کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ کتوں کی نسل کشی پر 75 کروڑ روپے لگا دیے کتے بھی پریشان ہیں اتنی رقم کہاں گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کتوں کی فیملی پلاننگ کے لیے 75 کروڑ خرچ کیے کتے پریشان ہیں کہ ان پر اتنے پیسے لگ گئے۔
خواجہ اظہار نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے پیسہ کہیں لگانے سے منع نہیں کیا مگر جو پیسہ لگ رہا ہے وہ نظر تو آئے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق میں ہم اتحادی ہیں یہاں ہمارا گورنر ہے، حکومت کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے، بجٹ 900 فیصد بڑھ چکا لیکن کیا بہتری 100 فیصد بھی ہوئی۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیسے خرچ کرنے کی جو مہارت سندھ کے پاس ہے وہ کسی ملک کے پاس نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیا میرے شہر پر 100 ارب روپے بھی خرچ ہورہے ہیں، آپ بتائیں آپ کا عمل وسائل خرچ کرنے کا انداز بتائے گا کراچی سندھ ہے یا نہیں۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے معاہدے پر عمل نہ کیے جانے پر حکومت سے علیحدگی کا اشارہ دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بھی معاہدے پر چلے لیکن عمل نہیں ہوا تو ہم الگ ہوگئے اگر موجودہ حکومت نے بھی معاہدے پر عمل نہیں کیا تو ہم الگ ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین اس وقت ہمارے خلاف بدترین الزامات لگا رہے ہیں، ہم جو بلدیاتی نظام کراچی کے لیے مانگ رہے ہیں پورے ملک کے لیے مانگتے ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ’سب کو کراچی کے معاملے میں پیٹ میں درد کیوں ہوجاتا ہے، ڈی لمیٹیشن اور 140 اے ہمارا آئینی مطالبہ ہے، ہم کہتے ہیں کہ پہلے ڈی لمیٹیشن اور 140 اے پر عمل کروائیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہمارے یہ دونوں مطالبات پر عمل کراکر بے شک بلدیاتی انتخابات کروالیں، یہ مطالبات ایک ہفتے میں پورے ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانونی و آئینی تقاضوں کے لیے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں درخواست دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سراج الحق اورجماعت اسلامی نعیم الرحمان میں فرق ہے۔
کراچی: وفاقی وزیرفواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی حسرت فواد چوہدری کے دل میں رہ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری ایم کیو ایم کے مستقبل کی بجائے اپنے مستقبل کی فکر کریں، ان کی وجہ سے تحریک انصاف کو حکومت سازی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
[bs-quote quote=”فواد چوہدری الجھن کا شکار ہیں، اپنے وزرا سے بھی الجھ رہے ہیں” style=”style-8″ align=”left” author_name=”خواجہ اظہار”][/bs-quote]
انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری وزیراعظم عمران خان کے وژن کے بھی مخالف ہیں، وہ حکومت کو کمزور کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
عامر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی صفوں میں بیٹھے سازشی عناصر کے خلاف بھی کارروائی کرے۔
دوسری جانب خواجہ اظہار الحسن نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی روز سے عمران خان مخالف خیالات کا اظہار کررہے ہیں، فواد چوہدری الجھن کا شکار ہیں، اپنے وزرا سے بھی الجھ رہے ہیں۔
خواجہ اظہار الحسن کے مطابق فواد چوہدری کے بیان سے ایم کیو ایم نہیں پی ٹی آئی کمزور ہورہی ہے، وہ جان بوجھ کر نئے محاذ کھول رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان مقابلہ ہوگا، ایم کیو ایم کا جلد صفایا ہوجائے گا۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے نااہل ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو واپسی کی دعوت دے دی۔
ڈپٹی میئر کے الیکشن کے موقع پر بلدیاتی کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پیپلزپارٹی اُتنی ہی آگ بھڑکائے جتنی وہ بجھا سکیں‘‘۔
