Tag: خلاباز

  • چاند گاؤں: مریخ کی طرف سفر کا پہلا پڑاؤ

    چاند گاؤں: مریخ کی طرف سفر کا پہلا پڑاؤ

    زمین کے پڑوسی سیارے مریخ جسے سرخ سیارہ بھی کہا جاتا ہے، پر انسانی آبادیاں اور مزید دریافتیں کرنے کے مشن پر کام جاری ہے، اور اس سلسلے میں مریخ تک پہنچنے کے لیے چاند پر عارضی پڑاؤ قائم کیا جاسکتا ہے۔

    جنوبی آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں یورپی خلائی ایجنسی ای ایس اے کی سالانہ کانفرنس میں کہا گیا کہ مریخ تک پہنچنے کے لیے چاند بہترین پڑاؤ ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کانفرنس میں 4 ہزار کے قریب ماہرین فلکیات نے شرکت کی۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اب وقت ہے کہ ہم زمین کے مدار سے باہر بھی کاروباری سرگرمیاں شروع کریں اور نئی جہتوں کو دریافت کریں۔

    مزید پڑھیں: خلا کے بارے میں حیران کن اور دلچسپ حقائق

    ایک خلائی ماہر پائرو میسینا کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ 17 سال سے زمین کے محور سے بالکل باہر رہ رہے ہیں۔

    یہاں ان کی مراد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے ہے جو زمین کے محور سے 408 کلو میٹر باہر واقع ہے۔

    سنہ 1998 میں لانچ کیا جانے والا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن یا انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن 27 ہزار 6 سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے زمین کے مدار میں چکر لگا رہا ہے۔ یہ خلائی اسٹیشن ہر 92 منٹ میں زمین کے گرد اپنا ایک چکر مکمل کر لیتا ہے۔

    خلائی اسٹیشن پر متعدد خلا باز بھی موجود ہیں جو اسٹیشن پر مختلف خلائی آپریشنز سرانجام دے رہے ہیں۔

    اب یہ اسٹیشن مریخ کی طرف بڑھنے جارہا ہے اور یہ مریخ کی طرف جانے والا پہلا انسانی مشن ہوگا۔

    مزید پڑھیں: مریخ پر زندگی کے واضح ثبوت مل گئے

    خلائی ماہرین کے مطابق اس سفر کے دوران چاند پر رک کر ایک مستقل پڑاؤ ڈالنا بہترین طریقہ ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت بنایا جانے والا سب سے تیز رفتار خلائی جہاز زمین سے مریخ تک کا سفر 39 دن میں طے کر سکتا ہے۔

    مریخ پر پہنچ کر انسانی آبادی بسانے کا ابتدائی مرحلہ رواں برس عالمی خلائی اداروں کا مشن ہے۔

    یورپین خلائی ایجنسی سنہ 2024 تک عالمی خلائی اسٹیشن کو ختم کرکے چاند پر مستقل کالونی بنانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے تاکہ خلاؤں کی مزید تسخیر اب چاند پر رہتے ہوئے کی جاسکے۔

    دوسری جانب امریکی خلائی ادارہ ناسا بھی چاند پر ایک خلائی اسٹیشن بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    چاند پر ایک مستقل باقاعدہ رہائشی پڑاؤ بنانے کا کام جاری ہے اور اس سلسلے میں یورپی خلائی ایجنسی نے روس کی خلائی ایجنسی روسکوسموس سے معاہدہ بھی طے کرلیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ‘زمین ایک نگینہ ہے’

    ‘زمین ایک نگینہ ہے’

    زمین پر رہتے ہوئے شاید ہمیں اس کی قدر و قیمت کا اندازہ نہ ہوتا ہو، مگر اس کی صحیح اہمیت وہ خلا باز جانتا ہے جو طویل عرصے تک زمین سے دور خلا میں رہے اور زمین کو دیکھ کر ٹھنڈی آہیں بھرے۔

    تھامس پسکٹ نامی فرانسیسی سائنسدان گزشتہ 6 ماہ سے خلا میں موجود ہے اور اس دوران خلا سے لاتعداد زاویوں سے زمین کو دیکھ چکا ہے۔ اپنے گھر اور اپنی زمین سے دور رہنے کے بعد تھامس کا کہنا ہے، ’زمین حقیقی معنوں میں ایک نگینہ ہے‘۔

    وہ کہتا ہے کہ جب وہ زمین سے دور ہوا، اور اس نے ایک عظیم فاصلے سے زمین کو دیکھا، تب اس پر ادراک ہوا کہ زمین کتنی خوبصورت اور حسین ہے۔ ’یہ خلا سے کسی نگینے کی طرح نظر آتی ہے‘۔

    تھامس اس وقت ایک روسی خلاباز اولیگ نووٹسکی اور امریکی خلاباز پیگی وائٹ سن کے ساتھ 6 ماہ طویل ایک مشن پر عالمی خلائی اسٹیشن پر موجود ہے۔

    یاد رہے کہ پیگی وائٹ سن کو خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والی خلا باز ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

    اس مشن کے دوران ان خلا بازوں نے نہ صرف کئی نئی تحقیقات کیں، اور اہم ڈیٹا ناسا کو روانہ کیا، بلکہ اس دوران انہوں نے زمین کی مختلف زاویوں سے بے شمار تصاویر بھی کھینچیں جو نہایت خوبصورت دکھائی دیتی ہیں۔

    تھامس اور ان کا یہ مشن رواں ہفتے جمعہ کے دن اختتام کو پہنچ جائے گا جس کے بعد وہ زمین پر واپس آجائیں گے۔

    چھ ماہ تک خلا میں رہنے کے بعد اب وہ یہاں سے جاتے ہوئے کچھ اداس تو ہیں، تاہم انہیں اپنے گھر واپسی اور اپنے پیاروں سے ملنے کی خوشی بھی ہے۔

    خلا سے دیے گئے ایک انٹرویو میں تھامس کا کہنا تھا، ’میں پھر سے اپنے پیاروں سے ملنا چاہتا ہوں، ساحل پر جانا چاہتا ہوں، پہاڑوں کے درمیان چہل قدمی کرنا چاہتا ہوں اور ٹھنڈی ہوا کو اپنے چہرے پر محسوس کرنا چاہتا ہوں‘۔

    تھامس کا کہنا ہے، ’میرا سوٹ کیس تیار ہے۔ میں زمین پر واپس جاتے ہوئے اداس بھی ہوں اور پرجوش بھی‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