Tag: خلاف ورزی

  • جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر لاکھوں ریال کا جرمانہ

    جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کرنے پر لاکھوں ریال کا جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت ماحولیات نے حیوانات کے تحفط کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 29 افراد کو 17 لاکھ ریال کے جرمانے عائد کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت ماحولیات کا کہنا جانوروں کے ساتھ بدسلوکی اور ان کی صحت سے متعلق لاپروائی پر 29 افراد کو 17 لاکھ ریال کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

    وزارت ماحولیات کے مطابق جانوروں کی باقیات سے تیار کردہ مصنوعات کو انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ طریقے سے فروخت کرنا اور جانوروں کی صحت کے سرٹیفکیٹ کے بغیر انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا بھی خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتا ہے۔

    وزارت ماحولیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ 16 خلاف ورزیاں مکہ مکرمہ، ریاض میں 7، تبوک میں 2 اور عسیر، مدینہ منورہ، حائل اور جازان میں 1،1 خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔

    جانوروں کے نگران اور مالکان سے وزارت نے کہا کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔ وزارت نے عوام پر زور دیا کہ جانوروں پر ایسی کسی بھی زیادتی یا خلاف ورزی دیکھنے پر وزارت کو ٹال فری نمبروں پر اطلاع کریں۔

    وزارت ماحولیات نے جانوروں کے ساتھ ہونے والی زیادتی سے متعلق رپورٹ کرنے والوں کی تعریف کی۔

  • کرپشن اسکینڈل، کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف

    کرپشن اسکینڈل، کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف

    اوٹاوا:جسٹن ٹروڈو کرپشن سکینڈل میں کینیڈین وزیرِاعظم کا قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ٹروڈو کے خلاف مفادات کے ٹکراؤ کے قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے جس میں لگائے گئے الزامات کو انھوں نے تسلیم بھی کر لیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو کیا، ملکی مفاد میں کیا۔

    کینیڈین وزیر اعظم نے اس رپورٹ کے کچھ نتائج سے اختلاف کیا ہے، اب دیکھنا ہو گا کہ کیا یہ تنازعہ اکتوبر میں ہونے والے انتخابات پر اثر انداز ہو گا یا نہیں۔

    کینیڈا کے ضابطہ اخلاق سے متعلق کمشنر کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایس این سی-لاویلن کے معاملے میں مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

    ٹروڈو کی سابق پرنسپل سیکریٹری جیرلڈ بٹس کا کہنا ہے کہ اس مقدمے میں کسی قسم کا سیاسی دباؤ نہیں ڈالا گیا، صرف اس مقدمے سے ملکی معیشت کو ممکنہ طور پر پہنچنے والے نقصان سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اگست میں جاری ہونے والی ’فیڈرل اِیتھکس کمشنر‘ کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹروڈو نے مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔

    کمشنر ماریو ڈیون کا کہنا ہے کہ ٹروڈو نے براہِ راست اور اپنے سینیئر حکام کے ذریعے سابق اٹارنی جنرل کو دباؤ میں لانے کے لیے مختلف حربے آزمائے۔

  • نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے عید پرکشمیریوں کی مذہبی آزادی پر بھارتی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے انسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیر مقبوضہ وادی کشمیر پر قابض ظالم بھارتی افواج نے کشمیری عوام پر مذہبی اجتماع منعقد کرنے کی پابندی عائد کرکے ایک اور ستم ڈھا دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کے لاک ڈاؤن کی سخت مذمت کرتا ہے، بھارت فوج نے مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکا ہے، دنیا بھر میں مسلمان بڑے اجتماعات میں نماز عید ادا کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت نےانسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی کو جیل میں تبدیل کرکے مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکا گیا، مواصلات کے ذرائع بند کرکے کشمیریوں کو رشتہ داروں سے ملاقات سے بھی روکا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے اجتماعی سزا انسانی حقوق کے تمام قواعد کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی کمیونٹی جبر کے خلاف بھارت سے سوال کرے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف مذہبی جبر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • جوہری معاہدے سے امریکی انخلا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، ایران

    جوہری معاہدے سے امریکی انخلا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، ایران

