Tag: خواتین

  • خطبہ جمعہ کا ترجمہ: حج کرنے والی خواتین کے لیے ایک اور سہولت

    خطبہ جمعہ کا ترجمہ: حج کرنے والی خواتین کے لیے ایک اور سہولت

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے موقع پر خطبہ جمعہ کو سننے کے لیے ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں شعبہ خواتین میں ادارہ ترجمہ کے تحت آپ کی زبان میں مہم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے، اس مہم کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والی زائرخواتین کو ان کی زبان میں خطبہ جمعہ کی ترجمے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

    خطبہ جمعہ کا ترجمہ سننے کے لیے مسجد الحرام میں خواتین کے لیے بنے مخصوص حصہ میں بار کوڈ فراہم کیا جاتا ہے جسے اسکین کرنے کے بعد خواتین اپنی زبان کا انتخاب کر کے جمعہ کا خطبہ اپنی زبان میں سن سکتی ہیں۔

    مسجد الحرام میں آنے والی جو زائر خواتین خطبہ جمعہ کا ترجمہ اپنی زبان میں سننا چاہتی ہیں انہیں مخصوص ہیڈ فونز بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔

    ادارہ حرمین کے شعبہ خواتین کے تحت ایک اور مہم رول ماڈل یعنی مثالی نمونہ کے عنوان سے بھی شروع کی گئی ہے جس میں اردو، انگلش، ترکی اور فرانسیسی زبانوں میں زائر خواتین کی جانب سے استفسارات کے جوابات ہاٹ لائن پر فوری طور پر دیے جاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں ادارہ حرمین نے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر متعدد زبانوں کی ماہر خواتین کو بھی تعینات کیا ہے جو زائر خواتین کی بہتر طور پر رہنمائی کرتی ہیں۔

  • تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    تھر پارکر: 2 بلدیاتی اقلیتی عہدوں پر خواتین کی تقرری

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع تھر پارکر میں پیپلز پارٹی کی جانب سے 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے گئے، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے تھر پارکر میں 2 بلدیاتی اقلیتی عہدے خواتین کو دے دیے۔

    ضلع تھر پارکر کونسل کی وائس چیئرمین کملا بھیل ہوں گی، مٹھی میونسپل کمیٹی کی وائس چیئرمین سمترا میگھواڑ ہوں گی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دونوں خواتین کے ناموں کی منظوری دے دی، ضلع تھر میں مختلف ٹاؤنز میں بھی اقلیتی امیدواروں کو ترجیح دی گئی۔

  • یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    یہ فلمی سین نہیں، خاتون کار کو قابو نہ کر سکی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    فلوریڈا: ایک ایسی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جو ہرگز کسی فلمی سین پر مبنی نہیں، بلکہ ایک اصلی فاسٹ اینڈ فیورس سین دکھائی دیتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ہائی وے پر نوجوان خاتون سے تیز رفتار کار بے قابو ہو گئی، اور وہ سڑک کے کنارے کھڑے ٹو ٹرک کے ریمپ پر چڑھ دوڑی، اور اگلے لمحے وہ ہوا میں کئی میٹر بلند اڑتی نظر آئی۔

    کار ایک 21 سالہ خاتون چلا رہی تھی، جو اس ہولناک حادثے میں خوش قسمتی سے بچ گئی، لیکن اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اب اس کی حالت سنبھل چکی ہے۔

    یہ حادثہ جارجیا ہائی وے پر پیش آیا، جب بدھ کو سڑک پر لانڈس کاؤنٹی پولیس کی جانب سے ہائی وے پر جارجیا اسٹیٹ پٹرول کی مدد کی جا رہی تھی، یہاں ہائی وے کو درمیان میں گھاس کا قطعہ بنا کر دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ایک سڑک کے کنارے ٹو ٹرک کھڑا تھا جس کا ریمپ نیچے کیا گیا تھا۔

    باڈی کیمرہ لگائے ایک نائب شیرف ٹو ٹرک کی سمت چل رہا تھا، جب اچانک ایک بے قابو کار آئی اور ریمپ پر چڑھ دوڑی، کار نے ٹرک کے پچھلے حصے میں لگے بیریئر کو توڑا اور ہوا میں بلند ہو گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کار سڑک کنارے ٹوو ٹرک سے ٹکرا کر اڑتی ہوئی کافی دور دوسری گاڑی پر جا گری ہے۔

  • سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    سعودی عرب: سیاحت کے شعبے میں 41 فیصد خواتین ورکرز

    ریاض: سعودی عرب میں سیاحت کے شعبے میں کام کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور ان میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سیاحت کے مختلف اداروں میں 2 لاکھ 6 ہزار سعودی کام کر رہے ہیں جن میں سے 41 فیصد خواتین ہیں۔

    محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ محکمہ سیاحت میں کام کرنے والوں میں 58.1 فیصد مرد ہیں، ان کی تعداد 1 لاکھ 24 ہزار 800 بنتی ہے جبکہ سعودی خواتین کی شرح 41.9 فیصد ہے ان کی تعداد 81 ہزار ہے۔

    علاوہ ازیں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور دیگر سرکاری اداروں کا کہنا ہے کہ سنہ 2021 کے دوران سیاحت سے 213.3 ارب ریال آمدنی ہوئی، اس میں 70.8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سیاحوں نے رہائش پر 70.9 ارب ریال, کھانے پینے پر 63.8 ارب ریال اور فضائی سفر پر 24.4 ارب ریال خرچ کیے، سعودی عرب میں سیاحت کا شعبہ وژن 2030 کی بنیاد پر غیر معمولی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

    سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والوں کی تعداد 2021 کے آخر میں 7 لاکھ 67 ہزار 800 ریکارڈ کی گئی، جبکہ سنہ 2020 کے آخر میں ان کی تعداد 6 لاکھ 79 ہزار 513 تھی، اس میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

    ایک سال کے دوران سیاحت کی منفرد سرگرمیوں میں کام کرنے والے سعودیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 6100 ریکارڈ کی گئی، یہ کل کارکنوں کا 26.8 فیصد ہے۔

  • 9 مئی کے واقعات: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا

    9 مئی کے واقعات: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا

    لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث خواتین کو حراست میں نہ لیا جائے، انہوں نے از خود گرفتاری دینے والی ملوث خواتین کو بھی رعایت دینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کو خواتین کی حراست سے روک دیا، پنجاب بھر میں 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات میں 138 مقدمات میں 500 سے زائد خواتین مطلوب ہیں۔

    محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا، ان مقدمات میں ملوث خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ہمراہ یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ گرفتار خواتین کو وومن پولیس اسٹیشن میں رکھا جائے۔

    محسن نقوی کا کہنا تھا تھا کہ اے ٹی سی کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آرز میں شامل خواتین کو بھی گرفتار کیا جائے گا، انہوں نے ملوث خواتین کو از خود گرفتاری دینے کی صورت میں رعایت دینے کی بھی ہدایت کردی۔

  • تحریک انصاف کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری، گھروں میں موجود خواتین پر پولیس کا تشدد

    تحریک انصاف کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری، گھروں میں موجود خواتین پر پولیس کا تشدد

    لاہور: پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا، چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گھروں میں موجود خواتین پر تشدد بھی کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، پولیس نے پارٹی کے تنظیمی رہنماؤں، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنوں کو بھی اٹھانا شروع کردیا۔

    پولیس نے سینیئر رہنما عندلیب عباس کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی۔

    انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) رہنما وقاص افتخار بٹ کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

    اس دوران وقاص افتخار بٹ کے گھر کے دروازے توڑ دیے گئے اور خواتین پر تشدد کیا گیا۔

    پارٹی رہنما حماد اعوان کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا جبکہ سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی۔

    خیال رہے کہ 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    اب تک ملک بھر میں پارٹی کے متعدد رہنماؤں اور سینکڑوں کارکنان کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

  • خواتین نے گردہ عطیہ کر کے ایک دوسرے کے شوہر کی جان بچالی

    خواتین نے گردہ عطیہ کر کے ایک دوسرے کے شوہر کی جان بچالی

    نئی دہلی: کشمیر اور اتر پردیش کے دو گردے کے مریضوں کو اس نئی زندگی مل گئی جب ان کی بیویوں کی جانب سے ایک دوسرے کے شوہر کو عضو عطیہ کیا گیا۔ 

    بھارت کی میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی کے اوکھلا میں واقع اسپتال میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ’ریئر انٹراسٹیٹ سویپ ٹرانسپلانٹ‘ کو انجام دیا، جس میں عطیہ دہندگان کے گردے کو ضرورت مند شخص کو لگایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پہلے مریض کا نام 62 سالہ محمد سلطان ڈار ہے جس کا تعلق کشمیر سے ہے جو ٹیلی فون کے شعبے میں کام کرتا ہے، جبکہ دوسرے مریض کا نام 58 سالہ وجے کمار ہے جو یوپی میں بریلی کے رہائشی ہیں اور سابق فوجی افسر ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں عطیہ دہندگان کافی وقت سے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے منتظر تھے، کیونکہ ان کے متعلقہ خاندان، بشمول ان کی بیویوں کے گردے بھی ان سے میچ نہیں کر رہے تھے۔ بالآخر، کمار کی بیوی نے ڈار کو اور ڈار کی بیوی نے کمار کو اپنا گردہ عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

