Tag: خلاف ورزی

  • ایس او پیز کی خلاف ورزی، پولیس کی دلہا دلہن کو انوکھی سزا

    ایس او پیز کی خلاف ورزی، پولیس کی دلہا دلہن کو انوکھی سزا

    نئی دہلی: بھارت میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث محدود پیمانے پر شادیوں کی اجازت کے باوجود عوام کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، پولیس نے ایسی ہی ایک تقریب میں بطور سزا دلہا دلہن کی گاڑی کے ٹائروں کی ہوا نکال دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے شادی کے اختتام پر واپس آتے ہوئے دلہا اور دلہن کی گاڑی روک لی اور لاک ڈاؤن و کرونا ہدایت نامے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے بطور سزا گاڑی کے ٹائروں سے ہوا نکال دی۔

    ریاست مدھیہ پردیش میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سخت لاک ڈاؤن عائد کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شادی کی تقریبات گھروں کے اندر محدود مہمان مدعو کرتے ہوئے کی جاسکتی ہیں تاہم عوام کی جانب سے ان ہدایات کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس حوالے سے مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریبات میں ضابطوں کے تحت کارروائی ہوگی۔

    پولیس کے مطابق ریاست میں نقل و حرکت کی اجازت نہایت ضروری وجوہات کی صورت میں دی گئی ہے، بلا ضرورت باہر نکلنے والوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کو سزا دی جائے گی۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی اداروں پر جرمانے

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی اداروں پر جرمانے

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والے 9 تجارتی اداروں پر جرمانے عائد کر دیے گئے، تجارتی سرگرمیوں کے ذمہ داران کو سماجی فاصلے کے اصول یقینی بنانے کے لیے سختی سے ہدایات کی گئی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کرونا وائرس کی ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے پر 9 تجارتی اداروں پر جرمانے عائد کر دیے، میونسپلٹی کی جانب سے وزارت صحت کے جاری کردہ کرونا ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔

    مکہ میونسپلٹی کے تفتیشی یونٹ نے ایس او پیز کی پابندی پر عمل درآمد کے حوالے سے بازاروں اور تجارتی مراکز پر چھاپے مارے، اس دوران ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آئیں۔

    مکہ میونسپلٹی نے تجارتی اداروں اور صحت عامہ سے تعلق رکھنے والی تجارتی سرگرمیوں کے ذمہ داران کو تاکید کی ہے کہ وہ سماجی فاصلے کے اصول یقینی بنانے کے لیے اپنے کارکنان اور صارفین سے عمل کروائیں۔

    ذمہ داران کو تاکید کی گئی ہے کہ دکانوں اور تجارتی اداروں میں سینی ٹائزر فراہم کریں، تمام اداروں میں حد سے زیادہ عملے اور گاہکوں کو جمع نہ ہونے دیں اور اگر کسی کارکن میں کرونا وائرس کی علامتیں دکھائی دیں تو پہلی فرصت میں اسے ڈیوٹی سے روک دیا جائے۔

    واضح رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے تجارتی اور صنعتی اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کرونا وائرس سے محفوظ رہیں۔

  • آرمینیا کی ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی

    آرمینیا کی ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی

    باکو: آرمینیا نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذر بائیجان کے فوجیوں اور مقامی آبادی پر فائرنگ کردی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق آرمینی فوج نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذری فوجیوں اور ترتر نامی علاقے کی رہائشی آبادیوں پر فائرنگ کی ہے۔

    آذری امور دفاع کے مطابق، آرمینی فوج نے آج صبح 8 بجے کے قریب انسانی بنیادوں پر نافذ جنگ بندی کی دوبارہ سے خلاف ورزی کرتے ہوئے لاچین قصبے کے دیہات سفیان میں موجود آذری فوجیوں پر فائرنگ کر دی۔

    بتایا گیا ہے کہ آذری فوج اپنے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی مکمل پابندی کر رہی ہے۔ نائب آذری صدر حکمت حاجی ایف نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔

    خیال رہے کہ ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آذر بائیجان اور آرمینیا نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیز فائر پر پھر اتفاق کر لیا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا ہے، اس معاہدے سے بہت سی جانیں بچ جائیں گی۔

    اس سے قبل روسی کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان 2 مرتبہ جنگ بندی ہو چکی ہے، تاہم دونوں دفعہ جنگ بندی برقرار نہ رہ سکی تھی۔

  • سعودی عرب: ماسک نہ پہننے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائیاں

    سعودی عرب: ماسک نہ پہننے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائیاں

    ریاض: سعودی عرب میں ماسک کی پابندی نہ کرنے والے سینکڑوں افراد کے خلاف کارروائی کی گئی اور ان کا ریکارڈ جمع کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    ریاض پولیس نے شہر کے بازاروں اور پبلک مقامات پر چھاپے مار کر ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جو کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی نہیں کر رہے تھے۔

    وزارت داخلہ نے سنیپ چیٹ ایپلی کیشن پر ایک وڈیو جاری کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حفاظتی ماسک نہ پہننے والے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے خلاف ریاض میں کارروائی کی جا رہی ہے۔

    ریاض پولیس نے ماسک پہنے بغیر سامان فروخت کرنے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کا ریکارڈ تیار کیا جبکہ پبلک مقامات پر کئی سعودی شہریوں کو روک کر ان کے قومی شناختی کارڈز کے فوٹو لیے اور انہیں حفاظتی ماسک کی پابندی کروائی۔

  • کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ،  متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل

    کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ایکشن ، متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل

    کراچی: کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے صورتحال تشویش ہو تی جا رہی ہے ، کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر متعدد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس سیل کردیئے گئے جبکہ بھاری جرمانے بھی عائد کئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد کورونا ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن جاری ہے، شہر بھر میں ڈپٹی کمشنرز نے حدود میں ریسٹورنٹ ،شادی ہالز، مٹھائی کی دکانوں کا معائنہ کیا اور ایس اوپیزپرعمل نہ کرنے والوں پر جرمانے، ریسٹورنٹ اور دیگر مقامات کو سیل کردیا۔

    مختلف علاقوں میں7شادی ہال کی چیکنگ کی گئی ،جن میں سے 2 کو سیل اور 5 کو وارننگ دی گئی جبکہ کوروناایس اوپیزکی خلاف ورزی پر 41 ریسٹورنٹس سیل کئے گئےاور 67 ریسٹورنٹس کو وارننگ دے کر 2 لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیئے۔

    ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 2 شادی ہالز کو جرمانے، 3 ریسٹورنٹس سیل اور 4 پر جرمانے کئے گئے، ضلع جنوبی میں 2 دکانیں اور ایک سپراسٹور کو سیل کیا گیا ،ضلع کورنگی میں 2شادی ہالزجبکہ 9ریسٹورنٹس کوسیل کردیاگیا جبکہ 10ریسٹورنٹس پربھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

    ضلع شرقی میں 14ریسٹورنٹس سیل اور 10 کو 30 ہزار سے زائد کے جرمانے کئے، کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ کسی کوبھی ایس او پیزکی خلاف ورزی کرنےکی اجازت نہیں۔

    خیال رہے کراچی میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد سے شہر کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

  • سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    سعودی عرب: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر ہزاروں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد پولیس نے جرمانے کیے، سینکڑوں افراد پر فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں عوامی مقامات پر مقررہ ایس او پیز کی بے شمار خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، جازان اور قصیم میں ماسک کی پابندی نہ کرنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔

    قصیم پولیس نے ماسک کی پابندی نہ کرنے والے 85 افراد پر 85 ہزار ریال کے جرمانے کر دیے، فی کس 1 ہزار ریال جرمانہ لگایا گیا ہے۔

    قصیم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام نے بارہا تاکید کی ہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔

    ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مہم کے دوران 85 افراد پبلک مقامات پر بغیر ماسک کے گھومتے ہوئے پائے گئے۔ اان میں سے ہر ایک پر 1 ہزار ریال جرمانہ کیا گیا، خلاف ورزیاں قصیم ریجن کی مختلف کمشنریوں میں مختلف مقامات پر ریکارڈ کی گئیں۔

    جازان میں بھی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جازان میں 152خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں اور 1 ہزار ریال فی کس جرمانہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ سعودی وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر شخص کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے یا رومال سے اپنا منہ اور ناک کو ڈھک کر رکھیں۔

    عوامی مقامات پر ماسک استعمال نہ کرنے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

  • کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا نوٹس

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے ایئر لائنز کو وارننگ جاری کر دی۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سروسز نے تمام ایئرپورٹ کے منیجرز کو مراسلہ لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض ایئر لائنز دوران پرواز احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کر رہیں۔

    مراسلے میں ایئرپورٹ منیجرز کو کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ایئر لائنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

