Tag: خواتین کو ہراساں

  • لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں اور رشوت لینے کا انکشاف

    لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں اور رشوت لینے کا انکشاف

    کراچی: لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے اور ان سے رشوت طلب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لانڈھی جیل کے ایک قیدی طارق عزیز کی بیٹی رمشا طارق نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے، اور چیف جسٹس کو ایک خط کے ذریعے معاملے سے آگاہ کیا ہے۔

    رمشا طارق کے مطابق لانڈھی جیل میں تعینات اے ایس آئی عزیز اللہ ان سے غیر مناسب تعلقات قائم رکھنے کے لیے دباؤ ڈالتا ہے، اور غیر مناسب تعلقات قائم نہ رکھنے پر جیل میں قید ان کے والد کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی جاتی ہے۔

    درخواست گزار نے شکایت کی کہ ’’ اے ایس آئی عباس ابڑو اور سپاہی علی شیر سومرو والد سے ملاقات کے لیے رشوت طلب کرتے ہیں، ابتدا میں 3 ہزار روپے ایک ملاقات کے لیے مانگے جا رہے تھے، اب رشوت کی رقم بڑھا کر ایک ملاقات میں 5 ہزار مانگے جا رہے ہیں۔‘‘

    رمشا طارق نے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں ہراساں کرنے والے اے ایس آئی عزیز اللہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، اور رشوت مانگنے والے اے ایس آئی عباس ابڑو اور سپاہی علی شیر سومرو سے بھی تحقیقات کی جائے، اور اس تمام معاملے کی کسی ایمان دار افسر سے شفاف تحقیقات کروائی جائے۔

    ادھر ڈی آئی جی جیل ملک اسلم نے بتایا کہ خاتون کی شکایت انھیں مل گئی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن افسران اور اہلکاروں پر الزام ہے ان کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے، انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام : دبئی میں پی آئی اے سیلز منیجر  کو عہدے سے ہٹادیا گیا

    خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام : دبئی میں پی آئی اے سیلز منیجر کو عہدے سے ہٹادیا گیا

    کراچی : دبئی میں پی آئی اے سیلز منیجر کیخلاف خواتین کو ہراساں کرنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا اور فوری عہدے سے ہٹادیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں پی آئی اے سیلز منیجر کیخلاف خواتین کو ہراساں کرنے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے ریجنل سیلزمنیجرذیشان احمد کیخلاف تحقیقات کی تصدیق کردی، دبئی کےجنرل سیلزایجنٹ دناتاکی جانب سےپی آئی اے کو شکاہت پر انتظامیہ نے نوٹس لیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ریجنل سیلزمنیجر کی خاتون ملازم کو ہراساں کرنے کی متعددشکایات ملیں جبکہ دبئی کی ایک خاتون نے بھی ذیشان کیخلاف وفاقی محتسب برائے ہراسگی کو درخواست دے رکھی ہے۔

    ترجمان کا کہناتھا کہ پی آئی اےنےفوری ایکشن لے کر ریجنل سیلزمنیجرکودبئی سےہٹادیا ہے تاہم معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں دعویٰ ثابت ہونے پرمزید کارروائی کی جائے گی۔

  • ملیر جیل، قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    ملیر جیل، قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف

    کراچی: ملیر جیل میں قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والی خواتین کو ہراساں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ملیر جیل میں اپنے قیدی بیٹے سے ملاقات کے لیے جانے والی ہراسگی کی شکار خاتون نے جیل کے سپاہی محمد زبیر سہتو کے خلاف اعلیٰ حکام کو خط لکھ دیا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے خط میں کہا کہ ان کا بیٹا ڈیڑھ سال سے جیل میں قید کاٹ رہا ہے، انھوں نے کہا ’’بیٹے سے ملاقات کے لیے جیل جاتی ہوں تو سپاہی زبیر سہتو مجھے ہراساں کرتا ہے۔‘‘

    خاتون نے خط میں یہ بھی کہا کہ ’’سپاہی زبیر سہتو میری بیٹیوں سے بھی ناجائز اور غلط مطالبات کرتا ہے۔‘‘

    اس سلسلے میں ڈپٹی سپرٹنڈنٹ ملیر جیل کامران شیخ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ محمد زبیر سہتو اسسٹنٹ جیل سپرٹنڈنٹ نبی داد زرداری کے دفتر میں تعینات ہے۔

    کامران شیخ کے مطابق با اثر سپاہی زبیر سہتو خود کو سپرٹنڈنٹ سینٹرل جیل حسن سہتو کا کزن بتاتا ہے۔

    ڈپٹی سپرٹنڈنٹ ملیر جیل نے کہا ’’متاثرہ خاتون کی شکایت محکمہ داخلہ کو موصول ہو گئی ہے، اعلیٰ جیل حکام اس معاملے کی شفاف تحقیقات کریں گے۔‘‘

