Tag: خلاف ورزی

  • کرونا وائرس: سوڈان میں کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 افراد جان سے گئے

    کرونا وائرس: سوڈان میں کرفیو کی خلاف ورزی پر 2 افراد جان سے گئے

    خرطوم: شمالی افریقی ملک سوڈان میں سیکورٹی اہلکار نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے پر دو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں کرونا وائرس کے باعث نافذ کرفیو کے دوران باہر نکلنے پر سیکورٹی اہلکار کی فائرنگ سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    سوڈانی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر عامر الحسن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تیز رفتاری سے فوجی چیک پوسٹ کی جانب آنے والے رکشے کو رکنے کے لیے کہا گیا،رکشہ نہ روکنے پر چیک پوسٹ پر تعینات فوجی نے فائرنگ کر دی جس سے رکشے میں موجود دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوگئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا یہ واقعہ ہفتے کی شام خرطوم کے وسطی علاقے القوز ابو حمامہ چوک پر پیش آیا۔بریگیڈیئر عامر الحسن کا کہنا تھا کہ فائرنگ کرنے والے فوجی کو قانونی کارروائی کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سوڈانی فوج کے ترجمان کے مطابق شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کرفیو کی پابنید اور سیکورٹی فورسز کی ہدایات کا احترام کریں۔

  • سعودی عرب: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی مراکز بند

    سعودی عرب: حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر متعدد تجارتی مراکز بند

    ریاض: سعودی عرب میں کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر اور پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والے ایک مال اور 5 تجارتی مراکز بند کروا دیے گئے، سعودی حکام احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کے لیے سخت نگرانی کر رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں عسیر اور ریاض میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کرنے والی دکانیں اور تجارتی مراکز بند کروا دیے۔

    کرونا بحران سے نمٹنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں کی میونسپلٹیز اور بلدیاتی کونسلیں حفاظتی تدابیر کی پابندی کروانے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہیں، خلاف ورزیوں پر متعلقہ تجارتی اداروں کے خلاف فوری کارروائی بھی کی جارہی ہے۔

    ریاض میونسپلٹی نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا سے بچانے کے لیے مقرر انتظامات نہ کرنے پر 41 تجارتی ادارے سربمہر کر دیے۔ ان پر بھاری جرمانے لگائے گئے جبکہ مالکان کو مزید تادیبی کارروائی کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

    عسیر میونسپلٹی نے حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر ابہا شہر کا ایک مال اور 5 تجارتی مراکز بند کروا دیے۔

    عسیر میونسپلٹی کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر محمد العاوی نے بتایا کہ ہماری ٹیمیں مارکیٹ کی 24 گھنٹے نگرانی کر رہی ہیں, چھاپہ مہم کے دوران ایک مال اور ایسے 5 تجارتی ادارے ریکارڈ پر آئے جہاں میونسپلٹی قوانین اور صحت کے ضوابط کی پابندی نہیں کی جارہی تھی۔

    عسیر میونسپلٹی کے اہلکاروں نے ابہا شہر میں 7 مختلف مقامات پر ریڑھی کے ذریعے سامان بیچنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی اور ان کا سامان ضبط کر کے فلاحی انجمنوں کے حوالے کردیا گیا۔

  • دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

    دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کرونا وبا کی صورتحال،حفاظتی اقدامات کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں متاثرہ مریضوں کےعلاج کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

    اجلاس میں متاثرہ مریضوں کے بہترین علاج کے لیے کاوشوں کو مزید تیز کرنے اور پنجاب میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمدیقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو جاری رکھا جائے گا۔

    سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ روزانہ 3100 ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے،ٹیسٹنگ سہولت کی استعدادکار جلد 10ہزارتک بڑھائیں گے۔

    سردار عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ کرونا سے متعلق 8 نئی لیبارٹریز بنا رہے ہیں،کمزور طبقے کو ریلیف کے لیے مالی امداد کے پروگرام کا آغاز ہوچکا ہے۔

  • ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے ایل او سی پر ایک بھارتی ڈرون کو مار گرایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا ہے کہ بھارتی ڈرون نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کے سنکھ سیکٹر پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا تھا، جسے پاک فوج نے مار گرا دیا ہے۔ پاک فوج کے ادارے نے کہا کہ یہ بھارتی اقدام 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارتی فوج اس نوعیت کی خلاف ورزیاں متعدد بار کر چکی ہے، آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر نے ایک بار پھر سنکھ سیکٹر پر ایل او سی کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی حدود میں نگرانی کے لیے گھس آیا، جسے پاک فوج نے مار گرا دیا۔

