Tag: خواجہ سرا

  • اس کی پیدائش پر میں نے صبر کیا لیکن۔ ۔ ۔ ۔!! خواجہ سرا کی ماں نے دلخراش کہانی سنا دی

    اس کی پیدائش پر میں نے صبر کیا لیکن۔ ۔ ۔ ۔!! خواجہ سرا کی ماں نے دلخراش کہانی سنا دی

    ہمارے معاشرے میں خواجہ سرا کا ذکر آتے ہی ذہن میں ناچ گانے والوں کا تصور ابھرتا ہے، انہیں پیدا کرنے والی مائیں ایسے بچوں کے بارے میں کیا سوچتی ہیں۔

    اس حوالے سے نمائندہ اے آر وائی نیوز  نے خواجہ سراؤں کی ماؤں سے ان کے خیالات جاننے کی کوشش کی جس پر انہوں نے اپنے دکھ اور جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔

    ایک خاتون کا کہنا تھا کہ میری 3 بیٹیاں اور 5 بیٹے ہیں شوہر کا انتقال بھی جلدی ہوگیا تھا تو خود محنت کرکے میں نے بچوں کو پالا۔

    اپنے خواجہ سرا بیٹے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کو میں نے 8 کلاس تک پڑھایا قرآن کی تعلیم بھی دلائی لیکن جب اس کی بات چیت کا انداز اور چال ڈھال دیکھی تو پھر اسے گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک دن اس نے مجھ سے کہا کہ سلائی کا کام سیکھنا ہے میں خود نوکری کروں گا تو مجھے خوشی ہوئی۔

    ایک اور خاتون نے بتایا کہ میری دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے جو پیدائشی خواجہ سرا ہے میں نے اس کو خدا کی رضا سمجھ کر قبول کیا لیکن اس کے والد نے بہت برا منایا اور خاندان والے بھی طرح طرح باتیں کرتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس نے اس ادارے میں  سلائی کا کام سیکھ کر یہی ملازمت کرلی اور اب اس کی تنخواہ سے ہی گھر کا خرچ چلتا ہے۔

    بلوچستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیم سوسائٹی فار کمیونٹیز اسٹریتھننگ (ایس سی ایس پی ای بی) کے تحت خواجہ سراؤں کو باعزت روزگار کی فراہمی کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران خواجہ سراؤں کو شناختی کارڈ کے حصول، تعلیمی اداروں میں مخصوص نشستوں اورجائیداد سے وراثت اور ووٹ سمیت کئی حقوق دیئے گئے ہیں تاہم ان پرابھی تک عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے جس کی بڑی وجہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی ان حقوق اورقوانین بارے آگاہی کا نہ ہونا ہے۔

  • پشاور : خواجہ سرا  کو سر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا

    پشاور : خواجہ سرا کو سر میں گولی مار کر قتل کردیا گیا

    پشاور : تہکال کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے خواجہ سرا کو سر میں گولی مار کر قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے تہکال پلازہ کے کمرے سے خواجہ سرا کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے بتایا کہ خواجہ سرا اسد کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا ۔

    حکام کا کہنا تھا کہ نامعلوم قاتل واقعے کے بعد فرار ہوگئے تاہم مقتول خواجہ سرا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوادی گئی۔

    پولیس نے بتایا کہ اس کے جسم کے اوپری حصے اور کھوپڑی پر گولیوں کے متعدد زخم آئے تھے جو جان لیوا ثابت ہوئے۔

    جائےوقوع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے اور مختلف زاویوں سے محرکات کا پتہ لگانے اور ذمہ داروں کی شناخت کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے یہ واقعہ پشاور کے علاقے گلبہار میں تتلی کے نام سے مشہور ایک اور خواجہ سرا کے قتل کے ایک ہفتے بعد پیش آیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اب معاملہ حل ہو گیا ہے۔

  • تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے گلستان جوہر تھانے پر زبردست احتجاج کیا

    تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے گلستان جوہر تھانے پر زبردست احتجاج کیا

    کراچی: ساتھی کے بھائی پر تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے گلستان جوہر تھانے پر زبردست احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پولیس اسٹیشن میں خواجہ سراؤں نے زبردست احتجاج کیا، مطالبات تسلیم کیے جانے پر انھوں نے اپنا احتجاج ختم کیا، جو کئی گھنٹے تک جاری رہا تھا۔

    احتجاج اس وقت ختم کیا گیا جب تشدد کا نشانہ بننے والے خواجہ سرا کے بھائی کے علاج کی رقم ادا کی گئی۔