انہوں نے ارشد وہرہ کو پارٹی میں واپسی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ ہمارے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں، واپس آئیں اور کراچی کی بہتری کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کام کریں‘۔
یاد رہے کہ بلدیاتی کونسل میں ارشد وہرہ کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی ڈپٹی میئر کی نشست پر الیکشن ہوا تھا جس میں ایم کیو ایم کے امیدوار ارشد حسن نے باآسانی میدان مارا۔
پولنگ صبح 9 بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی جس میں 300 بلدیاتی نمائندوں کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنا تھا البتہ 281 چیئرمینز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ گنتی کے دوران 09 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔
مجموعی طور پر 281 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے 272 کو گنتی میں شمار کیا گیا۔ نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار سید ارشد حسن 194 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ اُن کے مدمقابل پی پی کے امیدوار صرف 78 ووٹ حاصل کرسکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد وہرا ایم کیو ایم پاکستان کو خیرآباد کہہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے۔ بعدازاں ایم کیو ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن میں ان کی نااہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ارشد وہرا کو ڈپٹی میئر کے عہدے سے ہٹایا جائے اور نا اہل کیا جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرا کو نا اہل قرار دیا تھا۔ پی ایس پی رہنما ضلع سینٹرل کراچی کی یونین کونسل 49 سے چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔
حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ خود مختار صوبوں کا مطالبہ کرتے رہیں گے، ایم کیو ایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم اپنے وعدوں کی تکمیل کریں، جب انصاف ہوگا تو امن و خوشحالی ہوگی۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صوبوں کو اختیار مل گیا، صوبوں سے بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہیں ملے، پاکستان کی یکجہتی کے لیے صوبائی خود مختاری ضروری ہے، صوبوں کی خود مختاری سے زیادہ اہم عوام کو بااختیار بنانا ہے۔
[bs-quote quote=”مہاجر اس سرزمین کے سب سے بڑے پاکستانی ہیں” style=”style-7″ align=”left” author_name=”خواجہ اظہار”][/bs-quote]
خواجہ اظہار الحسن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان پورے پاکستان میں الیکشن سماں بنانے کی کوشش اور جلسے کررہی ہے، پاکستان میں ایک پارٹی ہر پندرہ دن بعد اپنے ہونے کا احساس دلا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ سال پہلے کہا تھا ’دیے سب کے بجھیں گے ہوا کسی کی نہیں‘ ہم نے پانچ سال پہلے کہا تھا جو ظلم ہمارے ساتھ ہوا کسی اور کے ساتھ ہوتا تو اس کا نام و نشان نہ ہوتا، ایم کیو ایم کے خلاف حیدرآباد میں بڑی سازشیں کی گئیں۔
خواجہ اظہار نے کہا کہ جو کہتے تھے مہاجر پہلے پاکستانی بنیں انہیں بتانا چاہتا ہوں ہم سے زیادہ اس سرزمین میں کوئی پاکستانی نہیں، مہاجر اس سرزمین کے سب سے بڑے پاکستانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے اتحاد کو ختم کرنے والی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، ہم نے وفاقی حکومت سے مشروط اتحاد رکھا ہے، شہر کی ترقی اور مسائل حکومت کے سامنے رکھے ہیں۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے مطالبہ کیا ہے کہ علی رضا عابدی کے قاتل کون ہیں حکومت انہیں بے نقاب کرے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان اور خواجہ اظہار نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قاتلوں کو بے نقاب کیا جائے۔
ایم کیو ایم رہنما عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، وہ ہمارے اچھے ساتھی رہے، ان کی جان کو خطرات لاحق تھے۔