    نیویارک : اقوام متحدہ میں تعینات ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ امریکا نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 اور دوسرے عالمی قوانین کو پاوں تلے روند دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ امریکہ نے جوہری معاہدے سے علیحدہ ہو کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 اور دوسرے عالمی قوانین کو پاوں تلے روند دیا ہے۔

    اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے امریکی اخبار میں اپنے ایک مضمون میں کہا کہ جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے کے باوجود ایران یورپی ممالک کی درخواست پر اس معاہدے سے علیحدہ نہیں ہوا اور یورپی ممالک کو ایران نے کافی وقت دیا کہ وہ امریکہ کے یکطرفہ طور پر علیحدہ ہونے اور وعدہ خلافی کا ازالہ کرے۔

    مجید تخت روانچی نے کہا کہ یورپی ممالک کو چاہئیے کہ وہ اپنے وعدوں پر قائم رہتے ہوئے ان پر عمل کریں اور ایران کے نقصانات کا ازالہ کرے لیکن ابھی تک انہوں نے ایران کے اقتصادی نقصانات کے ازالے کیلئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا اور اسی وجہ سے ایران کے پاس سوائے اس کے کہ اپنے بعض وعدوں پرعمل نہ کرے اور کوئی راستہ نہیں ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکہ کے سات مذاکرات کی رکاوٹوں کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے بیانات نے ثابت کردیا کہ وہ ایران پر من گھڑت اور بے جا الزامات عائد کر رہا ہے۔

  • ایران کی طرف سے عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری

    ایران کی طرف سے عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری

    تہران : ایران نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پر عملدرآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کی طرف سے مالیاتی امور میں شفافیت سے متعلق عالمی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستورجاری ہے، جس نے ایران کے لیے یورپی میکنزم پرعمل درآمد کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایرانیوں کا اس بات پراصرار ہے کہ عالمی مالیاتی امور میں شفافیت کے قوانین پرعمل درآمد کا یورپ اور ایران کے درمیان تجارتی روابط یا سہولیات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

    عرب ٹی وی کے مطابق برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے نے تہران پر امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے اینسٹکس کے نام سے ایک نیا پروگرام پیش کیا تھا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں یورپی ممالک نے مالیاتی امور کی شفافیت کے لیے ایران سے بعض مطالبات بھی پیش کیے تھے۔

    اسی دوران ایران نے اسپیشل ٹریڈ اینڈ فینسانسنگ ٹول یا ایس ٹی ایف آئی کے عنوان سے نیا تجارتی چینل قائم کیا مگر دو سال گذر جانے کے باوجود ایران کے شدت پسند قانون ساز ایرانی مالیاتی نظام کی شفافیت کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں رکاوٹیںکھڑی کررہے ہیں۔

    بین الاقوامی مالیاتی نگرانی کے ذمہ دار ادارے ایس ٹی ایف آئی کے مطابق ایرانی حکومت مالیاتی امور میں شفافیت لانے سے فرار اختیار کررہی ہے۔ اس طرح ایران میں منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے خدشات بڑھ ہے ہیں۔

    عالمی مالیاتی شفافیت کے لیے کام کرنے والی اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے مالی امورمیں شفافیت کی شرائط پوری نہ کیں تو منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام مشکل ہوجائے گی۔

  • ضمانت کی خلاف ورزی پر جولین اسانج کو 50 ہفتے قید کی سزا

    ضمانت کی خلاف ورزی پر جولین اسانج کو 50 ہفتے قید کی سزا

    لندن : برطانوی عدالت نے وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کو ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کرنے پر 50 ہفتے قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں واقع ایکواڈور کے سفارت خانے میں میٹروپولیٹن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وکی لیکس کے شریک بانی جولین اسانج کو گزشتہ ماہ خواتین سے زیادتی سمیت کئی الزامات میں گرفتار کیا تھا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا تھا کہ 47 سالہ جولین اسانج پر ضمانت کی شرائط کی خلاف کا الزام ثابت ہونے کے بعد قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

