Tag: خواتین پر تشدد

  • عدالت نے سندھ حکومت کو خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام قرار دے دیا

    عدالت نے سندھ حکومت کو خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام قرار دے دیا

    کراچی: خواتین پر گھریلو تشدد کے خلاف درخواستیں پر سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں خواتین پر گھریلو تشدد کے سلسلے میں دائر درخواستوں کی سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ جاری کیا، عدالت نے تشدد روکنے کے قانون پر عمل درآمد میں سندھ حکومت کو ناکام قرار دیا۔

    عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم جاری کیا کہ گھریلو تشدد کی شکار خواتین کے لیے ضلعی سطح پر خصوصی ٹاسک فورس بنائی جائے۔

    عدالت نے گھریلو تشدد کی شکار خواتین کو بھی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی، جسٹس صلاح الدین پنہور نے مجسٹریٹس کو حکم دیا کہ وہ خواتین کی شکاتیوں کا فوری ازالہ کریں۔

    یہ بھی پڑھیں:  خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موبائل ایپلیکیشن متعارف

    سندھ حکومت کو حکم دیتے ہوئے عدالت نے کہا کہ خواتین پر تشدد روکنے کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، جسٹس صلاح الدین پنہور نے متعلقہ ڈی آئی جیز کو بھی ہدایت کی کہ اس سلسلے میں خواتین کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔

    دریں اثنا، عدالت نے یتیم خانوں اور شیلٹر ہومز کی تفصیلات بھی طلب کر لیں، جسٹس صلاح الدین نے حکومت کو ہدایت کی کہ یتیم خانوں اور شیلٹر ہومز کو مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں۔

  • لاہور میں چوری کے الزام میں دو خواتین پر وحشیانہ تشدد، ملزمان گرفتار

    لاہور میں چوری کے الزام میں دو خواتین پر وحشیانہ تشدد، ملزمان گرفتار

    لاہور: شہرِ لاہور کے نواحی علاقے جلو موڑ میں کپڑے کی دکان سے چوری کے الزام میں پکڑی گئی 2 خواتین کو دکان داروں نے ڈنڈوں، لاتوں، مکوں اور تھپڑوں کی بارش کر کے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں کپڑوں کی ایک دکان پر دو خواتین پر بد ترین تشدد کرنے والے دونوں ملزمان عدنان اور اعجاز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس ان سے تفتیش کر رہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو خواتین کو دکان داروں نے بٹھا رکھا ہے اور انھیں ڈنڈے، لاتوں اور تپھڑوں سے پیٹا جا رہا ہے، خواتین کا دوپٹا بھی کھینچا گیا، چہرے پر بھی تھپڑ مارے گئے جب کہ غلیظ گالیاں بھی دی گئیں۔

    ویڈیو میں تشدد کرتے نظر آنے والوں میں ایک کبڈی فیڈریشن کا اعجاز مناواں بھی شامل ہے، جسے وزیر، اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:   جیل میں قید خواتین اپنا جرم بے گناہی ثابت ہونے کی منتظر


    خیال رہے کہ ظالمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی وزیرِ اعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا تھا۔

    واقعے میں ملوث ملزمان کو پولیس گرفتار کر کے مقدمہ درج کر چکی ہے، ڈی آٸی جی انویسٹی گیشن نے ملزمان کی تفتیش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ دکان داروں کا کہنا تھا کہ مذکورہ خواتین نے مختلف دکانوں سے مبینہ طور پر 10 سے 12 ہزار مالیت کے لیڈیز ریڈی میڈ کپڑے چرائے ہیں۔

  • خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موبائل ایپلیکیشن متعارف

    خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کیلئے موبائل ایپلیکیشن متعارف

    پشاور: عورتوں کا عالمی دن پر آسٹریلوی حکومت کیے تعاون سے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا میں موبائل ایپلیکیشن متعارف کروا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عورتوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمیشنر برک بیٹلی نے آسٹریلوی حکومت کی مدد سے خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے ایک موبائل ایپلیکیشن متعارف کروائی۔