    خواجہ سرا مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک خواجہ سرا کا بھائی ویلڈنگ کا کام کرتا تھا، جسے ایک دکاندار نے ساتھیوں کے ہمراہ تشدد کا نشانہ بنایا، 15 پر اطلاع پر پولیس پہنچی اور ایک شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کیا۔

    پولیس نے خواجہ سراؤں کو ایف آئی آر درج کرنے اور مزید افراد کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم بعد ازاں پولیس کی جانب سے دونوں پارٹیوں میں صلح کرا دی گئی، اور زخمی شخص کے علاج معالجے کے اخراجات بھی ادا کر دیے گئے۔


    خواجہ سراؤں کے کرکٹ میچ کی ویڈیو جھلکیاں


    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 13 جون کو ایبٹ آباد میں شادی کی تقریب میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، جب رقص کے دوران ایک نوجوان پستول لے کر خواجہ سرا کے پاس آیا اور اسے گولی مار دی، اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، مرنے والے خواجہ سرا کی شناخت زیبی ملک کے نام سے ہوئی تھی۔

    ٹرانس جینڈر زیبی ملک کے قتل کے بعد کے پی میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران قتل ہونے والے خواجہ سراؤں کی تعداد 154 ہو چکی ہے، یعنی ہر سال اوسطاً 15 سے زیادہ خواجہ سرا قتل ہوئے۔

  • خواجہ سرا کو تیزدھار آلے سے قتل کردیا گیا

    خواجہ سرا کو تیزدھار آلے سے قتل کردیا گیا

    سیالکوٹ: پکی کوٹلی میں 2ملزمان نے دیرینہ دشمنی پر خواجہ سرا کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔

    پکی کوٹلی کے ایس ایچ او کے مطابق 2ملزمان نے دیرینہ دشمنی پر خواجہ سرا کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا جبکہ مزاحمت پر 2 خواجہ سرا زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اسلحہ اور آلہ قتل چھوڑ کر فرار ہوگئے تاہم خواجہ سرا کی لاش کو پورسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا لگتا ہے جبکہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

    اس سے قبل صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے رنگ روڈ پر خواجہ سرا کو قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا، پولیس کے مطابق خواجہ سرا اپنے ڈیرے پر موجود تھا کہ نامعلوم ملزم / ملزمان نے اسے تیز دھار آلے کے وار سے قتل کردیا۔

    https://urdu.arynews.tv/sargodha-car-firing/

  • غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 12 خواجہ سرا گرفتار

    غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 12 خواجہ سرا گرفتار

    بھارت کے حیدرآباد میں سائبر آباد پولیس کے انسداد انسانی اسمگلنگ یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے نانک رام گوڑہ کے علاقے سے 12خواجہ سرا ؤں کو گرفتار کرلیا۔

    بھارت کی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے عوامی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے خواجہ سراء گانے گانے،عوام کو غلط کام کی طرف راغب کرنے، اشارے کرنے اور لوگوں کے لئے پریشانی پیدا کرنے میں ملوث تھے۔

    اس سے قبل جرمنی میں خواجہ سراؤں کو تیسری جنس بطور شناخت اپنانے کی اجازت دے دی گئی ہے، یہ شناخت نئی قانون سازی کے تحت دی گئی۔

    جرمنی کے خواجہ سرا شہری اب اپنی شناخت باقاعدہ تیسری جنس کے طور پر کرواسکیں گے، اس سے قبل انہیں جنس کے خانے میں مرد یا عورت کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔

    بتایا جارہا ہے کہ اس کیٹیگری میں صرف وہی لوگ اپنی شناخت درج کرواسکیں گے جو کہ طبی طور پر مرد یا عورت کی تعریف پر پورا نہیں اترتے۔ اس کے لیے انہیں ڈاکٹر کے سرٹیفکیٹ کی بھی ضرورت ہوگی۔

    الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس ختم کردی گئی

    یاد رہے کہ خواجہ سرا وہ لوگ ہوتے ہیں جو پیدائشی طور پر مخلوط صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں اور ان کا شمار نہ تو مکمل طور پر مردوں میں کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی عورتوں میں۔ حالیہ کچھ سالوں میں کئی ممالک نے اس طرح کی قانون سازی کی ہے۔