عامر خان نے کہا کہ علی رضا عابدی کو مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی، محب وطن پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار نے کہا کہ علی رضا عابدی کے قتل کے کیا مقاصد ہوسکتے ہیں سراغ لگایا جائے، علی رضا عابدی کا قتل امن و امان تباہ کرنے کی سازش ہے۔
میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ علی رضا عابدی کا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، بہت سے لوگوں کو سیکیورٹی تھریٹس ہیں۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رہنما علی رضا عابدی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے، انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
علی رضا عابدی کو سر اور گردن میں 2،2 گولیاں لگی تھیں، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 5 خول ملے ہیں جبکہ آئی جی سندھ نے علی رضا عابدی پر فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ نتیجہ تبدیل کرنے سے متحدہ کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے، ہم اور مضبوط ہورہے ہیں، عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم کو 25 جولائی اور کل کے انتخابات میں شکست نہیں ہوئی، این اے 243،247 کے نتائج اسکرپٹ نظر آتے ہیں، بہت جگہوں پر پولنگ ایجنٹس کو بیلٹ پیپرز نہیں دکھائے گئے۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایم کیو ایم جیت گئی ہے، آر ٹی ایس ہار گیا ہے، تھرڈ پارٹی سروے کرالیں، سب سے بہترین مہم ایم کیو ایم نے چلائی ہے، جمہوری و انتخابی عمل پر سوالیہ نشان اُٹھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت سے قانونی و آئینی معاونت کا مطالبہ کرتے ہیں، حکومت سے ہمارا تحریری معاہدہ ہے جن حلقوں پر تحفظات ہوں وہ کھولے جائیں، اس بار جدید سسٹم یہ آیا کہ فارم 45 ملے لیکن اس میں ووٹ کم دکھائے گئے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پوری تنظیمی سطح پر ان الیکشن پر تشویش ہے، رابطہ کمیٹی نے پی ٹی آئی معاہدے پر پیش رفت سے متعلق تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی وفاق اور سندھ کی سطح پر ملاقات کرکے پیش رفت کا جائزہ لے گی، کمیٹی اسلام آباد جاکر حکومت سے ملے گی اور معاہدے پر بات چیت ہوگی۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ فیصل واوڈا سمجھ جائیں ہم اتحادی ہیں، اتحادیوں سے بات میڈیا پر نہیں گھر میں بیٹھ کر کی جاتی ہے، وسیم اختر کو حق ہے وہ فیصل واوڈا کو جواب دیں، وسیم اختر جلد ان کو قانونی جواب دیں گے۔
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ کراچی کے عوام اپنے ساتھ برتی جانے والی زیادتی اور ناانصافی کومحسوس کر رہے.
تفصیلات کے مطابق خواجہ اظہار الحسن نے ایم کیو ایم کے اندرونی بحران پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ ناانصافی برتی جارہی ہے، آئندہ انتخابات میں کراچی کے عوام بیلٹ پیپر پرصرف پتنگ کو ڈھونڈیں گے.
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پارٹی کے کارکن ہیں اور پارٹی ہی کی بات کریں گے، ہمارے ساتھ انصافی ہورہی ہے، ہمارے جن ارکان نے استعفیٰ دیا ہے، ان کا استعفیٰ ہم تک پہنچا کیوں نہیں.
خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک دو اراکین پیپلزپارٹی اور پی ایس پی میں بھی گئے، مگر ان کی استعفے ہم تک نہیں پہنچے، البتہ ہماری دعا ہے کہ پارٹی چھوڑ کرجانے والے دوبارہ ایم پی اے بنیں.
انھوں نے پی آئی بی اور بہادر آباد بحران پر کہا کہ ایک طرف ہم عدالت جارہے ہیں دوسری طرف مذاکرات کررہے ہیں، ہم کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، یا عدالت کو مانیں یا مذاکرات کرلیں.
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ میں اپنے حلقے کے ووٹر اور صوبے پر کوئی سمجھوتا نہیں کروں گا، ہمارا ووٹر کبھی سعید غنی کو ووٹ نہیں دے گا.
انھوں نے مطالبہ کیا کہ فلور کراسنگ کرنے والوں کی پوزیشن واضح کی جائے، جو لوگ فلو کراسنگ کر کے گئے، وہ مراعات چھوڑ دیں.
