Tag: خواتین کا عالمی دن

  • خواتین کا عالمی دن: گوگل کا منفرد ڈوڈل سے خراجِ تحسین

    خواتین کا عالمی دن: گوگل کا منفرد ڈوڈل سے خراجِ تحسین

    خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سرچ انجن گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتین کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی یوم خواتین بین الاقوامی طور پر8 مارچ کو منایا جاتا ہے، اس کا مقصد معاشرے کو خواتین کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور لوگوں میں خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کے لیے ترغیب دینا ہے۔

    دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے ، اس دن کے حوالے سے گوگل نے منفرد ڈوڈل کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں فعال خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    گوگل کی جانب سے آٹھ مارچ کو منفرد ڈوڈل پیش کرکے خواتین کی صلاحیتوں کااعتراف کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے جس دن روس میں خواتین کی ہڑتال شروع ہوئی تھی وہ جولیئن کیلنڈر میں 23 فروری تھی، جو موجودہ کیلنڈر میں 8 مارچ ہے اور اسی لیے یہ اس تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کے لیے ماہ مارچ کے آغاز سے ہی تقریبات کا آغاز کردیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ گوگل کا دنیا بھر میں ہونے والے اہم واقعات، تعطیلات اور اہم شخصیات کو یاد کرتے ہوئے ان کے اعزاز میں ڈوڈل پوسٹ کرنے ایک منفرد انداز ہے جس کے تحت گوگل اپنے ہوم پیج پر ایک مخصوص لوگو کے ذریعہ تہنیتی پیغام دیتا ہے۔

  • خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کراچی کے اسکول میں’’سائنسی نمائش‘‘ کا انعقاد

    خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کراچی کے اسکول میں’’سائنسی نمائش‘‘ کا انعقاد

    خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کراچی کے مشہور نجی تعلیمی ادارے میں ’’سائنسی نمائش‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔

    شہر کے مشہور نجی تعلیمی ادارے سینٹ لارنسزز کونونٹ گرلز اسکول میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ’’سائنسی نمائش‘‘ کا انعقاد 8 اور 9 مارچ کو کیا گیا، جس میں ادارے کی طالبات نے مختلف موضوعات پر سائنسی پراجیکٹ بناکر پیش کیں۔

    ان پراجیکٹس میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تبدیلیوں کواُجاگر کرنے کی کوشش کی گئی جس نے موجودہ زمانے میں انقلاب برپا کیا ہوا ہے۔

    سائنسی نماش کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز ’’رافعہ ملاح‘‘ نے نمائش کا افتتاح کیا۔ دیگراسکولوں کی منتظمین اعلیٰ کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

    مہمانِ خصوصی نے اسکول کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ان کی سائنس میں دلچسپی کے ساتھ ساتھ ان کے کام اور صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے انھیں علم حاصل کرنے اور ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

    انھوں نے طالبات کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انھیں اس بات پر عمل پیرا رہنے کی ہدایت دی کہ آپ نے اسکول میں جو کچھ سیکھا ہے اس کو عملی جامہ پہنانا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔

    آپ کے اساتذہ پر آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ کا مستقبل ان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے جو ہمہ وقت آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

    آخر میں اسکول کی پرنسپل ’’سسٹر کیتھرین گل‘‘ نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اوراپنے اسکول کے اساتذہ اور طالبات کی تعریف کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔

    انھوں نے اس بات کا عزم کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ہم نوجوان نسل کی تعمیر و ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے اور طالبات کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے ان کی فنی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے رہیں گے۔

    انھوں نے یہ عزم بھی ظاہر کیا وہ کہ ملک کی ترقی اور امن و سلامتی میں اپنا حصہّ ڈالتے رہیں گے اور آج کی عورت کو باشعور بناتے رہیں گے۔

  • خواتین کے عالمی دن پر 3 روزہ تقریبات کا اہتمام

    خواتین کے عالمی دن پر 3 روزہ تقریبات کا اہتمام

    لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے 3 دن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، پیپلز پارٹی کا لکی ایرانی سرکس ہے جو شہر شہر پھر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے 3 دن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ہماری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھیں گی۔

    حسان خاور کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے لیے اقدامات سے عوام کو ریلیف ملا ہے، پیپلز پارٹی کا لکی ایرانی سرکس ہے جو شہر شہر پھر رہا ہے، پیپلز پارٹی والوں کی پنجاب میں ضمانتیں ضبط ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لانگ مارچ کو ہر طرح کی سہولت دی ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ کس طرح شہباز شریف کی کیسز سے جان چھڑائی جائے۔ اپوزیشن ہیلتھ کارڈ کو کسی طرح ناکام کرنا چاہتی ہے۔