    پاک فوج نے حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈرون مار گرایا

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 16 مارچ کو بھی پاک فوج نے ایک بھارتی ڈرون مار گرایا تھا، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر رکھ چکری سیکٹر پر پاکستانی حدود میں 150 میٹر تک اندر آ گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی 27 اکتوبر 2018 کو بھی پاک فوج نے ایل او سی کے علاقے رکھ چکر ی سیکٹر میں بھارتی ڈرون طیارہ مار گرایا تھا، پاک فوج کے نشانہ بازوں نے کام یابی سے ڈرون طیارے کو نشانہ بنانے کے بعد اس بھارتی کواڈ کاپٹر کے ملبے کو قبضے میں لے لیا تھا۔

  • فلپائن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی

    فلپائن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی

    منیلا : فلپائنی صدر روڈیگو دوٹیرٹے نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گولی مارنے کی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فلپائنی صدر روڈیگو دوٹیرٹے نے خطاب کے دوران لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گولی مارنے کی دھمکی دے دی۔انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے حکومت کے احکامات پر عمل نہ کیا تو وہ فوج کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیں گے۔

    فلپائنی صدر کا کہنا تھا کہ حکومت کو غصہ نہ دلائیں، انہیں چیلنج مت کریں،کیوں کہ ایسا کرنے پر آپ کو ہی شکست ہوگی۔

    روڈیگو دوٹیرٹے نے کہا کہ میں فوج اور پولیس کو حکم دیتا ہوں کہ اگر کسی نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو کسی قسم کا نقصان پہنچایا اور ان کی زندگی خطرے میں ڈالی تو اسے فوری گولی مار دیں۔

    فلپائنی صدر کا یہ بیان منیلا کے علاقے کوئزن میں کچی آبادی کے رہائشیوں کی جانب سے کیے گئے احتجاج کے بعد سامنے آیا ہے۔ کچی آبادی کے رہائیشوں کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن نافذ ہوئے دو ہفتوں سے زائد کا وقت گزر چکا ہے تاہم انہیں اب تک کھانے پینے کی اشیا اور دیگر امدادی سامان نہیں دیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 70 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد عالمی سطح پر مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار ہوگئی ہے۔

  • پنجاب میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو رہا کرنے کا حکم

    پنجاب میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو رہا کرنے کا حکم

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو گرفتار افراد کی رہائی کا کہہ دیا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب انصاف امداد پروگرام آج سے شروع ہوگا، امیدوار آن لائن،ایس ایم ایس کے ذریعے اپلائی کریں گے، تصدیق کے بعد 4 ہزار روپے فی خاندان ادا کیے جائیں گے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں مساجد اور بازاروں میں جراثیم کش اسپرے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ سماجی فاصلہ رکھیں اور گھروں میں رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں ایک ہزار بستروں کا اسپتالکل سے کام شروع کر دے گا، محکمہ صحت کو 14 ارب روپے جاری کیے ہیں، محکمہ صحت کو ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے انصاف امداد پیکج کی منظوری دے دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انصاف امداد پیکج کی منظوری دیتے ہوئے کہا تھا کہ انصاف امداد پیکج کے لیے10 ارب روپےمختص کر دیے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے انصاف امداد پیکج کو جلد لانچ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی تقسیم کا عمل جلد شروع کیا جائے۔

  • کروناوائرس کا خوف : برطانیہ میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

    کروناوائرس کا خوف : برطانیہ میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

    لندن : کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تین ہفتوں کےلیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا، لاک ڈاؤن کے دوران دو سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا نے چین کے بعد سب سے زیادہ نقصان یورپی ممالک کو پہنچا رہا ہے جس میں سب سے زیادہ متاثر اٹلی اور اسپین ہیں جہاں اموات کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ برطانیہ میں بھی حالات انتہائی تشویش ناک ہیں جس پر قابو پانے کےلیے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

    وزیر اعظم بورس جانسن نے پیر کی شام ٹی وی پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے عوام کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر بتائیں اور گھروں میں رہنے کی اپیل کی، بورس جانسن نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ملک بھر میں تمام غیر ضروری دکانیں بند رہیں گی۔