    موبائل ایپلیکیشن کا استعمال انٹرنیٹ کے ساتھ اور بغیر دونوں طریقے سے کیا جاسکتا ہے۔

    آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمشنر برک بیٹلی نے بتایا کہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے خواتین آسانی سے عورتوں کے صوبائی کمیشن سے رابطہ کر سکیں گی۔

    برک بیٹلی نے کہا کہ ” خواتین پر تشدد کا خاتمہ آسٹریلوی حکومت کی خارجہ پالیسی اور امدادی پروگرام کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اْمید کرتے ہیں کہ یہ موبائل ایپلیکیشن صوبہ خیبر پختونخوا میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گی اور جس سے خواتین کی حفاظت اور فلاح میں بہتری آئے گی۔

    آسٹریلین ڈپٹی ہائی کمشنر نے صوبہ خیبر پختونخوا کی 14 خواتین کو صحت، تعلیم، انصاف تک رسائی اور سائنس کے میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر ایوارڈ بھی تقسیم کیئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی: مینار پاکستان نارنجی رنگ سے روشن

    خواتین پر تشدد کے خلاف آگاہی: مینار پاکستان نارنجی رنگ سے روشن

    لاہور: خواتین پر تشدد اور صنفی امتیاز کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لیے مینار پاکستان نارنجی رنگ سے نہلا دیا گیا۔ یہ رنگ خواتین کے حقوق کی طرف توجہ دلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا بھر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے آگاہی دینے کی سولہ روزہ مہم ’اورنج دا ورلڈ‘ جاری ہے۔ یہ رنگ خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کو ظاہر کرنے کے لیے علامتی طور پر پیش کیا جاتا ہے۔

    اس مہم کا آغاز گزشتہ ماہ 25 نومبر کو (خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن) سے ہوگیا۔ اس سلسلے میں دنیا بھر میں مختلف افراد اور اداروں نے یہ رنگ پہن کر اور مختلف عمارتوں کو اس رنگ میں رنگ کر خواتین پر تشدد کے خلاف آواز اٹھائی گئی۔

    لاہور میں بھی اس سلسلے میں ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے اختتام پر مینار پاکستان کو نارنجی روشنیوں سے روشن کردیا گیا۔

    minar-4

    minar-3

    minar-2

    اس موقع پر پنجاب کی وزیر برائے بہبود خواتین حمیدہ وحید الدین نے بھی شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت خواتین پر تشدد کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی محکمہ برائے بہبود خواتین نے ’ہر ٹاک 2016‘ کے نام سے ایک مہم کا آغاز بھی کیا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں صنفی تفریق خواتین کے طبی مسائل کی بڑی وجہ 

    صوبائی وزیر کے مطابق اس مہم میں اقوام متحدہ کا اداہ برائے خواتین یو این وومین بھی ان کے ہم قدم ہے۔

    واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی رواں برس خواتین کو گھریلو تشدد سے بچانے کے لیے بل بھی منظور کر چکی ہے جس میں خواتین پر تشدد کرنے والے افراد کے لیے سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔

    رواں سال اکتوبر میں قومی اسمبلی میں بھی غیرت کے نام پر خواتین کے قتل اور انسداد عصمت دری کے خلاف بل منظور کرلیا گیا ہے جس کے تحت ان جرائم میں ملوث افراد کے لیے سخت سزائیں طے کرلی گئی ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 3 میں سے ایک عورت کو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی قسم کے جسمانی، جنسی یا ذہنی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو صرف صنف کی بنیاد پر اس سے روا رکھا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ہمت ہے تو آگے بڑھو، میں ناقابل شکست ہوں

    اقوام متحدہ کے مطابق خواتین پر تشدد ان میں جسمانی، دماغی اور نفسیاتی بیماریوں کا سبب بنتا ہے جبکہ ان میں ایڈز کا شکار ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ اس ضمن میں سب سے زیادہ خطرے کی زد میں وہ خواتین ہیں جو تنازعوں اور جنگ زدہ ممالک میں رہائش پذیر ہیں۔