Tag: خنجراب

  • قوم کو مسٹر اینڈ مسز صہیب کی تلاش

    قوم کو مسٹر اینڈ مسز صہیب کی تلاش

    گلگت بلتستان سے متصل علاقے خنجراب میں ایک پل کی دیوار پر کی گئی چاکنگ نے لوگوں میں غصہ بھر دیا، لوگوں نے مذکورہ شخص کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق 2 اگست کو ایک سیاحتی فیس بک پیج پر ایک تصویر لگائی گئی جس میں ایک پل پر سفید رنگ سے انگریزی میں لکھا تھا، مسٹر اینڈ مسز صہیب ور ہیئر یعنی مسٹر اینڈ مسز صہیب یہاں موجود تھے۔

    فیس بک پیج نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ مسٹر اینڈ مسز صہیب سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ وہ اس جگہ دوبارہ تب تک نہ جائیں جب تک وہ تمیز نہیں سیکھ لیتے۔

    یہ تصویر گلگت بلتستان سے متصل علاقے خنجراب میں لی گئی تھی اور یہ پوسٹ فیس بک پر تقریباً 23 ہزار سے زائد مرتبہ شیئر ہوچکی ہے۔

    اب یہ تصویر فیس بک سے نکل کر ٹویٹر پر بھی جا پہنچی ہے اور لوگ یہ سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر یہ مسٹر اینڈ مسز صہیب ہیں کون؟

    ایک صارف نے ٹویٹر پر لکھا کہ قوم کو پتہ لگانا چاہیئے کہ یہ مسٹر اینڈ مسز صہیب کون ہیں؟

    وزیر اعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھی اس بحث میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ مسٹر اینڈ مسز صہیب یہاں دوبارہ نہیں آئیں گے۔ اس کی ہمیں ضرورت نہیں ہے۔

    یہ تصویر پرانی ہے اور سنہ 2017 میں بھی سوشل میڈیا پر شیئر ہوتی رہی ہے۔ 31 اکتوبر 2017 میں ایک صارف نے یہ تصویر ٹویٹر پر شیئر کی تھی جس کے ساتھ انہوں نے لکھا تھا کہ کیا آپ مسٹر اینڈ مسز صہیب کو کوئی پیغام دینا چاہیں گے؟

    ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ حکومت کو مسٹر اینڈ مسز صہیب پر بھاری جرمانہ عائد کرنا چاہیئے تاکہ ایسا روشن آئیڈیا ان کے دماغ میں پھر نہ آئے۔

  • بیٹی کے ساتھ بائیک پر کراچی سے خنجراب تک سفر کرنے والا باپ

    بیٹی کے ساتھ بائیک پر کراچی سے خنجراب تک سفر کرنے والا باپ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے رہائشی قاضی فاروقی نے اپنی بیٹی کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور کر کے منفرد مثال قائم کردی، ان کی بیٹی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ایسے والد اپنی بیٹی کے ساتھ شریک ہوئے جنہوں نے بیٹی کے ساتھ بائیک پر پورے پاکستان کا سفر کیا۔

    قاضی فاروقی بتاتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور پر نکلے تھے اور جب واپس آئے تو ان کی بیٹی بھی ساتھ چلنے کی ضد کرنے لگیں۔

    انہوں نے ایک لمحے کے لیے بھی کسی قسم کی تفریق نہیں برتی اور اگلے سال بیٹی کو بائیک پر لے کر پاکستان ٹور پر نکل کھڑے ہوئے۔

    قاضی فاروقی کی بیٹی غزل فاروقی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں اور یونیورسٹی کے 4 سال انہوں نے بائیک پر سفر کر کے گزارے، انہوں نے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

    والد کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور ان کی زندگی کے یادگار لمحات تھے۔ وہ بتاتی ہیں کہ وہ گھر سے سوچ کر نکلی تھیں کہ انہیں باتھ روم وغیرہ کی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے تاہم راستے میں انہیں پیٹرول پمپس پر صاف ستھرے باتھ رومز ملے جس سے ان کی مشکلات کافی کم ہوئیں۔

    دونوں باپ بیٹی نے کراچی سے لے کر خنجراب پاس تک سفر کیا جس میں انہیں 11 دن لگے۔

    قاضی فاروقی اگلے سال اپنی بیگم کو اسی طرح پاکستان ٹور پر لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے اور دونوں میں انہوں نے کبھی تفریق نہیں کی۔

  • خنجراب کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بحال

    خنجراب کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت بحال

    اسلام آباد: مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت خنجراب کے راستے عارضی طور پر بحال ہوگئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرونا وائرس کی وجہ سے معطل ہوگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین میں خنجراب کے راستے سے تجارت بحال ہوگئی ہے، خنجراب کے راستے تجارت کی بحالی عارضی ہے۔

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ تاجر برادری خصوصاً گلگت بلتستان کے تاجر طویل عرصے سے تجارت کی بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے، جس میں کرونا وبا کے باعث تعطل پیدا ہوگیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تجارت کی بحالی وزارت تجارت کی انتھک کوششوں کا تنیجہ ہے جنہوں نے چینی حکام اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ کام کیا۔

    خیال رہے کہ پاکستان کو کچھ عرصہ قبل چینی بینکوں سے 1.3 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے، رقم ترقیاتی فنڈ، کرونا وائرس سے نمٹنے اور غیر ملکی ادائیگیوں کے لیے ملی تھی۔

    اسٹیٹ بینک کو 23 جون سے 30 جون تک 23 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