    حسان خاور کا مزید کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آئی ندیم افضل چن نے پیپلز پارٹی میں کیوں دوبارہ شمولیت اختیار کی، ندیم افضل چن کو پیپلز پارٹی سے ایک دو ووٹ بھی نہیں ملیں گے، ایک دو لوگوں کے آنے جانے سے پارٹی کو فرق نہیں پڑتا۔

  • ‘مقبوضہ کشمیر میں ایک عورت ہونا سب سے بڑا جہاد ہے’

    ‘مقبوضہ کشمیر میں ایک عورت ہونا سب سے بڑا جہاد ہے’

    اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا مقبوضہ کشمیر میں ایک عورت ہونا سب سے بڑا جہاد ہے اور سوال کیا مقبوضہ کشمیرکی عورت، کیاعورت نہیں؟

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرکی خواتین کے حقوق سےمتعلق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، خواتین نے مختلف شعبوں میں اپنا مقام حاصل کیا اور ہر سوسائٹی میں خواتین نے ترقی کی اور اپنا لوہا منوایا۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر کی عورت حالت زار کو بھی دیکھے، مقبوضہ کشمیر میں ایک عورت ہونا سب سے بڑا جہاد ہے، جوان بیٹوں کی مائیں صرف شہید کی مائیں کہلواتی ہے، یہی ان کو حق دیا گیا ہے۔

    حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا وہ مائیں جن کے بیٹوں کو غائب کردیا جاتا ہے، مقبوضہ کشمیر کی عورت کوسدا سہاگن کاکوئی حق نہیں ہے، بھارتی فوج عورت ریپ کو جنگی حربے کے طورپراستعمال کررہی ہے۔

    مشعال ملک نے اقوام عالم کی عورت سےسوال کیا مقبوضہ کشمیرکی عورت،کیاعورت نہیں؟ کشمیریوں کو انسان ہونے کا حق نہیں دیا جارہا،عورت حقوق تو دور کی بات۔

    خیال رہے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں سراہنا ہے۔

  • خواتین کے عالمی دن کی تاریخ کیا ہے؟

    خواتین کے عالمی دن کی تاریخ کیا ہے؟

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اس دن کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں سراہنا ہے۔

    اس دن کا آغاز آج سے 103 سال قبل سنہ 1908 میں ہوا جب نیویارک کی سڑکوں پر 15 سو خواتین مختصر اوقات کار، بہتر اجرت اور ووٹنگ کے حق کے مطالبات منوانے کے لیے مارچ کرنے نکلیں۔

    ان کے خلاف نہ صرف گھڑ سوار دستوں نے کارروائی کی بلکہ ان پر تشدد بھی کیا گیا اور ان میں سے بہت سی خواتین کو گرفتار کیا گیا۔

    سنہ 1909 میں سوشلسٹ پارٹی آف امریکا نے خواتین کا دن منانے کی قرارداد منظور کی اور پہلی بار اسی سال 28 فروری کو امریکا بھر میں خواتین کا دن منایا گیا اور اس کے بعد سنہ 1913 تک ہر سال فروری کے آخری اتوار کو یہ دن منایا جاتا رہا۔

    سنہ 1910 میں کوپن ہیگن میں ملازمت پیشہ خواتین کی دوسری عالمی کانفرنس ہوئی جس میں جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کلارا زیٹکن نے ہر سال دنیا بھر میں خواتین کا دن منانے کی تجویز پیش کی جسے کانفرنس میں شریک 17 ممالک کی شرکا نے متفقہ طور پر منظور کیا۔

    سنہ 1911 میں 19 مارچ کو پہلی بار خواتین کا عالمی دن منایا گیا اور آسٹریا، ڈنمارک، جرمنی اور سوئٹزر لینڈ میں 10 لاکھ سے زائد خواتین اور مردوں نے اس موقع پر کام، ووٹ، تربیت اور سرکاری عہدوں پر خواتین کے تقرر کے حق اور ان کے خلاف امتیاز کو ختم کرنے کے لیے نکالے جانے والے جلوسوں میں حصہ لیا۔

    اسی سال 25 مارچ کو نیویارک سٹی میں آگ لگنے کا ایک واقعہ پیش آیا۔ ٹرائی اینگل فائر کے نام سے یاد کی جانے والی اس آتشزدگی میں 140 ملازمت پیشہ خواتین جل کر ہلاک ہو گئیں جس سے نہ صرف امریکا میں کام کرنے والی خواتین کے خراب ترین حالات سامنے آئے بلکہ ان حالات کو ختم کرنے کے لیے قانون سازی کا سارا زور بھی امریکا کی طرف ہوگیا۔