  • پشاور : خواجہ سرا کی لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش

    پشاور : خواجہ سرا کی لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش

    پشاور : مبینہ خواجہ سرا کی لڑکی سے شادی کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی، پولیس نے طالبہ کو بازیاب کراو کر خواجہ سرا افتخار کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں خواجہ سرا اغوا کار بن گیا، چمکنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں مبینہ خواجہ سرا نے سوشل میڈیا پر مدرسے کی طلبہ سے دوستی کی ، جس کے بعد لڑکی کو شادی کا جھانسا دے کر اپنے ڈیرے پر بلایا۔

    بعد ازاں لڑکی کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرائی گئی، پولیس کے درج مقدمے کے تحت لڑکی گھرسے مدرسے کے لیے نکلی تھی جو واپس نہ لوٹی۔

    پولیس کے مطابق مرد خواجہ سرا پیشے کے لحاظ سے نرس ہے، پولیس نے اکتوبر میں گھر سے لاپتہ ہونے والی طالبہ کو ڈیرے سے بازیاب کراو کر افتخار کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے دارالعلوم منتقل کر دیا جبکہ گرفتار افتخار سے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

  • مودی کی تقریب حلف برداری میں صفائی کارکن، خواجہ سرا مہمان خاص بنیں گے

    مودی کی تقریب حلف برداری میں صفائی کارکن، خواجہ سرا مہمان خاص بنیں گے

    نئی دہلی: نریندر مودی آج تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی آج تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، یہ تقریب آج شام مقامی وقت کے مطابق سوا سات بجے نئی دہلی میں ہوگی۔

    حلف اٹھاتے ہی نریندر مودی مسلسل 3 بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لینے کے پنڈت جواہر لعل نہرو کا ریکارڈ برابر کر دیں گے، نیبرہُڈ فرسٹ پالیسی کے تحت سری لنکا اور مالدیپ کے صدور، بنگلادیش، نیپال اور بھوٹان کے وزرائے اعظم بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

    بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے جمعہ کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حلف برداری کی تقریب میں سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کے کئی صفائی کارکنان، خواجہ سرا اور مزدور بھی خصوصی مہمانوں میں شامل ہوں گے۔

    بھارت کی لوکو پائلٹ ایشوریہ ایس مینن اور سریکا یادیو

    بتایا جا رہا ہے کہ مہمانوں کی فہرست حکمران اتحاد این ڈی اے نے تیار کی ہے، جس میں کئی ’خصوصی مہمانوں‘ کو بھی مدعو کیا گیا ہے، حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے والے کچھ بہت ہی خاص مہمانوں میں میٹرو ٹرین پروجیکٹ کے لیے ریلوے کے ساتھ کام کرنے والا عملہ، ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے ارکان، سینیٹیشن ورکرز بھی شامل ہیں۔

    بھارتی الیکشن میں مودی کی جیت پر ووٹر نے ہاتھ کی انگلی کاٹ دی

    ایشوریہ ایس مینن چنئی ڈویژن میں ایک سینئر اسسٹنٹ لوکو پائلٹ ہیں، وہ بھی ایک اور لوکو پائلٹ سریکا یادیو کے ساتھ مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے والے 8,000 خصوصی مہمانوں میں سے ایک ہوں گی۔

    تقریب کے سلسلے میں نئی دہلی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے، پولیس نے دارالحکومت کو دو دن کے لیے نو فلائی زون قرار دے دیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں داخل ہونے والے کچھ راستوں کو بند کر دیا جائے گا، تقریب حلف برداری کے لیے کمانڈوز بھی تعینات ہوں گے۔

  • خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا بھی انتخابی میدان میں کود پڑے

    خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا بھی انتخابی میدان میں کود پڑے

    پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا بھی انتخابات میں سیاستدانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کود پڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سرا صوبیاخان نے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ کے پی کے کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوگا کہ کوئی خواجہ سرا انتخابی میدان میں اترے گا۔

    فروری میں ہونے والے انتخابات کے لیے صوبیا خان کی جانب سے پی کے 81 سے آزاد حیثیت میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

    خواجہ سرا صوبیا خان کا کہنا ہے کہ انتخابات جیت کر خواجہ سرا کمیونٹی کے حقوق کیلئے کام چاہتی ہوں۔ علاقے میں ڈور ٹو ڈور جاکر انتخابی مہم چلاؤں گی۔

    ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے سیاسی گہما گہمی تیز ہوگئی ہے اور کئی بڑے سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرا دیے ہیں۔

