Tag: خواتین کا مظاہرہ

  • طالبان کے کابل میں خواتین کا پہلا مظاہرہ (ویڈیو وائرل)

    طالبان کے کابل میں خواتین کا پہلا مظاہرہ (ویڈیو وائرل)

    کابل: افغانستان کو اپنے کنٹرول میں لینے کے بعد طالبان نے امن قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں، ایسے میں طالبان کے زیر تسلط دارالحکومت کابل میں خواتین کی جانب سے پہلا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغان ٹی وی نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جو کابل میں خواتین کے ایک مظاہرے پر مبنی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرے میں شریک خواتین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں، اور وہ حکومت میں خواتین کی شمولیت کے لیے نعرے لگا رہی ہیں۔

    کابل کی خواتین نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت میں انھیں بھی شامل کیا جائے، ایک طرف طالبان کی جانب سے خواتین کو یونیورسٹی تک تعلیم کی اجازت دینے کا اعلان کیا گیا ہے، دوسری طرف اب خواتین کی جانب سے حکومت میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا ہے۔

    اس وقت دنیا بھر کی نگاہیں طالبان کی آئندہ بننے والی حکومت پر لگی ہوئی ہیں، انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کے حوالے سے طالبان کے رویوں کو گہری نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

    طالبان کا خواتین کو یونیورسٹی تک تعلیم کی اجازت دینے کا اعلان

    ایسے میں دارالحکومت کابل کے اندر خواتین کا مظاہرہ طالبان کے بدلتے رویوں کے حوالے سے ایک پیغام دے رہا ہے، خواتین کی جانب سے یہ مطالبہ کہ انھیں بھی حکومت میں شامل کیا جائے، بلاشبہ غیر معمولی ہے، طالبان رہنماؤں کی جانب سے اس پر کیا ردِ عمل آئے گا، یہ آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گا۔

    افغان ٹی وی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جو ویڈیو جاری کی گئی ہے، اس میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ مظاہرے کے دوران طالبان جنگ جو بھی وہاں موجود ہیں۔

  • ڈنمارک میں نقاب پر پابندی کے خلاف خواتین کا مظاہرہ

    ڈنمارک میں نقاب پر پابندی کے خلاف خواتین کا مظاہرہ

    کوپن ہیگن: ڈنمارک میں خواتین کے نقاب کرنے پر پابندی کے خلاف خواتین نے احتجاجی ریلی نکالی اور قانون پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں خواتین کے نقاب پر پابندی کے خلاف خواتین نے احتجاجی ریلی نکالی، مظاہرین نے پارلیمان کے اس ظالمانہ قانون کو رد کردیا۔

    خواتین مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسلام کے خلاف نفرت اور بنیاد پرستی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جبکہ پردہ عین عورت کا حسن اور تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، مظاہرین خواتین نے ریلی میں نقاب پہن رکھے تھے۔

    مظاہرین نے پارلیمان کے اس ظالمانہ قانون کو رد کردیا اور مطالبہ کیا کہ وہ خواتین کی حرمت اور تقدس کا خیال رکھتے ہوئے اپنے قانون پر نظر ثانی کریں، احتجاجی ریلی اہم شاہراہوں سے گزرتی ہوئی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوگئی۔

    دوسری جانب ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مسلمان مخالف گروپوں نے عوامی مقامات پر چہرے پر مکمل نقاب کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا، نقاب پہننے والی خواتین نے مظاہرے کو افسوسناک اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

    یاد رہے مئی میں ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی کے قانون کی منظوری دی تھی، پابندی کے حق میں 75 جبکہ مخالفت میں 30 سے زائد ووٹ آئے تھے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل آسٹریا، فرانس اور بیلجیم میں اسی طرح کا قانون منظور ہوچکا ہے اور اب ڈنمارک بھی ان ممالک کی صف میں شامل ہوگیا ہے جہاں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی عائد ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