    اس کے بعد فروری سنہ 1913 میں پہلی بار روس میں خواتین نے عالمی دن منایا تاہم اسی سال اس دن کے لیے 8 مارچ کی تاریخ مخصوص کر دی گئی اور تب ہی سے دنیا بھر میں 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

    آج کے دن دنیا بھر میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مارچ، جلوس اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا اور دنیا کی ترقی و خوشحالی میں خواتین کے اہم ترین کردار کو سراہا جائے گا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خواتین کو خراج تحسین

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین قوم کی خوشحالی اور وقار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین قوم کی خوشحالی اور وقار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں، خواتین قابل عزت و تکریم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خواتین نے یونیفارم میں بھی اپنی صلاحیتیں منوائیں اور قوم کے وقار میں اضافے کے لیے خدمات انجام دیں، پاکستانی خواتین کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں بھی پیش پیش رہیں۔

    خیال رہے کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے اور دنیا کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا جارہا ہے۔

  • سابق صدر آصف زرداری کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام

    سابق صدر آصف زرداری کا خواتین کے عالمی دن پر پیغام

    کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اس بات پر فخر ہے کہ عظیم خاتون نے اس کی قیادت کی۔

    پی پی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا بے نظیر بھٹو نے دنیا میں خواتین کی بہادری متعارف کرائی، پاکستان میں ایسے ماحول کی ضرورت ہے جہاں خواتین کو عدم تحفظ کا احساس نہ ہو۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مقصد خواتین میں اعتماد پیدا کرنا تھا، پیپلز پارٹی نے دوران اقتدار ہر شعبے میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون سازی کی، اعلیٰ عدالتوں میں خواتین جج کی تعیناتی، وومن بینک، وومن پولیس پی پی ہی کا کارنامہ ہے۔

    واضح رہے کہ کل دنیا بھر میں انٹرنیشنل وومنز ڈے منایا جا رہا ہے، رواں برس اس کے لیے جس تھیم کا انتخاب کیا گیا ہے، اس کا تعلق ’چیلنج‘ قبول کرنے سے ہے، وومنز ڈے کی ویب سائٹ پر خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ چیلنج سے بھری دنیا دراصل ایک انتباہی دنیا ہے، اور چیلنج سے تبدیلی آتی ہے، اس لیے آئیں اور چیلنج کو قبول کریں۔

    اس دن کو عورتوں کے سماجی، ثقافتی اور سیاسی کارناموں کی یاددہانی کے لیے عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔

  • اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے: نیلم منیر

    معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ اگر اسلام کے احکامات پر عمل کیا جائے تو ہر دن خواتین کا دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ نیلم منیر نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی ڈوپٹہ اوڑھے ہوئے خوبصورت تصویر شیئر کی۔

    اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میرے لیے ہر دن عورت کا دن ہے، اگر ہم اسلام کے احکامات پر عمل کریں۔

    نیلم منیر کا کہنا تھا کہ یہ وہ دن ہے جب ہمیں ان خواتین کی کامیابی کو منانا چاہیئے جنہوں نے اپنی زندگی کی تمام مشکلات پر قابو پایا۔

    انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہمارا معاشرہ اسلام کی صحیح روح کو سمجھے اور خواتین کو وہ تمام حقوق فراہم کرے جو اسلام نے انہیں دیے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز خواتین کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین نے مارچ کر کے ایک ہونے کا ثبوت دیا۔

  • ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، آرمی چیف

    ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر قوم کی تعمیر میں حصہ لے رہی ہیں۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے۔

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

  • خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین

    خواتین کے عالمی دن پر پاکستان کا مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: پاکستان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خواتین نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قابض بھارتی فوج نے 31 سال میں 2 ہزار 377 کشمیری خواتین کو شہید کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ٹویٹ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 11 ہزار 179 خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی، بھارتی ظلم و تشدد کے باعث 22 ہزار 911 خواتین بیوہ ہوئی ہیں۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ کشمیر میں خواتین سیاسی رہنماؤں سمیت سینکڑوں خواتین پابند سلاسل ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے کشمیری خواتین کی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔

    دوسری جانب خواتین کے عالمی دن پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، خواتین ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کو آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع مہیا کرنے کا تہیہ کریں، مختلف شعبہ جات میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظمت کو سلام، مقبوضہ کشمیر کی خواتین نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