Tag: خفیہ دستاویزات

  • غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات کی فراہمی کیس میں اے ایس آئی کو عدالت نے سزا سنا دی

    غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات کی فراہمی کیس میں اے ایس آئی کو عدالت نے سزا سنا دی

    اسلام آباد: غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات کی فراہمی کیس میں عدالت نے اے ایس آئی ظہور احمد کو سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے اہلکار کے خلاف غیر ملکی سفیر کو خفیہ دستاویزات فراہم کرنے کے کیس میں اے ایس آئی ظہور احمد کے خلاف الزام ثابت ہونے پر عدالت نے انھیں 3 سال کی سزا سنا دی۔

    کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی، فیصلے کے بعد اے ایس آئی ظہور احمد کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا، ان کے خلاف مقدمہ 13 دسمبر 2021 کو درج کیا گیا تھا، جب کہ ان کی ضمانت 22 جنوری 2022 کو منظور ہوئی تھی۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس ملازم نے غیر ملکی سفارت کار سے ملاقات کی اور وہ پلاننگ کر کے ملکی سلامتی سے متعلق معلومات اور دستاویز غیر ملکیوں کے حوالے کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف

    ڈونلڈ ٹرمپ کا مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف

    واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ آڈیو ریکارڈنگ میں خفیہ دستاویزات رکھنے کا اعتراف کیا ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق سی این این نے ایک آڈیو ریکارڈنگ حاصل کی ہے جس میں ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویز رکھنے کا اعتراف کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق دو منٹ کی ریکارڈنگ اس انٹرویو کی ہے جو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جولائی 2021 میں اپنے بیڈ منسٹر، نیو جرسی، گولف کلب میں اپنے سابق چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کی یادداشت پر کام کرنے والے لوگوں کے لیے دیا تھا۔

    آڈیو ریکارڈنگ میں ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ وہ دستاویزات ہیں‘۔

    ڈونلڈ ٹرمپ آڈیو میں کسی چیز کو ’انتہائی خفیہ‘ معلومات قرار دیتے ہوئے ’یہ خفیہ معلومات ہے‘، کے طور پر حوالہ دے رہے تھے جہاں ایسا لگتا ہے کہ وہ کمرے میں موجود دوسروں کو کچھ دکھا رہا ہے۔

    آڈیو میں سابق صدر نے کہا کہ یہ فوج کی طرف سے کیا گیا تھا اور مجھے دیا گیا، ’آپ نے دیکھا، بطور صدر میں دستاویزات خفیہ رکھ سکتا تھا لیکن اب میں نہیں رکھ سکتا اور یہ آپ جانتے ہیں‘۔

    واضح رہے کہ ریکارڈنگ کے ٹرانسکرپٹ کے کچھ حصوں کو خصوصی وکیل جیک اسمتھ کے 49 صفحات پر مشتمل ڈونلڈ ٹرمپ پر عائد فرد جرم میں ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا تھا جس میں ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے عہدہ چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات کو غلط استعمال کیا۔

    ٹرمپ کیخلاف خفیہ دستاویزات رکھنے سمیت 37 الزامات پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جبکہ امریکا کے سابق صدر حساس دستاویزات کو اپنے پاس رکھنے کے  الزامات سے انکار کرچکے ہیں۔

  • امریکا میں خفیہ دستاویزات کی برآمدگی کے واقعات پر نیشنل آرکائیوز کا نوٹس

    واشنگٹن: امریکا میں خفیہ دستاویزات کی برآمدگی کے واقعات پر نیشنل آرکائیو نے نوٹس لیتے ہوئے سابق امریکی صدور اور نائب صدور کو خطوط لکھ دیے ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق نیشنل آرکائیوز نے جمعرات کو ڈونلڈ ٹرمپ، بارک اوباما، جارج بش، بل کلنٹن، مائیک پنس، ایل گور اور دیگر کو خطوط بھیجے ہیں، جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ صدارتی ریکارڈز ایکٹ کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔

    نیشنل آرکائیوز کے خطوط میں لکھا گیا ہے کہ مدت ختم ہونے پر دور صدارت کا ریکارڈ نیشنل آرکائیوز کے حوالے کیا جائے۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق نائب صدر مائیک پنس کے گھروں سے خفیہ دستاویزات ملنے پر یہ خطوط لکھے گئے ہیں، خفیہ دستاویزات کی برآمدگی کے معاملے پر کانگریس میں تحقیقات بھی جاری ہیں۔