    برطانوی وزیر اعظم نے عوام کو ہدایت کی کہ آپ کو گھر پر رہنا ہے اور کرونا کی وبا کو گھروں میں داخل ہونے سے روکنا ہے اور ایک دوسرے سے سماجی دوری بنائے رکھنے ہے اور تفریحی مقامات و پارکوں میں جانے سے گریز کرنا ہے۔

    بورس جانسن نے اعلان کیا کہ شہریوں کو طبی ضروریات، اشیائے خردونوش، دفتر آنے جانے کےلیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہے، لیکن اس دوران کپڑوں، الیکڑانکس مارکیٹ، لائبریریز، شادی ہالز اور عبادت گاہیں بند رہیں گی جبکہ گھروں اور ہوٹلوں میں بھی شادی بیاہ اور کسی قسم کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تدفین کی رسومات پر کوئی پابندی نہیں ہوگی اور پارکس بھی کھلے رہیں گے تاکہ لوگ ورزش کرسکیں لیکن اگر عوام نے قوانین اور احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا تو پولیس زبردستی عمل کروائے گی۔

    برطانوی وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ جو افراد انسداد کرونا وائرس احکامات کی پابندی نہیں کریں گے انہیں جرمانے اور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا اب تک برطانیہ میں 335 افراد کو لقمہ اجل بنا چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6650 ہے۔

  • لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر جرمانہ وقید کی سزا

    لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر جرمانہ وقید کی سزا

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں لاک ڈاؤن سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ اندرون وبیرون شہر لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ نے وبائی امراض ایکٹ کے تحت 15 دن کے لیے پابندیاں عائد کی ہیں۔

    شہریوں کے لیے ہر طرح کا سفر، جمع ہونا ممنوع قرار

    نماز جنازہ کا اجتماع بھی محدود کر دیاگیا، نماز جنازہ میں صرف قریبی رشتے دار شریک ہوسکیں گے۔

    نماز جنازہ کے لیے متعلقہ ایس ایچ او سے پیشگی اجازت لینا ہوگی، نماز جنازہ کے اجتماع میں بھی ہر فرد فاصلہ رکھے گا۔

    لاک ڈاؤن میں اسپتالز، لیبارٹریز، میڈیکل اسٹورز سے منسلک افراد پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ضروری خدمات اور دفاتر کے افراد پر بھی پابندی نہیں ہوگی۔

    مریض کے ساتھ ایک تیماردار کے جانے کی بھی اجازت ہوگی، اشیائے ضروریہ ،ادویات خریدنے کے لیے جانے والے کو اجازت ہوگی۔

    پورٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ ہوگا، میڈیا نمائندگان، سماجی رضا کاروں کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ ہوگا۔

    پولیس و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خصوصی اختیارات تفویض کیے گئے ہیں۔

    سرکاری احکامات کی خلاف ورزی قابل سزاجرم ہوگا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعلقہ افسر احکامات کی خلاف ورزی پر سزا دیں گے،سندھ وبائی امراض ایکٹ کے تحت لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر جرمانہ وقید ہوگی۔

    سندھ میں 15 روز کیلئے لاک ڈاؤن کا اعلان، وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کردیں

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے بھر میں رات 12 بجے سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب عوام کو محتاط ہو کر گھروں میں بیٹھنا ہے، یہ کرفیو نہیں (کیئر فار یو) ہے اور اس دوران لوگوں کو بلا ضرورت گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، اگر کسی کام سے نکلیں تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر  کراچی اور اندرون سندھ میں رینجرز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

  • سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والے ہوشیار ہوجائیں

    سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والے ہوشیار ہوجائیں

    ریاض: سعودی عرب کی سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں کے لیے محکمہ ٹریفک نے نئی سخت ہدایات جاری کردیں، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ گاڑیوں کے شیشے مشروط شکل میں رنگین کیے جاسکتے ہیں۔ شرائط کی پابندی نہ کرنے پر شیشے رنگین کرنا خلاف ورزی ہے۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق پہلی شرط یہ ہے کہ شیشہ رنگین کرنے کی صورت میں شفاف رہے، شیشہ ایسا ہو جس سے تصویر منعکس نہ ہوتی ہو۔