    کراچی میں طوفان اور بارش کا خطرہ، ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ایوی ایویشن نے تیزبارشوں کے پیش نظر اور مٹی کے طوفان سے طیاروں و مسافروں کو بچانے کے لیے ایئرپورٹ پر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے تھے۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے جبکہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کے ساتھ اضافی وزن بھی لگا دیے گئے۔

  • کروناوائرس: ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تازہ کارروائیاں

    کروناوائرس: ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تازہ کارروائیاں

    اسلام آباد: کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی ہورہا ہے، 24گھنٹے میں ملک بھر میں ایس او پیز کی 8860 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق 24 گھنٹے میں 849 مارکیٹ، دکانیں اور 5 صنعتی یونٹس سیل کیے گئے، ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1732 ٹرانسپورٹرز پر جرمانے ہوئے۔ 24گھنٹے میں اسلام آباد میں ایس او پیز کی 26 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جس پر 22 مارکیٹ، دکانیں سیل، 4 ٹرانسپورٹر کو جرمانہ کیا گیا۔

    آزادکشمیر میں ایس او پیز کی 634 خلاف ورزیاں ہوئیں جس پر 63 مارکیٹ، دکانیں، سیل، 270 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے ہوئے۔ جبکہ گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 193 خلاف ورزیاں ہوئیں جس کے تحت 60 مارکیٹ، دکانیں سیل اور 32 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

    اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ایس او پیز کی 2368 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جس کت تحت صوبے میں 363 مارکیٹ، دکانیں، ایک صنعتی یونٹ اور 973 ٹرانسپورٹرز پر جرمانے کیے گئے۔ جبکہ بلوچستان میں ایس او پیز کی 867 خلاف ورزیاں سامنے آئیں جس پر 97 مارکیٹ و دکانیں سیل اور 318 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔

    24گھنٹے میں سندھ میں ایس او پیز کی 642 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جس پر 41 مارکیٹ، دکانیں، 4 صنعتیں سیل، 33 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے ہوئے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا میں ایس او پیز کی 4130 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں، جس پر صوبے میں 203 مارکیٹ، دکانیں سیل اور 102 ٹرانسپورٹرز کو جرمانے کیے گئے۔

  • جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    جدہ: ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن

    ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں پولیس و دیگر متعلقہ اداروں پر مشتمل تفتیشی ٹیم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔

    جدہ کے مختلف علاقوں میں، جن میں البوادی، البخاریہ، ہنداویہ اور دیگر علاقے شامل تھے، مشترکہ ٹیموں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ حفاظتی تدابیر جن میں ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔

    مشترکہ ٹیموں نے متعدد افراد کے خلاف چالان کیے جنہوں نے ماسک نہیں لگایا ہوا تھا جبکہ ایسے افراد جو ہجوم کی صورت میں کھڑے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔

    وزارت صحت کی جانب سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے، ایسا نہ کرنے والوں کو 1 ہزار ریال جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع پر سماجی فاصلے یا دوری کا اصول لاگو ہوتا ہے۔

  • ایس او پیز کی خلاف ورزی: اسلام آباد میں ہوٹل اور ورکشاپس، بلوچستان میں کارخانہ سیل

    ایس او پیز کی خلاف ورزی: اسلام آباد میں ہوٹل اور ورکشاپس، بلوچستان میں کارخانہ سیل

    اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل اور جرمانے عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف شہروں میں ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عمل یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، 3 لاکھ 86 ہزار کی آبادی کے لیے 12 سو 92 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔

    اجلاس میں ملک میں جاری ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں ہوٹل، کارخانے، ورکشاپس، گاڑیاں اور دکانیں سیل کیے گئے جبکہ جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں 1 ہزار 37 خلاف ورزیوں پر جرمانے اور دکانیں سیل کیے گئے، گلگت بلتستان میں ایس او پیز کی 231 خلاف ورزیاں کی گئیں۔

    این سی او سی کے مطابق خیبر پختونخواہ میں 5 ہزار 798 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں جس کے بعد 239 دکانیں سیل کی گئیں، پنجاب میں 3 ہزار 753 خلاف ورزیوں پر متعدد دکانیں سیل اور جرمانے عائد کیے گئے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 13 سو 6 خلاف ورزیوں پر ایکشن لیا گیا جبکہ بلوچستان میں ایک کارخانہ اور 81 دکانیں سیل اور جرمانے کیے گئے۔