کراچی : سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اورایم کیوایم بہادر آباد کے رہنما خواجہ اظہارالحسن ڈاکٹر فاروق ستارکو منانے کیلئے اہم پیغام لے کر پی آئی بی کالونی پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم بہادرآباد کی جانب سے فاروق ستار کو منانے کی کوششیں تاحال جاری ہیں لیکن روٹھنے اور منانے کا یہ معاملہ اب تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ اظہارالحسن کی پی آئی بی کالونی میں ڈاکٹر فاروق ستار سے اہم ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں خواجہ اظہارالحسن نے بہادر آباد کا مصالحتی پیغام فاروق ستار کو پہنچادیا۔
خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ آپ یوم تاسیس سے پہلے بہادرآباد آجائیں، جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ میری طرف سے کوئی ضد اور انا نہیں میں 18مارچ کو مشترکہ یوم تاسیس منانے کی پیشکش پہلے ہی کرچکاہوں کہ ایم کیو ایم کا یوم تاسیس مزارقائد باغ جناح میں مشترکہ طور پر منائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس یوم تاسیس میں خالد مقبول صدیقی اور میں تقریرکریں، پارٹی معاملات اور رابطہ کمیٹی سے متعلق بھی خالد مقبول اور مجھے فیصلہ کرنے دیں، انہوں نے کہا کہ میں ثالثوں کی کوشش کو سراہتاہوں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری اور خواجہ اظہارالحسن نے کہا ہے کہ ہم ایم کیوایم کے ووٹرزاور کارکنان سے شرمندہ ہیں، سینیٹ الیکشن میں ووٹ نہ دینے والے اراکین کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیں گے، ایم کیوایم کسی صورت نہیں بکے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ جن ساتھیوں نے سینیٹ الیکشن میں اپنے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا جائے گا،2013میں ہم نے دیگرجماعتوں کے تعاون سے مخصوص نشستیں لی تھیں، جو وقت دیگر جماعتوں کو قائل کرنے میں لگانا تھا وہ آپس کے تنازع میں گزرگیا۔
جو کارکنان اور عوام سمجھ رہے ہیں کہ ایم کیوایم برائے فروخت ہے ایسا ہرگز نہیں ہے، موجودہ صورتحال میں ہم ایم کیوایم کے ووٹرزاور کارکنان سے بے حد شرمندہ ہیں۔
فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے 51 میں سے 4 ارکان اسمبلی ملک میں نہیں ہیں، 9 ارکان نے دیگر جماعتوں میں شمولیت اختیار کرلی۔
جمہوریت کے دعویداروں نے اسمبلی میں جمہوریت کو پامال کیا، پیسوں کی بوریاں کھول کرارکان کو خریدنے کی کوشش کی گئی، پیپلز پارٹی کارویہ جمہوریت کش ہے لیکن ایم کیوایم برائے فروخت نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ تقسیم سے ہم کمزوراورسیاسی مخالفین مضبوط ہونگے، بہادر آباد اور پی آئی بی والےسب مل کر تنظیم کو دوبارہ فعال کرینگے، سیاسی اور تنظیمی نقصان کےازالے کیلئے مل کر کام کریں گے، مخالفین نے کمزور فصیل دیکھ کر پارٹی میں نقب لگانے کی کوشش کی۔
اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ متوسط طبقہ ہی پیسے سے ٹکرانے کی جرات رکھتا ہے، اختلافات کو وجہ بنا کرارکان نے مخالفین کو ووٹ دیئے، ان لوگوں کو ووٹ دیا گیا جنہوں نے ایم کیوایم کو کچلنےکیلئے ریاستی طاقت استعمال کی۔
خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ جن اراکین کو دونوں امیدوار پسند نہیں تھے تو وہ گھربیٹھ جاتے، جنہوں نے جواز بنا کر دوسروں کو ووٹ دیا اب وہ جانیں اور عوام کی عدالت جانے۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ اظہار نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ مخالفین کو ووٹ دینے والے نہیں بکے، چاروں صوبوں میں سینیٹ الیکشن کیلئے ایم پی اے بکے ہیں، ہارس ٹریڈنگ کارونا رونے والی پیپلز پارٹی نے سندھ میں کیا کیا؟
خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن دھاندلی زدہ اورہارس ٹریڈنگ سے بھرپور ہیں، پی پی کو ہماری یہ تعداد بھی ناکوں چنے چبوائے گی، ایم کیوایم کے اصل مالک رابطہ کمیٹی یا ارکان اسمبلی کا نہیں بلکہ کارکنان ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