    شیشہ کسی انسان یا ماحول کے لیے ضرر رساں نہ ہو، گاڑی کے سامنے والے یا عقبی شیشے کو کسی طور رنگین کرنے کی اجازت نہیں۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق جن گاڑیوں کے شیشے رنگین کرنے کی مشروط اجازت دی جاتی ہے وہ ایسی گاڑیاں ہوتی ہیں جن میں ڈرائیونگ کیبن ہوتا ہے اور ان کی عقبی نشستیں سواریوں کی منتقلی کے لیے مختص ہوتی ہیں۔

    لیموزین، عام ٹیکسی، یومیہ سواریاں لانے لے جانے والی گاڑیاں، ایک دروازے والی سپورٹس کار، سامان بردار گاڑیوں اور شہروں کے اندر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والی بسوں کو شیشے رنگین کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

    محکمہ ٹریفک نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ 6 خلاف ورزیوں سے انتہائی محتاط رہیں۔ ان میں سے بعض کے جرمانے 10 ہزار ریال تک ہیں۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق ریڈ سگنل توڑنے پر کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال ہے۔ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے لوگوں کی جان بھی ضائع ہوسکتی ہے لہٰذا اسے بھاری ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

    کسی اور کی گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے پر کم از کم جرمانہ 5 ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار ریال تک ہے۔ ایسی گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی۔

    ٹریفک قوانین کی 11 خلاف ورزیاں عوامی سلامتی کے لیے خطرناک ہیں۔ ان میں ٹائر اسکریچنگ، نشے یا خواب آور دوا لے کر گاڑی چلانا، ریڈ سگنل توڑنا اور مخالف سمت میں گاڑی چلانا شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں زگ زیگ ڈرائیونگ، مٹی ہوئی نمبر پلیٹ کے ساتھ ڈرائیونگ، موڑ اور ڈھلوان پر اوور ٹیک کرنا، بغیر بریک والی گاڑی چلانا، بغیر لائٹس والی گاڑی چلانا، فی گھنٹہ مقررہ رفتار یعنی 25 کلو میٹر سے زیادہ رفتار کے ساتھ گاڑی چلانا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال، اسٹاپ والے سگنل پر گاڑی وقفے کے بغیر چلاتے چلے جانا بھی ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

  • گزشتہ برس بھارت نے ایل او سی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی: وزارت خارجہ

    گزشتہ برس بھارت نے ایل او سی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی: وزارت خارجہ

    اسلام آباد: وزارت خارجہ حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے اجلاس میں اپنی بریفنگ میں بتایا کہ سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کا اجلاس چیئرمین ساجد میر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ حکام نے کمیٹی کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    اپنی بریفنگ میں وزارت خارجہ حکام نے بتایا کہ بھارتی خلاف ورزیوں اور نقصانات کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں، قیام پاکستان سے اب تک کے نقصانات کی رپورٹ کے لیے وقت درکار ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ چند سال سے خلاف ورزیاں بھارت کا معمول بن گئی ہیں، سنہ 2019 میں بھارت نے جنگ بندی کی 3 ہزار سے زائد بار خلاف ورزی کی۔ جارحیت پر بھارتی ہائی کمشنر کو بلا کر احتجاج کیا جاتا ہے۔

    وزارت خارجہ حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق تمام آپشنز پر غور کر رہا ہے۔ کشمیر کا معاملہ ٹھنڈا پڑ جانے کا تاثر درست نہیں۔

    سینیٹر صلاح الدین ترمذی نے دریافت کیا کہ مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ ملتان کےعلاوہ کن ممالک میں گئے؟ سابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیر خارجہ 5 اگست کے بعد 50 ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملے۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں 54 وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔

    ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا اب کشمیر کے معاملے پر آواز اٹھا رہا ہے۔ ان کیمرہ اجلاس میں کمیٹی کو زیادہ تفصیل سے آگاہ کر سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بہت سے ممالک مسئلہ کشمیر پر ہمارا ساتھ دینے کو تیار ہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل افسوسناک ہے، مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے۔

    انہوں نے آزاد کشمیر کے کیمپوں کی حالت زار پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے کیمپوں کے خود متعدد دورے کیے ہیں۔ وزارت خارجہ حکام کی جانب سے کہا گیا کہ کیمپوں میں سہولتیں بہتر بنانے کے منصوبے جاری ہیں۔