    نواز شریف، شہبازشریف، مریم نواز، آصف زرداری، خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، جہانگیرترین، علیم خان، چوہدری نثار، شیخ رشید، آفتاب شیر پاؤ سمیت کئی سیاسی رہنماوں نے کاغذات نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔

    متعدد سیاستدانوں نے کاغذات نامزدگی جمع بھی کرا دیے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی تین حلقوں لاہور، میانوالی اور اسلام آباد سے الیکشن میں حصہ لیں گے تاہم ان کی جانب سے تاحال کسی نے بھی کاغذات نامزدگی حاصل نہیں کیے ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے پی کے مطابق خیبر پختونخوا سے مخصوص نشستوں کے لیے 300 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے جن میں سے اقلیتی نشستوں کے لیے 100 سے زائد فارم حاصل کیے گئے۔ 20 امیدواروں نے جنرل نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق جمعہ 22 دسمبر شام ساڑھے چار بجے تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد ہفتہ 24 دسمبر کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔

  • خواجہ سرا نے پرتگال کا مقابلہ حسن جیت لیا

    خواجہ سرا نے پرتگال کا مقابلہ حسن جیت لیا

    ایک خواجہ سرا نے پہلی بار مس پرتگال حسن کا مقابلہ جیت لیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مس پرتگال مقابلہ حسن 28 سالہ خواجہ سرا مرینا مچیٹ نے جیتا جو پیشے کے اعتبار سے (فضائی میزبان) ائیر ہوسٹس ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اب مس پرتگال وسطی امریکا کے ملک ایل سلوا ڈور میں مس یونیورس کے ٹائٹل کے لیے ایک اور خواجہ سرا سے مقابلہ کریں گی۔

     مس پرتگال  مرینا مچیٹ نے تاج پہننے سے قبل فائنل کی فہرست میں آنے پر اپنی خوشی کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا تھا۔

    ٹائٹل جیتنے سے قبل انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ’’مس یونیورس پرتگال کے ٹائٹل کے لیے مقابلہ کرنے والی پہلی ٹرانس ویمن ہونے پر فخر ہے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’اس مقابلے میں برسوں سے میرے لیے شرکت کرنا ممکن نہیں تھا اور آج مجھے فائنلسٹ کے اس ناقابل یقین گروپ کا حصہ ہونے پر فخر ہے‘‘۔

    واضح رہے رواں سال جولائی کے ماہ میں بھی 22 سالہ خواجہ سرا نے مس نیدرلینڈز کا ٹائٹل جیتا تھا۔

  • عدالت کا سول اسپتال انتظامیہ کو ایڈز میں مبتلا خواجہ سراؤں سے متعلق بڑا حکم

    عدالت کا سول اسپتال انتظامیہ کو ایڈز میں مبتلا خواجہ سراؤں سے متعلق بڑا حکم

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سول اسپتال انتظامیہ کو ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا خواجہ سراؤں کا علاج آج ہی سے شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سول اسپتال میں ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا خواجہ سراؤں کا علاج نہ ہونے سے متعلق کیس میں آج ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال پیش ہوئے۔

    عدالت نے سول اسپتال انتظامیہ کو آج ہی خواجہ سرا مریضوں کا علاج شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ طے کردہ پروٹوکولز کے مطابق خواجہ سرا مریضوں کا علاج یقینی بنایا جائے۔

    عدالت نے سول اسپتال کے نمائندے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہم نہیں چاہتے آپ کو دوبارہ زحمت دیں، عدالت نے سیکریٹری صحت سے گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد حکم پر عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔

    ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر ہریش کمار نے عدالت کو بتایا ہم نے فوکل پرسن مقرر کر رکھا ہے، آج ہی وہ سول اسپتال سے رجوع کریں ہم علاج کے لیے تیار ہیں، خواجہ سراؤں کو کچھ غلط فہمی ہو سکتی ہے، ہم نے کبھی امتیازی سلوک کا نہیں سوچا۔

    جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ ایچ آئی وی ایڈز کیسز میں کیا پروٹوکولز ہیں؟ ڈاکٹر ہریش کمار نے کہا علاج کے لیے باقاعدہ پروٹوکولز موجود ہیں، ایچ آئی وی پازیٹیو کے مریض کے علاج سے پہلے اسکریننگ مرحلہ آتا ہے۔

    عدالت نے کہا خواجہ سرا مریض آج ہی فوکل پرسن سے رابطہ کریں، اور فوکل پرسن علاج شروع ہونے کے عمل کو یقینی بنائے، خواجہ سراؤں کے خلاف کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