  • چائلڈ پورنوگرافی، خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    چائلڈ پورنوگرافی، خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ نے صوبے بھر میں 5 تابڑ توڑ بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے ویڈیوز شیئرکرنے، چائلڈ پورنوگرافی اور دیگر جرائم میں ملوث 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سربراہ ایف آئی اے سائبر کرائم عمران ریاض کے حکم پر سائبر کرائم سندھ نے آپریشن سائبر اسٹرام کے دوران صوبہ بھر میں پانچ مختلف کارروائیوں میں کراچی، حیدر آباد، سکھر اور گھوٹکی سے چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جو چائلڈ پورنوگرافی اور خواتین کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ‎پہلی کارروائی سائبر کرائم سکھر کی جانب سے گھوٹکی میں کی گئی، جس میں ٹوئٹر ہینڈلر ملزم عثمان علی کو گرفتار کیا گیا، ملزم نے ٹوئٹر کے ذریعے متاثرہ شخص کی من گھڑت فحش ویڈیو شیئر کی تھی، یہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے بنائی گئی تھی، اہل کاروں نے ملزم سے برآمدگیجٹس کو قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھیج دیا ہے۔

    دوسری کارروائی میں ملزمان ماجد محبوب اور محسن علی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا، جو خاتون کو بلیک میل کرنے اور ہراساں کرنے میں ملوث تھے، دونوں ملزمان کا تعلق میڈیا انڈسٹری سے ہے، رپورٹ کے مطابق یہ ملزمان ماڈلنگ کی طرف آنے والی نئی لڑکیوں کو نشانہ بناتے تھے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم نے چھپ کر متاثرہ لڑکی کی فحش ویڈیو ریکارڈ کی تھی، اور پھر اسے مختلف واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا، ایف آئی اے ٹیم نے مرکزی ملزم سے 20 مختلف لڑکیوں کی فحش ویڈیوز برآمد کیں، ملزمان سے برآمد گیجٹس کو قبضے میں لے کر فرانزک کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

    ‎تیسری کارروائی انٹرپول سائبر ٹِپ لائن کی شکایت پر کی گئی، جس میں زبیر علی نامی ملزم کو کراچی سے گرفتار کیا گیا، یہ ملزم چائلڈ پورنوگرافک مواد سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا۔

    ‎چوتھی کارروائی حیدر آباد میں کی گئی، جس میں ملزم امیر لُنڈ کو گاؤں غلام حسین لُنڈ، ٹنڈوالہیار میں گرفتار کیا گیا، ملزم نے جعلی فیس بک اکاؤنٹ پر میسنجر گروپ بنا رکھا تھا، ملزم نے متاثرہ شخص کی فحش تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی تھیں، ٹیم نے ملزم کے فیس بک اور ای میل اکاؤنٹس حاصل کر لیے ہیں۔

    ‎پانچویں کارروائی میں ملزم منور چنہ کو سکھر سے گرفتار کیا گیا، یہ ملزم خاتون کو ہراساں کرنے اور اسے بلیک میل کرنے میں ملوث تھا، گرفتار ملزم نے متاثرہ خاتون کی فحش تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی تھیں، ملزم متاثرہ خاتون کو جسمانی تعلق قائم رکھنے کے لیے بلیک میل کر رہا تھا۔

  • خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کیخلاف یونیورسٹیز میں مہم چلانے کا اعلان

    خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کیخلاف یونیورسٹیز میں مہم چلانے کا اعلان

    لاہور : گورنرپنجاب چوہدری سرور نے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کیخلاف یونیورسٹیز میں مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لاہور کالج فاروومن یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کیخلاف یونیورسٹیز میں مہم چلانے کا اعلان کردیا۔

    چوہدری سرور نے سفارشات کیلئے نو وائس چانسلرز پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے کہا مجرموں کونشانِ عبرت بنانے کیلئےقانون میں ترامیم کی جائے گی۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ملک میں ہرشعبے میں سزا اور جزا کو یقینی بنایا جائے گا، خواتین کوہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ ہورہاہے، خواتین کوآگے بڑھانے کے مواقع فراہم کرناحکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں کچھ بھی ناممکن نہیں، وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کو مضبوط و خوشحال بنایا جائے گا۔

    بھارت کے حوالے سے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹ کو دنیا میں سچ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے، پہلے بھی بھارت کاچہرہ بے بے نقاب کیاآئندہ بھی بے نقاب کریں گے ، کشمیریوں پربھارت بد ترین دہشت گردی کررہا ہے۔

  • سندھ کے نجی تعلیمی اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

    سندھ کے نجی تعلیمی اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے نجی تعلیمی اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے نجی تعلیمی اداروں میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد تعلیمی اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے نجی تعلیمی اداروں میں انسدادِ ہراسگی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دے دیے، جس میں کہا گیا ہے کہ ہر نجی تعلیمی ادارے میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

    کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص، شہید بے نظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ کے ضلع ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیے گئے۔ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن سندھ نے ہدایت کی ہے کہ تین روز میں کمیٹی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا جائے۔

    پنجاب کے اسکولوں میں طلبہ کو ہراساں کرنے کا انکشاف، وزیر تعلیم کی تصدیق

    واضح رہے کہ ریجنل ڈائریکٹوریٹس کو چند ماہ قبل ایک سرکولر بھیجا گیا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ وہ سات دن کے اندر اپنے علاقوں میں اس بات کو یقینی بنائیں کہ نجی تعلیمی اداروں کے پرنسپلز/ ایڈمنسٹریٹرز اپنے اپنے اداروں میں خواتین کو کام کی جگہ پر ہراساں کرنے سے تحفظ دلانے کے لیے کمیٹی تشکیل دیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کو ہراساں کیے جانے کے واقعات تسلسل کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں، جولائی میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی لاہور کے پرائیویٹ اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