    عدالت میں وکی لیکس کے شریک بانی نے ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس وقت کو ٹھیک لگا میں نے کیا یا شاید جو اس وقت کرسکتا تھا وہ کیا‘۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جولین اسانج نے سنہ 2012 میں سوئیڈن میں جنسی زیادتی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے لندن ایمبیسی میں پناہ لی تھی۔

    مزید پڑھیں : امریکن نیشنل سیکورٹی ایجنسی پاکستان کے موبائل ہیک کرتی تھیں، وکی لیکس کا انکشاف

    خیال رہے کہ اپریل 2017 میں وکی لیکس نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی سیکورٹی ایجنسی نے پاکستان کے موبائل سسٹم کی ہیکنگ کی، ہیکنگ کے لئے مختلف سائبر ویپنز استعمال کئے تھے۔

    امریکی ایجنسی این ایس اے کئی عالمی رہنماؤں کی جاسوسی کے لئے وائر ٹیپنگ اور دیگر سائبر ہتھیار استعمال کرتی رہی ہے جبکہ وکی لیکس نے سیکڑوں مختلف نوعیت کے سائبر ہتھیاروں کا بھی انکشاف کیا ہے ، اُن میں پاکستانی موبائل سسٹم کی ہیکنگ کے لئے این ایس اے کی کوڈ پوائنٹنگ بھی شامل ہے ۔

    اس سے ایک ماہ قبل بھی وکی لیکس کی نئی دستاویزات سامنے آئی تھیں ، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے واٹس ایپ اور اسمارٹ فون کا ڈیٹا حاصل کررہی ہے اور میسجنگ ایپ پر نظر رکھ رہی ہے جبکہ دیگر ممالک کی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر عوام کے ٹی وی اور دیگر مواصلاتی نظام کا ڈیٹا بھی حاصل کررہی ہے۔

  • دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    دوران ڈرائیونگ اسلامی حجاب کی خلاف ورزی، سینکڑوں خواتین کو نوٹس جاری

    تہران : ایران میں پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران حجاب اتارنے اور اسلامی لباس کی خلاف ورزی کے الزام میں سیکڑوں خواتین کو جواب دہی کے لیے پولیس تھانوں میں پیش ہونے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ ایام کے دوران سینکڑوں ایرانی خواتین کو موبائل فون پر پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران اور پبلک مقامات پر حجاب اتارنے کے حوالے پولیس مراکز میں پہنچ کر جواب دہی کریں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض خواتین کو صرف انتباہی پیغامات موصول ہوئے جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ پولیس مراکز سے رجوع کریں۔ جب پولیس مراکز سے رجوع کیا گیا تو انہیں وہاں پر اسلامی لباس اور حجاب سے متعلق سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

    پولیس حکام ان سے بار بار اسلامی لباس اور حجاب کے بارے میں سخت اور تلخ سوالات کرتے رہے، بہت سی خواتین سے تحریری معاہدہ کرایا گیا کہ وہ آئندہ حجاب کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    تہران کے پولیس چیف بریگیڈیئر حسین رحیمی کا کہنا تھا کہ حراستی مراکز میں طلب کی گئی خواتین میں سے بیشتر کو رہا کر دیا گیا ہے، ان سے عہد لیا گیا ہے کہ وہ آئندہ اسلامی طرز لباس کی خلاف ورزی نہیں کریں گی۔

    ایرانی پولیس کا بے حجاب خواتین کی گاڑیاں ضبط کرنے کا اعلان

    یاد رہے کہ اس سے قبل ایرانی پولیس کی جانب سے حجاب ٹھیک نہ ہونے یا اسلامی لباس کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی گاڑیاں ضبط کی گئ تھیں۔

    واضح رہے کہ ایران میں1979کے اسلامی انقلاب کے بعد خواتین کے لئے حجاب پہنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

    گزشتہ کچھ سالوں سے اس قانون پر پابندی میں نرمی برتی جانے لگی تھی اور کئی خواتین تہران کی سڑکوں پر بغیر مکمل اسلامی لباس کے نظر آنے لگیں تھیں۔

