یعقوب خان کا انتخاب کیا گیا تھا پارٹی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے نئے سربراہ شہبازشریف ہوں گے جس کا باقائدہ انتخاب مسلم لیگ ن جنرل کونسل کرے گی۔


    الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت کے عہدے سے ہٹا دیا


    واضح رہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نواز شریف کو بطور پارٹی صدر بھی سیاسی سرگرمیوں کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پانامالیکس میں وزیر اعظم کے اہلخانہ کا نام جھوٹ ہے تو ہتک عزت کادعویٰ کیوں نہیں کیا، پی ٹی آئی

    پانامالیکس میں وزیر اعظم کے اہلخانہ کا نام جھوٹ ہے تو ہتک عزت کادعویٰ کیوں نہیں کیا، پی ٹی آئی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پانامالیکس میں وزیر اعظم کے اہلخانہ کا نام جھوٹ ہے تو ہتک عزت کا دعویٰ کیوں نہیں کیا گیا ،سوالات کے جوابات 21 روزکے اندر طلب کر لئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری کوخط ارسال کیا ہے، جس میں وزیراعظم نوازشریف کو مخاطب کرکے پانامہ لیکس سے مختلف سوالات کیے گئے ہیں، خط میں پوچھا گیا ہے کہ وزیراعظم صاحب بتائیں، پانامالیکس میں آپ کے اہلخانہ کا نام آیا،  بی بی سی کا دعویٰ ہے کہ لندن فلیٹس نوے کی دہائی میں خریدے گئے تھے، اگر یہ مواد جھوٹ ہے تو ہتک عزت کا دعویٰ کیوں نہیں کیا گیا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ  پانامالیکس میں وزیراعظم کے اہلخانہ کے نام آنے سے دنیا میں تضحیک ہوئی، پانامالیکس پر دنیا کے79  ملکوں میں 150 سے زائد تحقیقات کی گئیں، ہزاروں افراد اور کمپنیوں کیخلاف کاروائی ہوئی، وزیراعظم نے پانامالیکس میں نام آنے والوں کیخلاف کاروائی کیوں نہ کی؟

    pti1

    خط میں مزید پوچھا گیا ہے کہ وزیراعظم نے نیب،ایف آئی اے،ایس ای سی پی سے باز پرس کیوں نہ کی؟ جبکہ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام سوالات کا اکیس دن میں مفصل جواب فراہم کیا جائے۔

    خیال رہے یہ خط ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پانامہ لیکس  کو منظرعام پر آئے ایک سال مکمل ہوچکا ہے۔

    واضح رہے سپریم کورٹ آف پاکستان پانامالیکس سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرچکی ہے اور دلائل پرغور کرنے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کریں گی۔

    یاد رہے تحریک انصاف اس سے قبل بھی وزیر اعظم کو خط لکھ چکی ہے، جس میں پوچھا گیا تھا کہ وزیراعظم پاناماکیس میں اپنے وکیلوں کو فیس کہاں سے ادا کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : وزیراعظم نے پاناما کیس میں وکلا کو فیس کہاں‌ سے دی؟  پی ٹی آئی


    گذشتہ سال اپریل میں پاناما کی ایک لا فرم موساک فونسیکا سے کی جانب سے افشا ہونے والی ایک کروڑ دس لاکھ دستاویزات میں دنیا بھر کے سیاست دانوں اور کاروباری شخصیات کے تعلقات، آف شور کمپنیوں اور اکاؤنٹس کے بارے میں انکشاف ہوا تھا، ان اہم شخصیات میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کا خاندان بھیہ شامل فہرست آیا تھا۔.

    پانامہ لیکس دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ وزیراعظم نواز شریف کے تین بچوں کی آف شور کمپنیاں اور اثاثے ہیں جو انہوں نے خاندانی اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے ہیں۔