    چھ ڈاکٹروں کی ٹیم نے 16 مارچ کو چار سرجری انجام دیں، جس میں چھ گھنٹے لگے۔ ڈاکٹرز کی قیادت میں اس ٹیم میں 4 سینئر ڈاکٹرز سمیت دو جونیئر ڈاکٹر شامل تھے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ مریضوں اور عطیہ دہندگان کو 27 مارچ کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا اور وہ ٹھیک ہو رہے ہیں۔

    ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اگر ٹرانسپلانٹ بروقت نہیں کیا جاتا تو مریض زیادہ سے زیادہ پانچ سال تک زندہ رہ پاتے۔

  • سعودی عرب: کاروباری خواتین کی تعداد میں اضافہ

    سعودی عرب: کاروباری خواتین کی تعداد میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں کاروباری خواتین کی تعداد میں کئی فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور اپنا کاروبار کرنے والی خواتین کی تعداد 11 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق مملکت بھر میں کاروباری خواتین کی تعداد 11 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، ان میں کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 36 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے۔ کاروباری اداروں کے مالکان میں 51 فیصد نوجوان ہیں۔

    مملکت بھر میں کاروباری اداروں اور کمپنیوں کی تعداد 1.3 ملین ہے، ان میں سے 4 لاکھ کا تعلق ریاض ریجن جبکہ 3 لاکھ 13 ہزار کا مکہ ریجن سے ہے۔

    سب سے کم کاروباری ادارے حدود شمالیہ اور باحہ ریجنز میں ہیں، حدود شمالیہ میں 15 ہزار اور باحہ ریجن میں صرف 13 ہزار کاروباری ادارے ہیں۔

    خیال رہے کہ مملکت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے حالیہ برسوں کے دوران بڑی پیش رفت ہوئی ہے، لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت کا تناسب بڑھانے کے لیے سعودی وژن کے تحت حکمت عملی بنائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2022 تک لیبر مارکیٹ میں خواتین کا حصہ 21.2 فیصد سے بڑھ کر 34.7 تک پہنچ گیا ہے۔

    اس عرصے کے دوران اقتصادی سرگرمیوں میں خواتین کی شراکت 17 فیصد سے بڑھ کر 37 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

  • ثانیہ مرزا نے خواتین کی کامیابی میں مردوں کے کردار کو اہم قرار دے دیا

    ثانیہ مرزا نے خواتین کی کامیابی میں مردوں کے کردار کو اہم قرار دے دیا

    نئی دہلی: بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن کئی کامیاب خواتین کے پیچھے مرد ہوتے ہیں۔

    بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے خواتین کی کامیابی میں مردوں کے کردار کو اہم قرار دے دیا، 36 سالہ ٹینس اسٹار کا کہنا ہے کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن کئی کامیاب خواتین کے پیچھے مرد ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے مرد بھائی، شوہر، باپ یا دوست کی صورت میں موجود ہوتے ہیں۔

    ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ مرد وقت سے آگے کی سوچتے ہیں، جس کی وجہ سے عورتوں کو اپنے خواب پورے کرنے میں اعتماد ملتا ہے۔

    واضح رہے کہ عمرے کی ادائیگی کے بعد ثانیہ مرزا سوشل میڈیا پر پھر سے سرگرم ہوگئی ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اپنی نئی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

  • پولیس نے خواتین پر تشدد کیا، 10 سال کے بچے حراست میں لئے، فواد چوہدری

    پولیس نے خواتین پر تشدد کیا، 10 سال کے بچے حراست میں لئے، فواد چوہدری

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریوں پر ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سے سیکڑوں کارکنوں کو حراست میں لے لیاگیا، پولیس چادر اور چار دیواری کے تقدس کوپامال کررہی ہے، آئی جی اسلام آباد اور آئی  جی پنجاب اپنے سیاسی آقاؤں کو خوش کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ آپریشن کے دوران معصوم بچوں اور خواتین کو ہراساں کیاگیا، ہمارا جرم صرف انتخابات کا مطالبہ ہے، الیکشن کمیشن خودکو بے بس کہہ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سیاست،الیکشن کی بات کریں تو کارکنوں پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں، پولیس نے 10،10سال کے بچےحراست میں لئے ہیں، پولیس نے خواتین پر تشدد کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جو آپ کر رہے ہیں آئین اور قانون کے منافی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، جب الیکشن کمیشن سے بات کریں تو وہ کہتے ہیں ہمارے ہاتھ میں کچھ نہیں ہے۔