  • بھارت کے سر سے جنگی جنون نہ اترا، لائن آف کنٹرول پر پھر گولہ باری

    بھارت کے سر سے جنگی جنون نہ اترا، لائن آف کنٹرول پر پھر گولہ باری

    مظفر آباد: بھارت اپنے جنگی جنون سے باز نہ آیا، میرپور آزاد کشمیر کے سماہنی سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے گولہ باری کی گئی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاک فوج کے ہاتھوں منہ کی کھانے کے باوجود بھارت کے سر پر جنگی جنون سوار ہے۔ بھارت نے آج پھر میر پور آزاد کشمیر کے سماہنی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال گولہ باری کی۔

    پاک فوج نے دشمن کے بزدلانہ وار پر منہ توڑ جوابی کارروائی کی جس کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہو کر دبک گئیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اس سے ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے 27 فروری کو لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔

  • دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے: صدر مملکت

    دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے: صدر مملکت

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، ہماری افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف کیسے لڑنا ہے ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں، مسلح افواج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، ہماری افواج دہشت گردی سے نمٹنے میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں، دہشت گردی کے خلاف کیسے لڑنا ہے ہم دنیا کو سکھا سکتے ہیں۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کسی کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیئے کہ ہمیں نقصان پہنچا سکتا ہے، پاک فوج اس ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ کسی کے خلاف منفی عزائم نہیں رکھتے مگر اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

    یاد رہے کہ بھارتی ایئر فورس کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی، پاک فضائیہ کے بروقت ردعمل کے بعد بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی طیاروں نے مظفر آباد سیکٹر سے دراندازی کی کوشش کی اور مظفر آباد سیکٹر میں 3 سے 4 میل اندر آئے، بھارتی طیاروں نے جلد بازی میں اپنا پے لوڈ کھلے علاقے میں گرایا، تاہم پے لوڈ گرنے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

    آئی ایس پی آر نے بھارتی طیاروں کی جانب سے جلد بازی میں پھینکے گئے پے لوڈ کی تصاویر بھی جاری کردی ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پالیسی بیان میں کہا کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان مناسب جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول کی حالیہ صورتحال پر اجلاس بلایا ہے۔

  • اقوام متحدہ کے مبصرین پر حملہ امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے، خالد بن سلمان

    اقوام متحدہ کے مبصرین پر حملہ امن معاہدے کی خلاف ورزی ہے، خالد بن سلمان

    واشنگٹن : سعودی سفیر خالد بن سلمان نے اقوام متحدہ کے مبصرین پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی اسٹاک ہوم معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں تعینات سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ یمن میں اقوام متحدہ مبصرین پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کیا کہ یمن میں برسرپیکار حوثیوں کی جانب سے بین الااقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی اور یمنی عوام کے خلاف جارحیت کا سلسل معاہدے کے بعد بھی جاری ہے۔

    خالد بن سلمان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیاء نے سویڈن کے شہر اسٹاک میں اقوام متحدہ کی سربراہی میں یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو ایک مرتبہ پھر پامال کردیا۔

    سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ نے امن معاہدے کی نگرانی کے لیے جنرل پیٹرک کمائرٹ کی سربراہی میں 75 عالمی مبصرین کو سلامتی کی منظوری پر یمن بھیجا تھا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عالمی مبصرین کو یمن کے ساحلی علاقے حدیدہ کے مشرقی حصّے میں اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ یمن کے حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہورہے تھے۔

    دوسری جانب یمنی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل پیٹرک اور ان کے قافلے پر حوثیوں کی فائرنگ تشویش ناک عمل ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حوثیوں کے انتہائی خطرناک حملے کے باوجود جنرل پیٹرک اور دیگر مبصرین بلکل محفوظ ہیں۔

    مزید پڑھیں : یمن میں جنگ بندی، حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپیں ختم

    خیال رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں یورپی ملک سویڈن میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے امن مذاکرات میں دونوں فریقن کے درمیان حدیدہ شہر میں جنگ بندی سمیت کئی نکات پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد یمن میں گذشتہ کئی برسوں سے جاری جنگ کے ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان سنہ 2016 کے بعد سے یہ پہلے امن مذاکرات ہیں جس کے بعد تین نکات پر اتفاق رائے کیا گیا ہے اگر کسی بھی فریق کی جانب سے کوتاہی یا لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا تو امن مذاکرات تعطلی کا شکار ہوسکتے ہیں۔