Tag: خلا نورد

  • چاند پر قدم رکھنے والے پہلے انسان نیل آرمسٹرانگ کی زندگی کے چند اوراق

    چاند پر قدم رکھنے والے پہلے انسان نیل آرمسٹرانگ کی زندگی کے چند اوراق

    نیل آرمسٹرانگ کا نام 20 جولائی سن 1969ء کو ہمیشہ کے لیے زمین کی تاریخ میں محفوظ کر لیا گیا تھا اور مستقبل میں اگر انسان چاند پر آباد ہوا تو وہاں بھی تاریخ کے اوّلین اوراق پر اسی خلا نورد کا نام جگمگا رہا ہو گا۔

    نظامِ شمسی کے سیّارے زمین کے گرد گھومنے والے چاند کی سطح پر پہلا انسانی قدم نیل آرمسٹرانگ کا تھا۔

    یہ امریکی خلا نورد 2012ء میں آج ہی کے دن دنیا سے رخصت ہو گیا تھا۔

    امریکی خلائی مشن اپالو گیارہ کے کمانڈر کے طور پر خلا میں ان کا سفر اور چاند پر اترنا زمین کی تاریخ کے عظیم الشّان واقعات میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر آرمسٹرانگ نے تاریخی جملہ ادا کیا تھا کہ یہ انسان کا چھوٹا سا قدم ہے، لیکن حقیقت میں انسانیت کی ایک بہت بڑی جَست ہے۔

    نیل آرمسٹرانگ نے دل کی بیماری کے سبب 82 برس کی عمر میں دنیا کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہا تھا۔ وہ 1930ء میں امریکا میں‌ اوہائیو کے ایک قصبے میں پیدا ہوئے تھے۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ انجینئر کے طور پر کام کرنے لگے اور امریکی بحریہ کے پائلٹ بھی رہے اور تعلیم اور تدریس کے فرائض بھی انجام دیے۔ بعد میں‌ امریکا کے خلائی مشن کا حصّہ بنے۔

    چاند پر نیل آرمسٹرانگ اور ان کے ساتھی خلا نورد ایڈوِن ایلڈرن تقریباً تین گھنٹے چہل قدمی کے بعد کام یابی سے زمین پر لوٹ آئے تھے۔

    نیل آرمسٹرانگ کی زندگی کا آخری خلائی مشن اپالو گیارہ تھا اور اس کے بعد ان کو ناسا کے ایڈوانس ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعینات کر دیا گیا تھا اور انھیں دفتری امور تفویض کر دیے گئے۔ اسی عہدے کے ساتھ، ان کو ناسا کا ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا گیا تھا۔ اس تعیناتی کے ایک سال کے بعد ہی انھوں نے یہ عہدہ چھوڑ دیا اور سنسناٹی یونیورسٹی میں پروفیسر برائے انجینئرنگ کے طور پر خدمات انجام دینے لگے۔

    انھیں امریکا میں قومی سطح کے اعزازات اور دنیا بھر میں مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔ آرمسٹرانگ سنسناٹی میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مقیم تھے اور یہیں وفات پائی۔

  • 4 سالہ بیٹے کو چھوڑ کر جانے والی خلا نورد ماں

    4 سالہ بیٹے کو چھوڑ کر جانے والی خلا نورد ماں

    واشنگٹن: ناسا کی ایک خلا نورد ماں کی اپنے بیٹے کے ساتھ کھینچی جانے والی خوبصورت تصاویر کو دنیا بھر میں بے حد سراہا جارہا ہے۔

    این مک کلین نامی یہ خلا نورد جو ایک ایرو اسپیس انجینیئر بھی ہیں، ایک خلائی مشن کے ساتھ عالمی خلائی اسٹیشن پر جارہی ہیں۔

    روایت کے مطابق مشن شروع ہونے سے قبل خلائی لباس میں فوٹو سیشن کے لیے انہوں نے اپنے بیٹے کو بھی ساتھ رکھا۔ ماں اور بیٹے کی ان خوبصورت تصاویر کو بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    خلا نورد کا 4 سالہ بیٹا اپنے ساتھ گود میں اپنے کھلونے کو لیے بیٹھا ہے۔

    این کا کہنا ہے کہ مشن پر جاتے ہوئے اپنے 4 سالہ بیٹے کو چھوڑ کر جانا ان کے لیے ایک تکلیف دہ مرحلہ ہے، وہ بھی ایک ایسے سفر پر جانا جہاں سے ہوسکتا ہے ان کی واپسی نہ ہو، لیکن یہ ان کے بیٹے کی تربیت میں بھی معاون ثابت ہوگا اور وہ زندگی کی معنویت کو سمجھے گا۔

    وہ کہتی ہیں، ’میرے پاس دو راستے تھے، ایک یہ کہ میں بہت آرام دہ اور نارمل زندگی گزاروں، اور دوسرا یہ کہ ایک غیر معمولی زندگی گزاروں جو نہ صرف مجھ پر زندگی کے نئے دریچے وا کرے گی بلکہ دوسروں کے لیے بھی رہنما ثابت ہوگی۔ میں نے دوسرے راستے کا انتخاب کیا‘۔

    این کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا ان کے بغیر بہت تنہائی محسوس کرتا ہے، لیکن جب وہ بڑا ہوگا تو اسے اندازہ ہوگا کہ ضروری نہیں ہر شخص کو ایک جیسی زندگی ملے۔ ’بڑے مقصد کے لیے چھوٹی چھوٹی چیزوں کی قربانی دینی پڑتی ہے‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