    خط میں درخواست کی گئی ہے کہ سابق رہنما اپنی فائلوں کی جانچ پڑتال کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ذاتی سمجھے جانے والے مواد میں نادانستہ طور پر صدارتی ریکارڈ تو موجود نہیں، جسے قانون کے مطابق قومی آرکائیوز کے حوالے کرنے کی ضرورت ہو۔

  • امریکا میں خفیہ دستاویزات کی برآمدگی کا پنڈورا بکس کھل گیا

    واشنگٹن : سابق نائب صدر مائیک پنس کے گھرسے بھی ٹرمپ دور کی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی، جس کے بعد ایف بی آئی نے سابق نائب صدر کیخلاف تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں خفیہ دستاویزات کی برآمدگی کا پنڈورا بکس کھل گیا، سابق نائب صدر مائیک پنس کے گھرسے بھی ٹرمپ دور کی خفیہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

    سابق نائب صدر کے گھر سے غیرملکی دورے سے متعلق خفیہ بریفنگ کا ریکارڈ ملا ہے، ایف بی آئی نے خفیہ دستاویزات ملنے پر سابق نائب صدر کیخلاف تحقیقات شروع کردیں۔

    یاد رہے صدر بائیڈن اور ٹرمپ کے گھروں سے بھی خفیہ دستاویزات مل چکی ہیں،امریکی محکمہ انصاف کو بائیڈن کے گھر کی تلاشی میں کلاسیفائیڈ دستاویزات ملی ، 6 خفیہ دستاویزات بائیڈن کے بطور سینیٹر اور اوباما دور میں بطور نائب صدر کام کرنے سے متعلق ہیں۔

    وکیل نے بتایا تھا کہ محکمہ انصاف نے 12 گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی، اور اہل کاروں نے کچھ ایسے نوٹ بھی لیے ہیں جو، بائیڈن نے بطور نائب صدر ذاتی طور پر ہاتھ سے لکھے تھے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل خفیہ سرکاری دستاویزات اس ماہ بائیڈن کی ولیمنگٹن رہائش گاہ سے، اور نومبر میں ایک نجی دفتر سے برآمد ہوئی تھیں۔

    ایف بی آئی کی جانب سے صدر بائیڈن کے گھر سے اوباما دور کی خفیہ دستاویزات ملنے پر تحقیقات جاری ہیں۔

  • نائن الیون کی خفیہ دستاویزات سامنے لانے کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

    نائن الیون کی خفیہ دستاویزات سامنے لانے کا مطالبہ کیوں کیا جا رہا ہے؟

    واشنگٹن: امریکی صدر سے نائن الیون کی خفیہ دستاویزات سامنے لانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 11 ستمبر کے ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ نے خفیہ دستاویزات منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر دیا ہے، ان کا امریکی صدر سے کہنا ہے کہ جو بائیڈن ان حملوں سے متعلق حکومت کی جمع کردہ خفیہ دستاویزات اور ثبوت کو منظر عام پر لائیں۔

    اس سلسلے میں صدر بائیڈن کو ایک خط بھیجا گیا ہے، جس میں نائن الیون سانحے کے ہلاک شدگان کے لواحقین نے کہا کہ اگر صدر بائیڈن نے ایسا نہ کیا تو انھیں رواں سال کی یادگاری تقریبات میں خوش آمدید نہیں کہا جائے گا۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ 20 برس قبل ہونے والے دہشت گرد حملوں میں سعودی عرب کی حکومت کے عہدے دار اور ساتھی ملوث ہو سکتے ہیں، کیوں کہ ان حملوں کے منصوبہ ساز اسامہ بن لادن اور بیش تر حملہ آوروں کا تعلق سعودی عرب سے تھا۔

    خیال رہے کہ سابق امریکی حکومتوں نے قومی سلامتی خدشات کا دعویٰ کرتے ہوئے تحقیقات کی دستاویزات اور ثبوت ظاہر نہیں کیے تھے، جب کہ بائیڈن نے گزشتہ موسم خزاں میں اپنی انتخابی مہم کے دوران دستاویزات کو منظر عام پر لانے کا عندیہ دیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق صدر بائیڈن کو جمعہ کے روز بھیجے گئے خط پر خاندانوں کے تقریباً 1800 ارکان اور دیگر نے دستخط کیے ہیں۔